Tag: ڈاکو

  • کراچی : ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری، چائے کے ہوٹل میں لوٹ مار

    کراچی : ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری، چائے کے ہوٹل میں لوٹ مار

    کراچی : کورنگی میں ڈکیتی کی ایک اور واردات میں مسلح افراد نے ہوٹل پربیٹھے درجنوں افراد لوٹ لیا اور باآسانی فرار ہوگئے۔

    دو موٹرسائیکل پرسوار3ملزمان کورنگی نمبر4کلوچوک پر آئے اور شہریوں سے موبائل فون و دیگرقیمتی سامان چھین لیا۔

    مسلح ملزمان کی لوٹ مار کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔ فوٹیج میں ملزمان کوشہریوں سے لوٹ مار کرتے ہوئے واضح دیکھا جاسکتا ہے۔

    دوسری واردات میں نارتھ کراچی سیکٹر11بی میں ہوئی جہاں ڈاکوؤں نے آزادانہ لوٹ مار اور ہوائی فائرنگ کی، ملزمان کو دیکھ کر شہریوں نے بھاگنے کی کوشش بھی کی۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے، جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ لوٹ مار کا یہ واقعہ گزشتہ شب 9بجے پیش آیا تھا۔

  • امریکا سے آنے والا خاندان لوٹ لیا گیا، ڈاکو فرار

    امریکا سے آنے والا خاندان لوٹ لیا گیا، ڈاکو فرار

    کراچی : مسلح ڈاکوؤں نے امریکا سے آنے والے خاندان کو لوٹ لیا، ملزمان خود کو سرکاری اہلکار ظاہر کررہے تھے، واردات کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈاکوؤں نے بیرون ملک سے آئے ہوئے خاندان کو بھی نہ بخشا اور امریکا پلٹ خاندان سے قیمتی اشیاء اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    مذکورہ خاندان جامعہ بنوریہ میں بیٹے کی دستاربندی میں شرکت کیلئے امریکا سے آیاتھا کہ ملزمان نے ایئرپورٹ سے ہی ان کا پیچھا کرنا شروع کردیا تھا۔

    متاثرہ خاندان نے بتایا کہ صبح فجر کے وقت لیاقت آباد دس نمبر سے تھوڑا غریب آباد  پہنچنے پر ملزمان نے گاڑی رکوائی اور خود کو سرکاری اہلکار ظاہر کرتے ہوئے شناختی دستاویزات طلب کیں۔

    ملزمان نے گاڑی میں موجود افراد سے ان کا سامان لیا اور پاسپورٹ واپس کرکے دیگر قیمتی سامان اور نقدی لے کر لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، مدعی مقدمہ کے مطابق پرس میں 25ہزار امریکی ڈالر، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان موجود تھا۔

    واضح رہے کہ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو لوٹنے کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور مسافروں کے سامان کی معلومات سوائے ائیرپورٹ عملے کے کسی اور کو نہیں ہوتی۔

  • ویڈیو: مسلح ڈاکوؤں نے انجن آئل کی دکان لوٹ لی

    ویڈیو: مسلح ڈاکوؤں نے انجن آئل کی دکان لوٹ لی

    کراچی: شہر قائد کے ایک مشہور مقام کیفے پیالہ کے قریب جمعہ کے روز صبح سویرے لٹیروں نے ایک انجن آئل شاپ لوٹ لی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کیفے پیالہ کے قریب انجن آئل کی دکان میں ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے، 3 ملزمان اسلحہ کے زور پر نقد رقم اور دیگر قیمتی اشیا لوٹ کر فرار ہو گئے۔

    ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دکان دار کے جھاڑو دیتے وقت موٹر سائیکل پر 3 ملزمان آئے اور اسلحے کے زور پر انھیں لوٹ لیا۔

    فوٹیج کے مطابق ملزمان نے آتے ہی دکان دار کا بٹوہ جیب سے نکال لیا، ایک لٹیرے نے بٹوے سے پیسے نکالنا شروع کیا جب کہ دیگر 2 لٹیروں نے دکان کی تلاشی لی۔

    لٹیرے واردات کے بعد بہ آسانی فرار ہو گئے۔

  • ’آپ پرویز الہیٰ کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہتے تھے‘

    ’آپ پرویز الہیٰ کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہتے تھے‘

    لاہور: علیم خان نے وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ پرویز الہیٰ کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہتے تھے، اور آج سارے ووٹ اسی کو ڈالنا چاہتے ہیں۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ناراض رہنما علیم خان نے کہا کہ میں نے پرویزالہٰی کو کبھی سب سے بڑا ڈاکو نہیں کہا تھا، آپ ہی کہتے تھے لیکن جسے ڈاکو کہتے تھے آج سارے ووٹ اسی کو ڈالنا چاہتے ہیں۔

