Tag: ڈالرز میں آمدنی

  • ڈالرز میں آمدنی، چوکیدار کی قسمت بدل گئی، ویڈیو دیکھیں

    ڈالرز میں آمدنی، چوکیدار کی قسمت بدل گئی، ویڈیو دیکھیں

    انٹرنیٹ پر آج کل جزو وقتی کام کرکے لوگ عام نوکریوں کی نسبت کہیں زیادہ آمدنی حاصل کررہے ہیں اور یہ ذریعہ آمدن لوگوں میں خاصا مقبول بھی ہو رہا ہے، ایک ایسے ہی چوکیدار  نے سب کو حیران کر ڈالا۔

    لاہور کے ایک سرکاری کالج میں سیکیورٹی گارڈ کی نوکری کرنے والے نذیر احمد نے اپنے شوق اور لگن کی بدولت تھوڑی سی محنت سے نہ صرف امریکی ڈالر کمائے بلکہ ایک نئی مثال بھی قائم کی۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نذیر احمد نے بتایا کہ میں چوکیدار کی نوکری کے ساتھ گزشتہ 6 سال سے فری لانسنگ کا کام بھی کرتا ہوں، اس سے قبل ایک سافٹ ویئر ہاؤس میں چوکیدار کی ملازمت کے دوران وہاں کے لڑکوں سے کمپیوٹر چلانا سیکھا۔

    انہوں نے بتایا کہ میں نے اس وقت ایک لیپ ٹاپ لیا تھا جس کے بعد اب چھٹی کے بعد آن لائن فوٹو شاپ کا کام کرتا ہوں۔

    فری لانسنگ

    چوکیدار نذیر احمد نے نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ جب میں کم تعلیم یافتہ ہوکر ملک میں ڈالر لاسکتا ہوں تو وہ لڑکے جو تعلیم یافتہ ہیں بیرون ملک جانے کے بجائے یہاں بیٹھ کر بھی اچھی آمدنی حاصل کرسکتے ہیں۔

  • دنیا کے بہترین ٹیکن پلیئر ارسلان ایش نے راز کی بات بتا دی

    دنیا کے بہترین ٹیکن پلیئر ارسلان ایش نے راز کی بات بتا دی

    پاکستان کے شہر لاہور سے تعلق رکھنے والے ٹیکن اسٹار ارسلان ایش نے ای گیمز سے ہونے والی کمائی سے متعلق  حیران کن حقائق بیان کردیئے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنی جدوجہد اور کامیابیوں کے بارے میں کھل کر اظہار کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ اس کھیل کے شوق میں بچپن میں گھر والوں سے بہت مار کھائی، اسکول سے واپسی پر ویڈیو گیمز کھیلنے چلا جاتا تھا۔

    ٹیکن اسٹار ارسلان ایش نے ای گیمز سے ہونے والی کمائی سے متعلق بتایا کہ ٹیکن ورلڈ ٹور فائنلز 2023میں میرا مقابلہ جنوبی کوریا کے کھلاڑی چیری بیری مینگو سے ہوا جس کو میں نے ہرا دیا۔

    اس مقابلے کی انعامی رقم 50ہزار ڈالر تھی جو میں نے حاصل کی، انہوں نے بتایا کہ پورے پاکستان میں سے مجھے کوئی نہیں ہرا سکا تھا جس کے بعد میں نے ملک سے باہر کھیلنے کا فیصلہ کیا۔

    ارسلان ایش کا کہنا تھا کہ اس کھیل کی بڑی انعامی رقم 5لاکھ ڈالر (تقریباً 6کروڑ پاکستانی روپے) ہے، انہوں نے بتایا کہ میں سعودی عرب کے ایک کلب کی جانب سے بھی کھیلتا ہوں جہاں سے اس کی مد میں مجھے کافی اچھی آمدنی ہوتی ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے ارسلان ایش اس وقت دنیا کے بہترین ٹیکن پلیئر ہیں اور متعدد انٹرنیشنل ایونٹس جیت چکے ہیں۔

     پاکستان کے پروفیشنل ای گیمر ارسلان صدیقی نے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں بھی ہونے والے ویڈیو گیمنگ ٹورنامنٹ اِیوو 2023 میں ’ٹیکن 7‘ کا مقابلہ جیتا تھا۔