Tag: ڈاکٹرعافیہ صدیقی

  • عافیہ صدیقی کی رہائی، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے بیرون ممالک دوروں کی تفصیلات طلب

    عافیہ صدیقی کی رہائی، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے بیرون ممالک دوروں کی تفصیلات طلب

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رحم کی اپیل کے بعد وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے بیرون ممالک دوروں کی تفصیلات طلب کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کے کیس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

    جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں کہا ہے کہ پاکستانی سفیر نے پاکستانی وفد کی ارکان کانگرس سے ملاقاتوں میں شرکت کیوں نہیں کی؟ اس حوالے سے جواب طلب کرلیا ہے۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت خارجہ کو سفارتخانے سے مؤقف لیکر رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ سفیرکو حکومت کی نمائندگی کرنیوالے وفد کی ملاقاتوں میں شرکت کرنی چاہیے تھی۔

    عدالت نے عافیہ صدیقی کی رحم کی اپیل کے بعد وزیراعظم اوروزیرخارجہ کے بیرون ممالک دوروں کی تفصیلات طلب کرلیں۔

    حکم نامے میں کہا گیا کہ وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے امریکی صدر کو لکھے خط کا جواب نہیں آیا، وزارت خارجہ کے مطابق پاکستانی سفارتخانے نے وفد کی امریکا موجودگی کے دوران کردار ادا کیا جبکہ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اور عافیہ صدیقی سے وفد کی ملاقاتوں کیلئے کردار ادا کیا۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ یہ بھی حقیقت ہے امریکامیں پاکستانی سفیر نے فرنٹ لائن کردار ادا کرنے کیلئے کوئی وقت نہیں نکالا، پاکستانی سفیر نے سرکاری وفد کی 3 سے 11 دسمبر تک ہونیوالی اہم ملاقاتوں میں شرکت نہیں کی، امید تھی پاکستانی سفیر اپنے مصروف شیڈول میں سے وقت نکال کرملاقاتوں میں شریک ہوتے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ سفیر سے وزیراعظم پاکستان کے خط میں اٹھائے گئے معاملے پر واضح حمایت کی امید تھی لیکن امریکا میں پاکستانی سفیر نے وفد کی کانگرس ممبران سے ملاقاتوں سے دوری اختیار کی، امریکا کے اندرونی سیاسی معاملات میں مداخلت سمجھ لینے کے خوف سے وفد سے دوری خلاف قیاس ہے۔

    تحریری حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ سفیر جس ملک کی نمائندگی کر رہے ارکان پارلیمنٹ سمیت سرکاری وفد اسی مقصد کیلئے بھیجا تھا، وزارت خارجہ سفارتخانے سے مؤقف لیکر آئندہ سماعت پر رپورٹ جمع کرائے، ساتھ ہی وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے بیرونی دوروں کی تفصیلات بھی جمع کرائے۔

    جسٹس سرداراعجاز اسحاق نے کہا کہ وزارت خارجہ عافیہ صدیقی کے امریکا میں وکیل کے ڈکلیئریشن پر جواب بھی جمع کرائے۔

    عدالت نے کہا کہ فوزیہ صدیقی نے بتایا اُن کے ویزا پورٹل کے مطابق ویزا دینے سے انکار کر دیا گیا، فوزیہ صدیقی کے مطابق یہ باعث پریشانی ہے کہ اُنہیں ملاقاتوں کیلئے داخلے سے روک دیا جائے گا، وزارت خارجہ اپنے اختیارات کے مطابق کوشش کرے کہ ایسا نہ ہو اور فوزیہ صدیقی کو سفر میں غیرضروری مشکلات کاسامنا نہ ہو۔

    فوزیہ صدیقی کی جانب سےعمران شفیق ایڈووکیٹ کیس کی سماعت میں عدالت میں پیش ہوئے تاہم کیس 13 جنوری کو آئندہ سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔

  • اسلام آباد ہائی کورٹ کی ڈاکٹرعافیہ صدیقی کا معاملہ امریکی سفیر کے سامنے رکھنے کی ہدایت

    اسلام آباد ہائی کورٹ کی ڈاکٹرعافیہ صدیقی کا معاملہ امریکی سفیر کے سامنے رکھنے کی ہدایت

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے امریکی جیل میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا معاملہ پاکستان میں موجود امریکی سفیر کے سامنے رکھنے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی جیل میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کیس کی سماعت کی۔