    علیم خان نے کہا پرویز الہٰی کو ووٹ ڈالنا تھا تو 26 سال کی محنت کیوں کی، چوہدری شجاعت کا محب وطن بیٹا اپوزیشن کے ساتھ کھڑا ہوا، مونس الہیٰ نے بازار لگا رکھا ہے، 5 سے 6 کروڑ کی بولیاں لگائی جا رہی ہیں، افسوس اور دکھ ہوتا ہے کہ اب نیا پاکستان پرویز الہٰی بنائیں گے، پانچ سیٹوں کے لیے سمجھوتہ کرنا تھا تو اتنی بڑی تحریک کی ضرورت کیا تھی۔

    انھوں نے کہا خان صاحب میں پوچھتا ہوں آپ بتا دیں کیا مجھ سے زیادہ کسی کی قربانی ہے، ایم پی اے بننے کے 10 روز میں 4 بار نیب آفس بلایا گیا، نیب کے دفتر چوتھی بار گیا تو ٹی وی پر چل رہا تھا عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ بنا دیاگیا، خان صاحب آپ مجھے بلاتے اور کہتے میں تمھیں وزیر اعلیٰ نہیں بنا سکتا۔

    علیم خان گروپ نے پرویز الہیٰ کی حمایت سے انکار کردیا

    علیم خان نے کہا خان صاحب سے پوچھتا ہوں جو کرپشن میں نے 6 ماہ کی تھی وہ قوم کے سامنے لائیں، ثبوت تھے تو 100 دن جیل میں رہا اس کے بعد آج بھی صرف تفتیش جاری ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ عمران خان سامنے آ کر بیٹھیں مجھ سے بات کریں، کوئی تبادلہ نہیں ہوتا جب سی ایم آفس میں پیسے نہ دیے جائیں، پنجاب میں ڈی سی لگانے کے لیے 3،3 کروڑ روپے لیے جاتے ہیں، فرح بی بی نے ہر ٹرانسفر، پوسٹنگ میں بہت پیسے لیے، آپ کا میسج میرے فون میں ہے میں نے بزدار کی ایک ایک کرپشن بتائی ہے، بزدار کی ایک ایک کرپشن کو قوم کے سامنے لاؤں گا۔

    علیم خان نے کہا میری تصویر لگا کر کہتے ہیں امریکی سفیر سے ملا ہوں، خان صاحب میں تو آپ کے گھر میں امریکی سفیر سے ملا تھا، جب اپوزیشن میں تھے تو امریکی اور یورپی سفیروں سے نہیں ملتے تھے؟

    انھوں نے کہا آئین و قانون کہتا ہے عدم اعتماد پیش ہو تو اسمبلی نہیں توڑی جا سکتی، پوری قوم نے دیکھا ہے اسمبلی میں 199 لوگ بیٹھے تھے، میچ آپ کے حق میں نہیں تو وکٹ اٹھا کر بھاگ گئے کیا یہ اسپورٹس مین اسپرٹ ہے، کون محب وطن کون غدار ہے مجھے سب پتہ ہے، 4 بیوروکریٹس پکڑے جائیں تو قوم کو پتا چل جائے گا کس نے کیا کیا ہے۔

  • مصروف سڑک پر فلمی انداز میں کیش وین لوٹنے کی لرزہ خیز واردات (فوٹیج بچے نہ دیکھیں)

    مصروف سڑک پر فلمی انداز میں کیش وین لوٹنے کی لرزہ خیز واردات (فوٹیج بچے نہ دیکھیں)

    کراچی : شہر قائد کے علاقے کورنگی میں ایک مصروف سڑک پر فلمی انداز میں کیش وین لوٹنے کی لرزہ خیز واردات کی گئی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کی ہے۔

    کراچی کے علاقے کورنگی کی سڑک پر فلمی طرز پر کیش وین لوٹنے کی کوشش کی گئی لیکن ڈاکو پیسے لوٹنے میں ناکام رہے، تاہم اس واردات میں ایک کیشیئر کی جان چلی گئی۔

