Tag: چیونگم

  • چیونگم سے متعلق بھیانک حقیقت : ویڈیو وائرل ہوگئی

    چیونگم سے متعلق بھیانک حقیقت : ویڈیو وائرل ہوگئی

    بچے ہوں یا جوان چیونگم بہت شوق سے کھاتے ہیں تاہم انہیں اس میں استعمال ہونے والے اجزاء کا یقینی طور پر علم نہیں ہوتا کہ یہ کس چیز سے تیار کی جاتی ہے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق چیونگم میں موجود ٹائیٹینم ڈائی آکسائیڈ نامی جز آنتوں کے اندر خلیات کے اسٹرکچر کو نقصان پہنچاتا ہے جس کے نتیجے میں نہ صرف صحت کے لیے نقصان دہ بیکٹریا نظام ہاضمہ میں داخل ہوتے ہیں بلکہ یہ کچھ غذائی اجزاء کو جذب ہونے سے بھی روکتا ہے۔

    چیونگم

    اس حوالے سے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی ماہر ماحولیات لوٹی ڈالیل نے سوشل میڈیا پر چیونگم کے بارے میں ایک ویڈیو میں بھیانک حقیقت شیئر کی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق انہوں نے لکھا کہ ’کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ آپ کے چیونگم کو اتنا چبانے سے کیا ہوتا ہے؟ آپ شاید نہ چاہیں کہ ایسا کبھی سوچیں‘۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Lottie Dalziel @ Banish (@banish.au)

    لوٹی ڈالیل نے اپنی پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ آپ اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد کبھی چیونگم نہیں چبانا چاہیں گے اور اس کی سب سے بڑی وجہ اس میں استعمال ہونے والے مضر صحت اجزاء ہیں۔

    لوٹی نے وضاحت کی کہ چیونگم میں پیٹرولیم گلیسرین، پولی ایتھیلین اور سیریک ایسڈ جیسے بہت سے خطرناک اجزاء کے علاوہ پولیمر جیسے لیٹیکس اور پولی وینائل ایسیٹیٹ جیسے پلاسٹائز بھی ہوتے ہیں۔

    اجزاء

    لوٹی نے بتایا کہ یہ دراصل پلاسٹک ہی ہیں اور مزید کہا کہ جب آپ چیونگم چباتے ہیں تو ایسا ہے جیسے آپ ذائقوں اور رنگوں میں ڈھلے پلاسٹک کو چبا رہے ہوں۔ یہی چیز چیونگم کو چپچپا اور لچکدار بنا دیتی ہے جس کی وجہ سے آپ اس کو کئی گھنٹوں تک چباسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہر سال چیونگم سے پیدا ہونے والے پلاسٹک کے فضلے کی مقدار 1 لاکھ ٹن سے زیادہ ہوتی ہے، جو تقریباً 374 کھرب چیونگم کے برابر ہے۔

    لوٹی نے خبردار کیا کہ جس طرح مائیکرو ویو میں پلاسٹک کے ڈبوں میں کھانا گرم کرنا نقصان دہ ہوتا ہے، اسی طرح ہر روز گھنٹوں تک پلاسٹک چبانے کے نقصان کے بارے میں سوچنا چاہیے انہوں نے لوگوں کو چیونگم کی عادت چھوڑ کر منہ کی تازگی کے لیے خوشبو دار ٹکیاں استعمال کرنے کی تجویز دی۔

    سوشل میڈیا پر لوٹی کی اس ویڈیو کو 55ہزار سے زیادہ ویوز ملے اور لوگوں نے تبصروں میں حیرانگی کا اظہار کیا اور معلومات فراہ کرنے کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔

  • چیونگم پیٹ میں چلی جائے تو کیا ہوگا؟

    چیونگم پیٹ میں چلی جائے تو کیا ہوگا؟

    بچوں کو کئی مرتبہ خبردار اور ڈرایا جاتا ہے کہ چیونگم کو نہ نگلیں ورنہ یہ پیٹ میں جاکر چپک جائے گی ایک خیال یہ بھی ہے کہ چیونگم کئی سال تک ہضم نہیں ہوتی۔

    اس بات میں کتنی سچائی ہے کہ نگلنے والی چیونگم ہمارے پیٹ میں سات سال تک چپکی رہے گی، اس حوالے سے یہاں ہم حقیقت میں یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ چیونگم نگلنے سےاصل میں ہوتا کیا ہے؟۔