    درخواست گزار ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اپنے وکیل حافظ یاسر عرفات کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے ، وزارت خارجہ کے وکیل بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

    عافیہ صدیقی کیس میں فارن آفس کی جانب سے کی گئی خط و کتابت عدالت میں پیش کی ،عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ خط و کتابت عدالت میں پیش کرنے کی بجائے ریکارڈ پر رکھی جانی چاہیئے تھی۔

    جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کہا کہ 17 اکتوبر کے بعد ڈیڑھ ماہ میں کچھ نہیں کیا گیا، میں نے پچھلی دفعہ بھی کہا تھا کہ وزارت خارجہ کے سیکرٹری کو عدالت بلا لیتے ہیں اور وہ عدالت میں بیان دیں کہ وہ اس کیس میں کچھ نہیں کر سکتے تو میں یہ کیس نمٹا دو۔

    جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے استفسار کیا عافیہ صدیقی کی صحت کے بارے میں کیا اطلاعات ہیں؟ وکیل وزارت خارجہ نے بتایا کہ اس سلسلہ میں کوششیں جاری ہیں مگر ابھی تک خاطر خواہ رسپانس نہیں ملا۔

    جس پر جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کا کہنا تھا کہ ہر تاریخ پر آپ ایک رپورٹ / کچھ کاغذات پکڑا دیتے ہیں یہ کیس آگے کیسے بڑھے گا۔

    وکیل درخواستگزار نے بتایا کہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے امریکہ کا ویزہ اپلائی کیا تھا جسے مسترد کر دیا گیا ہے، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کہا کہ اس کا مطلب ابھی تک کوئی پلان نہیں ہے۔

    وکیل درخواستگزار کا کہنا تھا کہ ویب سائٹ سے چیک کیا امریکہ میں عافیہ صدیقی کا کیس زیرِ التوا ہے اور یہی وزارت خارجہ کا جواب ہے، شاید ان کا سورس بھی ویب سائٹ ہے، ویزہ موقعہ پر ملتا ہے یا انکار ہوتا ہے اس کیس میں دانستہ کیس تین سال سے زیرِ التواء رکھا ہوا ہے، اگر ہمیں ویزہ مل جائے تو اپنے طور پر کچھ کوشش کی جا سکتی ہے۔.

    وکیل نے بتایا کہ وزارت خارجہ کے خط و کتابت کا کوئی ایسا جواب بتا دیا جائے جس سے کوئی روشنی کی کرن ہمیں نظر آجائے۔

    حافظ یاسر عرفات نے کیس پر مزید کام کرنے کیلئے وقت مانگ لیا، جس پر جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کہا کہ مارچ 2020 میں ایک خط فارن آفس نے لکھا اس کا فالو اپ کیا ہے؟ کچھ نہیں یہاں تک کہ کوئی ریمائنڈر بھی نہیں لکھا گیا۔

    وکیل وزارت خارجہ نے بتایا کہ امریکہ کے ڈیپارٹمنٹ آف جسٹس کی ویب سائٹ پر سٹیٹس پینڈنگ آرہا ہے، اس سے زیادہ انفارمیشن نہیں نہ وہ بتاتے ہیں کہ کیس کس اسٹیج پر ہے۔

    جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ریمارکس دیئے کہ فارن آفس کے مطابق امریکہ کے ڈیپارٹمنٹ آف جسٹس کو لیٹر لکھا کہ عافیہ صدیقی کی صحت کے بارے میں بتایا جائے. اس کا کوئی جواب نہیں آیا، فارن آفس پاکستان میں موجود امریکی سفیر سے کیوں نہیں پوچھتی؟

    وزارت خارجہ آئندہ رپورٹ وزیر خارجہ اور سیکرٹری خارجہ کے دستخط سے جمع کرائے. جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان

    وزارت خارجہ کو عدالت نے معاملہ پاکستان میں موجود امریکی سفیر کے سامنے رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا وزارت خارجہ آئندہ رپورٹ وزیر خارجہ اور سیکرٹری خارجہ کے دستخط سے جمع کرائے۔

    بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت مورخہ 20 جنوری تک ملتوی کردی۔

