Tag: ڈاکٹر انور سجاد شاہ

  • ڈاکٹر انور سجاد کی نماز جنازہ ادا، وزیر اعلیٰ پنجاب کا اظہار افسوس

    ڈاکٹر انور سجاد کی نماز جنازہ ادا، وزیر اعلیٰ پنجاب کا اظہار افسوس

    لاہور: اردو کے ممتاز فکشن نگار، ڈراما نویس، مصور اور دانش ور ڈاکٹر انور سجاد کی نمازِ جنازہ آج لاہور میں ادا کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق معروف ادیب انور سجاد گزشتہ روز جمعرات کو لاہور میں 84 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، انھوں نے زندگی کی آخری سانسیں لاہور کی ہاؤسنگ سوسائٹی میں اپنی رہایش گاہ میں لیں۔

    ڈاکٹر انور سجاد کی نمازِ جنازہ میں اہل خانہ اور معروف شخصیات سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

    انور سجاد طویل عرصے سے علیل تھے، پیشے کے لحاظ سے میڈیکل ڈاکٹر تھے تاہم لوگوں میں ان کی شہرت ان کے لکھے گئے ڈراموں، اداکاری اور فکشن نگاری کی وجہ سے تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  “خوشیوں کا باغ” کا مصنف ایک یاد ہوا، ممتاز فکشن نگار انور سجاد انتقال کر گئے

    دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈاکٹر انور سجاد کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اردو ادب کا اثاثہ تھے، ادب و فن کے لیے ان کی گراں قدر خدمات بھلائی نہیں جا سکتیں۔

    خیال رہے کہ ڈاکٹر انور سجاد 1935 میں لاہور میں پیدا ہوئے، ان کے سوگواران میں ایک بیوہ اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

  • نامور مصنف اور ڈرامہ نگار ڈاکٹر انور سجاد کی کسمپرسی، پاکستان بیت المال نے مشکل دور کردی

    نامور مصنف اور ڈرامہ نگار ڈاکٹر انور سجاد کی کسمپرسی، پاکستان بیت المال نے مشکل دور کردی

    لاہور: پاکستان بیت المال نے ممتاز ڈرامہ نگار ، اداکار اور معروف ادیب ڈاکٹر انور سجاد کی بیماری اور معاشی تنگ دستی کا نوٹس لیا اور انہیں مالی امداد فراہم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر خاتون صارف نے ڈاکٹر انور سجاد شاہ کی معاشی تنگ دستی اور بیماری کے حوالے سے ایک خبر ٹویٹ کرتے ہوئے ارباب اقتدار کی توجہ دلانے کی کوشش کی تھی۔

    پاکستان بیت المال کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے ممبر عون عباس نے ٹویٹ کا نوٹس لیتے ہوئے دیگر صارفین سے استدعا کی کہ اگر کسی کے پاس ڈاکٹر انور سجاد کا نمبر ہے تو فراہم کریں۔

    انہوں نے ٹویٹ میں کہا کہ معروف ڈرامہ نویس و مصنف ڈاکٹر انور سجاد کےحوالے سے مدد کی اپیل کی ٹویٹ دیکھی جس کے بعد میں نےانکا رابطہ نمبر حاصل کیا اور پھر بیت المال لاہور کی ٹیم نے اُن کے گھر کا دورہ کیا۔

    دو گھنٹے قبل عون عباس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک اور ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈرامہ نگار ڈاکٹر انور سجاد شاہ کے ساتھ پاکستان بیت المال کی ٹیم موجود ہے۔

    پاکستان بیت المال کے مینیجنگ ڈائریکٹر نے بتایا کہ ادارے کی جانب سے اُن کو امداد فراہم کردی گئی اور جہاں تک ممکن ہوسکا مدد فراہم کی جائے گی۔

    ڈاکٹر انور سجاد شاہ نے وزیراعظم پاکستان اور پاکستان بیت المال کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ ’میں عمران خان کا بہت بڑا مداح ہوں’۔