    چیونگم چبانا عام طور پر محفوظ سمجھا جاتا ہے اگرچہ اس میں موجود چینی یا چینی والے اجزاء بچوں کے لئے صحت مند نہیں ہیں لیکن چیونگم چبانے کی اجات بچوں کو اس وقت تک نہیں دینی چاہئے جب تک وہ یہ نہ سمجھ لیں کہ اسے صرف چبانا ہے نگلنا نہیں ہے۔

    ماہرین صحت کے مطابق اگرچہ اسے نگلنے میں کوئی تکلیف نہیں ہوگی لیکن چھوٹے بچے بعض اوقت ایک بڑی مقدار نگل سکتے ہیں جو ان کے مسوڑھوں یا یا آنتوں میں جا کر تکلیف پیدا کرسکتی ہے۔

    اصل بات یہ ہے کہ ہمارا نظام ہاضمہ اس کو ہضم نہیں کرسکتا تاہم یہ بات بھی غلط ہے کہ یہ سات سال تک پیٹ میں رہے گی لیکن کسی بھی دوسری غذاؤں کی طرح جو ہم کھاتے ہیں یہ نظام انہضام کے ذریعے حرکت کرتا ہے اور پاخانے کے ذریعے جسم سے خارج ہوتا ہے۔

    امریکی ریاست فلوریڈا میں معدے کے ڈاکٹر ایری لیمیٹ کے مطابق چیونگم نِگلنا لازمی نہیں کہ صحت کے لیے نقصان دہ ہو لیکن یہ ایک اچھی عادت بھی نہیں ہے۔ ڈاکٹر ایری نے فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ اگر آپ کا ہاضمہ صحت مند ہے تو کبھی کبھار چیونگم نِگل لینا کوئی مسئلہ نہیں۔

  • چیونگم کو نگل لیا جائے تو کیا ہوگا؟

    چیونگم کو نگل لیا جائے تو کیا ہوگا؟

    کہا جاتا ہے کہ چیونگم نگل لی جائے تو یہ ہضم نہیں ہوتی اور کئی سال تک ہمارے معدے میں موجود رہتی ہے، ایسا تو نہیں ہے البتہ چیونگم نگلنا جسم کو مشکل میں ضرور ڈال سکتا ہے۔

    چیونگم میں موجود بیشتر اجزا نظام ہاضمہ میں بہت آسانی سے ٹکڑے ہوجاتے ہیں، اس میں مٹھاس، فلیور، سافٹ نس اور دیگر اجزا شامل ہیں، چیونگم کی بنیاد البتہ آسانی سے ہضم نہیں ہوتی۔

    چیونگم کی بنیاد کی تعمیر کے لیے کمپنیاں عموماً سنیتھک پولمیئرز استعمال کرتی ہیں۔

    ہمارا ہاضمہ چیزوں کو ہضم کرنے کے لیے بنا ہوتا ہے اور جو نہیں کرپاتا وہ اسے آنتوں میں منتقل کر کے فضلے کے ذریعے خارج کردیتا ہے۔

    اس کی مثال مخصوص غذاؤں میں نظر آتی ہے، مکئی کو ہمارا جسم ہضم نہیں کرسکتا تو وہ مکئی کے چھلکوں کو کھانے کے بعد فضلے کے ذریعے خارج کردیتا ہے۔

    لہٰذا اگر کوئی چیونگم کو نگل لو تو وہ اسے بھی اسی طرح جسم سے باہر کردیتا ہے۔

    اگر ہم چیونگم نگل لیتے ہیں تو یہ غذائی نالی کے ذریعے چھوٹی آنت تک پہنچ جاتی ہے، چھوٹی آنت شکر اور دیگر اجزا کو جذب کرلیتی ہے اور ناقابل ہضم حصے کو کولون میں منتقل کردیتی ہے۔

    وہاں سے یہ فضلے کے ذریعے خارج ہوجاتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ چیونگم نگلنا عادت بنالینا نقصان دہ ہوسکتا ہے یعنی گم کی زیادہ مقدار آنتوں کو بلاک کرسکتی ہے بالخصوص بچوں میں۔

