کراچی : پولیس نے ڈاکٹر بیربل قتل کیس کو اےکلاس کرنے کی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی، جس میں بتایا کہ ملزمان سے متعلق کوئی شواہد یا معلومات نہیں مل سکی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی میں ڈاکٹربیربل قتل کیس کی سماعت ہوئی، پولیس نےمقدمہ اےکلاس کرنے کی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔
پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملزمان سے متعلق کوئی شواہد یا معلومات نہیں مل سکی، ملزمان کیخلاف مقدمہ داخل دفتر کردیا ہے، مزید شواہد سامنے آنے پر کیس چلایا جائے گا۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ دوسری جگہ پوسٹنگ ہوگئی ہے اب نئےافسرکیس دیکھیں گے، جس پر عدالت نےدوسرےتفتیشی افسر سےپیش رفت رپورٹ طلب کرلی اور کیس کی مزید سماعت 4 جولائی تک ملتوی کردی۔
وکیل مدعی صلاح الدین پنہور کا کہنا تھا کہ پولیس نے کیس کو بالکل سنجیدہ نہیں لیا، دن دیہاڑے ڈاکٹر کو گولیاں مار کر ہلاک کیاگیا، جب سےمقدمہ درج ہوا تفتیشی افسر عدالت نہیں آ رہے، جب تفتیشی افسرآیاتو اےکلاس رپورٹ دے دی، 30 مارچ کو ڈاکٹر بیربل کو قتل کیا گیا تھا۔