Tag: ڈالر

  • ڈالرمزید مہنگا ہوا توملک دیوالیہ ہوسکتا ہے‘رانا ثنااللہ

    ڈالرمزید مہنگا ہوا توملک دیوالیہ ہوسکتا ہے‘رانا ثنااللہ

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے ڈالرکی قیمت بڑھ رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرقانون پنجاب رانا ثنااللہ نے کہا کہ احتساب عدالت اوپن کورٹ ہے، وکلا کو روکنا انتہائی ناانصافی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کے وکیل امجد پرویزکوگاڑی سے ایک کلومیٹرپیچھے اتارا گیا، کارکنان اوروکلا کوروکنا آمریت ہے۔

    رانا ثنااللہ نے کہا کہ شہبازشریف نے دیانت داری سے 10 سال پنجاب کی خدمت کی، انہیں بغیرکسی الزام کے گرفتارکرلیا گیا جو قابل مذمت ہے۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی گرفتاری کے خلاف اسمبلیوں میں احتجاج کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے ڈالرکی قیمت بڑھ رہی ہے، اگرڈالر150 پرپہنچا توملک دیوالیہ کی طرف چلا جائے گا۔

    آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل: شہبازشریف کواحتساب عدالت میں پیش کردیا گیا

    واضح رہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کو احتساب عدالت میں پیش کردیا گیا۔

    آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں گرفتار اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پراحتساب عدالت میں پیشی کے لیے لایا گیا۔

  • ڈالر کی قدر میں 1 روپیہ اضافہ

    ڈالر کی قدر میں 1 روپیہ اضافہ

    کراچی: انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، بینکوں کے درمیاں لین دین میں ڈالر 1 روپیہ مہنگا ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈالر کی قدر میں ڈرامائی کمی کے بعد آج اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 1 روپیہ اضافے کے بعد 124 روپے 50 پیسے میں فروخت ہو رہا ہے۔

    معاشی ماہرین کے مطابق رواں سال حکومت کو 9 ارب 30 کروڑ ڈالر قرض اور سود کی ادائیگی کرنی ہے۔

    گزشتہ سال حکومت نے 7 ارب 40 کروڑ ڈالر کی ادائیگیاں کی تھیں جس میں سے 5 ارب 20 کروڑ کا قرضہ ادا کیا گیا۔

    سال 2018 میں 2 ارب 20 کروڑ ڈالر قرضوں پر سود کی مد میں ادا کیے گئے جبکہ سال 2017 میں 8 ارب 14 کروڑ ڈالر قرض اور سود کی ادائیگی کی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ رمضان المبارک کے آخری ایام سے عام انتخابات 25 جولائی تک ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 130 روپے تک پہنچ گئی تھیں البتہ عمران خان کی تقریر کے بعد سے ملکی معیشت مستحکم ہونا شروع ہوئی۔

    کرنسی ڈیلرزکا کہنا تھا کہ روپے کی قدر گرانے اور کرنسی مارکیٹ کو فری کرنے کا فیصلہ نگراں حکومت اور اسٹیٹ بینک کا تھا، جس کی وجہ سے ڈالر کی قیمتیں بڑھیں اور روپے کی قدر میں کمی ہوئی۔

    بعد ازاں تحریک انصاف کو عام انتخابات میں واضح اکثریت ملی اور عمران خان نے قوم سے بطور ممکنہ وزیر اعظم پہلا خطاب کیا تو ملکی معیشت مستحکم ہوئی جس کے بعد ڈالر اور سونے کی فی تولہ قیمتیں نیچے آنی شروع ہوئیں۔

  • ڈالرکی مانگ اور سونے کی قیمتوں میں اضافہ

    ڈالرکی مانگ اور سونے کی قیمتوں میں اضافہ

    کراچی: عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت میں  2 ڈالر فی اونس اضافہ ہوا جس کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں بھی سونے کے نرخ بڑھ گئے جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی کرنسی کی قدر میں ایک روپے کا اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کے نرخ 2 ڈالر اضافے کے بعد 1214 فی اونس تک پہنچے جس کے مقامی مارکیٹ پر بھی اثرات مرتب ہوئے اور قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔

    تاجروں کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 200 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 55ہزار 200 جبکہ 10 گرام سونا 172 روپے بڑھ کر 47 ہزار 325 روپے تک پہنچا۔

    صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی خرید و فروخت نئے داموں کے ساتھ ہوئی۔

    دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر کم ہوئی جبکہ ڈالر کی قیمت میں ایک روپے اضافہ ہوا جس کے بعد امریکی کرنسی 123 روپے 50 پیسے کے دام سے فروخت ہوئی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ قیمت 5 ہزار 50 روپے جبکہ ڈالر کی قدر میں 4 روپے سے زائد کمی ہوئی، اس سے قبل سونے اور امریکی کرنسی کے بھاؤ میں تیزی دیکھی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں ہونے والےعام انتخابات کے بعد سے ڈالر کی قدر میں نمایاں کمی دیکھی گئی جس کے باعث سونے کی قیمتوں میں 3100 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

    25 جولائی کے بعد سے مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ قیمتیں مسلسل نیچے آرہی تھیں کہ دو روز قبل بھاؤ میں پھر اضافہ ہوا تھا تاہم اب عالمی مارکیٹ میں فی اونس کمی کے بعد پھر قیمتیں نیچے آنے لگیں۔

  • تحریک انصاف کی فتح کے بعد روپے کی قدر میں بہتری

    تحریک انصاف کی فتح کے بعد روپے کی قدر میں بہتری

    کراچی: عام انتخابات 2018 میں اب تک کے غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی واضح برتری کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں تیزی جبکہ ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے انتخابات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی برتری کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی جارہی ہے۔

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 3 ماہ بعد 42 ہزار کی حد ایک بار پھر عبور ہوگئی۔ 100 انڈیکس میں دوران کاروبار 500 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔

    شیئر مارکیٹ بھی اس وقت 350 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 41 ہزار 7 سو پوائنٹس کی سطح پر آگئی۔

    دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں بھی کمی دیکھی جارہی ہے۔ انٹر بینک مارکیٹ میں 28 پیسے کی کمی کے بعد ڈالر کی قیمت 1 سو 28 اعشاریہ 21 روپے پر آگئی۔

    اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر 1.50 روپے سستا ہوگیا جس کے بعد اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 1 سو 29 اعشاریہ 30 روپے پر آگئی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز منعقد ہونے والے انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کےمطابق پاکستان تحریک انصاف اس وقت قومی اسمبلی کی 116 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • انٹر بینک: ڈالر کی قیمت میں 14 پیسے کی کمی

    انٹر بینک: ڈالر کی قیمت میں 14 پیسے کی کمی

    کراچی: انٹربینک میں ڈالر کی قدر آج کم رہی اور 14 پیسے کی کمی ہوئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی مانگ برقرار رہی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی مارکیٹ میں روپے کی قدر مستحکم رہی اور ڈالر کی پروان کچھ نیچے کی طرف آئی، کرنسی ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 14 پیسے کمی کے بعد 121 روپے 46 پیسے تک پہنچی اس طرح دو روز میں ڈالر کی قدر 27 پیسے کم ہوئی۔

    دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 125 روپے 50 پیسے کی ریکارڈ سطح پر فروخت ہوا۔

    واضح رہے کہ رمضان المبارک کے آخری ایام سے ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 125 روپے سے تجاوز کرگئی تھی جس کے بعد قیمت خرید 124 روپے 50 پیسے جبکہ قیمت فروخت 125 روپے 50 پیسے تک پہنچی تھی۔

    مزید پڑھیں: پاکستان کی معاشی درجہ بندی منفی قرار

    دوسری جانب انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں 13پیسے کی کمی ریکارڈ ہوئی تھی اور مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 121 روپے 60 پیسے پر بند ہوئی تھی۔

    یاد رہے کہ کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر 123 روپے سے تجاوز کرکے پہلے ہی نیا ریکارڈ بنا چکا، ڈیلرز کا مؤقف ہے کہ بڑھتے ہوئے تجارتی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے سبب روپے کی قدر شدید دباوٴ کا شکار ہے۔

    کرنسی ڈیلرز کا یہ بھی کہنا تھا کہ روپے کی قدر گرانے کا فیصلہ نگراں حکومت اور اسٹیٹ بینک کا تھا جس کی وجہ سے ڈالر کی قیمتوں کو پر لگے۔

    اسے بھی پڑھیں: اوپن مارکیٹ: ڈالر کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

