Tag: چیک پوسٹ پر فائرنگ

  • کوئٹہ : چیک پوسٹ پر فائرنگ سے 4 لیویز اہلکار شہید

    کوئٹہ : چیک پوسٹ پر فائرنگ سے 4 لیویز اہلکار شہید

    کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع خضدار میں دہشت گردوں نے لیویز چیک پوسٹ پر حملہ کردیا، اندھا دھند فائرنگ سے چار سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کوئٹہ کے بیورو چیف مصطفیٰ خان ترین کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل نال میں نامعلوم مسلح افراد نے لیویز چیک پوسٹ پر حملہ کردیا۔

    اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال نے بتایا کہ دہشت گردوں نے صمند چیک پوسٹ پر فائرنگ کی، اس موقع پر ڈیوٹی پر موجود لیویز اہلکاروں نے ان کا مردانہ وار مقابلہ کیا۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 4 اہلکار موقع پر ہی جام شہادت نوش کرگئے، شہید اہلکاروں کی لاشوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت مقبول ، خدا بخش ، اعجاز احمد اور محمد علی کے نام سے ہوئی ہے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    لیویز حکام کے مطابق واقعے کے فوراً بعد فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل رواں سال 16 فروری کو بھی بلوچستان کے ضلع قلات میں لیویز چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہوگئے تھے۔

    ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا تھا کہ لیویز فورس کے بہادر جوانوں نے فوری جوابی کارروائی کی، جس سے حملہ آور پسپا ہوکر فرار ہوگئے۔

    اس حوالے سے ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ بحالی امن کیلئے سیکورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

    واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کو دہشت گرد عناصر کی جانب سے نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

  • باجوڑ: سرحد پار سے دہشت گردوں کی چیک پوسٹ پر فائرنگ، ایک جوان زخمی

    باجوڑ: سرحد پار سے دہشت گردوں کی چیک پوسٹ پر فائرنگ، ایک جوان زخمی

    راولپنڈی : باجوڑمیں سرحد پار سے دہشت گردوں کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک جوان زخمی ہوگیا ، آئی ایس پی آر نے دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین استعمال کرنے کی کئی بار مذمت کی ہے۔

    پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق باجوڑمیں دہشت گردوں کی سرحدپارسےچیک پوسٹ پر فائرنگ کی گئی ، دہشت گردوں کی فائرنگ سےایک جوان زخمی ہوا تاہم پاک فوج نے بھی فوری جوابی کارروائی کی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان متعددبارافغان حکام کومؤثربارڈرمینجمنٹ کیلئے کہتا چلا آرہا ہے اور دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین استعمال کرنےکی کئی بار مذمت کی گئی ہے۔

    یاد رہے چند روز قبل پاک افغان بارڈر پر باڑلگانے کے دوران سرحد پار سے فائرنگ کے نتیجے میں 4ایف سی اہلکارشہید اور 6 زخمی ہوگئے، ایف سی اہلکاروں کی جانب سے فوری جوابی کارروائی کی گئی، شہیدہونیوالوں حولدار نورزمان، سپاہی شکیل عباس ، سپاہی احسان اللہ اورنائیک سلطان شامل تھے۔

    خیال رہے کہ یہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کا پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں پاکستانی شہریوں اور پاک فوج کے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