Tag: چین

  • چین سرمایہ کاری کے لیے پسندیدہ ملک بن گیا، امریکی اخبار کا اعتراف

    چین سرمایہ کاری کے لیے پسندیدہ ملک بن گیا، امریکی اخبار کا اعتراف

    نیویارک: امریکی بزنس اخبار دی وال اسٹریٹ جرنل نے اعتراف کیا ہے کہ چین سرمایہ کاری کے لیے پسندیدہ جگہ بن گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وال اسٹریٹ جرنل نے چین میں سرمایہ کاری سے متعلق ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چین نے ٹیکنالوجی اسٹارٹ اَپس (نئی کمپنیاں) میں گزشتہ برس وینچر فنڈنگ کی ریکارڈ رقم کو راغب کیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیجنگ نے ‘ہارڈ ٹیک’ پر اپنی تمام تر توجہ منتقل کر دی ہے، اور چینی ٹیک اسٹارٹ اَپس نے زبردست پیسہ اپنی طرف کھینچا ہے، جس کی وجہ سے چین سرمایہ کاری کے لیے پسندیدہ مقام بنا ہوا ہے۔

    رپورٹ میں پریچن انویسٹمنٹ ڈیٹا بیس کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ 2021 میں وینچر کیپیٹل سرمایہ کاروں نے چین میں 129 ارب امریکی ڈالرز، 5 ہزار 300 سے زائد اسٹارٹ اَپ میں لگائے جو 2018 کے 115 ارب ڈالرز کے آخری ریکارڈ سے زائد ہے۔

    گزشتہ برسوں کے برعکس جب زیادہ تر چینی ٹیک فنڈنگ ای کامرس میں انٹرنیٹ اسٹارٹ اَپس میں گئی، گزشتہ برس زیادہ تر سرمایہ کاری سیمی کنڈکٹرز، بائیو ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں کی گئی۔

    ڈیٹا کے اعداد و شمار کے مطابق، چینی اسٹارٹ اَپس میں سرمایہ کاری، جس میں پرائیویٹ ایکویٹی فنانسنگ بھی شامل ہے، 2021 کی پہلی تین سہ ماہیوں میں 165 بلین ڈالر تک پہنچ گئی، جو کہ 2017 میں 190 بلین ڈالر کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑنے والی ہے۔

    سرمایہ کاری میں اس تیزی سے پتا چلتا ہے کہ حکومت کی جانب سے کچھ ٹیکنالوجی فرمز پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی کوششوں، اور چین اور امریکا کے درمیان وسیع تر مالیاتی مسائل کے باوجود چین سرمایہ کاری کی منزل کے طور پر کتنا مقبول ہے۔

  • کام میں مصروف ماں نے بچے کو چوٹ لگنے سے کیسے بچایا؟ دل پگھلا دینے والی ویڈیو

    کام میں مصروف ماں نے بچے کو چوٹ لگنے سے کیسے بچایا؟ دل پگھلا دینے والی ویڈیو

    ماں اپنے بچے کے لیے دنیا کے محفوظ ترین گھونسلے کی طرح ہوتی ہے، جہاں بچہ ہر خوف سے آزاد ہوتا ہے۔

    دنیا بھر میں مائیں اپنے کاموں میں مصروف رہ کر بھی بچوں کی دیکھ بھال سے غافل نہیں ہوتیں، بلکہ ان کا دھیان مسلسل بچے کی طرف رہتا ہے۔

    اس کی ایک مثال حال ہی میں چین میں ایک ایسی ہی ماں نے فراہم کی ہے، جو پانی پی رہی تھی لیکن اس دوران بھی دھیان اپنے بچے ہی کی طرف تھا۔

    اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں یہ خوب صورت منظر دیکھا جا سکتا ہے، جس نے دیکھنے والوں کے دل جذبات سے پگھلا دیے۔یہ واقعہ شمالی چین کے صوبے جیلین میں پیش آیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 9 ماہ کا ننھا بچہ بینچ پر بیٹھا کھیل رہا ہے، اور اس کی ماں کچن سے پانی کا گلاس لے کر اس کی طرف آتے ہوئے پانی پی رہی ہیں، لیکن اس دوران بچہ کنارے کی طرف پھسلنے لگتا ہے۔

    ماں کو پہلے ہی سے احساس ہوتا ہے کہ بچہ گر سکتا ہے، وہ اس کے قریب آ جاتی ہیں، عین اسی لمحے جب بچہ پھسل کر گرتا ہے، ماں نے جلدی سے پیر آگے کر کے اس کے سر کو فرش سے ٹکرانے سے بہت مہارت سے بچا لیا۔

