Tag: ڈالر کی قیمت

  • 6 ماہ بعد ڈالر ایک بار پھر 155 روپے کا ہوگیا

    6 ماہ بعد ڈالر ایک بار پھر 155 روپے کا ہوگیا

    کراچی: ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، ڈالر 6 ماہ بعد ایک بار پھر 155 روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی گئی۔ 6 ماہ بعد ڈالر 155 روپے کی سطح سے نیچے آگیا۔

    انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 15 پیسے کمی ہوئی جس کے بعد انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 154 روپے 90 پیسے کا ہوگیا۔

    خیال رہے کہ جون 2019 میں ڈالر 163 روپے 50 پیسے تک گیا تھا اور یہ ڈالر کی بلند ترین سطح تھی۔ ڈالر کی مذکورہ بلند ترین سطح کے بعد اب اس کی قیمت میں 8 روپے 60 پیسے کمی ہو چکی ہے۔

    گزشتہ ہفتے انٹر بینک میں ڈالر 17 پیسے سستا ہوا تھا اور 155.23 سے کم ہو کر 155.06 روپے پر بند ہوا۔

    اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے سستا ہوا تھا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 155.60 سے کم ہو کر 155.10 روپے پر آگئی تھی۔

  • ڈالر کی قیمت بڑھنے سے کے فور منصوبے کی لاگت بڑھی، ناصر حسین شاہ

    ڈالر کی قیمت بڑھنے سے کے فور منصوبے کی لاگت بڑھی، ناصر حسین شاہ

    کراچی : وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے کے فور منصوبے کی لاگت بڑھی، بلاول بھٹو نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ پانی کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

    یہ بات انہوں نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کے خطاب کے جواب میں کہی، ان کا کہنا تھا کہ ناکردہ گناہ پیپلزپارٹی کے گلے ڈال دئیے جاتے ہیں کیونکہ جب کے فور منصوبے کا ڈیزائن بنا تھا تو اس وقت واٹربورڈ کا چیئرمین کون تھا؟

    ڈالر کی قیمت بڑھنے سے کے فور کی لاگت بھی بڑھی، ہماری نیت اور ہاتھ صاف ہیں، کے فور منصوبے کی مکمل انکوائری ہونی چاہیے۔

    ناصرحسین شاہ کا مزید کہنا تھا کہ کے فور منصوبے پر بہت زیادہ کام کررہے ہیں، بلاول بھٹو نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ پانی کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

    بلدیات کی65فیصد اسکیمز کراچی کی ہیں،انہوں نے بتایا کہ کے ایم سی کو ماہانہ45کروڑ روپے تنخواہوں کی مد میں دیتے ہیں، بعد ازاں سندھ اسمبلی کا اجلاس 14اکتوبر تک ملتوی کردیا گیا۔

    مزید پڑھیں : پانی کے منصوبوں پر سندھ حکومت ہمیشہ لالی پاپ دیتی آئی ہے، فردوس شمیم نقوی

    واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ اسمبلی میں گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے کہا تھا کہ پانی کے منصوبوں پر سندھ حکومت ہمیشہ لالی پاپ دیتی آئی ہے، ہرشہری پوچھ رہا ہے کہ کراچی میں پانی کے منصوبے کب مکمل ہوں گے، صاف پانی کی فراہمی کراچی کی اولین ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شہر کے مسائل پر سیاست نہ کی جائے بلکہ انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ اپوزیشن لیڈر نے سندھ حکومت کو پیشکش کی کہ بہت پیسہ ضائع ہوچکا آئیں پانی کے مسئلے کو سنجیدگی سے حل کریں۔

  • گزشتہ ہفتے ڈالر کی قیمت میں کمی

    گزشتہ ہفتے ڈالر کی قیمت میں کمی

    کراچی: گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران ڈالر کی قیمت میں 1 روپے 14 پیسے کمی ہوئی جس کے بعد ڈالر کی قیمت 157.66 روپے ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی، انٹر بینک میں ڈالر 1 روپے 14 پیسے سستا ہوا جس کے بعد ہفتے کے آخری روز انٹر بینک میں ڈالر 158.66 سے کم ہو کر 157.52 روپے پر بند ہوا۔

