Tag: چین

  • چین سے کورونا ویکسین کی بھاری کھیپ پاکستان منتقل

    چین سے کورونا ویکسین کی بھاری کھیپ پاکستان منتقل

    اسلام آباد: چین سے کورونا ویکسین 20لاکھ ڈوز پاکستان پہنچ گئیں جبکہ مزید 20لاکھ سائینو ویک ڈوز کل اسلام آبادلائی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق چین سے کوروناویکسین کی بھاری کھیپ پاکستان منتقل کردی گئی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی پرواز 20 لاکھ ڈوز لیکراسلام آبادپہنچ گئی ہے ، پاکستان نے 20لاکھ سائینو ویک ڈوزچینی کمپنی سے خریدی ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ ویکسین کی کھیپ فیڈرل ای پی آئی کے مرکزی ویئر ہاؤس منتقل کردی ہے جبکہ چین سے مزید 20لاکھ سائینو ویک ڈوز کل اسلام آبادلائی جائیں گی، سائینوفام ویکسین صوبوں کوحسب ضرورت فراہم کی جائےگی۔

    ذرائع کے مطابق رواں ماہ 2 کروڑ سے زائد کورونا ویکسین ڈوز پاکستان پہنچ چکی ہیں، رواں ماہ ساڑھے3کروڑسےزائدویکسین ڈوزپاکستان لائی جائیں گی۔

    یاد رہے 11 اگست کو کوویکس کی فراہم کردہ چینی ساختہ کورونا ویکسین کی کھیپ پاکستان پہنچی تھی ، کوویکس کی جانب سے 10 لاکھ سائنوفام ڈوز فراہم کی گئی ، کوویکس سے پاکستان کو سائنوفام ویکسین پہلی بار ملی تھی۔

    خیال رہے کوویکس پاکستان کو تاحال81 لاکھ ویکسین ڈوز فراہم کر چکا ہے، جس میں 55 لاکھ موڈرنا،25 لاکھ آسٹرازنیکا ڈوز اورایک لاکھ فائزر ویکسین ڈوز شامل ہیں۔

  • گوادر دھماکے میں جاں بحق بچوں کی تعداد 3 ہوگئی

    گوادر دھماکے میں جاں بحق بچوں کی تعداد 3 ہوگئی

    گوادر: بلوچستان کے شہر گوادر میں خود کش دھماکے میں زخمی ایک بچہ دم توڑ گیا، جس سے دھماکے میں جاں بحق بچوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپتال ذرائع نے گوادر خود کش دھماکے میں ایک اور بچے کی موت کی تصدیق کر دی ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے واقعے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر کے لوگوں میں دہشت گردوں کے خلاف غصہ اور بے چینی ہے، کچھ نوجوانوں کو دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز گوادر میں چینی قافلے کے قریب خود کش حملے میں 2 بچے شہید اور چینی شہری سمیت تین افراد زخمی ہوگئے تھے، وزارت داخلہ کے مطابق حملہ آور چینی شہریوں کی گاڑی کو نشانہ بنانے میں ناکام رہا تھا، گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے پر سیکیورٹی اہل کاروں نے دہشت گرد کو روکا مگر اس نے پندرہ بیس میٹر کے فاصلے پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

    گوادر میں دہشت گرد حملہ، چین کا پاکستان سے بڑا مطالبہ

    چینی سفارت خانے کی جانب سے گوادر میں دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کی گئی ہے، چینی سفارت خانے نے اپنے بیان میں پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ زخمیوں کا مناسب علاج، حملے کی مکمل تحقیقات اور واقعے میں ملوث قصور واروں کو سخت سزا دے، اور آئندہ اس قسم کے واقعات روکنے کے لیے مضبوط حفاظتی اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ حالیہ ہفتوں میں پاکستان میں سیکیورٹی کی صورت حال خراب رہی ہے، پے در پے کئی دہشت گرد حملوں میں متعدد چینی شہریوں کی ہلاکتیں ہوئیں، چینی سفارت خانے نے پاکستان میں موجود چینی باشندوں کو محتاط رہنے، حفاظتی احتیاطی تدابیر اپنانے اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کی بھی اپیل کی ہے۔

