لندن: برطانوی وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر نے سیاست کو صاف کرنے کا عزم کر رکھا ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ وہ اپنے دفتر سے اس کی شروعات کر رہے ہیں۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق سر کیئر اسٹارمر کو ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے 4 گھریلو ملازموں کی تلاش ہے، انھوں نے اس سلسلے میں اشتہار بھی جاری کر دیا ہے۔
اشتہار کے مطابق ان ملازموں میں سے ہر ایک کو 30 ہزار 135 پاؤنڈ اجرت دی جائے گی۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ملازمین اُن کلینرز کی جگہ لیں گے جو ریٹائر ہو چکے ہیں، اور وہ صرف دفتری عمارت کی صفائی کریں گے نہ کہ ڈاؤننگ اسٹریٹ کے فلیٹوں کی، جہاں وزیر اعظم اور ان کے اہل خانہ رہتے ہیں۔
لیکن دوسری طرف ٹوریز نے انھیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ اس کام کے لیے 4 لوگوں کو کیوں بھرتی کیا جا رہا ہے؟ ڈیلی میل کو ٹوری پارٹی کے ایک رکن نے بتایا کہ کیئر اسٹارمر شاذ ہی ڈاؤننگ اسٹریٹ میں ہوتے ہیں، زیادہ تر باہر ہی ہوتے ہیں، ایسے میں انھیں اتنے ملازمین کی ضرورت کیوں پڑی؟
مخالف پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ وزیر اعظم اسٹارمر کی ٹیکس دہندگان کے پیسے چھیننے کی ایک اور مثال ہے۔