Tag: ڈاکٹر عارف علوی

  • جنگوں سے امن کا حصول ممکن نہیں: صدر مملکت عارف علوی

    جنگوں سے امن کا حصول ممکن نہیں: صدر مملکت عارف علوی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ جنگوں سے امن کا حصول ممکن نہیں ہوتا اور نہ قوموں کی تعمیر نو ہوتی ہے، پاکستان امن کا داعی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی اسٹریٹجک خطرات اور ردعمل پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ افسوس ہے انسانیت برے تجربات سے سبق حاصل نہیں کر رہی ہے، جنگوں میں تباہی، لوٹ مار اور استحصال کے سوا کچھ نہیں ملتا۔

    صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کے لیے مذاکرات کی بات کی ہے، کسی ہمسائیگی میں آگ لگے تو اسے بجھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جنگوں سے امن کا حصول ممکن نہیں ہوتا، کرہ ارض کے وسائل محدود ہیں، لوٹنے کے بجائے محفوظ کرنے پر توجہ ہونی چاہیئے۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کو امن کی قدر ہے، اس لیے ہم امن کے داعی ہیں، جنگوں سے قوموں کی تعمیر نو نہیں ہوا کرتی۔ بھارتی قیدی پائلٹ کی رہائی بھی امن کی خواہش کا اظہار تھا۔

  • کرونا وائرس قومی بحران ہے: صدر مملکت عارف علوی

    کرونا وائرس قومی بحران ہے: صدر مملکت عارف علوی

    پشاور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس قومی بحران ہے، مساجد میں علما کرونا وائرس سے متعلق آگاہی فراہم کریں، ماسک مہنگے ہوں تو کاغذ سے بھی ماسک بنایا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پشاور میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس قومی بحران ہے، کرونا 50 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ اللہ ہماری مدد کرے گا، یہاں وائرس نہیں پھیلے گا۔ خطرہ ہوا تو قوم تیار ہے، ہم تمام وسائل استعمال کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے عمرہ بند کر دیا ہے، یہی صورتحال رہی تو حج سے متعلق ہدایات بھی آسکتی ہیں۔ ایران میں جمعہ کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں 2، 3 روز کے لیے اسکول بند کیے گئے ہیں، جاپان میں اپریل تک اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ماسک مہنگے ہوں تو پیپر سے بھی ماسک بنایا جا سکتا ہے۔ مساجد میں علما بھی کرونا وائرس سے متعلق آگاہی فراہم کریں۔ ہم نے قوم کو کرونا وائرس کے خدشات سے متعلق جلدی تیار کر لیا ہے۔

  • افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے لیے عالمی برادری کردار ادا کرے، انتونیوگوتریس

    افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے لیے عالمی برادری کردار ادا کرے، انتونیوگوتریس

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے لیے عالمی برادری کردار ادا کرے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ایوان صدر میں عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران نے افغان مہاجرین کو فراخدلی سے قبول کیا، افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے لیے عالمی برادری کردار ادا کرے۔

    انتونیوگوتریس کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ امن مشنز کی کامیابی میں پاکستان کے کردار کوسراہتے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تغیرات کے خلاف اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق کوشاں ہے۔

    دوسری جانب صدر پاکستان نے کہا کہ مہاجرین کے مسائل کے حل کے لیے انتونیوگوتریس کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ 27 لاکھ سے زیادہ افغان مہاجرین پاکستان میں مقیم ہیں، محدود وسائل کے باوجود افغان مہاجرین کے لیے پاکستان نے کشادہ دلی کامظاہرہ کیا۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وزیراعظم نے اقتدار میں آتے ہی بھارت کو مسائل کے حل کی دعوت دی، پاکستان کے برعکس بھارت نے ماضی کے تجربات سے کچھ نہیں سیکھا، ہمسایہ ملک نے جنگی جنون کو فروغ دیا۔

    انہوں نے کہا کہ 5اگست کے بعد مقبوضہ کشمیر کی صورت حال تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی، مقبوضہ کشمیر میں عالمی مبصرین اور میڈیا کی رسائی ہونی چاہیے، مسئلہ کشمیر کےحل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعملدرآمد ہوناچاہیے۔

  • صدر مملکت ملک میں‌ جاری آٹے کے بحران سے لا علم نکلے

    صدر مملکت ملک میں‌ جاری آٹے کے بحران سے لا علم نکلے

    کراچی: شہر قائد میں بچوں کے سب اہم سرکاری اسپتال میں ایک ایک بیڈ پر 5،5 بچے دیکھ کر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی افسوس کیے بنا نہ رہ سکے، دریں‌ اثنا، صدر مملکت ملک میں‌ جاری آٹے کے بحران سے لا علم نکلے۔

