Tag: ڈاکٹر ثانیہ نشتر

  • احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں رجسٹریشن کروانے والوں کیلئے5 اہم اعلانات

    احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں رجسٹریشن کروانے والوں کیلئے5 اہم اعلانات

    اسلام آباد : وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے عوام کیلئے احساس ایمرجنسی کیش  پروگرام کے تحت 5 اہم اعلانات کردیے اور گزارش کی کہ پیغامات کوعوامی مفادمیں زیادہ سےزیادہ نشر کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ احساس ایمرجنسی کیش کیلئے5اعلانات عوام کیلئےاہم ہیں، میڈیاسےالتماس ہےپیغامات کوعوامی مفادمیں زیادہ سےزیادہ نشر کریں۔

    معاون خصوصی ثانیہ نشترنے اپنے ٹوئٹ کےذریعے پیغامات بھی شیئر کردیئے۔

    گذشتہ روز وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹرثانیہ نشتر نے کہا تھا کہ احساس پروگرام کےتحت پہلی کیٹگری میں 80 فیصدکام مکمل کرلیا گیا ہے اور دوسری کیٹگری میں کام شروع ہوچکا ہے جبکہ تیسری کیٹگری پر کام جلد شروع ہوجائے گا۔

    ڈاکٹرثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کےتحت ملک بھر کےمستحقین میں رقوم کی تقسیم جاری ہے، گزشتہ چودہ روزکےدوران 50 لاکھ 75 ہزارخاندانوں میں ایمرجنسی کیش تقسیم کیا گیا اور 80 لاکھ سے زائد لوگ اس وجہ سے مسترد ہوئے کیونکہ ایک خاندان سے چار سے چھ لوگوں نے رابطہ کیا تھا جبکہ 12ہزارسرکاری ملازمین کومسترد کیا گیا۔

    خیال رہے وزیراعظم نے لاک ڈاؤن کے دوران مستحق افراد کو بارہ ہزار روپے فی خاندان دینے کااعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مستحقین میں ایک سو چوالیس ارب روپے کی رقم تقسیم کی جائے گی۔

    عمران خان کی حکومت کے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کو عالمی میڈیا میں بھی پذیرائی ملی تھی اور امریکی نشریاتی ادارے نے اس حوالے سے رپورٹ بھی شائع کی تھی۔

  • احساس ایمرجنسی کیش پروگرام ، ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے مستحق افراد کو بڑی خوشخبری سنادی

    احساس ایمرجنسی کیش پروگرام ، ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے مستحق افراد کو بڑی خوشخبری سنادی

    اسلام آباد : وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ احساس پروگرام میں ایک دن میں 49.2ارب روپے بینکوں کو منتقل کر دئیے ،  مستحق افراد میں رقم کی تقسیم کےلئے ہفتہ اور اتوار کو بھی بینک کھلیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف پیکج کا آغاز ہوگیا، احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک دن میں49.2ارب روپےبینکوں کومنتقل کردئیے اور آج صبح صرف ڈیڑھ گھنٹے میں 25ہزار افراد نے رقم نکلوائی۔

    ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ  ملک بھر میں 17ہزار کیش تقسیم کاؤنٹرز قائم کر دئیے ہیں ، وزیراعظم نے رقم کی تقسیم کے لئے ڈھائی ہفتے کا وقت دیا ہے ، ڈھائی ہفتے میں ساری رقم بینکوں کےحوالے کر دیں گے ،رقم کی تقسیم کے لئے ہفتہ اور اتوار کو بھی بینک کھلیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ روزانہ لاکھوں پیغامات مستحق افراد تک پہنچائے جا رہے ہیں بہت بڑا پروگرام ہے چینلجز اور مسائل کا بھی سامنا ہے جن کے پاس میسج آیا وہ لائنز میں لگ رہے ہیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ  1871 پر پیغام بھیجنے پر 3طرح کے پیغام موصول ہوں گے ، آپ اس میسج کا انتظار کریں جس میں رقم دینےکی تاریخ دی گئی ہو۔

    ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ پروگرام کی شفافیت کے لئے اسے مکمل غیر سیاسی رکھا گیا ہے، وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ پروگرام سیاسی نہیں ہونا چاہیے  اور  ہدایت دی گئی ہے کہ سماجی تحفظ کے پروگرام غیر سیاسی ہوں گے، پروگرام کی تشہیر میں کسی سیاسی رہنماء کی تصویر نہیں لگائی گئی