  • طالبان نے چین کو خوش آمدید کہہ دیا

    طالبان نے چین کو خوش آمدید کہہ دیا

    کابل: افغان طالبان نے افغانستان کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے خطے کے اہم ملک اور بڑی معاشی قوت کو خوش آمدید کہہ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے چینی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں افغانستان کی تعمیر نو کے حوالے سے چینی کردار کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم منتظر ہیں کہ چین افغانستان کی تعمیر نو اور ترقی میں شرکت کرے۔

    سہیل شاہین نے انٹرویو میں کہا کہ چین افغانستان میں تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہے، چین کا ہمارے ساتھ کام کرنے کا اعلان خوش آئند ہے، ہم افغانستان کی تعمیر نو اور ترقی میں چین کی شرکت کے منتظر ہیں۔

    ترجمان افغان طالبان نے کابل ایئرپورٹ واقعے کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے انٹرویو میں کہا کہ ایئر پورٹ پر ہونے والے واقعات کے ذمہ دار ہم نہیں ہیں۔

    طالبان نے واضح کیا تھا طاقت میں آئیں گے تو اتحادی حکومت بنائیں گے: پاکستانی سفیر

    واضح رہے کہ ایک طرف طالبان کو افغانستان میں اپنی حکومت سازی کے لیے تیاری کرنی ہے اور ایسے نظام کی تشکیل کرنی ہے جو آئندہ ملک کے امن و استحکام کے لیے ضمانت دے سکے، دوسری طرف کئی عشروں کی شورش سے تباہ حال افغانستان کی تعمیر نو کے لیے بھی اقدامات اٹھانے ہیں۔

    حکومت سازی کے حوالے سے آج افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر منصور خان نے کہا  کہ طالبان نے واضح کیا تھا کہ وہ طاقت میں آئیں گے تو اتحادی حکومت بنائیں گے، انھوں نے کہا کہ افغانستان میں پاور شیئرنگ کے ساتھ ہی نظام کو چلایا جا سکتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹرز میں افغانستان کے مسئلے پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے منصور خان نے کہا افغانستان میں تمام معاملات کو سیاسی مفاہمت ہی سے آگے لے جانا ہوگا، افغان طالبان سیاسی مفاہمت پر عمل نہیں کریں گے، تو شاید امن کے قیام میں پھر رکاوٹیں پیدا ہوں۔

  • بڑی خبر ، چین کا افغان طالبان کیساتھ دوستانہ تعلقات قائم کرنے کا عندیہ

    بڑی خبر ، چین کا افغان طالبان کیساتھ دوستانہ تعلقات قائم کرنے کا عندیہ

    بیجنگ : چین نے افغان طالبان کیساتھ دوستانہ تعلقات قائم کرنے کاعندیہ دے دیا اور کہا کہ چین افغان عوام کے حق کا احترام کرتا ہے کہ وہ اپنی قسمت کا آزادانہ طور پر تعین کریں۔

    تفصیلات کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہُوا چونینگ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان کے افغانستان پر کنٹرول سنبھالنے کے بعد ان کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کرنے کے خواہاں ہیں، چین افغان عوام کے حق کا احترام کرتا ہے کہ وہ اپنی قسمت کا آزادانہ طور پر تعین کریں اور افغانستان کے ساتھ دوستانہ اور باہمی تعاون کے فروغ کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

    یاد رہے کہ طالبان نے اتوار کو کابل میں افغان صدارتی محل کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد کہا تھا کہ جلد ہی اسلامی امارات کا ‏اعلان کیا جائے گا، کابل میں کوئی عبوری حکومت قائم نہیں ہوگی بلکہ فوری اور مکمل طور پر ‏انتقال اقتدار چاہتے ہیں۔

    خیال رہے طالبان کے شہر میں داخل ہوتے ہی صدر اشرف غنی ملک چھوڑ کر بھاگ گئے ، انہوں نے کہا تھا کہ وہ خونریزی سے بچنا چاہتے ہیں ، جبکہ سینکڑوں افغان کابل ایئرپورٹ سے نکلنے کے لیے بے چین ہیں۔