    اپنے پیر سے بچے کو چوٹ لگنے سے بچانے کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی، اور دیکھنے والوں نے اسے بہت پسند کیا، اور ماں کے عمل کو سراہا۔

  • چین سے ڈیڑھ لاکھ ٹن کھاد درآمد کرنے کی منظوری، سندھ حکومت  کا فیصلے پر تحفظات کا اظہار

    چین سے ڈیڑھ لاکھ ٹن کھاد درآمد کرنے کی منظوری، سندھ حکومت کا فیصلے پر تحفظات کا اظہار

    اسلام آباد : اقتصادی رابطہ کمیٹی نے چین سے ڈیڑھ لاکھ ٹن کھاد درآمد کرنے کی منظوری دے دی تاہم سندھ حکومت نے درآمدی یوریا خریدنے سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا ای سی سی نے چین سےڈیڑھ لاکھ ٹن کھاددرآمدکرنےکی منظوری دے دی ، 50ہزار ٹن کھاد کا پہلا جہاز 10 فروری کو پہنچے گا۔

    فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ جنوری سے6لاکھ ٹن مقامی کھادبھی مارکیٹ میں آنا شروع ہوجائے گی، عالمی منڈی میں بہت زیادہ قیمت کےباوجود کسان کوکھاد کی کمی کا سامنا نہیں ہو گا۔

    دوسری جانب حکومت سندھ نے 50ہزارمیٹرک ٹن یوریا درآمد کرنے کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت یوریا درآمدکرنےکا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

    مشیر زراعت سندھ منظوروسان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک کی زراعت اورفوڈ سیکیورٹی کےلیےخطرہ ہے، سندھ درآمدی یوریا کھاد نہیں خریدے گی۔

    منظوروسان کا کہنا تھا کہ یہاں پیداہونے والی یوریاکھادسےسندھ کوجائزحصہ دیا جائے، زرعی ملک ہیں پھربھی گندم، چینی، دالیں، یوریا درآمد کی جارہی ہے، حکومت نے یوریا کھاد افغانستان اسمگلنگ کراکر مافیاز کو فائدہ پہنچایا، باہرسے منگوائی گئی کھاد درآمد کرنے سے مزید مہنگی ہوجائےگی۔

  • پاک بحریہ کے لیے چین میں تیار جہاز کی لانچنگ

    پاک بحریہ کے لیے چین میں تیار جہاز کی لانچنگ

    کراچی: پاک بحریہ کے لیے چین میں تیار کیے جانے والے چوتھے ٹاٸپ 054 نیول جہاز کی لانچنگ کی تقریب ہوئی، جہاز ہر قسم کی جدید ٹیکنالوجی، جنگی آلات، اسلحے اور سینسرز سے لیس ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کے لیے چین میں تیار کیے جانے والے چوتھے ٹاٸپ 054 نیول جہاز کی لانچنگ کی تقریب ہوئی۔

    چین میں تعینات پاک بحریہ کے چیف نیول اوور سیز کموڈور راشد محمود شیخ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں چینی بحریہ، شپ بلڈنگ کمپنی اور شپ یارڈ کے نماٸندوں نے بھی شرکت کی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ جہاز ہر قسم کی جدید ٹیکنالوجی، جنگی آلات، اسلحے اور سینسرز سے لیس ہوگا۔ اسی طرز کا پہلا جہاز پی این ایس تغرل حال ہی میں پاک بحریہ کے سپرد کیا جا چکا ہے۔

    اس موقع پر کموڈر راشد محمود شیخ کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر درپیش وبائی صورتحال کے باوجود پراجیکٹ کی بر وقت تکمیل چینی شپ یارڈ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ فریگیٹ جہازوں کی تیاری پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کی عکاس ہے۔

  • چین کا ژیان شہر کے ایک کروڑ 30 لاکھ لوگوں کو گھروں میں رہنے کا حکم

    چین کا ژیان شہر کے ایک کروڑ 30 لاکھ لوگوں کو گھروں میں رہنے کا حکم

    بیجنگ: چینی حکومت نے ژیان شہر کے ایک کروڑ 30 لاکھ لوگوں کو گھروں میں رہنے کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر چین کے شمالی شہر ژیان میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا، لوگوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

