Tag: ڈان

  • شاہ رخ کی ایک بار پھر ’ڈان‘ کے روپ میں واپسی؟

    شاہ رخ کی ایک بار پھر ’ڈان‘ کے روپ میں واپسی؟

    بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان ایک بار پھر فلم میں اینٹی ہیرو کے روپ میں واپسی کیلئے تیار ہیں، اس فلم میں انکی بیٹی سہانہ بھی اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کنگ خان شاہ رخ خان ’ڈان‘ کے روپ میں بڑے پردے پر شاندار واپسی کے لیے تیار ہیں لیکن اس بار فرحان اختر کی ہدایت کاری میں بننے والی ڈان 3 میں نہیں بلکہ سوجوئے گھوش کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’کنگ‘ میں نظر آئیں گے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سوجوئے گھوش کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم میں بڑے پردے پر اداکارہ سہانہ خان ڈیبیو کریں گی جبکہ فلم ’کنگ‘ میں شاہ رخ خان ایک ڈان کا کردار ادا کریں گے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان یہ فلم آڈینس کے لیے بنا رہے ہیں اور وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ فلم بین انہیں ایسے کردار میں دیکھنا چاہتے ہیں جو کہ غیر واضح ہو۔

    بھارتی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ فلم ’کنگ‘ شاہ رخ خان کے جنون وجذبے کے مطابق پروجیکٹ ہے وہ اس پروجیکٹ پر سدھارتھ آنند اور سوجوئے گھوش کے ساتھ  بڑے محتاط انداز میں کام کر رہے ہیں۔

    شاہ رخ خان کے منفی کردار میں کچھ مشہور سُپر ہٹ فلموں پر ایک نظر

    یوں تو آج شاہ رخ کو کنگ آف رومانس کہا جاتا ہے لیکن شاہ رخ نے کامیابی کی پہلی سیڑھی رومانس کے ذریعے نہیں بلکہ اینٹی ہیرو بن کر چڑھی۔

    شاہ رخ خان بالی ووڈ کی نگری میں منفی کردار کرنے کے حوالے سے بھی کافی مشہور ہیں، انکی یادگار فلموں میں ڈر، انجام، بازیگر اور رئیس شامل ہیں اور اب امکان ہے کہ وہ ایک بار پھر ایسا ہی کردار ادا کریں۔

    بازیگر (1993)

    شاہ رخ خان، کاجول اور شلپا شیٹی کی فلم ’بازیگر‘ کو لوگ آج بھی نہیں بھولے ہیں، یہ اُس سال بڑی ہٹ ثابت ہوئی تھی، اس فلم میں شاہ رخ نے اپنے کریئر کے ابتدائی دور میں ولن کا کردار ادا کرنے کا خطرہ مول لیا تھا لیکن یہ فلم شاہ رخ خان کے کیرئیر کیلئے سنگ میل ثابٹ ہوئی تھی۔

    اس فلم میں شاہ رخ اپنے خاندان کا بدلہ لینے کے لیے کاجول اور شلپا شیٹی کے والد کا مقابلہ کرتے ہیں، اس مقابلے کے درمیان انہیں شلپا شیٹی کے کردار کو بھی مارنا پڑتا ہے، اس فلم کی بدولت شاہ رخ خان کو پہلی بار 39ویں فلم ایوارڈز میں بہترین اداکاری کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔

    ڈر (1993)

    یش چوپڑا کی فلم ’ڈر‘ ’بازیگر‘ کے تقریباً ایک ماہ بعد 24 دسمبر 1993 کو ریلیز ہوئی، جس میں شاہ رخ خان نے ایک ایسے لڑکے کا کردار ادا کیا جن کی ذہنی صحت درست نہیں، ان کی یک طرفہ محبت انھیں جنون کی اس حد تک لے جاتی ہے، جہاں وہ اپنے لیے خطرہ بن جاتے ہیں اور اس کے لیے بھی جن سے وہ پیار کرتا ہے۔ آج کے الفاظ میں ’ڈر‘ کے راہول ایک اسٹالکر تھے۔

    انجام (1994)