    واردات کیسے ناکام ہوئی؟ اے آر وائی نیوز کو موصول سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیکیورٹی گارڈز نے جانوں کی پروا نہ کرتے ہوئے کئی منٹ تک ڈاکوؤں کا بے جگری سے مقابلہ کیا۔

    فوٹیج کے مطابق کورنگی کی سڑک پر جہاں تعمیراتی کام جاری ہے، ایک سفید رنگ کی کیش وین کو سفید کار نے چلتی سڑک پر اس کے سامنے فلمی انداز میں آ کر روک لیا، ڈاکوؤں کو جدید ہتھیاروں کے ساتھ کار سے اترتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    فوٹیج میں ڈاکوؤں اور سیکیورٹی گارڈز میں مقابلہ ہوتے بھی دیکھا جا سکتا ہے، فوٹیج کے مطابق ایک سیکیورٹی گارڈ شدید زخمی ہو کر سڑک پر گیا، کیش وین کے قریب دوسرا سیکیورٹی گارڈ بھی زخمی ہو کر گر پڑا۔

    تین منٹ سے زائد رہنے والی اس کشمکش کے دوران فائرنگ سے وین میں بیٹھا کیشیئر گولی لگنے سے موقع ہی پر دم توڑ گیا، تاہم ڈاکو وین کے اندر موجود ہیوی تجوری نکالنے میں ناکام رہے۔

    سیکیورٹی گارڈز کی مزاحمت کے بعد ناکامی پر ملزمان کار میں بیٹھے اور فرار ہو گئے۔

  • گھوٹکی: پولیس سے گرفتار عزیز رہا کرنے کا مطالبہ، ڈاکوؤں نے دو شہری اغوا کر لیے (ویڈیو)

    گھوٹکی: پولیس سے گرفتار عزیز رہا کرنے کا مطالبہ، ڈاکوؤں نے دو شہری اغوا کر لیے (ویڈیو)

    گھوٹکی: سندھ کے شہر گھوٹکی میں پولیس سے گرفتار عزیز رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈاکوؤں نے دو شہری اغوا کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے قادرپور کے علاقے سے 2 افراد کو اغوا کر لیا، جس کے بعد ڈاکوؤں نے ایک دھمکی آمیز ویڈیو بھی بھجوا دی ہے۔

    معلوم ہوا ہے کہ اغوا کی یہ واردات کچے کے علاقے کے ڈاکو پرویز جاگیرانی نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ کی ہے، ان کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے اسپتال سے ان کے عزیزوں کو گرفتار کیا تھا۔

    ڈاکو پرویز نے ویڈیو میں دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ان کے عزیزوں کو بلاجواز گرفتار کیا ہے، اگر انھیں آزاد نہ کیا گیا تو وہ مغویوں کو قتل کر دیں گے۔

    ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے دونوں افراد مخدوم زرعی فارم کے ٹریکٹر ڈرائیور ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیورز کے نام اختر اور علی حسن راجپوت ہیں۔

    ویڈیو میں ڈاکوؤں کو بھی دیکھا جا سکتا ہے اور مغوی افراد کو بھی، جن کا کہنا ہے کہ وہ غریب ہیں، انھوں نے کہا کہ ڈاکوؤں کا مطالبہ مان لیا جائے تو یہ ہمیں چھوڑ دیں گے۔

    ویڈیو میں متعدد ڈاکوؤں کو بھاری ہتھیاروں کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیو میں وہ ایس پی گھوٹکی سے ان کے افراد کو رہا کرنے کا مطالبہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

    ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ ان کی ایک ٹیم ڈاکوؤں کے تعاقب میں کچے کے علاقے میں روانہ ہو گئی ہے۔

  • شہریوں کے انگوٹھے کے نشانات حاصل کرنے کا نیا طریقہ سامنے آ گیا

    شہریوں کے انگوٹھے کے نشانات حاصل کرنے کا نیا طریقہ سامنے آ گیا

    کراچی: ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے کراچی اور اندرون سندھ ڈاکوؤں کی سرکوبی کے لیے آپریشن سائبر اسٹارم شروع کر دیا ہے، ادارے نے بڑے پیمانے پر غیر قانونی سمز کے دھندے کے خلاف کارروائیاں کر کے بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ کی غیر قانونی سموں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اندرون سندھ کچے کے علاقوں میں بھی بڑی کامیابی حاصل کر لی گئی ہے، 8 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن میں نادرا کے بھی 2 ملازمین شامل ہیں۔

    ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کے سربراہ عمران ریاض نے آج کراچی میں پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ جعلی سمز کی رجسٹریشن کرا کر کچے کے ڈاکوؤں کو فراہم کی جا رہی تھیں، اور اس میں وفاقی ادارے کے ملازمین بھی ملوث ہیں، جب کہ پنجاب کے کچے کے علاقے میں بھی ملزمان کے بین الصوبائی رابطے تھے۔

    ڈائریکٹر سائبر کرائم کے مطابق سکھر اور گھوٹکی میں ایف آئی اے کے چھاپوں میں 2 فرنچائز سیل کر دی گئی ہیں، اور 10 ہزار کے قریب انگوٹھوں کے نشان تحویل میں لیے گئے، انھوں نے بتایا کہ چائلڈ پورنوگرافی میں بھی یہی سمز استعمال کی جا رہی تھیں۔

    ڈاکوؤں کی جانب سے شہریوں کے انگوٹھے کے نشانات حاصل کرنے کا نیا طریقہ بھی سامنے آ گیا ہے، عمران ریاض کا کہنا تھا کہ نادرا ملازمین فارمز کی اسکرین شارٹ لے کر بڑے پیمانے پر فرنچائز کو فراہم کرتے تھے، ادارہ کسی چیز میں ملوث نہیں لیکن نادرا کے کچھ ملازمین اس دھندے میں ملوث ہیں، اور نادرا سے ڈیٹا لیک ہوتا تھا۔

    انھوں نے کہا نادرا کے ذریعے انگوٹھوں کے نشان حاصل کر لیے جاتے تھے، اور ان لوگوں کو معلوم ہی نہیں ہو پاتا تھا، جعلی سمز کی رجسٹریشن کے بعد خواتین کی آواز میں کئی شہریوں کو اغوا کیا جاتا ہے۔ عمران ریاض نے بتایا کہ ایف آئی اے ایسے جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لیے ایک بڑا آپریشن لانچ کرنے جا رہا ہے۔

  • ڈاکو نے ڈیلیوری بوائے کو گلے لگا کر تسلی دے دی، فوٹیج سامنے آ گئی

    ڈاکو نے ڈیلیوری بوائے کو گلے لگا کر تسلی دے دی، فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد میں ڈاکوؤں کی جانب سے ڈیلیوری بوائے کے ساتھ ‘رحم دلی’ کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایک فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں لوٹ مار کے بعد ڈیلیوری بوائے کو اس کا لوٹا سامان واپس کیا جا رہا ہے، اور ڈاکو نے ستم رسیدہ لڑکے کو تسلی کے لیے گلے بھی لگایا۔

    یہ واقعہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے الفلاح سوسائٹی میں پیش آیا، جس میں ڈاکو کو ‘بڑے دل’ کا مظاہرہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    الفلاح سوسائٹی میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو شہری کو لوٹنے آئے تو شہری نے اپنی مجبوریاں بیان کر ڈالیں، ‘رحم دل’ ڈکیت نے شہری کو سامان بھی واپس کر دیا اور تھپکیاں بھی دیتا رہا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل جون 2020 میں بھی ایک ڈیلیوری کمپنی کے رائڈر کے ساتھ ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا۔

    پلاؤ کھانے، ٹھنڈی بوتلیں پینے کے بعد ڈاکوؤں نے فوڈ سینٹر کو لوٹ لیا (سنسنی خیز فوٹیجز)

    گزشتہ روز کے سی سی ٹی وی فوٹیج میں شہری کو مجبوریاں بیان کرتے اور ڈاکو کو اسے تھپکیاں دیتے دیکھا جا سکتا ہے، موٹر سائیکل پر سوار دونوں ڈاکو شہری کی مجبوریاں سن کر خالی ہاتھ لوٹ گئے۔

    واضح رہے کہ آج کراچی کے علاقے بہادر آباد میں ڈاکوؤں نے پلاؤ کھانے اور ٹھنڈی بوتلیں پینے کے بعد ایک فوڈ سینٹر کو لوٹ لیا، چھوٹے سے فوڈ سینٹر پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز میں واردات کے ہر لمحے کی تیاری محفوظ ہو گئی، لیکن بدقسمتی سے وقت سے قبل کوئی ان کا نوٹس نہ لے سکا۔