    یاد رہے کہ عید الفطر کی تعطیلا ت سے قبل روپے کی قدر میں کمی کے باعث فی تولہ سونے کی قیمت میں 500 روپے جبکہ 10 گرام کی قیمت میں 429 روپے کا اضافہ ہوا  تھا، جس کے بعد 10 گرام کی قیمت 50 ہزار 9سو 26 روپے تک پہنچ گئیں تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اوپن مارکیٹ: ڈالر کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

    اوپن مارکیٹ: ڈالر کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

    کراچی: انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی ہوئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں اس کی قیمت ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر بلند ترین سطح پر پہنچا جبکہ انٹر بینک میں ڈالرکی قیمت میں معمولی کمی دیکھی گئی۔

    ڈالرز کی لین دین کرنے والے تاجروں کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 125روپے سے تجاوزکرگئی اور قیمت خرید 124 روپے 50 پیسے جبکہ فروخت 125 روپے 50 پیسے میں ہوئی۔

    دوسری جانب انٹر بینک میں آج روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں 13پیسے کی کمی ریکارڈ ہوئی اور مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 121 روپے 60 پیسے پر بند ہوئی۔

    مزید پڑھیں: عید الفطرکے بعد پہلا کاروباری دن، ڈالرکی اڑان جاری

    یاد رہے کہ رمضان المبارک کے آخری دنوں میں امریکی ڈالر 123 روپے سے تجاوز کرکے پہلے ہی نیا ریکارڈ بنا چکا ہے، کرنسی ڈیلرزکا ماننا  ہے کہ بڑھتے ہوئے تجارتی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے سبب روپے کی قدر شدید دباوٴ کا شکار ہے۔

    کرنسی ڈیلرز کا یہ بھی کہنا تھا کہ روپے کی قدر گرانے کا فیصلہ نگراں حکومت اور اسٹیٹ بینک کا تھا جس کی وجہ سے ڈالر کی قیمتوں کو پر لگے کیونکہ حکومت نے کرنسی مارکیٹ کو فری کردیا تھا۔

    دوسری جانب یاد رہے کہ عید الفطر کی تعطیلا ت سے قبل روپے کی قدر میں کمی کے باعث فی تولہ سونے کی قیمت میں 500 روپے جبکہ 10 گرام کی قیمت میں 429 روپے کا اضافہ ہوا  تھا، جس کے بعد 10 گرام کی قیمت 50 ہزار 9سو 26 روپے تک پہنچ گئیں تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: ڈالر کی بڑھتی قیمتوں کے باعث سونے کے بھاؤ میں اضافہ

    عید  سے قبل کرنسی ڈیلروں کا کہنا تھا کہ ڈالرکی قیمت میں اضافہ حکومت کے گلے پڑگیا ہے ،ڈالرکی قیمت میں اضافہ خام تیل کے درآمد اور بل کی ادائیگی کے باعث ہوا اور اسی وجہ سے روپے کی قدر میں چھ فیصد سے زائد کی کمی ہوئی۔

      ترجمان اسٹیٹ بینک نے اس غیرمعمولی اضافے پر وضاحت پیش  کرتے ہوئے کہا تھا  کہ ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ انٹر بینک مارکیٹ میں زرمبادلہ کی طلب و رسد کا فرق ہے۔روپے کی قدر میں ایڈجسٹمنٹ بیرونی توازن ادائیگی کی عکاس ہے، مذکورہ اضافہ بیرونی توازن ادائیگی پر دباؤ بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے کے باعث آیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ڈالر کی بڑھتی قیمتوں کے باعث سونے کے بھاؤ میں اضافہ

    ڈالر کی بڑھتی قیمتوں کے باعث سونے کے بھاؤ میں اضافہ

    کراچی: ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث سونے کے بھاؤ میں مزید اضافہ ہوگیا جس کے بعد  فی تولہ قیمت 500 روپے بڑھ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ چار روز سے ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمتیں سونے کی مارکیٹ پر بھی اثر انداز ہونے لگیں جس کے بعد مقامی مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 59 ہزار 400 روپے تک پہنچ گئی۔

