Tag: چیٹ لیک

  • سگنل ایپ پر ٹرمپ کے جنگی منصوبے کی چیٹ کیسے لیک ہوئی؟ ذمہ دار خود ہی سامنے آ گیا

    سگنل ایپ پر ٹرمپ کے جنگی منصوبے کی چیٹ کیسے لیک ہوئی؟ ذمہ دار خود ہی سامنے آ گیا

    واشنگٹن: امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز نے چیٹ لیک ہونے کی ذمہ داری قبول کر لی۔

    فاکس نیوز پر انٹرویو میں مشیر مائیک والٹز نے اعتراف کر لیا ہے کہ یہ ان کی غلطی تھی، انھوں نے کہا ’’میں مکمل ذمہ داری لیتا ہوں، میں نے سگنل ایپ پر چیٹ گروپ بنایا، یہ شرمناک تھا۔‘‘

    دوسری طرف صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چیٹ لیک کا ملبہ سگنل ایپ پر ڈال دیا، تاہم سینیٹ کی انٹیلیجنس کمیٹی کی دوسری سماعت ہوئی تو اس میں ڈیموکریٹس کانگریس مین ٹرمپ انتظامیہ پر برہم ہوئے۔

    امریکی انٹیلی جنس سربراہ تلسی گبارڈ نے سماعت میں اعتراف کیا کہ چیٹ گروپ پر صحافی کو شامل کرنے کی غلطی ہوئی ہے، تاہم چیٹ میں کوئی خفیہ معلومات نہیں تھیں۔ ڈیموکریٹس اراکین کانگریس نے سماعت کے دوران چیٹ کی تصاویر شیئر کیں، جس میں حملے کی تفصیلات موجود تھیں، جو صحافی جیفری گولڈ برگ نے سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں۔


    ٹرمپ جنگی منصوبہ لیک ہونے پر انتظامیہ کے دفاع میں میدان میں آگئے


    ڈیموکریٹس کانگریس مین نے سینیٹ کمیٹی کی سماعت میں امریکی وزیر دفاع سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کیا، اور کہا یہ عمل ناقابل قبول ہے، یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے، ہمارے فوجی خطرناک محاذ پر لڑ رہے ہیں اور یہ لوگ تفصیلات بتا رہے ہیں، امریکی وزیر دفاع فوری مستعفی ہو۔

    یاد رہے کہ تین روز پہلے صحافی جیفری گولڈ برگ نے یمن میں حوثیوں پر حملے کی چیٹ لیک ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ اٹلانٹک میگزین کے چیف ایڈیٹر جیفری گولڈ برگ نے اطلاع دی کہ انھیں مائیک والٹز نے غلطی سے سگنل چیٹ میں شامل کر دیا تھا۔ انھوں نے اپنی نیوز اسٹوری میں اس معاملے کا انکشاف کیا، جس میں انھوں نے لکھا کہ اس نے چیٹ میں یمن میں امریکی حملوں کے لیے خفیہ فوجی منصوبے دیکھے، جن میں ہتھیاروں کے پیکج، اہداف اور وقت شامل تھا، بم حملے سے محض دو گھنٹے قبل۔

  • شاہ رخ خان کی چیٹ لیک ہونے پر کیا ہوا؟

    شاہ رخ خان کی چیٹ لیک ہونے پر کیا ہوا؟

    ممبئی: بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی چیٹ لیک کرنے پر نارکوٹکس اہلکار پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کے ساتھ ہونے والی چیٹ کو لیک کرنے پر ممبئی ہائی کورٹ نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے سابق ریجنل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کی سخت سرزنش کی۔

    عدالت نے سمیر وانکھیڑے کو ہدایت کی ہے کہ وہ مستقبل میں پھر ایسی کوئی حرکت نہ کریں۔ سی بی آئی نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ وانکھیڑے نے خود کو بے قصور ثابت کرنے کے لیے شاہ رخ خان کے ساتھ ہونے والی گفتگو لیک کی۔

    دوسری طرف عدالت نے شاہ رخ خان سے 25 کروڑ روپے کی رشوت مانگنے کے ملزم سمیر وانکھیڑے کی عارضی ضمانت میں 8 جون تک توسیع کر دی ہے۔

    آریان خان منشیات کیس: شاہ رخ خان اور سمیر وانکھیڑے کی واٹس ایپ چیٹ لیک

    وانکھیڑے پر الزام ہے کہ انھوں نے شاہ رخ کے بیٹے آرین خان کو کروز کارڈیلیا معاملے میں چھوڑنے کے لیے اداکار سے رشوت مانگی تھی۔ اس سے قبل عدالت نے سی بی آئی سے کہا تھا کہ وہ وانکھیڑے کو 22 مئی تک گرفتار نہ کرے۔

    عدالتی بنچ نے وانکھیڑے کو ایک حلف نامہ دینے کی بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اس کیس کے بارے میں میڈیا سے بات نہیں کریں گے، اور بلائے جانے پر سی بی آئی کے سامنے ہر بار پیش ہوں گے اور ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کریں گے۔