  • چین: عدالت نے جاسوسی کے الزام پر کینیڈا کے بزنس مین کو سزا سنا دی

    چین: عدالت نے جاسوسی کے الزام پر کینیڈا کے بزنس مین کو سزا سنا دی

    بیجنگ: چین میں عدالت نے ایک کینیڈین بزنس مین کو جاسوسی کے الزام پر 11 سال قید کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق چین کی ایک عدالت نے جاسوسی کرنے پر کینیڈا کے ایک کاروباری شخص مائیکل سپیور کو گیارہ سال جیل کی سزا سنا دی ہے۔

    چین کے شہر ڈانڈونگ کے انٹرمیڈیٹ پیپلز کورٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مائیکل سپیور کو جاسوسی اور غیر قانونی طور پر ریاست کے راز افشا پر مجرم قرار دیا گیا تھا۔

    دوسری طرف چین میں کینیڈین سفیر نے سزا کے فیصلے پر برہمی کا اظہار کیا ہے، اور الزام لگایا ہے کہ اس سزا کا تعلق ہواوے کی افسر مینگ وینزو کے خلاف کینیڈا کے شہر وینکوور میں چلنے والے مقدمے سے ہے۔

    کینیڈا کی حکومت نے بدھ کو سنائے گئے اس فیصلے کی مذمت کی ہے، اے ایف پی کے مطابق مائیکل سپیور اور ان کے ساتھی کینیڈین مائیکل کوورگ کو 2018 میں حراست میں لیا گیا تھا، کینیڈین حکومت کا دعویٰ ہے کہ ان دونوں کو دھوکے سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    کینیڈین حکومت کا کہنا ہے کہ امریکی حوالگی کے وارنٹ پر ہواوے کمپنی کی ایک افسر مینگ وینزو کی کینیڈا میں گرفتاری کے بعد چین نے دونوں کینیڈین شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔ خیال رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید خراب ہو گئے ہیں، چین نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ کینیڈا مقدمات کو سیاسی رنگ دے رہا ہے۔

  • دنیا پر امریکا کی حکمرانی ختم ہونے کو ہے

    دنیا پر امریکا کی حکمرانی ختم ہونے کو ہے

    واشنگٹن: بین الاقوامی تعلقات کے جریدے میں شائع شدہ ایک مقالے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عالمی سطح پر چین کی ترقی کا راستہ روکنے میں ناکامی کے بعد امریکا اپنی سابقہ طاقت کھو بیٹھا ہے، دنیا پر امریکا کی حکمرانی کا دور ختم ہو رہا ہے۔

    امریکی بین الاقوامی تعلقات کے جریدے نیشنل انٹرسٹ میں شائع شدہ ایک مقالے کے مطابق چین کی عالمی سطح پر ترقی کا راستہ روکنے میں اور اپنے دشمنوں کے لیے کیے گئے اقدامات میں ناکامی سے ثابت ہوتا ہے کہ امریکا اپنی سابقہ طاقت کھو بیٹھا ہے۔

    مقالے میں کہا گیا ہے کہ سرد جنگ کے بعد امریکا کی زیرِ قیادت شروع ہونے والا واحد قطبی عالمی نظام اب تبدیل ہونا شروع ہو گیا ہے۔

    مقالے میں افغانستان اور عراق میں امریکا کی ہزیمت کی طرف توجہ مبذول کروائی گئی اور کہا گیا کہ واشنگٹن نے مشرق وسطیٰ میں خاص طور پر شام، یمن اور لیبیا کے بحرانوں سے متعلق کوئی مؤقف اختیار کرنے کا کام انقرہ، ماسکو اور تہران پر چھوڑ دیا ہے۔

    ان عناصر کے ساتھ ساتھ چین کی عالمی سطح پر ترقی کا راستہ روکنے میں اور اپنے دشمنوں کے لیے اٹھائے گئے اقدامات میں ناکامی سے ثابت ہوتا ہے کہ امریکا اپنی سابقہ طاقت کھو بیٹھا ہے۔

    مقالے میں اس پہلو پر بھی غور کیا گیا ہے کہ واحد قطب والے عالمی نظام کے بعد نیا عالمی نظام کیا ہوگا۔