  • کچے کے علاقوں میں پولیس نے بیس کیمپ قائم کر لیے، ڈاکو بھی یکجا ہونے لگے

    کچے کے علاقوں میں پولیس نے بیس کیمپ قائم کر لیے، ڈاکو بھی یکجا ہونے لگے

    سکھر: شکارپور، کشمور، گھوٹکی، اور سکھر پولیس کا کچے کے علاقوں میں مشترکہ آپریشن جاری ہے، جس کے لیے 4 ایس ایس پیز نے اپنے اپنے علاقوں میں بیس کیمپ قائم کر لیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کے مشترکہ گرینڈ آپریشن کے خلاف سندھ کے کچے کے علاقے کے ڈاکوؤں کے بڑے گروہوں نے بھی اتحاد کر لیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کے گروہ یک جا ہونے لگے ہیں اور انھوں نے مل کر پولیس سے لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تازہ رپورٹس کے مطابق سندھ کے شہر شکارپور سے ایس ایس پی تنویر تنیو اور سکھر سے ایس ایس پی عرفان سموں کچے میں موجود آپریشن کے لیے موجود ہیں، کشمور سے امجد شیخ اور گھوٹکی سے عمر طفیل بھی آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کا تیزی سے خاتمہ کیا جا رہا ہے، تاہم دوسری طرف ذرائع نے بتایا کہ جتوئی، سبزوئی اور تیغانی ڈاکوؤں کے گروہ یک جا ہو رہے ہیں، ڈاکوؤں نے مل کر پولیس سے لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    کچے کے علاقے سے ڈاکوؤں نے 2 پولیس اہلکار اغوا کرلئے

    ایس ایس پی تنوی تنیو کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کے یک جا ہونے سے آپریشن میں مزید آسانی اور کامیابی ملے گی۔

    آپریشن کے سلسلے میں ایڈیشنل آئی جی سکھر، 2 ڈی آئی جیز آفتاب پٹھان اور فدا مستوئی نے شکارپور میں ڈیرے ڈال دیے ہیں، ایڈیشنل آئی جی سکھر کامران فضل نے بتایا کہ کچے میں ڈاکوؤں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ جو ڈاکو خود کو پولیس کے حوالے کرے گا اس کو عدالت میں پیش کر دیا جائے گا، اس وقت 2 ہزار سے زائد پولیس اہل کار و افسران اس آپریشن کا حصہ ہیں، پولیس نے بھی ڈاکوؤں کے خلاف جدید اسلحے کا استعمال شروع کر دیا ہے، اور مزید بکتر بند گاڑیاں شکارپور اور کشمور پہنچا دی گئی ہیں۔

  • ڈاکو پکڑنے والی فیملی مشکل میں پڑ گئی، پنجاب پولیس کا رویہ نہیں بدلا

    ڈاکو پکڑنے والی فیملی مشکل میں پڑ گئی، پنجاب پولیس کا رویہ نہیں بدلا

    اوکاڑہ: پنجاب حکومت تو بدل گئی ہے لیکن پولیس کا رویہ نہیں بدلا، اوکاڑہ شہر میں ایک فیملی نے ڈکیتی کے لیے آنے والے ڈاکوؤں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا تاہم پولیس کے طرز عمل سے فیملی ہی مشکل میں پڑ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اوکاڑہ کے علاقے صابر ٹاؤن میں 5 ڈاکوؤں نے ایک گھر میں گھس کر لوٹ مار کی، ڈاکو گھر سے 8 تولے سونا، نقدی اور موبائل فونز لوٹ کر فرا ہونے لگے۔

    تاہم گھر والوں کے شور شرابے پر اہل علاقہ نے 3 ڈاکوؤں کو پکڑ لیا، پکڑے گئے ڈاکوؤں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، لوگوں نے ان کی درگت بنا کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    ڈاکوؤں کے پکڑے جانے، اور درگت بننے کی ویڈیو بھی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوئی، ویڈیو میں ڈاکوؤں کے قبضے میں زیورات اور اسلحہ واضح طور پر دیکھا گیا، تاہم متاثرہ فیملی کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کے قبضے سے برآمد زیورات پولیس کی جانب سے انھیں واپس نہیں کیےگئے۔

    متاثرہ فیملی کے مطابق ڈاکوؤں کے قبضے سے زیورات پولیس نے برآمد کیے تھے، پولیس کو 5 ڈاکوؤں کے خلاف درخواست دی گئی تھی لیکن صرف 4 کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

    متاثرہ فیملی کا کہنا ہے کہ مقامی پولیس اور اعلیٰ افسران ہماری بات نہیں سن رہے، ڈاکوؤں سے بھی دھمکیاں مل رہی ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب سے دخواست ہے کہ معاملے کا نوٹس لیں۔

    ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں فرار دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