Tag: ڈاکٹر عارف علوی

  • ترکی کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی حمایت جاری رکھے گا: اردوان کا صدر پاکستان کو فون

    ترکی کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی حمایت جاری رکھے گا: اردوان کا صدر پاکستان کو فون

    اسلام آباد: ترک صدر رجب طیب اردوان نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کو فون کر کے کہا ہے کہ ترکی کشمیر کے معاملے پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت جاری رکھے گا۔

    تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کے موقع پر ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ٹیلی فون کر کے بقر عید کی مبارک باد دی، اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، صدر عارف علوی نے بھی ترک ہم منصب کو عید کی مبارک باد دی۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ عید ایسے وقت منائی جا رہی ہے جب دنیا کو متعدد چیلنجز درپیش ہیں، کرونا وبا نے عالمی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

    صدر عارف علوی نے فون پر گفتگو کے دوران کرونا کے خلاف عالمی جنگ میں ترکی کے کردار کو سراہا، صدر مملکت نے مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی حالت زار پر بھی روشنی ڈالی اور خوف کے ماحول میں زندگی گزارنے والے بھارتی مسلمانوں کے مسائل کو اجاگر کیا۔

    ترک صدر کا وزیر اعظم سے ٹیلیفونک رابطہ، کشمیر سمیت اہم امور پر گفتگو

    صدر مملکت نے ہم منصب کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں جارحانہ بھارتی اقدامات کو ایک سال مکمل ہونے کو ہے، کرونا بحران کے باوجود قابض حکومتوں کے فلسطین اور کشمیر میں مظالم جاری ہیں۔

    ترک صدر رجب اردوان نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان اور ترکی کے اہداف ایک ہیں، ترکی کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت جاری رکھے گا۔

    دریں اثنا، ترک صدر نے عارف علوی کو کرونا کے خاتمے پر ترکی کے دورے کی دعوت دی۔

  • صدر مملکت کا نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ

    صدر مملکت کا نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کرونا سے نمٹنے کے لیے این سی او سی کے بروقت اقدامات کی تعریف کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ کیا جہاں این سی او سی سربراہ لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان نے ان کا استقبال کیا۔

    این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت عارف علوی کی زیر صدارت این سی او سی میں اجلاس ہوا جس میں اسدعمر،فخر امام، نور الحق قادری،ظفرمرزا،صوبائی چیف سیکریٹریز نے بذریعہ ویڈیولنک شرکت کی۔

    اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل،سرجن جنرل پاکستان لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر نے بھی شرکت کی۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر اسد عمر نے صدر مملکت کو کرونا صورتحال، حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی۔صدر مملکت کو کرونا سے متعلق وفاق اور صوبوں کے مابین رابطوں سے متعلق بھی بتایا گیا۔

    اعلامیے کے مطابق ڈاکٹر عارف علوی نے کرونا سے نمٹنے کے لیے این سی او سی کے بروقت اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ این سی او سی کی کرونا ایس او پیز، گائیڈ لائن قابل ستائش ہیں۔

  • اوورسیز پاکستانیوں کے دیرینہ مطالبے کو جلد پورا کرنے جا رہے ہیں: بابر اعوان

    اوورسیز پاکستانیوں کے دیرینہ مطالبے کو جلد پورا کرنے جا رہے ہیں: بابر اعوان

    اسلام آباد: صدر مملک ڈاکٹر عارف علوی اور مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں بابر اعوان نے صدر مملکت کو بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ جلد پورا ہونے والا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کو ٹیلی فون کر کے بجٹ اجلاس کے لیے پارلیمانی معاملات بہترین انداز میں چلانے پر مبارک باد دی۔

    دونوں رہنماؤں نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹنگ رائٹ کے لیے قانون سازی پر بھی گفتگو کی، اور دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی شفاف ووٹنگ سسٹم پر اتفاق رائے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی قیمتی اثاثہ ہیں، فیصلہ سازی میں انھیں شامل کرنا چاہیے۔

    ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا تھا اوورسیز پاکستانیوں کے دیرینہ مطالبے کو جلد پورا کرنے جا رہے ہیں، متعلقہ وزارت اور اداروں کے ساتھ مشاورت مکمل کر لی ہے، بہت جلد قانون سازی کے لیے پارلیمنٹ میں تجاویز پیش کریں گے۔