    واضح رہے کہ انٹربینک میں مسلسل چوتھے روز بھی روپے کی قدر میں گراوٹ کا سلسلہ جاری رہا اور ڈالر کی قیمت 123 روپے 50 پیسے کی ریکارڈ سطح پر پہنچی تھی۔ نگراں حکومت اور اسٹیٹ بینک نے روپے کی قیمت گرائی تو یہ فیصلہ اُن کے گلے پڑ گیا اورکرنسی مارکیٹس میں روپے کی بے قدری کا سلسلہ جاری ریا۔

    صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق روپے کی قدر میں کمی کے باعث فی تولہ سونے کی قیمت میں 500 روپے جبکہ 10 گرام کی قیمت میں 429 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد 10 گرام کی قیمت 50 ہزار 9سو 26 روپے تک پہنچ گئیں۔

    مزید پڑھیں: انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت123روپے 50پیسے کی ریکارڈ سطح پر

    سونے کے تاجروں کے مطابق پاکستانی مارکیٹ میں فی اونس سونے کے نرخ 10 ڈالر بڑھ کر 1305 روپے پر کھلے،  کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی خرید و فروخت نئے داموں کے ساتھ ہوئی۔

    قبل ازیں اپریل کے مہینے میں عالمی مارکیٹ میں 13 ڈالر فی اونس سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا جس کے بعد قیمتیں پانچ سال کی بلند ترین سطح یعنی 60 ہزار روپے فی تولہ تک پہنچ گئیں تھیں۔

    قبل ازیں اپریل میں سونے کی عالمی قیمتوں میں 4 ڈالر فی اونس اضافہ ہوا تھا تاہم پرائس ایڈجسٹمنٹ کے باعث فی تولہ سونے کی قیمت میں 200 روپے کم ہوکر 58 ہزار 850 روپے تک پہنچ گئی تھیں۔

    اس سے قبل رواں برس مارچ میں عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں 700 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 58 ہزار 2 سو روپے تک پہنچ گئی تھی جو ساڑھے چار سال کی ریکارڈ سطح تھی۔

    رواں برس جنوری میں ہی عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 300 روپے اضافے کے بعد 57 ہزار 900 کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں تھیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ڈالر کو پر لگ گئے، قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر

    ڈالر کو پر لگ گئے، قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر

    کراچی: ڈالر مافیا کے سرگرم ہونے کے بعد اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر مسلسل کم ہورہی ہے جس کے باعث ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک کی بیرونِ ملک موجودگی اور مشیرخزانہ کی بجٹ مصروفیات کے باعث ڈالر مافیا سرگرم ہے جس کی وجہ سے 5 روز کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر تین روپے مہنگا ہوگیا۔

    کرنسی ڈیلرز کے مطابق این ٹی این کی لازمی شرط کے بعد پراپرٹی پر لگایا جانے والا پیسہ ڈالر مارکیٹ میں آنے لگا جس کے باعث اوپن مارکیٹ میں ڈالر تاریخ کی بلندترین سطح 119.50 روپے پرپہنچ گیا۔

    ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر کو روکنے کے لیے فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان نے  اسٹیٹ بینک کے اعلیٰ حکام سے رابطے کے بعد ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی ترسیل کا فیصلہ گیا کیا۔

    ذرائع کے مطابق روپے کی قدر کو مستحکم اور ڈالر کے بھاؤ نیچے لانے کے لیے دبئی کی ایکسچینج کمپنیز سے ڈالرکی بڑی کھیپ پاکستان منگوائی جائےگی اور ان کمپنیوں کو ٹی ٹی کے عوض ڈالر کیش میں ادا کیے جائیں گے۔

    فارکس ایسوسی ایشن کا اجلاس اور فیصلے

    فاریکس ایسوسی ایشن کی جانب سے طلب کیے جانے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈالر کی قیمت یومیہ بنیادوں پر کرنسی ڈیلرز اور اسٹیٹ بینک کی مشاورت کے بعد طے کی جائے گی اور اس کی قیمت کو دن میں 3 بار مقرر کیا جائے گا۔

    اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ فاریکس ایسوسی ایشن ڈالرکی قیمت صبح 10بجے،دوپہر2بجےاورشام 4بجےطے کرے گا، اوپن مارکیٹ میں کل ڈالرکی قیمت 70 پیسےکم طےہوگی جس کے بعد کل ڈالرکاریٹ 118روپے70پیسےتک ہوگا، اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ فاریکس ایسوسی ایشن کے احکامات کی خلاف ورزی کرنےوالےکرنسی ڈیلرزپرجرمانہ عائد کیا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سونے کی قیمتوں میں کمی، چاندی کے بھاؤ بڑھ گئے