    انٹر بینک کے بعد اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 1 روپے 40 پیسے سستا ہوا، ایک ہفتے میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر 159.30 سے کم ہو کر 157.90 روپے کا ہوگیا۔

    گزشتہ کاروباری ہفتہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی تیزی دیکھی گئی اور 100 انڈیکس میں 9 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    ایک ہفتے کے دوران 100 انڈیکس میں 9 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ ہفتے میں 100 انڈیکس 2 ہزار 585 پوائنٹس اضافے سے 31 ہزار 350 کی سطح پر بند ہوا۔

    ایک ہفتے میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی 424 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ گزشتہ ہفتے مارکیٹ کیپٹلائزیشن 5916 ارب سے بڑھ کر 6340 ارب روپے ہوگئی۔

  • ڈالر ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

    ڈالر ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

    کراچی: انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 3 روپے 52 پیسے اضافہ ہوگیا جس کے بعد ڈالر ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 160 روپے پر پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق روپے کی قیمت میں کمی جاری ہے اور ڈالر مہنگا ہوتا جارہا ہے، 26 جون 2019 کو انٹر بینک میں ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

    ڈالر کی قیمت میں آج 3 روپے 52 پیسے اضافہ ہوگیا جس کے بعد ڈالر ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 160 روپے پر پہنچ گیا۔

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے ڈالر کی قیمت 156 روپے پر پہنچ گئی تھی۔

    جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ کا کہنا تھا کہ 5 روز میں انٹر بینک میں ڈالر 5.60 روپے مہنگا ہو چکا ہے، ڈالر 5.60 روپے مہنگا ہونے سے بیرونی قرضوں میں 588 ارب روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔

    گزشتہ ماہ ڈالر کی قیمت کو اچانک پر لگ گئے تھے جس کے بعد لوگوں نے ڈالر خرید کر رکھنا شروع کردیا، ڈالر کی اس ذخیرہ اندوزی کے بعد ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ ہوا تھا۔ گزشتہ ماہ ڈالر 153 روپے کی سطح تک تھا۔

  • اوپن مارکیٹ میں ڈالر 146 روپے کی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا

    اوپن مارکیٹ میں ڈالر 146 روپے کی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا

    کراچی :اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی اور ڈالر دو روپے پچیس پیسے اضافے کے ساتھ ایک سو چھیالیس روپے پچیس پیسے ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2.25 روپے مہنگاہوا، جس کے بعد ڈالر ملکی تاریخ کی بلند سطح 146 روپے25 پیسے پر پہنچ گیا۔

    ٹریڈنگ کے آغاز پر انٹربینک میں روپے کی قدر میں استحکام دیکھنے میں آیا ، انٹربینک میں ڈالر 141روپے 39 پیسے پر ہی ٹریڈ کرتے ریکارڈ کیا گیا۔

    ایکسچینج کرنسی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پاکستان کا آئی ایم ایف کے پاس جانا ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ ہے۔

    ماہرین معاشیات کا کہنا ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ اور روپے کی قدر میں ہونے والی مسلسل کمی باعث تشویش ہے کیونکہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آنے کا خدشہ ہے۔

    یاد رہے 3 روز قبل مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے تصدیق کی تھی کہ پاکستان کا عالمی مالیاتی فنڈ سے معاہدہ طے ہوگیا، آئی ایم ایف تین سال کے لیے پاکستان کو 6 ارب ڈالر دے گا جبکہ عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے بھی تین ارب ڈالرز کا قرض ملنے کا امکان ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پچھلےسال ایکسپورٹ اورامپورٹ میں 20ارب ڈالر کا فرق تھا، پاکستان آئندہ 2سال میں ریزرو 50فیصد گرے، آئی ایم ایف عالمی ادارہ ہےجواپنےرکن ملکوں کی مشکل میں مدد کرتاہے، آئی ایم ایف کے پاس جانے میں فوائد نظرآرہےہیں، مزیداضافی 2سے 3ارب ڈالر کم شرح سود پر ملے تو سرکلرڈیٹ میں بہتری آئے گی۔

    مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمت بڑھتی ہے تو 300یونٹ سے کم صارفین پر کوئی اثر نہیں پڑےگا، 75فیصدصارفین 300یونٹ سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں، الیکٹرک پر سبسڈی کیلئے 50ارب روپےاضافی رکھے جارہےہیں جبکہ سوشل سیفٹی نیٹ میں 180ارب روپےاضافی رکھے جارہےہیں، سوشل سیفٹی نیٹ میں حکومت کا احساس پروگرام بھی شامل ہے۔

    گذشتہ روز وفاقی کابینہ نے ایسیٹ ڈیکلیریشن اسکیم کی منظوری دی تھی ، جس کے بعد صدرعارف علوی نے ایسیٹ ڈیکلیریشن اسکیم کے آرڈیئننس پردستخط کردیے ہیں۔

  • موبائل ٹیکس ختم ہونے سے ٹیکس نیٹ پر فرق پڑا، گورنر اسٹیٹ بینک

    موبائل ٹیکس ختم ہونے سے ٹیکس نیٹ پر فرق پڑا، گورنر اسٹیٹ بینک

    لاہور: قومی مرکزی بینک (اسٹیٹ بینک) کے گورنر طارق باجوہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نےموبائل ٹیکس ختم کیا جس سےٹیکس نیٹ پرفرق پڑا، 100 روزہ پلان کے تحت ادائیگیوں کو آن لائن کی طرف لارہے ہیں۔

    لاہور میں پی آر اےہیڈکوارٹرز میں ادائیگیوں کےآن لائن نظام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ وزیرخزانہ نے خود کہا ڈالر کے حوالے سے اُن سے بات ہوئی تھی، امریکی کرنسی کی قیمت مارکیٹ کے ساتھ منسلک ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ 100روزہ پلان میں ڈیجیٹل سسٹم شامل ہے، ادائیگیوں کو ڈیجیٹل آن لائن کی طرف لا رہے ہیں، سیلز ٹیکس کی آن لائن ادائیگی کا نظام کاروباری افرادکےلیےسودمند ہے، ٹیکس کاڈیجیٹل نظام ہی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔

    گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ ’ وزیرخزانہ نے ڈالر کے بڑھنے پر خود وضاحت پیش کی، انہوں نے خود کہا اس حوالے سے بات ہوگئی تھی، ڈالر کی قیمت مارکیٹ کے ساتھ منسلک ہے، امریکی کرنسی کے ریٹ بڑھنے کا معاملہ اسد عمر کے علم میں تھا۔

    مزید پڑھیں: کراچی: اوپن مارکیٹ میں ڈالر 70 پیسے مہنگا، گورنر اسٹیٹ بینک کی روپے کی قدر پر بریفنگ

    اس موقع پر وزیرخزانہ پنجاب ہاشم جواں نے بھی تقریب سے خطاب کیا، اُن کا کہنا تھا کہ ’حکومت تاجروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے پر یقین رکھتی ہے، ہم کاروباری حضرات کو سہولیات فراہم کررہے ہیں تاکہ ملکی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے‘۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں گورنر اسٹیٹ بینک نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے معاشیات کو روپے کی گرتی ہوئی قدر کے حوالے سے بریفنگ دی تھی۔

    گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس جاری کھاتوں کا خسارہ 19 ارب ڈالر تھا، ہم طلب و رسد کے حساب سے روپے کی قدر کو ایڈجسٹ کرتے ہیں، وقتاً فوقتاً روپے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ لایا جاتا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا تھا کہ برآمدات 24 ارب ڈالر اور درآمدات 60 ارب ڈالر ہیں، امپورٹ پر چلتے رہے تو ڈالر مزید مہنگا ہوگا، جاری کھاتوں کا خسارہ یہی رہا تو پھر روپے کی قدر میں استحکام ممکن نہیں ہوگا البتہ سعودی عرب سے ملنے والے پیکج کے بعد مارکیٹ میں بہتری آئی۔