    ہر عمر کے افراد بالخصوص بچوں کو اس عادت سے بچنا چاہیئے کیونکہ اس سے سانس رک سکتی ہے جبکہ بار بار ایسا کرنے سے پیٹ درد، دائمی قبض، گیس، ہیضے اور منہ میں چھالوں جیسے مسائل کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔

  • برطانیہ: چیونگم بنانے والی کمپنیاں خطیر فنڈز دینے پر راضی ہو گئیں

    برطانیہ: چیونگم بنانے والی کمپنیاں خطیر فنڈز دینے پر راضی ہو گئیں

    لندن: چیونگم بنانے والی کمپنیاں برطانیہ کی سڑکوں سے چیونگم کے داغ صاف کرنے کے لیے 10 ملین پاؤنڈ کی رقم دینے پر راضی ہو گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی سڑکوں سے چیونگم ہٹانے کے لیے 2 ارب 28 کروڑ روپے سے زائد کے ایک بڑے منصوبے کا اعلان کیا گیا ہے، اس منصوبے کے لیے فنڈ چیونگم بنانے والی کمپنیاں فراہم کریں گی۔

    دنیا بھر میں کروڑوں لوگ چیونگم چبانے کے عادی ہیں، تاہم لوگ اسے چبانے کے بعد عموماً ڈسٹ بن میں پھینکنا پسند نہیں کرتے، جو شہریوں سمیت انتظامیہ کے لیے بھی مشکل کھڑی کر دیتا ہے۔

    اب برطانیہ نے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک منصوبہ تشکیل دیا ہے، تین کمپنیاں جن میں مارس وریگلی، گلیکسو اسمتھ کلائن اور اطالوی کمپنی شامل ہے، اگلے پانچ سالوں میں لوگوں کو چیونگم کو سڑک کی بجائے ڈسٹ بن میں ڈالنے کی ترغیب دے گی، جس کے لیے 10 ملین پاؤنڈز کی رقم مختص کی گئی ہے۔

    کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس سے یہ مسئلہ 64 فی صد تک کم کیا جا سکے گا، ایک رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں ہر سال 7ملین پاؤنڈ کی رقم سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے چیونگم ہٹانے میں لگائی جاتی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ چیونگم کی وجہ سے ہر سال ٹیکس دہندگان کے لاکھوں پاؤنڈز ضائع ہو جاتے ہیں، اور انتظامیہ کے مطابق انگلینڈ کی تقریباً 87 فی صد سڑکیں چیونگم کے داغوں سے بھری ہوئی ہیں۔

    برطانیہ میں کوڑا کرکٹ پھینکنا ایک مجرمانہ عمل ہے، اور مجرموں کو موقع پر 150 پاؤنڈ جرمانے کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اور اگر عدالت میں مجرم قرار دیا جاتا ہے تو یہ جرمانہ 2500 پاؤنڈ تک بڑھ بھی سکتا ہے۔

    یہ منصوبہ رواں سال کے اختتام تک شروع ہونے امکان ہے، جس کے ذریعے سڑکوں کو ازسرنو سنوارا جائے گا۔

  • بھارت میں چیونگم نہ کھانے پر شوہر کی بیوی کو ایک ساتھ 3 طلاقیں

    بھارت میں چیونگم نہ کھانے پر شوہر کی بیوی کو ایک ساتھ 3 طلاقیں

    نئی دہلی : بھارت شہر لکھنؤ میں شوہر نے چیونگم نہ کھانے پر بیوی کو ایک ساتھ 3 طلاق دے دیں، بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ راشد کے خلاف مسلم وومن پروٹیکشن رائٹس آن میرج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کی سول عدالت میں میاں، بیوی موجود تھے، جہاں راشد نے اپنے بیوی سیمی کو چیونگم پیش کی لیکن خاتون نے لینے سے انکار کردیا،اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ راشد کی اہلیہ سیمی نے سسرالیوں کے خلاف جہیز کے نام پر ہراساں کرنے کا مقدمہ دائر کیا تھا، جس کی سماعت کے لیے دونوں عدالت کے احاطے میں موجود تھے۔

    پولیس نے بتایا کہ سماعت سے قبل راشد کی اہلیہ اپنے وکیل سے بات کررہی تھی کہ اس دوران راشد نے سیمی کو چیونگم پیش کی لیکن اس نے قبول کرنے سے انکار کردیا، اہلیہ کے انکار پر راشد کو غصہ آیا اور اس نے سیمی کے وکیل کے سامنے ہی ایک ساتھ 3 طلاق دے دیں۔