  • آریان خان منشیات کیس: شاہ رخ خان اور سمیر وانکھیڑے کی واٹس ایپ چیٹ لیک

    آریان خان منشیات کیس: شاہ رخ خان اور سمیر وانکھیڑے کی واٹس ایپ چیٹ لیک

    ٓممبئی: آریان منشیات کیس میں آریان خان کی گرفتاری کے بعد بالی وڈ کنگ  شاہ رُخ خان اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے سابق زونل چیف سمیر وانکھیڑے کے درمیان ہونے والی گفتگو لیک ہو گئی ہے۔

    گزشتہ دنوں سابق زونل چیف پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے شاہ رُخ خان کے بیٹے آریان کو رہا کرنے کے لیے 25 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا ہے۔

    جس کے جواب میں آریان منشیات کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے سابق افسر سمیر وانکھیڑے کی جانب سے ممبئی ہائیکورٹ میں گزشتہ روز سماعت کے دوران اپنے اور شاہ رُخ خان کے درمیان ہونے والی واٹس ایپ چیٹس کے اسکرین شاٹس جمع کرائے گئے ہیں جس میں شاہ رخ خان اِن سے اپنے بیٹے آریان خان کو گھر بھیجنے اور بیٹے کو جیل میں نہ ڈالنے کی التجا کر رہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان نے سمیر وانکھیڑے کو پہلا پیغام 3 اکتوبر 2021ء کو بھیجا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ سمیر صاحب، کیا میں آپ سے چند منٹ بات کر سکتا ہوں؟ میں جانتا ہوں کہ یہ قانونی نہیں ہے۔

    آریان خان کیخلاف منشیات کیس میں چونکا دینے والے انکشافات

    ’ لیکن ایک باپ کی حیثیت سے، میں آپ سے بات کرنا چاہتا ہوں،  آپ نے مجھے جو معلومات فراہم کی ہیں اس کے لیے میں آپ کا شکریہ ادا نہیں کر سکتا، مجھے امید ہے کہ وہ (آریان) ایک ایسا شخص بن جائے گا جس پر آپ اور مجھے فخر ہو سکتا ہے‘۔

    شاہ رخ خان کے اس میسج کے جواب میں سمیر وانکھیڑے کا کہنا ہے کہ باپ ہونے کے ناطے میں صورتحال کو سمجھتا ہوں، فکر نہ کریں سب ٹھیک ہو جائے گا۔

    اس میسج پر شاہ رُخ خان کہتے ہیں کہ پلیز میرے بیٹے کو گھر بھیج دیں، ایک باپ ہونے کے ناطے میں آپ سے درخواست کرتا ہوں، سمیر نے جواب میں کہا کہ ڈیئر شاہ رخ، میری خواہش ہے کہ میں آپ کو ایک دوست کی حیثیت سے اس صورتحال کی وضاحت کر سکتا نہ کہ زونل ڈائریکٹر کے طور پر۔

    اس پر شاہ رخ کا کہنا تھا کہ  پلیز میرے بیٹے کو گھر بھیج دیں، ایک باپ ہونے کے ناطے میں آپ سے درخواست کرتا ہوں، یہ ایک باپ سے ایک باپ کی درخواست ہے، میں اپنے بچوں سے اتنا ہی پیار کرتا ہوں جتنا آپ اپنے بچوں سے کرتے ہیں، سمیر پلیز میرا بھروسہ مت توڑیں، ورنہ میرا آپ اور سسٹم پر سے اعتماد اٹھ جائے گا۔

    شاہ رُخ خان کا اس میسج میں مزید لکھنا ہے کہ  پلیز ایک بار مجھ سے بات کریں، میں آپ سے باپ بن کر بات کروں گا، آپ قانون کے دائرے میں رہ کر میری مدد کر سکتے ہیں، میں ہمیشہ آپ کا مقروض رہوں گا، گھر والے اسے کسی بھی قیمت پر گھر لانا چاہتے ہیں۔

    جس پر سمیر کا کہنا تھا کہ شاہ رخ، کاش میں آپ سے ایک دوست کی طرح بات کر سکتا اور سارا معاملہ سمجھا سکتا، میں  آریان کو اچھا ماحول دینا چاہتا ہوں، اس کی بھلائی کے لیے سوچنا چاہتا ہوں، لیکن کچھ فضول لوگ اپنی خود غرضی کے لیے اس کام کو خراب کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔

    سمیر وانکھیڑے نے اپنے خلاف سی بی آئی کی کارروائی سے متعلق ممبئی ہائیکورٹ میں عرضی داخل کی اور  دعویٰ کیا ہے کہ میرے خلاف انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے، مجھ پر پہلے بھی بدعنوانی کے الزامات لگے جس کے ثبوت نہیں ملے، سی بی آئی کو بھی ثبوت نہیں ملے گا۔

    واضح رہے کہ سمیر وانکھیڑے نے 2 اکتوبر 2021ء کو ممبئی سے گوا جانے والی کورڈیلیا کروز میں پارٹی کی اطلاع ملنے پر چھاپہ مارا تھا اور آریان خان کو یہاں سے گرفتار کیا تھا۔

    اس کے بعد آریان خان 27 دن تک پولیس کی حراست میں رہے، آریان خان کو منشیات کیس میں آرتھر روڈ جیل بھی بھیجا گیا تھا، ٹھوس ثبوت نہ ہونے کے سبب آریان کو 28 اکتوبر کو رہا کردیا گیا تھا۔