Tag: ڈاکٹرز کرونا وائرس

  • چوبیس گھنٹوں کے دوران 4 ڈاکٹر کرونا سے شہید

    چوبیس گھنٹوں کے دوران 4 ڈاکٹر کرونا سے شہید

    لاہور: کرونا وبا کے خلاف جنگ مشکل ترین مرحلے میں داخل ہو گئی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مریضوں کو بچاتے بچاتے 4 ڈاکٹر خود کرونا وائرس سے شہید ہو گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں ڈاکٹر ثنا فاطمہ، گجرانوالہ میں ڈاکٹر نعیم اختر، کوئٹہ میں ڈاکٹر زبیر احمد اور پشاور میں ڈاکٹر خان زادہ کا کرونا وائرس سے انتقال ہو گیا ہے، دوسری طرف پنجاب میں 341 ہیلتھ کیئر پروفیشنلز میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق خیبر پختون خوا میں کرونا سے 2 ڈاکٹرز اور ایک نرس شہید ہو چکے ہیں، گزشتہ روز ڈاکٹر خانزادہ شنواری نے دم توڑا جب کہ اس سے قبل پروفیسر ڈاکٹر جاوید کرونا سے شہید ہو گئے تھے۔

    پاکستان میں ایک دن میں کرونا سے اب تک کی سب سے زیادہ اموات، مزید 78 افراد جاں بحق

    کے پی میں 427 ڈاکٹرز اور نرسز میں کرونا کی تشخیص ہو چکی ہے، جن میں ڈاکٹرز کی تعداد 287 ہے، ایل آر ایچ کے 59، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے 14 ڈاکٹرز کرونا سے متاثر ہو چکے ہیں جب کہ خیبر ٹیچنگ اسپتال کے 27 ڈاکٹرز میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

    کرونا وبا پر ینگ ڈاکٹرز کا حکومت سے سچ بتانے کا مطالبہ

    نرسز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے کے پی میں ایک نرس شہید ہوئی ہے، اور اب تک صوبے میں 140 نرسز کرونا سے متاثر ہو چکی ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے مزید 78 افراد انتقال کر گئے ہیں، جو پاکستان میں ایک دن میں کرونا سے سب سے زیادہ اموات ہیں، دوسری طرف گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 2,429 کیسز سامنے آئے۔

  • کرونا وبا سے طبی عملے کے متاثر ہونے کی شرح میں 75 فی صد اضافہ

    کرونا وبا سے طبی عملے کے متاثر ہونے کی شرح میں 75 فی صد اضافہ

    اسلام آباد: کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سولجرز شدید متاثر ہونے لگے ہیں، وبا سے طبی عملے کے متاثر ہونے کی شرح میں 75 فی صد اضافہ ہو گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک میں کرونا وائرس سے برسر پیکار فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹرز اور طبی عملے کے ایک ہفتے میں 200 سے زائد ارکان متاثر ہو چکے ہیں۔

    نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کو کرونا لگنے کی شرح میں 75 فی صد اضافہ ہوا ہے، وائرس سے اب تک 444 ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ متاثر ہو چکا ہے، جب کہ 10 میڈیکل ورکرز جان کی بازی ہار چکے ہیں، دوسری طرف طبی ماہرین حکومت کے اعلان کردہ تحفظ پروگرام کا انتظار ہی کرتے رہ گئے ہیں۔

    متاثرہ ہیلتھ پروفیشنلز میں 216 ڈاکٹرز، 67 نرسز اور 161 دیگر طبی عملے کے لوگ شامل ہیں، ان میں سے 204 گھروں پر آئیسولیشن میں ہیں جب کہ 138 مختلف اسپتالوں میں داخل ہیں، 94 خوش نصیب وائرس کو شکست دے کر صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    کرونا سے متاثرہ ڈاکٹر کو وینٹی لیٹر نہ ملا، بے بسی کی حالت میں جان دے دی

    444 متاثرہ افراد میں سے 138 آئی سی یوز میں کام کر رہے تھے جب کہ 306 اسپتالوں کے دوسرے وارڈز میں فرائض انجام دے رہے تھے۔ بد قسمتی سے 10 ہیلتھ کیئر ورکرز اب تک کرونا کے حملے میں انتقال کر چکے ہیں، جن میں پہلی سامنے آنے والی شہادت گلگت بلتستان میں نوجوان ڈاکٹر اسامہ ریاض کی تھی۔

    سندھ سے ڈاکٹر عبدالقادر سومرو، اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں سینئر ڈاکٹر محمد جاوید کرونا کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے، یوں سندھ میں 3، گلگت بلتستان میں 2 اور بلوچستان، خیبر پختون خوا اور اسلام آباد میں ایک، ایک ہیلتھ کیئر ورکر کا انتقال ہو چکا ہے۔

    طب کے شعبے سے وابستہ ان افراد کے رابطے میں آنے والے 186 افراد کے ٹیسٹ بھی مثبت آ چکے ہیں۔ دوسری طرف وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر طفر مرزا کے مطابق حکومت صف اول پر موجود طبی عملے کے تحفظ کا پروگرام عنقریب متعارف کروائے گی، اس سلسلے میں ملک میں مقامی سطح پر پرسنل پروٹیکٹو ایکوئمپنٹ تیار کیے جا رہے ہیں۔

  • کراچی اور راولپنڈی میں میڈیکل آفیسرز کرونا وائرس سے متاثر

    کراچی اور راولپنڈی میں میڈیکل آفیسرز کرونا وائرس سے متاثر

    کراچی: راولپنڈی اور کراچی میں 2 میڈیکل آفیسرز میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے وار جاری ہیں، پاکستان بھر میں فرنٹ لائن سولجر ڈاکٹرز اور طبی عملہ بھی اس سے متاثرہ ہونے لگا ہے، راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی کے میڈیکل آفیسر میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی، کراچی میں بھی عباسی شہید کے چیف میڈیکل آفیسر متاثر ہو گئے۔

    آر آئی یو کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شفقت میں کرونا وائرس کی تصدیق کر دی، ڈاکٹر شفقت کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کر رہے تھے، انھیں آر آئی یو ہی میں زیر علاج رکھا گیا ہے۔

    عباسی شہید اسپتال کراچی کی ایمرجنسی میں کام کرنے والے سینئر میڈیکل آفیسر بھی وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں، جس کے بعد عباسی شہید اسپتال کی ایمرجنسی بند کر دی گئی، ایمرجنسی میں کام کرنے والے عملے کو بھی ٹیسٹ کرانے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔

    پاکستان میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 13328 ہو گئی، 281 جاں بحق

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سولجر پروفیسر ڈاکٹر محمد جاوید، گلگت کے ڈاکٹر اسامہ اور کراچی کے ڈاکٹر عبدالقادر جام شہادت نوش کر چکے ہیں، اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک طبی عملے کے 250 سے زائد افراد کرونا سے متاثر ہوئے ہیں۔

    ادھر پاکستان میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آ گئی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 12 افراد موت کے منہ میں چلے گئے، اموات کی کل تعداد 281 ہو گئی، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں چوبیس گھنٹوں میں مزید 605 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے مجموعی کیسز کی تعداد 13,328 ہو گئی ہے۔