    فلم ڈر میں اپنی اداکاری سے ہمیں حیرت میں ڈالنے کے بعد، شاہ رخ نے ایک بار پھر اس نفسیاتی تھرلر میں ایک جنونی عاشق کا کردار ادا کیا، لیکن انجام فلم میں ان کا کردار بہت مختلف تھا۔ کیونکہ یہ فلم ایک ایسی خاتون کے جنونی عاشق کی کہانی بیان کرتی ہے جو اپنے ستم گر عاشق کے مظالم کا شکار بنتی ہے۔

    ڈان (2006)

    بالی وڈ کی سپر ہٹ فلموں میں سے ایک ڈان سب سے پہلے 1978 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں امیتابھ بچن نے مرکزی کردار ادا کیا جو مداحوں نے کافی پسند کیا تھا۔

    28 سال بعد 2006 میں ہدایتکار فرحان اختر نے ماضی کی ہٹ فلم ڈان کو دوبارہ بنانے کا فیصلہ کیا اور اس بار ڈان کا کردار شاہ رخ خان کے حصے میں آیا جو انہوں نے بخوبی نبھایا۔

    یہ بلاشبہ شاہ رخ خان کے اب تک کے سب سے مشہور منفی کرداروں میں سے ایک ہے، ڈان خوبصورت، شائستہ اور بدتمیز تھا لیکن اس کے ساتھ وہ ایک بے رحم مجرم اور منشیات فروش کا ماسٹر مائنڈ بھی تھا، اس فلم میں شاہ رخ خان نے خوبصورتی سے معصوم وجے کا کردار ادا کیا۔

    ڈان 2 (2011)

    فلم کی کامیابی کے بعد 2011 میں فرحان اختر نے ڈان 2 بنائی اور اس فلم میں بھی شاہ رخ خان ہی ڈان کے کردار میں نظر آئے، اس فلم میں ڈان کو موت کی سزا سنائی جاتی ہے اور اسے ملائیشیا کی جیل میں بھیج دیا جاتا ہے، جہاں اس کا سامنا اپنے مخالف، جنگی دشمنی کرنے والے آرک نیمسس وردھان (بومن ایرانی) سے ہوتا ہے، جو ڈان سے پانچ سال قبل قید ہونے کا بدلہ لینے کی کوشش کرتا ہے۔

    (2023) جوان، پٹھان

    سنہ 2023 میں شاہ رخ نے اپنے انداز میں ’پٹھان‘ اور پھر ’جوان‘ سے بالی ووڈ میں کم بیک کیا، ’بازیگر‘ اور ’ڈر‘ کی طرح ’جوان‘ کے آزاد راٹھور بھی ایک طرح کے اینٹی ہیرو ہیں لیکن وہ 90 کی دہائی کے اینٹی ہیروز سے مختلف ہیں۔

    آزاد راٹھور ایک چوکس گروہ کے ذریعے معاشرے میں پھیلی بدعنوانی کو چیلنج کرتے ہیں، وہ قانون کو اپنے ہاتھ میں لیتے ہیں، حکمرانی کے قواعد و ضوابط سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ لیکن یہ اینٹی ہیرو ‘بازیگر’ کے وکی یا ڈر کے راہول جیسے لوگوں کو نہیں مارتا، بلکہ لوگوں کی جان بچاتا ہے۔

    اب شاہ رخ خان کے مداحوں کو شاہ رخ خان کی ایک اور ایکشن فلم کا انتظار ہے لیکن یہ فلم ڈان کا سیکوئل اور فرحان اختر کی ڈان تھری جیسا نہیں ہوگا۔

  • سیسیلین مافیا کے ڈان کو بہن نے 30 سال تک پولیس سے کیسے بچایا؟

    سیسیلین مافیا کے ڈان کو بہن نے 30 سال تک پولیس سے کیسے بچایا؟

    اٹلی کے شہر سسلی کی مافیا سے متعلق بہت سی کہانیاں مشہور ہیں اس کے علاوہ ان کے طرز زندگی پر ہالی وڈ کی فلمیں بھی بن چکی ہیں۔