    یہ بھی پڑھیں: ڈیم فنڈ کیلئے موبائل ٹیکس کی بحالی: چیف جسٹس نے قوم سے رائے مانگ لی

    گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا تھا کہ کرنسی کی قدر پر اِن کیمرہ بریفنگ لی جائے تاہم ا اجلاس میں سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر میں کمی عوام کا مسئلہ ہے کیونکہ اس کی وجہ سے مہنگائی بڑھ جاتی ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیرِ اعظم عمران خان کی یقین دہانی نے ڈالر کی بڑھتی قیمتوں کو بریک لگا دیے تھے، انٹر بینک میں روپے کی قدر 3 روپے 5 پیسے بڑھ گئی تھی اور ڈالر 139.05 سے کم ہو کر 137 روپے کا ہو گیا تھا۔

  • کراچی: اوپن مارکیٹ میں ڈالر 70 پیسے مہنگا، گورنر اسٹیٹ بینک کی روپے کی قدر پر  بریفنگ

    کراچی: اوپن مارکیٹ میں ڈالر 70 پیسے مہنگا، گورنر اسٹیٹ بینک کی روپے کی قدر پر بریفنگ

    کراچی: فاریکس ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 70 پیسے مہنگا ہو گیا، جس کے بعد ڈالر 140 روپے کے مساوی ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں ڈالر کی بڑھتی قیمتوں اور روپے کی قدر میں مسلسل کمی کے حوالے سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے فنانس کا اجلاس منعقد ہوا۔

    [bs-quote quote=”برآمدات 24 ارب ڈالر اور درآمدات 60 ارب ڈالر ہیں، امپورٹ پر چلتے رہے تو ڈالر مزید مہنگا ہوگا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”گورنر اسٹیٹ بینک”][/bs-quote]

    اجلاس کی صدرت فاروق حامد نائیک نے کی، جب کہ گورنر اسٹیٹ بینک نے روپے کی قدر پر بریفنگ دی۔

    گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ گزشتہ برس جاری کھاتوں کا خسارہ 19 ارب ڈالر تھا، ہم طلب و رسد کے حساب سے روپے کی قدر کو ایڈجسٹ کرتے ہیں، وقتاً فوقتاً روپے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ لایا جاتا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ برآمدات 24 ارب ڈالر اور درآمدات 60 ارب ڈالر ہیں، امپورٹ پر چلتے رہے تو ڈالر مزید مہنگا ہوگا، جاری کھاتوں کا خسارہ یہی رہا تو پھر روپے کی قدر میں استحکام ممکن نہیں، سعودی پیکج کے بعد مارکیٹ میں بہتری آئی ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم کی یقین دہانی ، انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر سستا ہوگیا


    گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ کرنسی کی قدر پر اِن کیمرہ بریفنگ لی جائے۔ تاہم اِن کیمرا بریفنگ پر اجلاس میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی عوام کا مسئلہ ہے، عوام سے مہنگائی کی وجہ نہیں چھپانی چاہیے۔

    خیال رہے کہ دس دن قبل وزیرِ اعظم عمران خان کی یقین دہانی نے ڈالر کی بڑھتی قیمتوں کو بریک لگا دیے تھے، انٹر بینک میں روپے کی قدر 3 روپے 5 پیسے بڑھ گئی تھی اور ڈالر 139.05 سے کم ہو کر 137 روپے کا ہو گیا تھا۔

  • ڈالر کی قیمت بڑھنے سے گھبرانے کی بالکل ضرورت  نہیں، وزیراعظم عمران خان

    ڈالر کی قیمت بڑھنے سے گھبرانے کی بالکل ضرورت نہیں، وزیراعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا چین کی کمپنی کی جانب سے900ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہونے جارہی ہے، ڈالرکی قیمت بڑھنے سے گھبرانے کی بالکل ضرورت نہیں، ہم وہ قدم اٹھارہے ہیں جس سے آگے ڈالر کے ریٹ نہیں بڑھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان نے جے ڈبلیو فورلینڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری لے کر آئے ہیں مہمانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، چین کے ساتھ مقامی سرمایہ کاروں کی شراکت داری کا خیرمقدم کرتے ہیں، چین کی کمپنی کی جانب سے 900 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہونے جارہی ہے۔