    وزیر اعظم کی ہدایت پر بے روزگار اوورسیز پاکستانیوں کے لیے اقدامات شروع

    بابر اعوان نے صدر مملکت سے کہا آپ نے ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کے کاز کے لیے جدوجہد کی، بحیثیت صدر آپ پارلیمنٹ کا حصہ ہیں، اس معاملے پر رہنمائی کریں۔

    ٹیلی فونک گفتگو میں پارلیمنٹ کے سیشن سے صدر کے خطاب پر اظہار تشکر کی قرارداد پر بھی گفتگو کی گئی، صدر مملکت نے پارلیمانی معاملات شفاف انداز میں چلانے کے عمل کو سراہا۔

  • صدر مملکت اور وزیراعظم کا رمضان المبارک کے موقع پر قوم کے نام پیغام

    صدر مملکت اور وزیراعظم کا رمضان المبارک کے موقع پر قوم کے نام پیغام

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے رمضان المبارک کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ اللہ ہمارے ملک وقوم کی مدد فرمائے،مشکل گھڑی سے مزید مضبوط اور متحد بنا کر نکالے۔

    تفصیلات کے مطابق صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے رمضان المبارک کے موقع پر اپنے پیغام پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ نے ہمیں رمضان کے فیوض وبرکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اللہ نے روزے اس لیے فرض کیے تاکہ ہمارے اندر تقویٰ کی صفت پیدا ہو،رمضان المبارک محتاط زندگی کی تربیت کامہینہ ہے،ماہ مبارک میں غریب، نادار،مفلوک الحال طبقات کے مسائل کا احساس کرنا مقصود ہے۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ تمام ممالک ہنگامی بنیادوں پر کرونا وبا کی روک تھام کے لیے کوشاں ہیں،کروناوائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاط ہی روک تھام کا واحد طریقہ ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی عبادات کی انجام دہی کو ہر ممکنہ حد تک محفوظ ماحول میں یقینی بنانا ہے،رمضان میں ضرورت مندوں اور دیہاڑی دار طبقے کا خصوصی خیال رکھنا ہے۔

    دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے رمضان المبارک کے موقع پر اپنے پیغام میں رمضان کی آمد پر پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کا فضل وکرم ہے ہمیں رمضان کے فیوض وبرکات سے مستفید ہونے کا موقع ملا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ روزے کا مقصدانسان کے اندر پرہیزگاری،ایثار وہمدردی کے جذبات پیدا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت عالم انسانیت کرونا وائرس کی تباہ کاریوں سے دوچار ہے،بڑی بڑی طاقتیں کرونا کے سامنے بے بس نظر آتی ہیں۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اس نازک صورت حال کا مقابلہ متحد ہو کر کرنا ہے،اللہ تعالی اپنا خصوصی کرم وفضل فرمائے،عالم کو اس آزمائش سے نکالے۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ ہمارے ملک وقوم کی مدد فرمائے،مشکل گھڑی سے مزیدمضبوط اور متحد بنا کر نکالے۔

  • صدر مملکت نے انسداد اسمگلنگ آرڈیننس پر دستخط کردئیے

    صدر مملکت نے انسداد اسمگلنگ آرڈیننس پر دستخط کردئیے

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انسداد اسمگلنگ آرڈیننس پر دستخط کردئیے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انسداد اسمگلنگ آرڈیننس پر دستخط کردئیے جس کے مطابق 30 لاکھ مالیت کی اشیا کی اسمگلنگ پر 2 سال کی سزا ہوگی۔

    آرڈیننس کے مطابق 30 سے 50 لاکھ مالیت کی اشیا کی اسمگلنگ پر 3 سال کی سزا ہوگی، 50 سے 75 لاکھ مالیت کی اشیا کی اسمگلنگ پر 5 سال کی سزا ہوگی۔

    اسی طرح 75 سے ایک کروڑ کی اشیا کی اسمگلنگ پر 10 سال کی سزا ہوگی، ایک کروڑ سے زائد مالیت کی اشیا کی اسمگلنگ پر 14 سال سزا ہوگی۔

    آرڈیننس کے مطابق 10 ہزار ڈالر یا اس کے برابر غیرملکی کرنسی پر 2 سال کی سزا ہوگی، 20 ہزار ڈالر یا اس کے برابر غیرملکی کرنسی کی اسمگلنگ پر 3 سال تک سزا ہوگی۔