    انتظامیہ نے بدھ کو پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں ہفتے میں 2 دن ہر گھر کا صرف ایک فرد ضروری سامان کے لیے باہر نکلے گا، اس شمالی شہر میں 9 دسمبر سے اب تک 143 کیسز ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ چین ایک نہایت سخت زیرو کووِڈ حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، جس کے تحت وبا کو روکنے کے لیے بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ اور لاک ڈاؤن کا استعمال کیا جا رہا ہے، چین کووِڈ کے لیے اس لیے بھی ہائی الرٹ پر ہے کیوں کہ یہ فروری میں 2022 کے سرمائی اولمپکس کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

    ٹیراکوٹا جنگجوؤں کے قدیم مجسموں کے لیے مشہور شہر ژیان کے رہائشیوں کو شہر چھوڑنے کی اجازت نہیں ہے جب تک کہ جان پر نہ بن آئے، اور حکام کی جانب سے اس کی منظوری بھی ملے، یہ پابندیاں جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق نصف شب سے نافذ ہوئی ہیں۔

    دور دراز کے بس اسٹیشنز پہلے ہی بند ہو چکے ہیں اور نقل و حمل کنٹرول کرنے کے لیے شہر میں موٹر ویز پر چوکیاں لگا دی گئی ہیں، ژیان کے ایئرپورٹ سے بھی بڑی تعداد میں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ وبا کرونا کے ڈیلٹا ویرینٹ کی ہے، حکام کی جانب سے اومیکرون کا ذکر نہیں کیا گیا ہے۔

  • انڈے سے نکلنے کے لیے تیار ڈائنوسار کا کروڑوں سال قدیم فوسل دریافت

    انڈے سے نکلنے کے لیے تیار ڈائنوسار کا کروڑوں سال قدیم فوسل دریافت

    بیجنگ: چین میں چھ کروڑ 60 لاکھ سال قدیم انڈے میں موجود ڈائنوسار کا فوسل دریافت ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سائنس دانوں نے اعلان کیا ہے کہ کم از کم 66 ملین سال قدیم ایک شان دار طور پر محفوظ شدہ ڈائنوسار ایمبریو دریافت ہوا ہے جو مرغی کی طرح اپنے انڈے سے نکلنے کی تیاری کر رہا تھا۔

    یہ دریافت چین کے شہر گینژو میں ہوئی ہے، ڈائنوسار کا بچہ انڈے سے نکلنے کے لیے تیار تھا، لیکن شاید دنیا میں آنے کی اس کی قسمت نہیں تھی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس دریافت سے انھیں ڈائنوسارز اور آج کے پرندوں کے درمیان تعلق کے بارے میں مزید جاننے کا موقع ملا، یہ ایک ایسا فوسل ہے جسے پرندوں میں انڈے سے نکلنے سے پہلے دیکھا جاتا ہے، یہ ایک بغیر دانتوں والا تھیروپوڈ ہے، جسے بے بی ینگلیانگ کا نام دیا گیا ہے۔

    برمنگھم یونیورسٹی کے محقق فیون واسیم ما نے منگل کو خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ تاریخ میں پائے جانے والے بہترین ڈائنوسار ایمبریو میں سے ایک ہے۔

    انڈے میں بے بی ینگلیانگ کی پوزیشن یوں تھی کہ اس کا سر اس کے جسم کے نیچے دبا پڑا تھا، دونوں اطراف میں پاؤں پڑے تھے، اور پیٹھ مڑی ہوئی تھی، یہ ایسی پوزیشن ہے جو اس سے قبل ڈائنوسار میں نظر نہیں آئی تھی، تاہم یہ جدید پرندوں کی طرح کی پوزیشن ہے۔

    معدوم ہو چکی حیاتیات کے ماہر پروفیسر اسٹیو بروسیٹ نے ٹوئٹ میں کہا کہ یہ سب سے حیران کُن ڈائنوسار فوسلز میں سے ایک ہے، اگر بے بی ینگلیانگ پرورش پا جاتا تو دو سے تین میٹر لمبا ہوتا اور ممکنہ طور پر پودے کھاتا۔

    بے بی ینگلیانگ 10.6 انچ لمبا ہے اور یہ 6.7 انچ لمبے انڈے کے اندر موجود ہے، اسے چین کے ینگلیانگ سٹون نیچرل ہسٹری میوزیم میں رکھا گیا ہے، ڈائنوسار کے جسم کا کچھ حصہ اب بھی پتھر سے ڈھکا ہوا ہے اور اب جدید سکیننگ ٹیکنالوجی کے ذریعے اس کا مکمل ڈھانچا بنایا جائے گا۔