    [bs-quote quote=” چین کی کمپنی کی جانب سے900ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہونے جارہی ہے” style=”style-6″ align=”left”][/bs-quote]

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ پہلامنصوبہ ہے، اب پاکستان میں باقاعدہ گاڑیاں مکمل تیار ہوں گی، پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو بہترین سہولتیں فراہم کریں گے۔

    ڈالر کی قدر میں اضافے کے حوالے سے عمران خان نے کہا ڈالرکی قیمت بڑھنے سے گھبرانے کی ضرورت بالکل نہیں، صبح سے فون بج رہا ہے کہا جارہا ہے، ڈالر مہنگا ہوگیا ہے، ہماری بدقسمتی تھی قرضہ لاتے تھے تو کہتے تھے ہم کامیاب ہوگئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری سے ملازمتوں کے مواقع ملتے ہیں اور ڈالر ملک میں آتا ہے، چین سے کہا ہم ٹیکنالوجی ٹرانسفر چاہیے، آج بہت لوگ پریشان ہیں کہ ڈالرکی قیمت بڑھ گئی ہے، روپے کی قدرمیں کمی ڈالرنہ ہونے کی وجہ سے ہوئی۔

    [bs-quote quote=” ہم وہ قدم اٹھارہے ہیں جس سے آگے ڈالر کے ریٹ نہیں بڑھیں گے” style=”style-6″ align=”left”][/bs-quote]

    وزیراعظم نے کہا ڈالر ملک میں کیسے آئے گا، اس کے لئے سرمایہ کاری ضروری ہے، سرمایہ کاری آئے گی تو ڈالر سستا ہوگا اور ملکی معیشت کو فائدہ ہوگا، روپیہ اس لیے گرا کیونکہ ڈالرکی کمی ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم وہ قدم اٹھارہے ہیں، جس سےآگے ڈالر کے ریٹ نہیں بڑھیں گے، لیگل طریقے سے پیسہ بھیجنے سے 10ارب ڈالر ملک میں آئے گا، کرنٹ خسارے کو کم کرنے کی کوشش کررہےہیں، سرمایہ کاروں کو سہولت دینے سے مزید سرمایہ کاری آئے گی۔

  • انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 142 روپے کی بلند ترین سطح پر

    انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 142 روپے کی بلند ترین سطح پر

    کراچی : انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، ایک دن میں ڈالر کی قیمت میں 8 روپے کا اضافہ کے بعد ڈالر142 روپے کا ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں تیزی سے اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے ، انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر ایک دن میں 8 روپے مہنگا ہوا،جس کے باعث آج انٹر بینک میں ڈالرکو 142 روپے کی ریکارڈ سطح پر دیکھا گیا۔

    ٹریڈنگ کے آغاز پر ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا اور ڈالر ایک سو تینتالیس روپے پچاس پیسے تک فروخت ہوتے دیکھا گیا تاہم کاروبار کے دوران روپے کی قدر زرا بہتر ہوئی اور انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 138 روپے 50 پیسے پر بھی ٹریڈ ہوتے دیکھا گیا۔

    اوپن مارکیٹ میں بھی روپے کی قدر کم ہوئی، اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک سو اکتالیس روپے پچاس پیسے میں فروخت ہوتے دیکھا گیا۔

    ماہرین کاکہناہے کہ ڈالر کی قدر میں اضافہ بیرونی ادا ئیگیوں اور رزمبادلہ ذخائر میں کمی کے باعث ہوا ہے، گزشتہ حکومت نے دانستہ طور پر ڈالر کی قدر کو کم رکھا ، ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ متوقع ہے، ڈالر ایک سو پچاس روپے تک کا ہوجائے گا۔

    گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالرکی قدر10پیسے کم ہوئی تھی، جس سے ڈالر کی قیمت خرید134روپے اور فروخت 134.05روپے پر آ گئی تھی تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر 135.40روپے پرمستحکم رہا تھا۔

