Tag: ڈالر ریٹ

  • ڈنڈا چل گیا ہے ڈالر کو مزید نیچے لائیں گے، ملک بوستان

    ڈنڈا چل گیا ہے ڈالر کو مزید نیچے لائیں گے، ملک بوستان

    کراچی : فاریکس ایسوسی ایشن کے صدر ملک بوستان نے کہا ہے کہ آج بھی ڈالر کی قیمت گری ہے اور بھی گرے گی کیونکہ ڈنڈا چل گیا ہے اور اب اس کو مزید نیچے لے کر آئیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’خبر مہر بخاری کے ساتھ‘‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ڈالر کی قیمت جلد ہی 250روپے کی سطح پر آجائے گی اور یہ ہی اس کی اصل قیمت ہے۔،

    ملک بوستان نے کہا کہ امریکی ڈالر کو اب اس کی اصل قیمت پر ہی رکھا جائے گا، اسمگلنگ کی روک تھام اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی سے فائدہ ہورہا ہے۔

    صدر فاریکس ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ اب اسمگلرز اور ذخیرہ اندوزوں کو خوف ہے اس لیے ڈالر کی قیمت گررہی ہے، ذخیرہ اندوزوں کو پتہ ہے کہ ڈالر کی قیمت250تو ہونی ہی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ملک بوستان نے کہا کہ ڈالر کو فروخت کیا جائے گا تواس کی مزید قدر گرے گی، 5ہزار کے نوٹ کو دو تین سال میں ختم کردینا چاہیے۔

  • امریکی ڈالر کی قیمت میں میں کمی، روپیہ مستحکم

    امریکی ڈالر کی قیمت میں میں کمی، روپیہ مستحکم

    کراچی : پاکستان میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت میں کچھ ٹھہراؤ آیا ہے جس کے نتیجے میں روپے کی قدر معمولی مستحکم ہوئی ہے۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں آج پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 18 پیسے سستا ہوا جبکہ کاروباری ہفتے کے دوران ڈالر 26 پیسے مہنگا ہوا۔

    آج انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 287 روپے 37پیسے سے کم ہو کر 287 روپے 19 پیسے ہو گئی ہے۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.06 فیصد کی بحالی دیکھی گئی۔

    دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت روپے کے مقابلے 2 روپے بڑھ کر 297 روپے پر پہنچ گئی۔

  • ایک ہفتے میں ڈالر کی قیمت میں 5 روپے اضافہ، 192 پر پہنچ گیا

    ایک ہفتے میں ڈالر کی قیمت میں 5 روپے اضافہ، 192 پر پہنچ گیا

    کراچی: پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں بے تحاشہ اضافہ جاری ہے، صرف رواں ہفتے ڈالر کی قیمت میں 5 روپے سے زائد اضافہ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو امریکی ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، دن کے آغاز پر انٹر بینک میں ڈالر 1 روپے 12 پیسے مہنگا ہو کر 192 روپے 90 پیسے پر ٹریڈ کرنے لگا۔

    اس دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر 194 روپے پر فروخت ہونے لگا۔

    دن کے اختتام تک ڈالر کی قیمت میں مجموعی طور پر 76 پیسے اضافہ ہوا اور ڈالر 192 روپے 53 پیسے پر بند ہوا۔

    یاد رہے کہ عید الفطر کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد سے ڈالر کی قیمت قابو میں نہیں آرہی۔

    رواں ہفتے انٹر بینک میں ڈالر 5 روپے 90 پیسے مہنگا ہوا اور اس کی قیمت 186 روپے سے 192 روپے پر جا پہنچی ہے۔

  • ڈالر کی قیمت 185 روپے سے بھی تجاوز

    ڈالر کی قیمت 185 روپے سے بھی تجاوز

    کراچی: انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، منگل کے روز ڈالر کی قیمت میں 1 روپے سے زائد اضافے کے بعد ڈالر کی قیمت 185 روپے سے بھی تجاوز کر گئی۔

    تفصیلات کے مطابق انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

    دن کے آغاز پر انٹر بینک میں ڈالر 16 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 184 روپے 25 پیسے پر ٹریڈ کرنے لگا، دن کے وسط میں ڈالر کی قیمت 92 پیسے اضافے کے بعد 185 روپے 1 پیسے پر پہنچ گئی۔

    دن کے اختتام پر ڈالر کی مجموعی قیمت میں 1 روپے 14 پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 185 روپے 23 پیسے پر بند ہوئی۔

    فاریکس ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 186 روپے 20 پیسے پر فروخت ہو رہا ہے۔

  • ڈالر کی قیمت میں ریکارڈ کمی، وجہ جانئے

    ڈالر کی قیمت میں ریکارڈ کمی، وجہ جانئے

    کراچی: انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 45 پیسے کی کمی واقع ہوئی ہے، جس کے بعد ڈالر پانچ ماہ کی سب سےکم ترین سطح پر آگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں پینتالیس پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں پچاس پیسے کی کمی واقع ہوئی، گراوٹ کے باعث انٹربینک میں ڈالر کا لین دین 161.37 اور اوپن مارکیٹ میں161روپے 80پیسے پر بند ہوا۔

    اسی گراوٹ کے ساتھ ڈالر پانچ ماہ کی سب سےکم ترین سطح پرآ گیاہے، رواں سال اٹھائیس مئی کو انٹر بینک میں ڈالر168روپے43پیسےکی بلند ترین سطح پر پہنچا تھا،ڈالر کی قدر میں 5ماہ کےدوران7 روپے6 پیسے کمی ہوئی ہوئی ہے۔

    اوپن مارکیٹ میں اگست سے لے کر اب تک ڈالر کی قدر میں 4اعشاریہ 25فیصدکمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان کی معیشت اور کرنٹ اکاونٹ خسارے میں بہتری کے باعث ڈالر کی قدر میں کم واقع ہوئی ہے، اس سلسلے میں صدر فاریکس ایسوی ایشن ملک بوستان نے کہا تھا کہ رواں ماہ میں ڈالر 160 روپے سے بھی نیچے آجائے گا، کیونکہ روشن ڈیجیٹل پاکستان اکاونٹ سے بڑے پیمانے پر پاکستانی ملک میں پیسے بھیج رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  زرمبادلہ کے ذخائر میں 26 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کا اضافہ

    فاریکس ایسوی ایشن کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ کرونا میں لاک ڈاون کی وجہ سے ڈالر کی فروخت بہت کم ہوگی تھی، مگر اب بیرون ملک سے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، اگست کے مہینے میں ریکارڈ پونے 3 ارب ڈالر کی ترسیلات زر آئی گزشتہ دو ماہ سے بھی 2 ارب ڈالر ترسیلات زر آہی ہیں۔ ترسیلات زر کی یہی رفتار رہی تو یہ 30 ارب ڈالر کو بھی عبور کر سکتے ہیں۔