  • چین میں تپِ خونی کی وبا پھیل گئی

    چین میں تپِ خونی کی وبا پھیل گئی

    بیجنگ: چین کے صوبے شانکسی کے شہر شیان میں تپِ خونی (hemorrhagic fever) کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی شہر شیان میں تپ خونی کی وبا کے سلسلے میں خطرے کی گھنٹی بجا دی گئی ہے، کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے بعد شہر میں حفاظتی تدابیر میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

    شیان کے 16 تا 60 سال کے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تپِ خونی کے خلاف ویکسین لگوائیں، یہ ویکسین کورس 3 ڈوز پر مشتمل ہے۔ حکام کے مطابق پہلی 2 ڈوز دو ہفتوں کے وقفے سے لگائی جاتی ہیں، اور تیسری ڈوز ایک سال بعد لگائی جاتی ہے۔

    وائرل ہیمریجک فیور (VHFs) ایسی بیماریوں کا گروپ ہے جو 4 اقسام کی وائرسز سے پیدا ہوتی ہیں، ان میں ایبولا، ماربرگ، لاسا فیور، اور زرد بخار کے وائرسز شامل ہیں۔

    وی ایچ ایفس کی کچھ عام خصوصیات ہیں؛ یہ جسم کے متعدد اعضا کو متاثر کرتے ہیں، خون کی نالیوں کو تباہ کر دیتے ہیں، خود کو منظم کرنے کی جسم کی صلاحیت کو بھی یہ وائرسز متاثر کر دیتے ہیں۔

    وائرل ہیمریجک فیور کا کوئی علاج نہیں ہے، اس کے خلاف بس چند اقسام کی ویکسینز ہی دستیاب ہیں، اس لیے بہترین عمل بچاؤ کی تدابیر اختیار کرنا ہے۔

    چین میں یہ کثیر اموات کا باعث بننے والی وبا ہے، چینی طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ چوہے اس انفیکشن کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں، سردیوں کی آمد پر عوام سے نہ گھبرانے کی اپیل کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ ویکسینیشن مؤثر طریقے سے اس بیماری کو روک سکتی ہے، جب کہ انسان سے انسان میں اس کی منتقلی بنیادی طور پر ناممکن ہے۔

    مقامی حکام کا کہنا ہے کہ شیان میں کرونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے انفیکشن یونٹ والے بہت سے اسپتالوں نے عارضی طور پر تپ خونی کے مریضوں کو لینا بند کر دیا ہے، اور وہ صرف کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔

  • چین میں نئی قسم کا پودا دریافت

    چین میں نئی قسم کا پودا دریافت

    بیجنگ: چینی ماہرین نباتات نے مغربی صوبے سیچھوان میں ایک نئی قسم کا پودا دریافت کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین میں محققین نے معدومی کے خطرے سے دوچار پودے آرکڈ (Orchids) کی ایک نئی قسم دریافت کی ہے۔

    چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے ماتحت ووہان بوٹینیکل گارڈن (ڈبلیو بی جی) کا کہنا ہے کہ آرکڈ کی اس نئی قسم کے پھول سفید ہیں، ماہرین نے پھول کا نام ‘پونیروکِس وولونگیسس’ رکھا ہے۔

    نارڈک جرنل آف باٹنی میں شائع شدہ تحقیقی مقالے کے مطابق یہ نام وولونگ نیشنل نیچر ریزرو کے نام پر رکھا گیا ہے، جہاں اسے پہلی بار جولائی 2020 میں دیکھا گیا تھا۔

    رواں برس سیچھوان میں ڈبلیو بی جی کی جانب سے دریافت ہونے والی آرکڈ کی یہ دوسری نئی قسم ہے، اس سے پہلے محققین نے آرکڈ کی ایک اور نئی قسم ‘کوریلورائیزا سیننسز’ دریافت کی تھی۔

    رواں مہینے ہی چینی ماہرین نے 2014 میں دریافت شدہ آرکڈ کی ایک قسم پر کئی برس کی تحقیق کے بعد آخر کار اسے نئی قِسم قرار دے دیا۔ اس قسم کو بلبوفائلم ہماتُم کا نام دیا گیا۔

    پہاڑوں، سطح مرتفع اور دریائی طاسوں سمیت مختلف خطوں کے ساتھ چین کا سیچھوان صوبہ حیاتیاتی تنوع سے مالا مال ہے، اس میں آرکڈ کی 450 سے زیادہ اقسام ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

