Tag: ڈاکٹر انور سجاد

  • ڈاکٹر انور سجّاد: فنون و ادب کی ایک ہمہ جہت شخصیت

    ڈاکٹر انور سجّاد: فنون و ادب کی ایک ہمہ جہت شخصیت

    فنونِ لطیفہ کے دلدادہ ڈاکٹر انور سجّاد صاحبِ مطالعہ اور علم و ادب کے رسیا تھے۔ وہ ادیب، ناول نگار اور ڈرامہ نویس اور ایک ایسے فن کار تھے جس نے مصوّری، اداکاری اور صدا کاری کے ساتھ رقص بھی کیا۔ یہی نہیں‌ تنقید اور افسانہ نگاری کے ساتھ ان کا قلم ایک مترجم کی حیثیت سے بھی رواں رہا اور خوب صورت کتابیں منظرِ عام پر آئیں۔ فن و ادب کی دنیا نے انور سجّاد کو 2019 میں‌ آج ہی کے دن ہمیشہ کے لیے کھو دیا تھا۔

    انور سجّاد ایم بی بی ایس ڈاکٹر تھے۔ انھوں نے لاہور کے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے تعلیم حاصل کی تھی۔ 27 مئی 1935 کو لاہور میں‌ پیدا ہونے والے انور سجّاد نے اپنے زمانے میں مختلف تحریکوں کا زور، سیاست کا شور اور عوام کی حالتِ زار کو دیکھا اور اسی دور میں مزدوروں کے حقوق کی ترجمانی کرنے کے علاوہ ترقی پسند فکر اور نظریات سے بھی متاثر رہے۔

    ریڈیو پاکستان اور ٹیلی وژن کے لیے ان کے تحریر کردہ ڈرامے بھی سامعین اور ناظرین میں بے حد مقبول ہوئے۔ انھوں نے ٹی وی ڈراموں‌ میں‌ اداکاری بھی کی اور ناظرین سے داد پائی۔

    وہ لاہور میں رائیونڈ روڈ کے قریب ایک چھوٹے سے گھر میں اپنی زوجہ کے ساتھ رہائش پزیر تھے۔ ان کے قریبی ساتھی بتاتے ہیں کہ مرحوم اپنے والد کی وفات تک ان کے کلینک میں بیٹھتے تھے، لیکن اس پیشے اور دوا کے نسخے لکھنے میں دل نہیں‌ لگتا تھا، والد کا انتقال ہوا تو کلینک بند کر دیا۔

    حکومتِ پاکستان نے 1989ء میں انھیں تمغہٴ حسنِ کارکردگی سے نوازا تھا۔

  • ڈاکٹر انور سجاد کی نماز جنازہ ادا، وزیر اعلیٰ پنجاب کا اظہار افسوس

    ڈاکٹر انور سجاد کی نماز جنازہ ادا، وزیر اعلیٰ پنجاب کا اظہار افسوس

    لاہور: اردو کے ممتاز فکشن نگار، ڈراما نویس، مصور اور دانش ور ڈاکٹر انور سجاد کی نمازِ جنازہ آج لاہور میں ادا کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق معروف ادیب انور سجاد گزشتہ روز جمعرات کو لاہور میں 84 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، انھوں نے زندگی کی آخری سانسیں لاہور کی ہاؤسنگ سوسائٹی میں اپنی رہایش گاہ میں لیں۔

    ڈاکٹر انور سجاد کی نمازِ جنازہ میں اہل خانہ اور معروف شخصیات سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

    انور سجاد طویل عرصے سے علیل تھے، پیشے کے لحاظ سے میڈیکل ڈاکٹر تھے تاہم لوگوں میں ان کی شہرت ان کے لکھے گئے ڈراموں، اداکاری اور فکشن نگاری کی وجہ سے تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  “خوشیوں کا باغ” کا مصنف ایک یاد ہوا، ممتاز فکشن نگار انور سجاد انتقال کر گئے

    دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈاکٹر انور سجاد کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اردو ادب کا اثاثہ تھے، ادب و فن کے لیے ان کی گراں قدر خدمات بھلائی نہیں جا سکتیں۔

    خیال رہے کہ ڈاکٹر انور سجاد 1935 میں لاہور میں پیدا ہوئے، ان کے سوگواران میں ایک بیوہ اور ایک بیٹی شامل ہیں۔