    واضح رہے کہ بھارت میں ایک ساتھ تین طلاق قابل سزا جرم ہے۔

    ایس ایچ او پانڈے نے بتایا کہ سیمی کی راشد سے 2004 میں شادی ہوئی تھی بعدازاں سسرال والوں کی جانب سے جہیز کے معاملے پر ہراساں کرنے پر سیمی نے مقدمہ درج کروا دیا تھا۔

    پولیس کے مطابق راشد کے خلاف مسلم وومن (پروٹیکشن رائٹس آن میرج) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس 25 اکتوبر کو بھارت میں ایک ساتھ 3 طلاق دینے پر پہلی گرفتاری عمل میں آئی تھی،اترپردیش میں پولیس نے بیوی کو بیک وقت تین طلاق دینے پر شوہر کو گرفتار کرلیا تھا۔

    واضح رہے کہ 30 جولائی کو بھارت میں لوک سبھا (ایوانِ زیریں) کے بعد راجیا سبھا (ایوان بالا) سے بھی ایک ساتھ تین طلاق کو قابل سزا جرم قرار دینے کا بل کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا تھا۔

    جس پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی مسلم ویمن (پروٹیکشن رائٹس آن میریج) بل منظور ہونے پر مسرت کا اظہار کیا،بل کے تحت ایک ساتھ تین طلاق دینے والے شخص کو 3 سال کی سزا ہے۔

    بھارت کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس نے کہا تھا کہ اگر ان کی جماعت انتخابات میں کامیاب ہوگئی تو وہ وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے جاری کردہ اس حکم نامے کو ختم کردے گی، جس میں ایک ساتھ 3 طلاق دینے پر مسلمان مردوں کو جیل بھیجنے کا کہا گیا تھا۔

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے یہ کام ضروری ہے لیکن کانگریس کا کہنا تھا کہ اس کے تحت مسلمان مردوں کو غیر منصفانہ طور پر سزا دی جائے گی۔

  • چیونگم بڑھتے وزن کو قابو کرنے کا مؤثر ذریعہ

    چیونگم بڑھتے وزن کو قابو کرنے کا مؤثر ذریعہ

    ٹوکیو: جاپان کےطبی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ وزن کنٹرول کرنے کے لیے چیونگم بہت مددگار ثابت ہوتی ہے اور خاص طور پر چالیس سال سے زائد عمر کے لوگوں پر اس کے حیران کُن اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

    چہل قدمی اچھی صحت او رموٹاپے سے نجات کے لیے بے حد ضروری ہے مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ کچھ لوگ باقاعدگی سے واک تو کرتے ہیں مگر اُن کے وزن میں کوئی کمی نہیں آتی۔

    طبی ماہرین اچھی صحت کے لیے روزانہ چہل قدمی کا مشورہ دیتے ہیں تاکہ کسی بھی شخص کی فٹنس بہتر رہے اور  انسان چاک و چوبند رہے، بالخصوص موٹاپے سے عاجز افراد کو بھی ڈاکٹرز روزانہ واک کرنے کی تجویز دیتے ہیں۔

    جاپان میں ہونے والی حالیہ تحقیق میں ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ چیونگم 40 برس سے زیادہ عمر کے مردوں کے وزن کو کنٹرول کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے اور اگر واک کے دوران خاص طور پر چیونگم چبائی جائے تو یہ حیران کُن اثرات مرتب کرتی ہے۔

    مزید پڑھیں: چہل قدمی کے دوران کی جانے والی غلطیاں

    طبی جریدے ’جرنل آف فزیکل تھراپی سائنس‘ میں شائع ہونے والی مطالعاتی رپورٹ کے مطابق اگر جسمانی سرگرمی کے دوران جیونگم چبائی جائی تو یہ وزن کو کنٹرول کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔

    رپورٹ کے مطابق تحقیق میں 46 شہریوں کو شامل کیا گیا جن کی عمریں 21 سے 69 برس کے درمیان تھیں، ان میں کچھ لوگ ایسے تھے جو بطور فیشن واک کے لیے باقاعدگی سے وقت نکالتے ہیں۔