  • ڈاکٹرعافیہ صدیقی کو "دخترپاکستان ” کا خطاب دیا جائے ، وزیراعظم  سے مطالبہ

    ڈاکٹرعافیہ صدیقی کو "دخترپاکستان ” کا خطاب دیا جائے ، وزیراعظم سے مطالبہ

    لاہور : پنجاب اسمبلی میں امریکی جیل میں قید ڈاکٹرعافیہ صدیقی کودخترپاکستان کا خطاب دینے کے مطالبے کی قرارداد جمع کرادی گئی اور کہا گیا ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے سفارتی سطح پربھرپور اقدامات کئے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے متعلق ایک اور قرارداد جمع کرادی گئی ، قرارداد پی ٹی آئی رکن اسمبلی سیمابیہ طاہرکی جانب سےجمع کرائی گئی۔

    قرارداد میں وزیراعظم سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈاکٹرعافیہ کودخترپاکستان کاخطاب دیاجائے اور ڈاکٹرعافیہ کی رہائی کیلئےسفارتی سطح پربھرپور اقدامات کئےجائیں۔

    خیال رہے حکومت نے امریکی قید میں موجود عافیہ صدیقی کی رہائی اور پاکستان لانے کی کوششیں تیز کردی ہیں، طالبان مذاکرات کے حتمی مراحل میں عافیہ صدیقی کی رہائی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

    یاد رہے اس سے قبل خواتین کے عالمی دن کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے منسوب کرنے کی قرارداد جمع کرادی گئی تھی ، جس میں کہا گیا تھا 8 مارچ کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے صبرو استقلال اور عظمت کو سلام کرتے ہوئے انہی کے نام سے منسوب کیا جائے اور اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی تمام بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی جائے کہ وہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی میں کردار ادا کرے۔

    مزید پڑھیں : خواتین کے عالمی دن کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے منسوب کرنے کی قرارداد جمع

    واضح رہے یاد رہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو سنہ 2010 میں امریکی عدالت نے افغانستان میں امریکی فوجیوں پرحملہ کرنے کے الزام میں 86 سال قید کی سزاسنائی تھی، وہ ٹیکساس کی جیل میں قید ہیں۔

    امریکا کے دعوے کے مطابق عافیہ صدیقی کو افغان جنگ کے دوران افغانستان سے گرفتار کیا گیا تھا، عافیہ صدیقی پر امریکی فوجی کے قتل کا الزام عائد کیا گیا تھا تاہم عافیہ صدیقی نے ہمیشہ اس الزام کی تردید کی ہے۔

  • قونصل جنرل عائشہ فاروقی کی ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے جیل میں ملاقات

    قونصل جنرل عائشہ فاروقی کی ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے جیل میں ملاقات

    ہیوسٹن: قونصل جنرل عائشہ فاروقی نے ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے جیل میں ملاقات کی ، جس کے بعد قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی موت کےبارےمیں اطلاعات گمراہ کن ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی قید میں چھیاسی سال کی سزا کاٹنے والی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی موت کی افواہیں دم توڑ گئیں، ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی نے فورٹ ورتھ ایف ایم سی کارزویل میڈیکل سینٹر کا سرکاری دورہ کیا اور ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے دو گھنٹے طویل ملاقات کی۔

    ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل خانے سے پریس ریلیز میں ڈاکٹر عافیہ کے انتقال سے متعلق خبروں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کیا گیا۔

    پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی کی ڈاکٹرعافیہ سے ملاقات اسپتال میں قائم حراستی سیل میں ہوئی، جہاں وہ زیرعلاج ہیں۔

    قونصل جنرل عائشہ فاروقی کی14 ماہ میں ڈاکٹرعافیہ سے چوتھی ملاقات ہے۔

    یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر گزشتہ کئی روز سے افواہیں گرم تھیں کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی امریکی حراستی مرکز میں انتقال کر گئی ہیں، جس پر ڈاکٹر عافیہ کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے قونصل جنرل عائشہ فاروقی سے رابطہ کرکے ڈاکٹرعافیہ کی صحت کے حوالے سے آگاہ کرنے کی درخواست کی تھی۔

    خیال رہے کہ ڈاکٹرعافیہ صدیقی کو افغانستان میں امریکی حکومتی و سیکیورٹی اہلکاروں پر قاتلانہ حملے کے الزام میں نیویارک کی وفاقی عدالت نے 2010 دس میں چھیاسی برس قید کی سزا سنائی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