    اسی طرح 50 ہزار سے ایک لاکھ ڈالر یا اس کے برابر غیرملکی کرنسی کی اسمگلنگ پر 10 سال تک سزا ہوگی، ایک لاکھ ڈالر سے زائد غیرملکی کرنسی اسمگلنگ پر 14 سال تک کی سزا ہوگی۔

    آرڈیننس کے مطابق اسمگلنگ میں سہولت کاروں اور معاونت کرنے والوں پر بھی سزا کا اطلاق ہوگا، آرڈیننس کا اطلاق غیرملکی کرنسی، سونا، چاندی جواہرات کی اسمگلنگ پر بھی ہوگا۔

    آرڈیننس کے مطابق چینی، دالیں، چاول، آٹے کی اسمگلنگ پر بھی آرڈیننس کا اطلاق ہوگا، علاج و معالجے کے لیے ضروری سامان کی اسمگلنگ پر بھی آرڈیننس لاگو ہوگا، گھی، تیل، اسٹاک کی اسمگلنگ پر بھی آرڈیننس کا اطلاق ہوگا۔

  • کنٹرول لائن پر بھارتی بمباری کی مذمت کرتا ہوں: صدر مملکت

    کنٹرول لائن پر بھارتی بمباری کی مذمت کرتا ہوں: صدر مملکت

    مظفرآباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کنٹرول لائن پر بھارتی بمباری اور مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر بھارت کی مذمت کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مظفر آباد میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میں بھارت میں مسلمانوں پر تشدد، کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بمباری اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتا ہوں۔

    صدرمملکت نے کہا کشمیری اپنے آپ کو اکیلا نہ سمجیں، پاکستان کشمیر کے ساتھ کھڑا ہے اور رہے گا، اقوام متحدہ بھارتی مظالم کا نوٹس لے، آزادی کی جدوجہد میں کشمیریوں نے بہت قربانیاں دی ہیں۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا آزاد کشمیر حکومت نے کرونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے اچھے اقدامات کیے، رمضان کے حوالے سے حکومت کی علما کے ساتھ مشاورت ہوئی، اس مشاورتی عمل میں آزاد کشمیر کی قیادت بھی شامل تھی، رمضان المبارک مسلمانوں کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل مہینہ ہے، ایمان، اتحاد، تنظیم کے اصول پر عمل کر کے ہی عظیم قوم بنا جا سکتا ہے۔

    ایل او سی پر اشتعال انگیزی، پاکستان کا بھارت کے خلاف شدید احتجاج

    انھوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن کی نوعیت مختلف ہے، کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد ضروری ہے۔ قبل ازیں، صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی مظفرآباد پہنچے تو ہیلی پیڈ پر صدر ریاست سردار مسعود خان اور وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر نے ان کا استقبال کیا، عارف علوی نے ایوان وزیر اعظم میں کرونا وائرس کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ میں شرکت کی۔

    واضح رہے کہ بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی جاری ہے، 14 اپریل کو بھی ایل او سی پر بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 47 سالہ شہری عالم دین شدید زخی ہو گیا تھا جس پر پاکستان نے بھارتی سینئر سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج کیا۔

  • صدر مملکت نے ذخیرہ اندوزی سےمتعلق آرڈیننس پر دستخط کر دیے

    صدر مملکت نے ذخیرہ اندوزی سےمتعلق آرڈیننس پر دستخط کر دیے

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ذخیرہ اندوزی سے متعلق آرڈیننس پر دستخط کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کی جانب سے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آرڈیننس کی منظوری کے بعد صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بھی ذخیرہ اندوزی سے متعلق آرڈیننس پر دستخط کر دیے۔

    صدر مملکت کی جانب سے دستخط کرنے کے بعد ذخیرہ اندوزی کےخلاف آرڈیننس فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ آرڈیننس کے مطابق ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کو 3 سال کی سزا دی جائےگی۔ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت سزاؤں پر مشتمل آرڈیننس کا اطلاق اسلام آباد کی حدود میں ہوگا۔

    اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ

    دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی اقدامات پر آج اجلاس ہوا جس میں اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ ملکی معیشت کے لیے ناسور ہے جبکہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے لیے خلاف سخت ترین ایکشن ناگزیر ہے۔

    اس سے قبل 14 اپریل کو قومی رابطہ کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ذخیرہ اندوزی اورگندم کی اسمگلنگ سے متعلق سخت آرڈیننس لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ذخیرہ اندوزی اورگندم کی اسمگلنگ کرنے والوں کو سخت سزائیں دیں گے۔