    ان فلموں میں مافیا فیملیز کی خواتین کو ایک مخصوص انداز میں دکھایا گیا ہے جس میں ان کا کردار صرف گھر کے معاملات چلانے تک محدود ہے۔

    لیکن حال ہی میں سیسیلین مافیا ’کوسا نوسٹرا‘ کے ڈان میٹیو میسینا دینارو کی بہن روسالیا میسینا کی گرفتاری کے بعد ہونے والے انکشافات سے معلوام ہوتا ہے کہ حقیقت اس سے کئی گنا پیچیدہ ہے۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انتہائی مطلوب مافیا ڈان میٹیو میسینا کی بہن کے حوالے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اپنے مفرور بھائی کی غیر موجودگی میں مافیا کے تمام معاملات وہی چلا رہی تھیں۔

    رواں ماہ کے آغاز میں روسالیا کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ 30 سالوں سے مفرور بھائی میٹیو میسینا کو پولیس 16 جنوری کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

    مافیا ڈان میٹیو میسینا کی غیر موجودگی میں تمام احکامات ان کی بہن جاری کرتی تھیں، مالی معاملات کو وہی دیکھ رہی تھیں اور بھائی کے لیے خفیہ پیغامات بھی ان کے ذریعے ہی پہنچائے جاتے تھے۔

    روسالیا میسینا کے وارنٹ گرفتاری میں پراسیکیوٹر الفریڈو نے لکھا کہ کئی دہائیوں سے وہ اپنے بھائی کے تمام معاملات چلا رہی تھیں اور انہی کی وجہ سے کوسا نوسٹرا کو ایک مضبوط لیڈر ملا ہوا تھا۔

    لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ روسالیا میسینا کی وجہ سے ہی اٹلی کے انتہائی مطلوب مجرم کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا۔

    دسمبر 2022 میں پولیس خفیہ طور پر روسالیا کے گھر میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئی تھی، اس دوران جب پولیس مختلف جگہوں پر کیمرے اور مائیکرو فون نصب کر رہی تھی تو کرسی کے خفیہ کونے میں سے ایک کاغذ ملا جو دراصل ہاتھ سے لکھا ہوا پیغام تھا۔

    اس پیغام میں کینسر کے مرض میں مبتلا ایک شخص کو طبی امداد فراہم کرنے کے حوالے سے ہدایات موجود تھیں،  یہ پیغام پڑھنے کے بعد پولیس کو یقین تھا کہ یہ شخص کوئی اور نہیں بلکہ مافیا ڈان ہے جس کے بعد آپریشن لانچ کیا گیا اور ایک ماہ بعد ہی میٹیو میسینا کو ایک ہیلتھ سینٹر سے گرفتار کر لیا گیا۔

    سنہ 1992 میں میٹیو میسینا نے مافیا مخالف جج جیووانی فیلکون کو قتل کرنے کے احکامات ایک پیغام کے ذریعے جاری کیے تھے اور ساتھ ہی واضح ہدایت دی تھی کہ پڑھنے کے بعد فوری جلا دیا جائے۔ لیکن ان کی بہن کبھی کبھی ہاتھ سے لکھے ہوئے یہ پیغامات محفوظ کر لیتی تھیں جو بعد میں مافیا ڈان کی گرفتاری کا سبب بنے۔

    روسالیا جس نے اپنی نصف زندگی بھائی کو چھپانے میں گزار دی لیکن آخر میں غیردانستہ طور پر اس نے پی اپنے بھائی کو دھوکہ دے دیا۔

  • فلم ڈان کے اداکار حادثے میں شدید زخمی

    فلم ڈان کے اداکار حادثے میں شدید زخمی

    ممبئی: اوم شانتی اوم میں اہم کردار ادا کرنے والے معروف اداکار حادثے میں شدید زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بالی وڈ اداکار ارجن رام پال ایک حادثے میں‌ اپنی ٹانگ تڑوا بیٹھے، جس کے بعد انھیں‌ شدید تکلیف کی حالت میں اسپتال لایا گیا.