    گذشتہ روز احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کےتحت مستحقین کیلئے ادائیگیوں کاآغاز کیا گیا تھا ، پروگرام کےتحت ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو ماہانہ بارہ ہزار روپے دیئے جا رہے ہیں، پروگرام میں ملک بھرکےمستحقین میں 144 ارب روپےتقسیم کئےجائیں گے۔

    معاون خصوصی ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ ادائیگی مراکزپرکورونا سےبچاؤ کیلئے خاص اقدامات کئے ہیں، کڑےوقت میں امداد ملنے پرشہری بھی حکومت کےشکرگزار ہیں، مختلف شہروں میں سترہ ہزار پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ضرورت مندوں میں نقدرقوم کی منتقلی حکومت کابڑاکارنامہ ہے، پاکستان کی تاریخ میں کسی حکومت نے اتنی بڑی رقم کی تقسیم کاآغازنہیں کیا۔

  • 50 ہزار اسکالر شپس کن طالبات کو دی جائیں گی؟ اعلان ہوگیا

    50 ہزار اسکالر شپس کن طالبات کو دی جائیں گی؟ اعلان ہوگیا

    اسلام آباد : وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ احساس پروگرام تاریخ کاسب سے بڑا انڈرگریجویٹ اسکالر شپ پروگرام ہوگا ، پروگرام تمام سرکاری یونیورسٹیز میں مستحق طلبا کیلئے ہے، اسکالر شپس کیلئے اگلے سال کا پروگرام جون میں شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا 4نومبرکواحساس گریجویٹ اسکالرشپس کا انعقاد ہوا تھا، 4 سال کے لئے 50ہزار اسکالر شپس دی جائیں گی، اسکالرشپس 50فیصد خواتین ،2 فیصد خصوصی افراد کیلئے ہے۔

    ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ اسکالرشپ کیلئے 45ہزار سے کم آمدن خاندان ، میرٹ کو بھی دیکھا جاتا ہے ، ایک لاکھ 32ہزار192 درخواستیں ہمارے پاس اسکالر شپس کے لیے آئیں، 41 ہزار سے زائد درخواستیں خواتین کی تھیں۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ کچھ طلبا کو وزیراعظم عمران خان آج اپنے ہاتھ سے اسکالرشپس دیں گے، احساس پروگرام ملکی تاریخ پہلا بڑاانڈر گریجویٹ اسکالرشپ پروگرام ہوگا، پروگرام کو چاروں صوبوں،گلگت بلتستان، آزاد کشمیر تک پھیلا دیا ہے۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم ملکی تاریخ کے سب سے بڑے اسکالرشپ پروگرام کا آج آغاز کریں گے

    ان کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام تمام سرکاری جامعات میں مستحق طلبا کیلئے ہے ، اسکالر شپس کیلئے اگلے سال کا پروگرام جون میں شروع ہوگا، اسکالرشپس پہلے سے طے شدہ فارمولے کے تحت یونیورسٹیز میں دی جائیں گی۔

    ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے مزید کہا کہ اسکالرشپس کی پالیسی کامعاملہ اسٹیرئنگ کمیٹی دیکھتی ہے ، پرائیوٹ سیکٹر کیلئے اس سال اسکالر شپس نہیں کھولی جائیں گی، پرائیوٹ سیکٹر کیلئے اسکالرشپس کامعاملہ اسٹیرنگ کمیٹی میں دیکھاجائے گا۔

    خیال رہے احساس انڈرگریجویٹ اسکالرشپس پروگرام کے تحت اعلیٰ تعلیم کیلئے ہر سال50 ہزار طلبہ کواسکالر شپس دیئے جائیں گے جبکہ 50 فیصد کوٹہ طالبات کا ہوگا اور 2 فیصد اسکالر شپس خصوصی معذور طلبہ کو دی جائیں گی، اسکالرشپ کا دارومدار مستقبل میں طلبا کی تعلیمی کارکردگی پر ہوگا۔

  • بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے سرکاری ملازمین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا عندیہ

    بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے سرکاری ملازمین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا عندیہ

    اسلام آباد: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے سرکاری ملازمین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا عندیہ دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے غیر مستحق سرکاری ملازمین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

    سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمے کے بارے میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اس حوالے سے ایک انٹرویو میں کہا کہ متعلقہ سرکاری ملازمین کی تفصیلات ان کے شعبوں کو بھجوائی جائیں گی تاکہ ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جا سکے۔

    ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو مزید شفاف بنایا جائے گا، حکومت نے خصوصی مہم میں ایسے 14 ہزار 730 سرکاری ملازمین کی شناخت کر لی ہے، مجموعی طور پر 8 لاکھ 20 ہزار 165 غیر مستحق خواتین کی شناخت ہو چکی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 8 لاکھ سے زائد افراد کو نکالنے کا فیصلہ

    دو دن قبل ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ 10 سال قبل سروے کے ذریعے مستحقین کا تعین کیا گیا تھا، 10 سال میں لوگوں کے حالات بدل جاتے ہیں، حکومت نے فیصلہ کیا کہ پروگرام سرکاری ملازمین کے لیے نہیں ہے، اس لیے 8 لاکھ سے زاید خواتین کو نکالنے کا فیصلہ کیا گیا، یہ اقدام مستحق افراد تک مالی امداد پہنچانے کے لیے اٹھایا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ غیر مستحق افراد کو 2011 سے ادائیگیاں کی جا رہی تھیں، ایسا شخص جس کے نام پر گاڑی ہو، پی ٹی سی ایل یا موبائل کا بل ایک ہزار سے زائد ہو، ایسے افراد اہل نہیں ہیں۔

  • وزیراعظم کی سرپرستی میں’احساس پروگرام‘ کی نئی پالیسی تشکیل

    وزیراعظم کی سرپرستی میں’احساس پروگرام‘ کی نئی پالیسی تشکیل

    اسلام آباد : وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ کابینہ نے’احساس پروگرام‘ کی گورننس،انٹیگریٹی پالیسی کی منظوری دے دی، نئی پالیسی وزیراعظم کی سرپرستی میں بنائی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے ’احساس پروگرام‘ میں کڑے احتساب کی پالیسی متعارف کرا دی گئی، پالیسی میں ادائیگیوں، ٹھیکوں، بھرتیوں، خریداری میں شفافیت سمیت 27 نکات شامل ہیں۔

    معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ گورننس وانٹیگریٹی پہلی پالیسی ہے۔ انہوں نے منظوری پر کابینہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نئی پالیسی وزیراعظم کی سرپرستی میں بنائی گئی ہے، وزیراعظم چاہتے ہیں پروگرام کے تحت حقداروں تک ان کی رقم پہنچے۔

    انہوں نے کہا کہ لنگر، وظائف، بلاسود قرض اور اثاثوں کی منتقلی پروگرام پر لاگو ہوگی، نئی پالیسی کمیشن پرٹھیکوں، بھرتیوں میں اقربا پروری ختم کرائے گی، پالیسی دبی آڈٹ رپورٹس سامنے لائے گی، کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔

    معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ ادارے صوابدیدی اختیارات ختم ہونے کے ڈر سے پالیسیاں نہیں بنا پاتے، ربڑاسٹمپ کمیٹیوں، بورڈز کو فعال بنائیں گے۔

    حکومت کا احساس پروگرام اُن لوگوں کے لیے ہے، جن کے پاس نوکریاں نہیں ، ڈاکٹر ثانیہ نشتر

    یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشترکا کہنا تھا کہ احساس پروگرام اُن لوگوں کے لیے ہے، جن کے پاس نوکریاں نہیں، پروگرام کے تحت 4 سال ہر ماہ 80 ہزار روپے بلاسود قرضہ دیا جائے گا۔

    معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشترکا مزید کہنا تھا کہ شفافیت اورگورننس بہت ضروری ہے، اسکالرشپ بھی آئے گی، گورننس میں شفافیت اہم چیزہے۔

  • حکومت کا احساس پروگرام اُن لوگوں کیلئے ہے ، جن کے پاس نوکریاں نہیں ، ڈاکٹر ثانیہ نشتر

    حکومت کا احساس پروگرام اُن لوگوں کیلئے ہے ، جن کے پاس نوکریاں نہیں ، ڈاکٹر ثانیہ نشتر

    اسلام آباد : وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا احساس پروگرام اُن لوگوں کیلئے ہے، جن کے پاس نوکریاں نہیں، پروگرام کے تحت 4 سال ہر ماہ 80 ہزار روپے بلاسود قرضہ دیا جائے گا، حکومت نے احساس کیا سڑکوں پر سونے والوں کیلئے پناہ گاہیں بنائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی بہبود ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا حکومت ہر ماہ 80ہزار بلا سود قرضے فراہم کرے گی ، پروگرام ایسےلوگوں کیلئےجن کےپاس نوکریاں نہیں،ث وزیراعظم نےخوداس پروگرام کوشروع کیاہے، ہرماہ نیا پروگرام لائیں گے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کل 391مقامات پر بلاسود قرضے دینے کی تقریبات ہوئیں اور 151 لوگوں کو بلاسود قرضے دیئےگئے ، 3.02 بلین رقوم بلا سود قرضے دیئے گئے ہیں ، پروگرام کے تحت4 سال ہر ماہ 80ہزار روپے  بلاسود قرضہ دیاجائے گا۔

    ڈاکٹرثانیہ نشتر نے کہا حکومت نےاحساس کیا سڑکوں پر سونے والوں والوں کیلئے پناہ گاہیں بنائی، فوج نےبھی اپنابجٹ رضاکارانہ طورپرکٹ کردیا، غریبوں کیلئے بجٹ ڈبل کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا بہت سےلوگوں کی زندگیوں میں چھوٹےقرضوں سےانقلاب آسکتاہے ، ایک بھائی نےاپنی بہن کیلئےقرضےسےسلائی مشین خریدی ہے، پروگرام سےغریب کی زندگی پراثرپڑےگا، ہنر کے ادارے تربیت دے رہے ہیں۔

    معاون خصوصی برائے سماجی بہبود نے کہا شفافیت اورگورننس بہت ضروری ہے، اسکالرشپ بھی آئےگی،گورننس میں شفافیت اہم چیزہے، مرغیوں اور انڈوں کا پروگرام اہم ہے۔

    ڈاکٹرثانیہ نشتر کا کہنا تھا احساس پروگرام پاکستان کاسب سےبڑاجامع پروگرام ہے، پروگرام سےمتعلق 115پروگرامزہیں، اقوام متحدہ کی ایک میٹنگ ہے، جس  میں پروگرام پربریفنگ دیں گے ، ایک ماہ میں تمام صوبوں میں پروگرام لانچ ہوگا۔

  • احساس پروگرام ریاست مدینہ کے اصولوں کو مد نظر رکھ کر تشکیل دیا گیا: ڈاکٹر ثانیہ نشتر

    احساس پروگرام ریاست مدینہ کے اصولوں کو مد نظر رکھ کر تشکیل دیا گیا: ڈاکٹر ثانیہ نشتر

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی بہبود و غربت مٹاؤ مہم ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس پروگرام ریاستِ مدینہ کے اصولوں کو مدِ نظر رکھ کر تشکیل دیا گیا ہے۔

    پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احساس پروگرام کی سربراہ ثانیہ نشتر نے کہا کہ یہ پروگرام پس ماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے ایک اہم پروگرام ہے، جو بیواؤں، یتیموں، بے گھر افراد اور غریب طلبہ کے لیے لایا گیا ہے۔

    ڈاکٹر ثانیہ کا کہنا تھا کہ ایسی پالیسیاں لائی جا رہی ہیں کہ حکومت چھوٹی سطح پر ٹھیکے دے، ہماری کوشش ہوگی کہ اس سلسلے میں سیاسی تقرریوں سے بچا جائے، حساس پروگرام کا وقت کے ساتھ دائرہ بڑھایا جائے گا، ٹاؤن اور مارکیٹ کمیٹیوں میں سیاسی تقرریوں سے گریز کیا جائے گا، سماجی تحفظ کے بجٹ کو مسائل کے با وجود دگنا کریں گے۔

    ثانیہ نشتر نے کہا کہ سماجی تحفظ کے ادارے پہلے بکھرے ہوئے تھے، اب یہ ایک ڈویژن سے منسلک کر دیے گئے ہیں، اس اقدام سے سماجی تحفظ کے لیے ون ونڈو آپریشن کے پروگرام میں آسانی ہوگی۔

    انھوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے جو بھی ضرورت مند ہو اس کو ایک ہی جگہ جانا پڑے، مستحقین کی نشان دہی کے لیے ملک گیر سروے بھی جاری ہے، آیندہ سال تک سروے کے نتائج سامنے آ جائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ڈاکٹر ثانیہ نشتر وزیراعظم کی معاون خصوصی مقرر

    بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئر پرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی کے جعلی میسجز بھیجنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے، مستحق افراد کے بینک اکاؤنٹ کھلنے کا سلسلہ اسی سال شروع ہو جائے گا۔

    انھوں نے بتایا کہ تحفظ پروگرام ان لوگوں کے لیے ہے جن پر اچانک کوئی آفت آ جائے، اس میں آسمانی آفت، بیماری اور کوئی مقدمہ بھی ہو سکتا ہے، تحفظ پروگرام میں مستحقین کو48 گھنٹے میں مدد فراہم کی جائے گی، معذروں کو وہیل چیئر اور دیگر آلات فراہم کیے جائیں گے۔

    ثانیہ نشتر نے کہا کہ سماجی تحفظ میں غریب اور بزرگ افراد کو حصہ بنایا گیا ہے، محنت کشوں کی فلاح کی بہت سی پالیسیاں احساس پروگرام کا حصہ ہیں، محنت کشوں کو بیرون ملک جانے سے پہلے ان کے حقوق سے آگاہ کیا جائے گا، وزیر اعظم کی ہدایت ہے باہر جانے والے محنت کشوں کی بائیو میٹرک تصدیق کی جائے۔

  • ڈاکٹر ثانیہ نشتر وزیراعظم کی معاون خصوصی مقرر

    ڈاکٹر ثانیہ نشتر وزیراعظم کی معاون خصوصی مقرر

    اسلام آباد : ڈاکٹرثانیہ نشتر کو  وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ وغربت مٹاؤمہم مقرر کردیا گیا ، ثانیہ نشتربینظیرانکم سپورٹ پروگرام کی چیئر پرسن اور احساس پروگرام کی سربراہ بھی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ میں ایک بار پھر توسیع کردی گئی اور ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو وزیراعظم کی معاون خصوصی مقرر کر دیا گیا انھیں وفاقی وزیر کا درجہ دیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر ثانیہ نشتر وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور غربت مٹاو پروگرام ہوں گی اور معاملات دیکھیں گی۔

    ثانیہ نشتر بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن اور احساس پروگرام کی سربراہ بھی ہیں۔

    مزید پڑھیں :وزیر اعظم نے “غربت مٹاؤ پروگرام” کا افتتاح‌ کر دیا، 80 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان

    یاد رہے 27 مارچ کو وزیراعظم عمران خان نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ” غربت مٹاؤ پروگرام” کا افتتاح کیا تھا ، غربت مٹاؤ پروگرام کا نام “احساس اورکفالت” رکھا گیا، پروگرام کے تحت بیواؤں، یتیموں اور بزرگوں کو مالی مدد دی جائے گی۔

    خیال رہےوزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر سے ملاقات میں پروگرام کی اصولی منظوری دی تھی، ابتدائی مرحلے میں ایک سو بیس ارب روپے کی رقم مختص کی گئی تھی۔

  • ڈبلیوایچ اوکی سربراہی کیلئے پاکستانی خاتون مضبوط امیدوار

    ڈبلیوایچ اوکی سربراہی کیلئے پاکستانی خاتون مضبوط امیدوار

    جنیوا : عالمی ادارہ صحت کے نئے سربراہ کیلئے پری پول انتخابی سروے میں پاکستانی ڈاکٹر ثانیہ نشترموسٹ فیورٹ قرار پائی ہیں، سائرہ افضل تارڑ نے پاکستانی امیدوارکی انتخابی مہم چلائی۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیوایچ او) کے نئے سربراہ کیلئے انتخابی عمل کا پہلامرحلہ جاری ہے جس میں ری پول انتخابی سروے کیا گیا ، سروے کے مطابق پاکستان سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹرثانیہ نشتر واضح مارجن سے کامیاب قرار پائی ہیں اور انہیں عہدے کیلئے موسٹ فیورٹ قرار دیا گیا ہے۔

    وزیرمملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ نے جینیوا میں پاکستانی امیدوار ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی انتخابی مہم بھرپور انداز میں چلائی، سائرہ افضل تارڑ نے ڈبلیو ایچ او کے ایگزیکٹیو بورڈ ممبران کے اعزاز میں استقبالیہ دیا۔

    پاکستان کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ میں عالمی مندوبین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں بورڈ ممبران سے پاکستانی امیدوارکو کامیاب کرانے کی اپیل کی۔

    سائرہ افضل تارڑ کا کہنا تھا کہ دنیا کو مہاجرین اور صحت عامہ کے مسائل کا سامنا ہے، اس حوالے سے ڈاکٹر ثانیہ نشترکو صحت عامہ کے مسائل کا وسیع تجربہ ہے، لہٰذا ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کیلئے ڈاکٹر ثانیہ نشترسب سے موزوں اور مضبوط امیدوار ہیں۔

    واضح رہے کہ انتخاب کے پہلے مرحلے میں 34 رکنی ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس جنیوا میں ہو گا، اجلاس میں ڈبلیو ایچ او سربراہ کیلئے 5 امیدواروں کو منتخب کیا جائیگا، ڈبلیوایچ او کے نئے سربراہ کا انتخاب رواں برس مئی میں ہوگا۔