    تجزیے میں کہا گیا کہ اس وقت امریکا، چین اور روس کی شراکت سے کثیر قطبی یا پھر 2 قطبی نظام جیسے مختلف نظام ایجنڈے پر ہیں۔ یہ متعدد عالمی نظام ایک دوسرے کے ساتھ مسلسل رقابت کی حالت میں ہیں اور کسی ایک نظام کے غالب ہونے میں بیسیوں سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔

  • چین سے کونویڈیسا ویکسین کی پہلی کھیپ  پاکستان پہنچ گئی

    چین سے کونویڈیسا ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

    اسلام آباد : چین سے کونویڈیسا ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی ، پاکستان نے کونویڈیسا کی 3لاکھ تیاراور 12لاکھ ڈوز کا خام مال خریدا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین سے کونویڈ یسا ویکسین کی پہلی کھیپ اسلام آبادپہنچ گئی ، پاکستان نے چینی کمپنی سے 15لاکھ کونویڈیسا ویکسین ڈوز خریدی ہیں، پاکستان نے کونویڈیسا کی 3 لاکھ تیاراور 12لاکھ ڈوز کا خام مال خریدا ہے۔

    خیال رہے چین نے پاکستان کو کورونا ویکسین بطور تحفہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، سائینو فام کی20لاکھ خوراکیں جلد پہنچا دی جائیں گی، چین سے سائینو فام ویکسین کی پہلی کھیپ آج اسلام آباد پہنچے گی۔

    اس کے علاوہ چین سے دو روز میں کل35 لاکھ کورونا ویکسین ڈوز لائی جائیں گی۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے چین سے کورونا ویکسین کی 42لاکھ خوراکیں پاکستان لائی گئیں تھیں ، جن میں 30لاکھ سائینو ویک،12لاکھ سائینو فام ڈوز شامل تھیں ، پاکستان نے سائینو ویک، سائینو فام ویکسین چینی کمپنیز سے خریدی۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ چین سے ایک کروڑ3لاکھ ویکسین کی ڈوز پاکستان لائی جاچکی ہیں ، ذرائع کے مطابق رواں ماہ55لاکھ سائینو ویک،48لاکھ سائینو فام ڈوز لائی گئی ہیں۔

  • چینی محققین کی کرونا وائرس کے ماخذ سے متعلق رپورٹ

    چینی محققین کی کرونا وائرس کے ماخذ سے متعلق رپورٹ

    بیجنگ: چینی محققین کا کہنا ہے کہ نیا اور مہلک ترین کرونا وائرس قدرتی طور پر پیدا ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے سائنسی تحقیقی رسالے سائنس چائنا لائف میں حالیہ دنوں شائع ہونے والی ایک تحقیقی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چینی محققین کی اکثریت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ کرونا وائرس قدرتی طور پر پیدا ہوا ہے۔

    محققین نے بتایا کہ اس بات کے کوئی شواہد موجود نہیں ہیں کہ یہ وائرس مصنوعی طور پر لیبارٹری میں تیار کیا گیا ہے، محققین کے مطابق وائرس کی ساخت کے مطالعے سے بھی یہ بات واضح طور پر سامنے آئی ہے کہ اسے انسانوں کی جانب سے نہیں بنایا گیا۔

    محققین نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ 2003 کے سارس وائرس کے مقابلے میں موجودہ کووِڈ 19 وائرس جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے کی زیادہ صلاحیت رکھتا ہے، اور اس بات کے امکانات بہت کم ہیں کہ اس وائرس کو کسی لیبارٹری یا مارکیٹ سے انسانوں میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پھیلایا گیا ہو۔

  • چین: 3 بچوں کی پالیسی کے لیے تجاویز پیش

    چین: 3 بچوں کی پالیسی کے لیے تجاویز پیش

    بیجنگ: چین کے محکمہ صحت نے 3 بچوں کی پالیسی پر عمل درآمد میں آسانی پیدا کرنے کے لیے اقدامات تجویز کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی صحت کمیشن کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں کمیشن نے مقامی خاندانی منصوبہ بندی کے ضوابط پر بروقت نظرثانی کی تجویز دی ہے۔