    اوم شانتی اوم اور ڈان میں کنگ خان کے مدمقابل اہم کردار ادا کرنے والے ارجن رام پاک نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس سے اس واقعے کی تصدیق ہوتی ہے.

    ویڈیو میں‌ دیکھا جاسکتا ہے کہ ان کی ٹانگ کا ایم آرآئی ہو رہا ہے اور ان کے چہرے پر شدید کرب ہے.

    مزید پڑھیں: شاہ رخ خان کی بیٹی نے بھی شوبز انڈسٹری میں قدم رکھ دیے

    انھوں نے انسٹا گرام پر ویڈیو کے ساتھ لکھا ہے کہ ان کا گھٹنا ٹوٹ گیا اوریہ وقت ان کے لیے برا وقت ہے. ابھی یہ واضح نہیں‌کہ یہ حادثے کیسے پیش آیا.

    یاد رہے کہ 45 سالہ اداکار کی فلم "پلٹن”  7 ستمبر کو  ریلیز ہوگی، جس کے ہدایت کار جے پی دتا ہیں.

    واضح رہے کہ ایک زمانے میں ارجن رام پاک کا شمار شاہ رخ‌ خان کے قریبی دوستوں‌ میں‌ ہوتا تھا، مگر پھر ان میں‌ اخلافات پیدا ہوگئے.

  • لاہور ہائیکورٹ میں نیوز لیکس کمیشن کے خلاف درخواست مسترد

    لاہور ہائیکورٹ میں نیوز لیکس کمیشن کے خلاف درخواست مسترد

    لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے نیوز لیکس کی انکوائری کے لیے کمیشن کے قیام کے خلاف دائر درخواست مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے نیوز لیکس کی انکوائری کے لیے کمیشن کے قیام کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔

    درخواست گزار عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت نے متنازعہ خبر کے لیک ہونے کے معاملے پر انکوائری کے لیے جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا کی سربراہی میں کمیشن تشکیل دیا ہے جن کے شریف خاندان کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں، اس وجہ سے شفاف تحقیقات ممکن نہیں۔

    درخواست گزار کے مطابق کمیٹی کی تشکیل سے متعلق نوٹیفیکیشن قانونی ضابطے کے بغیر جاری کیا گیا۔ نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے کمیشن اینڈ انکوائریز ایکٹ 1956 کا حوالہ بھی نہیں دیا گیا جو حکومتی بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے۔ عدالت نیا کمیشن تشکیل دینے کا حکم دے۔

    نیوز لیکس تحقیقاتی کمیٹی: تحریک انصاف، عوامی تحریک اور ق لیگ نے مسترد کردی *

    ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بیان دیا کہ کمیشن کی تشکیل میں تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے ہیں۔ درخواست غیر ضروری طور پر دائر کی گئی ہے۔

    عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔

    واضح رہے کہ قومی سلامتی سے متعلق خبر شائع ہونے سے متعلق انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کی سربراہی جسٹس ریٹائرڈ عامر خان رضا کریں گے۔

    تحقیقاتی کمیٹی قومی سلامتی سے متعلق خبر لیک ہونے پر اس میں ملوث افراد سے تفتیش کرے گی۔ شفاف تحقیقات کے لیے حکومت پہلے ہی اپنے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کو عہدے سے فارغ کر چکی ہے جب کہ کمیٹی کی تحقیقات کی روشنی میں مزید کارروائی بھی کی جائے گی۔

    کمیٹی میں حساس اداروں آئی ایس آئی، آئی بی اور ایم آئی سے تعلق رکھنے والے ایک ایک افسر کو بھی شامل کیا گیا ہے جو کہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر تحقیقات میں معاونت کریں گے اور کمیٹی کو حقائق پیش کریں گے۔

    اس کے علاوہ کمیٹی میں سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ طاہر شہباز، ڈائریکٹر ایف آئی اے عثمان انور اور محتسب اعلیٰ پنجاب نجم سعید بھی بہ طور رکن کمیٹی خدمات انجام دیں گے اور حساس نوعیت کے معاملے پر اپنی پیشہ ورانہ تجاویز اور رائے دیں گے۔