    ماہر معاشیات کا کہنا ہے کہ روپےکی قدرمیں کمی سےمہنگائی کاطوفان آجائے گا، افراط زر کی شرح میں بھی اضافہ ہوگا، جبکہ غیر ملکی قرضے اور ادائیگیوں کا حجم بڑھ جائے گا جبکہ ماہرین اقتصادیات کے مطابق جاری اور تجارتی خسارے روپے پر دباؤ کا باعث بن رہے ہیں۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق بائیس نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں زرمبادلہ ذخائر میں دس اعشاریہ چھ فیصد کا اضافہ ہوا تھا، روپے کی آج ہونے والی بے قدری سے ملک پر واجب الادا قرضوں میں سات سو ساٹھ ارب روپےکا اضافہ ہوگیاہے۔

    بین الاقوامی جریدے بلومبرگ کے مطابق پاکستانی کرنسی کا شمار ایشیا بد ترین پرفارمینس والی کرنسیوں میں ہوتا ہے۔ اور روپے کی قدر میں کم آئی ایم ایف کے پلان کی شرائط بھی ہوسکتی ہیں۔

    یاد رہے 23 نومبر کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 135 روپے پر بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔

    خیال رہے نئی حکومت نے تین ماہ میں صرف چہھترکروڑچالیس لاکھ ڈالر کا قرضہ لیا جبکہ رواں مالی سال میں 9ارب 69 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا قرضہ لیا جائے گا۔

    اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے اکتوبر لیے گئے قرضوں کا حجم 1ارب 58 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تھا۔

    واضح رہے آئی ایم ایف نےروپےکی قدرمیں کمی اورٹیکس پالیسی میں تبدیلی کی شرائط رکھی تھی تاہم حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط ماننے سے انکار کردیا تھا۔

  • انٹر بینک کے بعد عوام کیلئے کھلی مارکیٹ میں بھی ڈالر سستا

    انٹر بینک کے بعد عوام کیلئے کھلی مارکیٹ میں بھی ڈالر سستا

    کراچی : انٹر بینک کے بعد عوام کیلئے کھلی مارکیٹ میں بھی ڈالر سستا ہوگیا جبکہ بڑی کمی کے باعث کرنسی مارکیٹس میں ڈالر کے ریٹس غیرمستحکم ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں شفاف الیکشن کے بعد ملکی اور بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگیا، روپے کی قدر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    ڈیلرز کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت فروخت اور خرید میں نمایاں فرق دیکھا جارہا ہے اور قیمت فروخت وخرید میں 2 سے 3 روپے کا فرق آگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں آج بھی کمی دیکھی گئی اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 121 سے 122 کے درمیان ہے۔

    کرنسی ڈیلرز کے مطابق بڑی ایکس چینج کمپنیاں ڈالر 121روپے میں فروخت کر رہی ہیں جبکہ چھوٹی ایکس چینج کمپنیاں ڈالر 122 روپے میں فروخت کر رہی ہیں۔

    منی چینجرعوام سے ڈالر 118 سے 119 روپے میں خرید رہے ہیں جبکہ 121 سے 122 روپے میں فروخت کررہے ہیں۔

    ڈیلر ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹربینک میں امپورٹرز کو ڈالر 123 سے 124 میں بیچا جارہا ہے اور ایکسپورٹرز سے ڈالرز 121 سے 122 روپے میں خریدا جارہا ہے۔


    مزید پڑھیں :  چار سال بعد ایک ہی دن میں ڈالر کی قدر میں سب سے بڑی کمی


    تجزیہ کاروں کے مطابق ڈالر کی قیمت گرنے کی وجہ ایمنسٹی اسکیم کے ذریعے آنے والے ڈالرز ہیں، ایمنسٹی اسکیم کی مدت31 جولائی کو ختم ہورہی ہے، اسکیم میں کالا دھن سفید کرنے والے اپنے ڈالر فروخت کر رہے ہیں۔

    یاد رہے آج انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں 4روپے سے زائد کی کمی دیکھی گئی اور ڈالر 122.50 روپے کی سطح تک نیچے جاتا بھی دیکھا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں