Tag: ڈاکٹر عارف علوی

  • کشمیریوں کی غیرمتزلزل حمایت جاری رہے گی، صدر، وزیر اعظم

    کشمیریوں کی غیرمتزلزل حمایت جاری رہے گی، صدر، وزیر اعظم

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ  نے یوم ِیکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

    اپنے دفتر سے جاری بیان میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام76سال سے حق خود ارادیت کی جدوجہد کررہے ہیں، پاکستان کشمیریوں کی غیر متزلزل حمایت کی تجدید کرتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اقوام ِمتحدہ کی جنرل اسمبلی ہرسال اس حوالے سے ایک قرارداد منظور کرتی ہے، افسوسناک امر ہے کہ کشمیری عوام اس ناقابل ِتنسیخ حق سے ابھی تک محروم ہیں۔

    بھارتی افواج نے کشمیریوں کیخلاف طاقت کے اندھا دھند استعمال کا بازار گرم کر رکھا ہے،5اگست2019کے غیرقانونی اقدامات کا مقصد آبادیاتی تبدیلیاں لانا ہے، بھارت کشمیریوں کو اپنی ہی سرزمین میں ایک بےاختیار کمیونٹی بنانا چاہتا ہے۔

    نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ ہم کشمیری بہن بھائیوں کی 76سالہ لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر کا واحدحل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہے،

    انہوں نے کہا کہ بھارتی زیرتسلط جموں وکشمیر کےعوام کو ڈرانے اور دبانے کی مذموم مہم جاری ہے، بھارت نے میڈیاپر پابندی، کشمیری قیادت و انسانی حقوق کے علمبرداروں کو قید کیا ہوا ہے۔

    نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ مظلوم کشمیریوں کا حق خود ارادیت چھیننے کے اقدامات کی کڑی ہے، ان کے بلند ارادوں کو نام نہاد قانون سازی اور کٹھ پتلی عدالتی فیصلوں سے دبایا نہیں جاسکتا۔

  • ملک کی 24 فیصد آبادی کو نفسیاتی صحت کے مسائل باعث تشویش ہیں: صدر مملکت

    ملک کی 24 فیصد آبادی کو نفسیاتی صحت کے مسائل باعث تشویش ہیں: صدر مملکت

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی 24 فیصد آبادی کو نفسیاتی صحت کے مسائل ہونا باعث تشویش ہے، مینٹل ہیلتھ پروفیشنلز کو استعداد کار میں اضافے کے لیے تربیت دینا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت نفسیاتی صحت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

    اجلاس میں صدر پاکستانی امریکن سائیکٹرک ایسوسی ایشن، قومی کمیشن انسانی حقوق، عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں، پاکستان سائیکٹری سوسائٹی، وزارت صحت اور نفسیاتی صحت کے ماہرین نے شرکت کی۔

    اجلاس میں صدر مملکت نے ذہنی صحت کے علاج اور روک تھام کے لیے اسٹیک ہولڈرز کی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

    صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی 24 فیصد آبادی کو نفسیاتی صحت کے مسائل ہونا باعث تشویش ہے، نفسیاتی صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے صرف 5 سے 6 سو ماہرین نفسیات ہیں۔

    انہوں نے ذہنی صحت کے پروفیشنلز کی تعداد میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ پروفیشنلز کو استعداد کار میں اضافے کے لیے تربیت دینا ہوگی۔

    اجلاس کے شرکا نے نفسیاتی صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے مختلف تجاویز دیں۔

  • انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کریں، صدر مملکت کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

    انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کریں، صدر مملکت کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھتے ہوئے کہا ہے کہ ’’انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کریں، آئین تاخیر کی اجازت نہیں دیتا۔‘‘

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان کی جانب سے الیکشن کمیشن کے سربراہ کو ایک اہم خط لکھا گیا ہے جس میں انھیں انتخابات کے فوری اعلان کی ہدایت کی گئی ہے۔

    صدر مملکت نے لکھا کہ الیکشن کمیشن صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کرے، اور الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق کے پی اور پنجاب کے لیے انتخابی شیڈول جاری کرے۔

    انھوں نے لکھا کہ انتخابات کا اعلان کریں تاکہ قیاس آرائیوں پر مبنی پروپیگنڈے کو ختم کیا جا سکے۔

    صدر مملکت نے خط میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ آئین کا آرٹیکل 224 دو اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 دن کے اندر انتخابات پر زور دیتا ہے، اس لیے آئین کے مطابق انتخابات کا انعقاد ای سی پی کا بنیادی اور لازمی فرض ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا خط میں کہنا تھا کہ آئین کا آرٹیکل 218 (3) ای سی پی کو شفاف انتخابات یقینی بنانے کا فرض تفویض کرتا ہے، اگر الیکشن کمیشن فرائض کی ادائیگی میں ناکام رہا تو آئینی خلاف ورزی کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا، میں نے سربراہ مملکت ہونے کی حیثیت سے آئین کے تحفظ اور دفاع کا حلف لیا ہے۔

    صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو آئین کے تحت حلف کے مطابق بنیادی ذمہ داری کی یاد دہانی کراتے ہوئے لکھا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کی خلاف ورزی سے بچنے کے لیے انتخابی شیڈول کا اعلان کیا جائے۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خط میں آئین کی تمہید اور قرارداد مقاصد کا بھی حوالہ دیا، تمہید میں کہا گیا ہے کہ ریاست اپنی طاقت اور اختیار کو عوام کے نمائندوں کے ذریعے استعمال کرے گی، جب کہ قرارداد مقاصد قوم کے آباؤ اجداد کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہے۔

    انھوں نے لکھا کہ آئین میں جمہوری اصولوں اور اقدار کی پابندی اور پیروی کے بارے میں کوئی ابہام نہیں، دنیا کی پرانی جمہوریتوں نے جنگوں کے دوران بھی انتخابات میں تاخیر نہیں کی، امریکا نے 1812 میں برطانیہ کے ساتھ جنگ کے باوجود انتخابات کرائے، اور امریکی صدر ابراہم لنکن نے 1864 میں خانہ جنگی کے دوران بھی انتخابات معطل کرنے کا نہیں سوچا۔

    صدر نے لکھا کہ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کر کے مناسب آئینی قدم اٹھایا، پختہ خیال ہے کہ انتخابات ملتوی یا تاخیر کا جواز فراہم کرنے والے حالات ملک میں نہیں ہیں، اور حالیہ عالمی تاریخ ثابت کرتی ہے کہ انتخابات کے التوا نے جمہوریت کو نقصان پہنچایا، اس لیے الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کرے۔

  • صدر مملکت نے آئی سی ٹی لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل بغیر دستخط کیے واپس کر دیا

    صدر مملکت نے آئی سی ٹی لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل بغیر دستخط کیے واپس کر دیا

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیرٹری (آئی سی ٹی لوکل) گورنمنٹ ترمیمی بل 2022 بغیر دستخط کیے واپس کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئی سی ٹی لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2022 بغیر دستخط واپس کر دیا، صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 75 کی شق بی ون کے تحت بل واپس کیا۔

    ایوان صدر سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت کا کہنا ہے کہ ترمیمی بل سے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں مزید تاخیر ہوگی، وفاقی حکومت کے عجلت میں اقدامات سے انتخابی عمل میں دو بار تاخیر ہوئی جو مثبت نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 50 یو سیز کی حد بندی مکمل ہونے پر الیکشن کمیشن نے مقامی حکومتوں کے انتخابات کا فیصلہ کیا، پولنگ کی تاریخ کے اعلان کے باوجود وفاق نے یو سیز کی تعداد 101 کر دی۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے اس اقدام سے اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن التوا کا شکار ہوئے، 101 یو سیز کی حدبندی کے بعد الیکشن کمیشن نے 31 دسمبر 2022 کو انتخابات کا فیصلہ کیا تھا۔

    اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ موجودہ بل کا سیکشن 2 آئی سی ٹی میں 125 یونین کونسلوں کا ذکر کرتا ہے، اس لیے 31 دسمبر 2022 کو ہونے والے انتخابات دوبارہ ملتوی کیے گئے، موجودہ بل سیکشن 3 کے مطابق انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات کا طریقہ بدل گیا۔

  • ’صدر مملکت کا سابق آرمی چیف سے متعلق بیان خود ساختہ اور من گھڑت ہے‘

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق آرمی چیف اور ان کی ٹیم کے سینیٹ میں مبینہ مدد کے حوالے سے اُن سے منسوب غلط بیان کا نوٹس لے لیا۔

    ایوان کی جانب سے جاری کردی اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق آرمی چیف کی سینیٹ میں مبینہ مدد کے حوالے سے ان سے منسوب بیان کا نوٹس لیا ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت کا سابق آرمی چیف سے متعلق بیان خود ساختہ اور من گھڑت ہے۔

    اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے بیان کو سیاق و سابق سے ہٹ کر بتایا گیا ہے۔

  • بنوں حملہ: صدر مملکت کی شہید اہلکاروں کے اہلخانہ سے تعزیت

    بنوں حملہ: صدر مملکت کی شہید اہلکاروں کے اہلخانہ سے تعزیت

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بنوں میں دہشت گرد حملے میں شہید اہلکاروں کے اہلخانہ سے فون پر تعزیت کی اور شہدا کی بہادری اور وطن کے لیے قربانی کے جذبے کو سلام پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بنوں میں دہشت گرد حملے میں شہید اہلکاروں کے اہلخانہ سے فون پر تعزیت کی، صدر مملکت نے شہید صوبیدار میجر خورشید کے پسماندگان سے اظہار افسوس کیا۔

    صدر عارف علوی نے سپاہی سعید احمد کے بھائی سے بھی فون پر رابطہ کیا۔ انہوں نے 19 دسمبر کو میران شاہ میں شہید ہونے والے نائیک عابد کے والد سے بھی تعزیت کی۔

    صدر مملکت نے شہدا کو وطن کے لیے خدمات اور جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے شہدا کی بہادری اور وطن کے لیے قربانی کے جذبے کو سلام پیش کیا۔

    صدر مملکت نے پسماندگان کے ساتھ اظہار ہمدردی اور صبر جمیل کی دعا کی۔

    یاد رہے کہ رواں ہفتے سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ بنوں میں قید دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی حکام کو یرغمال بنالیا تھا، جنہیں چھڑوانے کے لیے کامیاب آپریشن کیا گیا۔

    آپریشن میں 35 کے قریب دہشت گردوں کا صفایا ہوا جبکہ فورسز کے دو سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا تھا اور 3 افسران سمیت 10 سپاہی زخمی بھی ہوئے تھے۔

  • صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی انگلینڈ کو مبارکباد

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی انگلینڈ کو مبارکباد

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے کم اسکور کے باوجود بھرپور کوشش کی اور اچھی باؤلنگ کی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد دی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ انگلینڈ نے تمام شعبوں میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ کپ جیتا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے بھی اچھا کھیل کھیلا، کم اسکور کے باوجود ٹیم نے بھرپور کوشش کی اور اچھی باؤلنگ کی۔

    خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں انگلینڈ پاکستان کو شکست دے کر چیمپیئن بن گیا۔

    میلبرن میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے مطلوبہ 138 رنز کا ہدف ایک اوور قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    فائنل میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے کوئی تبدیلی نہیں کی تھی اور اپنے سیمی فائنلز کے فاتح اسکواڈز کو برقرار رکھا تھا۔

  • ’سیرت النبیﷺ سے رہنمائی لیکر ہم نے کرونا جیسے چیلنج کا مقابلہ کیا‘

    ’سیرت النبیﷺ سے رہنمائی لیکر ہم نے کرونا جیسے چیلنج کا مقابلہ کیا‘

    اسلام آباد : صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ دنیا کی پریشانیوں اور مسائل میں ہمیں رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے اور نبی کریم ﷺ کی احادیث ہماری رہنمائی کرتی ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار سربراہ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ قرآن پاک اور سیرت رسولﷺ ہمیں ہر لمحہ رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔

    صدر مملکت نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ سے رہنمائی لیکر ہم نے کرونا وائرس جیسے موذی چیلنج کا مقابلہ کیا اور وبا سے بچاؤ کےلیے نبی کریم ﷺ کی احادیث ہماری رہنمائی کرتی ہیں۔

    ڈاکٹر عارف کا کہنا تھا کہ مسجد نبوی ﷺ سے اتھنے والے انقلاب نے دنیا کو بدل کر رکھ دیا اور ساتھ ہی نبی کریم ﷺ کی زبان کی نرمی اور شائستگی اپنی مثال آپ تھی۔

    رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس سے وزیر اعظم عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

    یاد رہے گذشتہ سال بھی حکومت نے ماہ ربیع الاول سرکاری سطح پر شایان شان طریقے سے منایا تھا اور اس سلسلے میں محمد مصطفیُ سرکار دو عالم رحمت العالمین رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا۔ جس میں عالمی اسکالرز کو مدعو کیا گیا اور علمائے اکرام نے حضورﷺ کی سیرتِ مبارکہ پر روشنی ڈالی۔

  • وبا کے باوجود پاکستانی معیشت میں بہتری آئی: ڈاکٹر عارف علوی

    وبا کے باوجود پاکستانی معیشت میں بہتری آئی: ڈاکٹر عارف علوی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کرونا وبا کے باوجود پاکستان کی معیشت میں بہتری آئی، ٹیکس وصولی اور برآمدات میں اضافہ معیشت کی بہتر کارکردگی ظاہر کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے لاہور ایوان صنعت و تجارت کے وفد نے ملاقات کی۔

    ملاقات میں صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ حکومت منصفانہ کاروباری ماحول اور پائیدار معیشت کے لیے پرعزم ہے، حکومت کاروباری اور کمزور طبقات کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت نے کاروباری اور کمزور طبقات کو 1.2 کھرب کا تاریخی پیکج فراہم کیا، کرونا وبا کے باوجود پاکستان کی معیشت نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ٹیکس وصولی اور برآمدات میں اضافہ معیشت کی بہتر کارکردگی ظاہر کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 ماہ کے دوران ملک کی برآمدات میں 13 فیصد اضافہ ہوا، پاکستان کی برآمدات گزشتہ 10 ماہ میں 20 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔ ٹیکس محصولات کے 3.6 کھرب کے ہدف سے 143 ارب زائد وصولیاں ہوئیں۔

    صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی کاروباری عالمی درجہ بندی 136 ویں سے 108 کی پوزیشن تک پہنچ گئی، بزنس کمیونٹی ٹیکس ادا کرنے کی ترغیب دینے کے لیے فعال کردار ادا کرے۔

  • ایرانی صدر کا صدر پاکستان کو خط

    ایرانی صدر کا صدر پاکستان کو خط

    اسلام آباد: ایران کے صدر حسن روحانی نے نو روز کے موقع پر صدر عارف علوی کے نام خط ارسال کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے ایک خط کے ذریعے صدر عارف علوی کو نو روز اور نئے ہجری سال کی مبارک باد دی ہے۔

    صدرِ ایران نے خط میں لکھا کہ نو روز کا تہوار امید اور خوشیوں کا پیغام لاتا ہے، اور غم اور اداسی سے آزادی کا احساس جگاتا ہے، میں امید کرتا ہوں کہ انسان اپنے دلوں اور روح میں نئی بہار لا سکیں گے۔

    حسن روحانی کا کہنا تھا دنیا نےگزشتہ سال کرونا وبا، اور اس سے پیدا ہونے والے متعدد سماجی، معاشی چیلنجز کا سامنا کیا، امید ہے نو روز اس سال دونوں ممالک کے لوگوں کے لیے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

    خط میں ایرانی صدر نے دعائیں دیتے ہوئے لکھا ’میں اللہ تعالیٰ کے حضور آپ کی کامیابی اور اچھی صحت کے لیے، اور پاکستان کے عظیم لوگوں کے لیے خوشیوں اور رحمتوں سے بھرپور دنوں کے لیے دُعا گو ہوں۔‘

    یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں پاک ایران تعلقات میں دو اہم باتیں وقوع پذیر ہوئی تھیں، ایک طرف پاکستان نے ایرانی جوہری سائنس دان محسن فخری زادہ کے قتل کی مذمت کی، اور واضح کیا کہ ایسے اقدام بین الاقوامی تعلقات اور قانون کے تمام اصولوں کے خلاف ہیں۔ دوسری طرف پاکستان نے ترکی اور ایران کے ساتھ مل کر تینوں ممالک کے درمیان ٹرین سروس آپریشنل کرنے پر اتفاق کر کے اس پر کام کا آغاز کیا۔