  • صدر مملکت عارف علوی کی چینی وزیراعظم سے ملاقات

    صدر مملکت عارف علوی کی چینی وزیراعظم سے ملاقات

    بیجنگ: صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا پاکستان اور چین ہر آزمائش پر پورا اترنے والے دوست اور آہنی برادرز ہیں جو ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چینی وزیراعظم لی کی چیانگ کے درمیان ملاقات بیجنگ کے گریٹ ہال میں ہوئی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی، اسد عمر،چینی وزیر خارجہ، چین میں پاکستانی سفیر اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔

    اس موقع پر چینی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کثیرالجہت تعلقات کو فروغ دینے کا عملی مظاہرہ کرنا ہوگا، مشکل وقت میں بھرپور تعاون پر پاکستان کی حکومت اور عوام کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسائل سے مشترکہ طو پر نمٹنے کے لیے تعلقات کو وسعت دینا ہوگی۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں میں تعلقات باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں، پاکستان نے ثابت کیا ہم پر امن بقائے باہمی اور عدم مداخلت پر عمل پیرا ہیں۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین ہر آزمائش پر پورا اترنے والے دوست اور آہنی برادرز ہیں جو ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چین میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی وبا پر وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کی حکومت نے چین کے لیے اظہار ہمدردی کے پیغامات بھیجے۔

  • صدر مملکت کل 2 روزہ دورے پر چین روانہ ہوں گے

    صدر مملکت کل 2 روزہ دورے پر چین روانہ ہوں گے

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کل 2 روزہ دورے پر پہنچیں گے جہاں وہ چینی سمیت سمیت دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی چینی ہم منصب کی دعوت پر کل چین پہنچیں گے، دورے میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور سینئر حکام ساتھ ہوں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ صدر عارف علوی چینی صدر سے ملاقات کریں گے، دورے میں متعدد معاہدوں پر دستخط ہونے کا امکان ہے۔ ترجمان کے مطابق صدر عارف علوی کا یہ چین کا پہلا دورہ ہے۔

    عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ دورے کا مقصد چین کے ساتھ کرونا کے حوالے سے اقدامات پر اظہار یکجہتی کرنا ہے، دورہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات مزید مضبوط کرےگا۔

    کرونا وائرس کے خلاف چین کی کامیابی

    واضح رہے کہ چین کرونا وائرس کے ہولناک پھیلاؤ پر بالآخر قابو پانے میں کامیاب ہوگیا، مریضوں کی تعداد میں کمی کے باعث وائرس کے لیے عارضی طور پر بنائے گئے اسپتال بند کردیے گئے، شنگھائی میں کرونا وائرس کے مریضوں کی صحتیابی کی شرح 93 فیصد ہوگئی۔

  • ملک کے نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے جوڑنے کا منصوبہ

    ملک کے نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے جوڑنے کا منصوبہ

    اسلام آباد: ملک کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل پاکستان اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے جوڑنے کا منصوبہ طے پا گیا، صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان نوجوانوں کو ہر قسم کی تکنیکی اور ڈیجیٹل سپورٹ فراہم کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں سربراہ ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس بھی شریک تھیں۔

    ملاقات میں صدر پاکستان نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس منصوبے میں نوجوانوں کے متحرک کردار پر گفتگو کی۔ نوجوانوں کو جدید ٹیکنیکل اور ڈیجیٹل مہارت کے مواقع بھی فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ اسکالر شپ اور اسکل ڈیولپمنٹ کے ساتھ مصنوعی ذہانت پر توجہ ضروری ہے، ملکی ترقی کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر کام تیز کرنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک آرٹیفیشل انٹیلی جنس میں بہت آگے نکل چکے، پاکستان نوجوانوں کو ہر قسم کی تکنیکی اور ڈیجیٹل سپورٹ فراہم کرے گا۔

    معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو روایتی طریقوں سے ہٹ کر جدید اسکل سیٹ اپ فراہم کرنا ہوگا، ڈیجیٹل پاکستان منصوبے میں نوجوان اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام سے ٹیکنالوجی میں آگے بڑھنے کے مواقع دیں گے، اہم فیصلے کرلیے ہیں، نوجوانوں کو معیشت میں متحرک شراکت دار بنائیں گے۔