    آرکڈ فیملی انجیو اسپرمز کا دوسرا سب سے بڑا خاندان ہے، دنیا بھر میں یہ فیملی تقریباً 28 ہزار انواع پر مشتمل ہے، اور اسے معدومی کے خطرے سے دوچار پودوں کی انواع میں شامل کیا گیا ہے۔

  • چین میں 5 لاکھ افراد قرنطینہ

    چین میں 5 لاکھ افراد قرنطینہ

    ژی جیانگ: چین کے صوبے ژی جیانگ میں 5 لاکھ سے زائد افراد کو قرنطینہ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین میں ایک بار پھر کرونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں، تعداد میں یہ اتنے کیسز نہیں ہیں لیکن چین کی پالیسی کرونا وبا کنٹرول کے حوالے سے سخت ہونے کی وجہ سے ایک بڑی آبادی کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

    چینی میڈیا کے مطابق صوبے ژی جیانگ میں کرونا کیسز کی وجہ سے 5 لاکھ سے زائد افراد قرنطینہ کر دیے گئے ہیں، ژی جیانگ ملک کے مشرقی ساحل پر واقع ایک بڑا صنعتی اور برآمدی مرکز ہے، جہاں مقامی طور پر 44 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    صوبہ ژی جیانگ میں مجموعی طور پر کرونا وائرس متاثرین کی تعداد 200 ہو گئی ہے، دوسری طرف انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ انھوں نے 5 لاکھ 40 ہزار لوگوں کو قرنطینہ کیا ہے۔

    حکام کی جانب سے کرونا وبا کی روک تھام کا حالیہ اقدام گزشتہ روز صوبے میں اومیکرون کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد اٹھایا گیا ہے، غیر ملکی میڈیا نے آج چین کے شہر گوانگ زو میں اومیکرون کے دوسرے کیس کی تصدیق کی خبر بھی شائع کی ہے، یہ کیس دو ہفتے قبل باہر سے آیا تھا۔

    میڈیا کے مطابق اومیکرون سے متاثرہ پہلا شخص 9 دسمبر کو بیرون ملک سے آیا تھا، متاثرہ شخص کو اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں داخل کر دیا گیا ہے۔

    صوبے کے دارالحکومت اور سب سے بڑے شہر ہانگژو میں کئی کمپنیوں نے پروڈکشن کا کام معطل کر دیا ہے۔ فلائٹ ٹریکر ویری فلائٹ کے ڈیٹا کے مطابق ہانگزو کی کئی پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔

  • چین نے امریکی جمہوریت کے بارے میں‌ کیا کہا؟

    چین نے امریکی جمہوریت کے بارے میں‌ کیا کہا؟

    بیجنگ: چین نے امریکی جمہوریت کے چہرے سے نقاب اتارتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی جمہوریت بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والا ایک ہتھیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے امریکی جمہوریت کو ’بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والا ہتھیار‘ قرار دے دیا، چین کی وزارت خارجہ نے ہفتے کو جاری بیان میں کہا کہ طویل عرصے سے جمہوریت بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والا ایک ہتھیار بنا ہوا ہے جسے امریکا دیگر ممالک میں مداخلت کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔

    خیال رہے کہ امریکا نے جمہوریت کی مضبوطی کے لیے 9 اور 10 دسمبر کو دو روزہ ورچوئل ’سمٹ فار ڈیموکریسی‘ کا اہتمام کیا تھا، جس میں چین، روس اور چند دیگر ممالک کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی تھی، چین نے ردعمل میں کہا تھا کہ صدر جو بائیڈن سرد جنگ کے دور کی نظریاتی تقسیم کو اُکسا رہے ہیں۔

    امریکا کی میزبانی میں ‘سمٹ فار ڈیموکریسی’ کا انعقاد، اقوام متحدہ کی حقارت ہے، کیوبا

    امریکا نے تائیوان کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی تھی جسے چین اپنا حصہ تصور کرتا ہے، چین کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے کانفرنس کے اہتمام کا مقصد نظریاتی تعصب کی بنیاد پر تقسیم کرنا، جمہوریت کو آلہ کار کے طور پر استعمال کرنا، تنازعے اور محاذ آرائی کو اکسانا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ چین ہر قسم کی جعلی جمہوریت کی مخالفت اور مقابلہ کرے گا۔