    سونے کی قیمتوں میں کمی، چاندی کے بھاؤ بڑھ گئے

    کراچی: عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں 4 ڈالر فی اونس اضافے کے باوجود مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 سو روپے کم ہو کر 58ہزار 8 سو پچاس روپے تک پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں 4 ڈالر اضافہ ہوا جس کے بعد قیمتیں 1329 ڈالر پر پہنچی تاہم اس کا اثر مقامی مارکیٹوں پر نہیں پڑا اور  صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 200 روپے کم ہوئی۔

    جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی منڈی میں سونا 4 ڈالر مہنگا ہوا تاہم نئی قیمتوں کا اثر مقامی مارکیٹوں پر نہیں پڑا اور سونے و چاندی کی قیمتیں اضافے کے بجائے کمی کی طرف گئیں۔

    سونے کے تاجروں کے مطابق صرافہ بازاروں میں پرائس ایڈجسٹمنٹ کے باعث فی تولہ سونے کی قیمت میں 200 روپے کمی ہوئی جس کے بعد نئی قیمتیں 58 ہزار 850 روپے تک پہنچی جبکہ دس گرام سونے کی قیمت 172 روپے گھٹنے کے بعد 42 ہزار 442 روپے تک پہنچی۔

    مزید پڑھیں: سونے کی قیمتیں ساڑھے تین سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

    دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں چاندی کی قیمتیں بڑھنے کا اثر مقامی بازاروں تک پہنچا جس کے بعد 10 روپے فی تولہ اضافے کے بعد 770 روپے اور دس گرام گرام کی قیمت 8 روپے 58 پیسے اضافے کے بعد 660 روپے تک پہنچی۔

    سونے کے تاجروں کے مطابق کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونا اور چاندی کی خرید و فروخت کاروباری ہفتے کے دوسرے یعنی منگل کے روز نئے داموں کے ساتھ ہوئی۔

    قبل ازیں رواں برس مارچ میں عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں 700 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 58 ہزار 2 سو روپے تک پہنچ گئی تھی جو ساڑھے چار سال کی ریکارڈ سطح تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمتیں چار سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

    اس سے قبل رواں برس جنوری میں عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 300 روپے اضافے کے بعد 57 ہزار 900 کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں تھیں۔

    عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا تھا جس کے بعد قیمتیں ساڑھے چار سال کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں تھیں اور ایشیائی منڈیوں میں قیمتوں میں 300 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کمبوڈیا سے بھی کم ہوجائیں گے: رپورٹ

    پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کمبوڈیا سے بھی کم ہوجائیں گے: رپورٹ

    اسلام آباد: غیر ملکی جریدے کی جانب سے جاری کی جانے والی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں اور یہ کمبوڈیا سے بھی کم ہو جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق غیر ملکی جریدے بلوم برگ میں شائع شدہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں اور زرمبادلہ ذخائر میں یہ کمی ایشیا کے تمام ممالک سے زیادہ تیز ہے۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کمبوڈیا سے بھی کم ہوجائیں گے۔ کمبوڈیا کی معیشت پاکستانی معیشت سے 10 گنا کم ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر ایک سال میں 20 فیصد کم ہوئے۔ فروری میں پاکستان کے زر مبادلہ ذخائر کا حجم 13 ارب 50 کروڑ ڈالر ہوگیا۔

    دوسری جانب عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ زرمبادلہ ذخائر میں جون 2018 تک 2 ارب 20 کروڑ ڈالر کی مزید کمی متوقع ہے۔ پاکستان کو بیرونی ادائیگیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، گزشتہ 8 ماہ میں جاری کھاتوں کے خسارے میں 50 فیصد کا اضافہ ہوا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ 10 ماہ میں جاری کھاتوں کے خسارے کا حجم 10 ارب 80 کروڑ ڈالر ہوگیا۔ حکومت کی جانب سے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم متعارف کروائی جائے گی۔ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے 2 ارب 50 کروڑ ڈالر ملنے کی توقع ہے۔

    بلوم برگ میں شائع ہونے والی مکمل رپورٹ یہاں پڑھی جاسکتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