    کمیشن نے یہ بھی کہا کہ زچہ و بچہ کی بہتر دیکھ بھال کے لیے انتہائی معیار کے طبی وسائل تک رسائی مزید آسان بنائی جائے۔

    نوٹس میں کہا گیا کہ کمیشن چائلڈ کیئر سروسز کی فراہمی کے لیے نجی شعبے کی شراکت کی بھی حوصلہ افزائی کرتا ہے، نیز ایک بچے والے کنبوں کے بچوں کے لیے ایک لیو سسٹم کی تشکیل کی کوشش کی جا رہی ہے، تاکہ ان کے والدین پر توجہ دی جا سکے۔

    چین: ایک سے زیادہ بچوں والے خاندانوں کے لیے بڑا اعلان

    کمیشن نے دیگر اقدامات بھی تجویز کیے ہیں، جن میں انتظامی امور کو درست کرنا، سرکاری سروسز کو بہتر کرنا، آبادی کی بہتر مانیٹرنگ اور آبادی سے متعلق پالیسی پر ریسرچ کو مستحکم کرنا شامل ہیں۔

  • بڑی خبر، دنیا کی آدھی آبادی کو کرونا ویکسین لگ گئی

    بڑی خبر، دنیا کی آدھی آبادی کو کرونا ویکسین لگ گئی

    پیرس: تاریخ کی سب سے بڑی ویکسینیشن مہم جاری ہے، دنیا کی آدھی آبادی کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگ گئی ہے، چین تمام ممالک میں سرفہرست ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 8 ماہ قبل کرونا ویکسین لگانے کا عمل شروع ہوا تھا اور اب تک دنیا بھر میں 4 ارب افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے، جب کہ دنیا کی کُل آبادی ساڑھے 7 ارب کے قریب ہے، اس لحاظ سے دنیا کی آدھی سے زیادہ آبادی کو ویکسین لگ چکی ہے۔

    فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دنیا میں کرونا ویکسین لگنے کا عمل تھوڑا سست ہوا ہے، جن پہلے ایک ارب افراد کو ویکسین لگی وہ ان تک 140 دن میں پہنچی تھی، دوسرے ایک ارب افراد کو یہ ترسیل 40 روز میں ہوئی، اس کے بعد تیسرے ایک ارب افراد کو 26 دن میں اور چوتھے ایک ارب افراد تک ویکسین ایک ماہ میں پہنچی۔

    رپورٹ کے مطابق دنیا میں تین ایسے ممالک ہیں جہاں سب سے زیادہ ویکسین لگائی گئی ہے، چار ارب ویکسینز میں سے 40 فی صد یعنی 1.6 ارب چین میں لگائی گئی ہے، بھارت میں تقریباً ساڑھے 40 کروڑ افراد کو اور امریکا میں 34 کروڑ کے قریب ویکسین لگائی گئی۔

    آبادی کے لحاظ سے متحدہ عرب امارات سرفہرست ہے، جہاں آبادی کے 70 فی صد کے قریب ویکسین لگ چکی ہے، جب کہ بحرین اور یوروگوئے میں 60 فی صد سے زائد لوگوں کو ویکسین لگ چکی ہے۔

    اس کے بعد جن ممالک نے اپنی آدھی سے زیادہ آبادی کو ویکسین لگائی ہے ان میں قطر، چلی، کینیڈا، اسرائیل، سنگاپور، برطانیہ، منگولیا، ڈنمارک اور بیلجیم شامل ہیں، یورپی یونین نے بھی اپنی آدھی آبادی کو ویکسین لگا دی ہے۔

    دنیا کے غریب ممالک نے دیر سے ویکسین لگانے کا عمل شروع کیا اور وہ بھی کویکس اور امیر ممالک کی طرف سے عطیہ کے باعث ممکن ہوا۔

    اوسطاً دنیا بھر میں ایک سو افراد میں سے 52 کو ویکسین لگ چکی ہے، تین ممالک ایسے ہیں جہاں اب تک ویکسین لگانے کا عمل شروع نہیں ہوا جن میں برونڈی، ایریٹیریا اور شمالی کوریا شامل ہیں۔