کراچی : ڈاکٹر بیربل کی بیٹی ڈاکٹر سپنا نے گورنر سندھ سے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بس میرے والد کے قاتل گرفتار ہونے چاہئیں۔
تفصیلات کے مطابق گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے نے ڈاکٹر بیربل کی بیٹی ڈاکٹر سپنا سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے ڈاکٹر کے قتل کے واقعے پر اظہار افسوس کیا۔
گورنرسندھ نے کہا کہ ڈاکٹربیربل کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، کراچی کےقابل لوگوں کوایک ایک کرکےٹارگٹ کیاجارہاہے، میراپوراتعاون آپ کےساتھ ہے، کوئی تعاون نہ کرے تو مجھے بتائیں، میں کل آپ کےگھرتعزیت کے لیے آؤں گا۔
جس پر بیٹی ڈاکٹرسپنا نے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بس میرے والد کے قاتل گرفتارہونے چاہئیں۔
گذشتہ روز ٹارگٹ کلنگ کرکےآنکھوں کوروشنی دینے والے ماہر ڈاکٹر قتل کردیا گیا تھا ، پولیس حکام نے بتایا تھا کہ ڈاکٹر بیربل کوقریب سےدوگولیاں ماری گئیں۔
حکام کے مطابق ڈاکٹر بیربل کی گاڑی پر گارڈن کی حدودمیں افطار سے پہلے اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ کلینک سےواپس جارہے تھے، جائے حادثہ سے نائن ایم ایم کے خول ملے جن کو فرانزک کےلیے بھیج دیا گیا ہے۔
واقعہ میں زخمی اسٹنٹ قرۃالعین کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، ان کا کہنا تھا انہوں نے حملہ کرنے والوں کو نہیں دیکھا جبکہ اہلخانہ نے بتایا کہ ڈاکٹر بیربل کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