    طبی ماہرین نے تحقیق میں شامل کیے جانے والے افراد کی چہل قدمی کے دوران ہونے والی دل کی دھڑکی اور اُسکی رفتار، طے کیا جانے والا فاصلہ اور قدموں کی تداد سمیت جسمانی حرارت کا جائرہ لیا گیا۔

    مطالعے میں شریک افراد کو ایک مخصوص مقام پر 15 منٹ کے لیے عام انداز میں چہل قدمی کی ہدایت کی گئی، ان افراد میں کچھ لوگ واک کے دوران چیونگم چپا رہے تھے جبکہ دیگر پانی کے کپ وغیرہ ہاتھوں میں لیے ہوئے تھے۔

    تحقیق کے دوران حیران کُن طور پر وہ افراد جو چیونگم چبا رہے تھے اور جن کی عمریں چالیس برس یا اُس سے زیادہ تھی انہوں نے زیادہ فاصلہ طے کیا جبکہ ایسے لوگوں کا جسمانی درجہ حرارت بھی دیگر کے مقابلے میں زیادہ رہا۔

    یہ بھی پڑھیں: روزانہ چہل قدمی، ماں بننے کے امکانات روشن

    رپورٹ میں ماہرین نے یہ بات بھی لکھی کہ اگر واک کے دوران چیونگم نہ چبائی جائے تو توجہ ایک طرف ہی رہتی ہے جس کی وجہ سے ٹریک پر دوڑنا ایک دشوار گزار عمل لگتا ہے اور پھر زیادہ دیر تک چہل قدمی نہیں کی جاتی۔

    قبل ازیں جاپان میں ہی ہونے والی تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آچکی ہے کہ چیونگم چبانے سے دل کی دھڑکن تیز ہوجاتی ہے خواہ اس وقت انسان کوئی کام نہ بھی کررہا ہو۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • چیونگم کھانے کا حیرت انگیز فائدہ

    چیونگم کھانے کا حیرت انگیز فائدہ

    نیویارک : چیونگم کا استعمال منہ سے مضر صحت بیکٹریا کو ختم کرنے کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔

     گورنینگن یونیورسٹی کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ چیونگم کا ایک ٹکڑا ہی منہ سے دس کروڑ بیکٹریا کا خاتمہ صرف 10 منٹ میں کرسکتا ہے۔

    تحقیق میں تو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چیونگم اس حوالے سے فلاس جتنا ہی کارآمد ثابت ہوتا ہے کیونکہ یہ منہ کے اندر مختلف حصوں میں بیکٹریا کو نشانہ بناتی ہے۔

    تحقیق کے مطابق چیونگم اولین 30 سیکنڈ میں سب سے زیادہ موثر ہوتی ہے اور اس کے بعد وقت گزرنے کے ساتھ اس کی افادیت کم ہوتی چلی جاتی ہے تاہم 10 منٹ میں دس کروڑ جراثیموں کا خاتمہ ہوتا ہے اور جتنا وقت زیادہ ہوگا یہ تعداد بڑھتی چلی جائے گی۔

    تاہم منہ کو بیکٹریا سے پاک کرنے والی چیونگم کا بھی چینی یا شوگر سے پاک ہونا ضروری ہے ورنہ دوسری صورت میں یہ خود منہ میں بیکٹریا بھرنے کا باعث بن جاتی ہے۔

  • چیونگم کا زیادہ استعمال آپ کے لئے نقصان دہ ہے

    چیونگم کا زیادہ استعمال آپ کے لئے نقصان دہ ہے

    کراچی: (ویب ڈیسک) چیونگم بچوں بلکہ بڑے افراد میں بھی یکساں طور پر پسند کی جاتی ہے تاہم اس کے کئی مضر اثرات بھی ہیں۔
    چیونگم کا بہت زیادہ استعمال نوجوانوں میں مستقل سر درد اور میگرین کا باعث بن سکتا ہے۔ماہرین طب کے مطابق نوجوانوں میں مستقل سر درد کی ایک بڑی وجہ ہر وقت چیونگم چبانا بھی ہو سکتی ہے جسے ترک کر کے اس سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ماہرین طب کا کہنا ہے کہ صرف ایک ماہ چیونگم سے دوری اختیار کر کے اس بیماری پر قابو پایاجا سکتا ہے اور اس عادت کو ترک کرتے ہی حالت میں بہتری آجائے گی۔