    تفصیلات کے مطابق آج صدر عارف علوی نے این آئی سی ایچ کا اچانک دورہ کیا، انھوں نے ایک بیڈ پر پانچ پانچ بچوں کو لیٹا دیکھ کر صورت حال پر افسوس کا اظہار کیا، انھوں نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این آئی سی ایچ آنے کا مقصد اچانک دورہ کرنا تھا تاکہ اصل حقایق کا پتا چلایا جا سکے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ ایک ایک بیڈ پر 5،5 بچے لٹائے گئے ہیں جو افسوس ناک ہے، این آئی سی ایچ جیسے یونٹس سندھ میں اور بھی بننے چاہئیں، این آئی سی ایچ کو مزید 5 سو بستروں کی ضرورت ہے، انکوبیٹر جلنے کے واقعے کے بعد وزیر اعظم نے مجھ سے کہا تھا کہ اسپتالوں کا دورہ کریں، انکوبیٹر جلنے کے واقعے پر بھی تفصیلات لیں گے، 70 کے قریب انکوبیٹر اسپتال میں موجود ہیں، 5 منٹ میں آگ تو بجھ گئی تھی لیکن بچے کی جان تو گئی، یہ اچھی بات تو نہیں۔

    کراچی سے خیبر تک آٹے کا بحران، غریب کو روٹی کے لالے پڑ گئے

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر یہ اسپتال وفاق کے پاس جا رہے ہیں، منتقلی کے دوران مریضوں کو نقصان نہ ہو اس پر کار بند ہیں، مریضوں کو اسپتال کی بہ جائے باہر سے دوائیں لینی پڑ رہی ہیں۔

    دریں اثنا، ملک بھر میں آٹے کا بحران ہے لیکن صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی شہریوں کی پریشانی سے لا علم نکلے، ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آٹے کے بحران کا علم نہیں، لیکن پتا ہونا چاہیے، حکومت نے مہنگائی کم کرنے کے دعوے کیے تھے لیکن یہ دعوے خزانے کی صورت حال معلوم ہونے سے پہلے کے ہیں۔

  • آبادی پر قابو پانے کے لیے بڑی رقم مختص

    آبادی پر قابو پانے کے لیے بڑی رقم مختص

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت ٹاسک فورس برائے آبادی کے اجلاس میں آبادی پر قابو پانے کے لیے اضافی فنڈ مختص کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل ٹاسک فورس برائے آبادی کا پہلا اجلاس صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور فورس کے ریگولر ارکان نے شرکت کی۔

    اجلاس کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ مؤثر اقدامات کے ذریعے آبادی پر قابو پائے بغیر خوشحال پاکستان کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔

    اجلاس کے بعد وزیر اعظم عمران کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ٹاسک فورس کا پہلا اجلاس بڑا تاریخی اقدام اور پیش رفت ہے۔

    ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ بڑھتی آبادی اب قومی سلامتی کا مسئلہ بن گئی اور اس پر قابو پانا ناگزیر ہے۔ اجلاس میں پاپولیشن فنڈ کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ صوبوں کے لیے مانع حمل اشیا کی خریداری کے لیے 50 فیصد اضافی فنڈ مختص کیے گئے ہیں۔ آبادی اسی طرح بڑھتی رہی تو 30 سالوں میں دگنی ہو جائے گی۔

    فیڈرل ٹاسک فورس کا آئندہ اہم اجلاس ایک ماہ بعد جنوری کے اواخر میں ہوگا۔

  • مودی حکومت مسلمانوں سے حالت جنگ میں ہے: صدر مملکت عارف علوی

    مودی حکومت مسلمانوں سے حالت جنگ میں ہے: صدر مملکت عارف علوی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انڈیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف جاری بد ترین ریاستی تشدد پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کے خلاف جنگ کی کیفیت قرار دے دیا۔

    صدرِ پاکستان عارف علوی نے کہا کہ مودی حکومت بھارتی مسلمانوں کے خلاف حالتِ جنگ میں آ چکی ہے، یہ بات انھوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے تازہ پیغام میں کہی۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے خلاف ہندو فاشزم پر مبنی بد ترین بربریت کا مظاہرہ ہو رہا ہے، دہلی پولیس نے جامعہ ملیہ میں بھی گھس کر لڑکیوں کے خلاف ایکشن کیا، ہندو فاشزم کا چہرہ بے نقاب ہو گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارتی پولیس اور نیم فوجی دستوں کا مظاہرین پر بدترین تشدد، بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا خدشہ

    صدر مملک عارف علوی نے کہا کہ بھارت سے صرف ایک دن میں اب تک ہزاروں ایسے پیغامات دنیا کے سامنے آ چکے ہیں جو ہندوتوا کی بدترین شکل کو بے نقاب کر رہے ہیں۔ صدر عارف علوی نے لکھا کہ میں ان میں سے صرف ایک پیغام کو یہاں اپنے بیان کے ساتھ شامل کر رہا ہوں جس میں ایک لڑکی رو رہی ہے اور بھارتی پولیس کی درندگی بیان کر رہی ہے۔

    صدر عارف علوی نے بھارتی مسلمان طالبہ کا ویڈیو میسج ٹویٹ میں شامل کیا، جس میں طالبہ کا کہنا تھا کہ بے رحم پولیس نے دہلی کی جامعہ ملیہ یونی ورسٹی کی مسجد کے اندر بھی پناہ لینے والی لڑکیوں کے خلاف ایکشن کیا۔

    خیال رہے کہ بھارت میں مسلمان مخالف، ہندو نواز متنازع بل کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج جاری ہے، پرتشدد مظاہروں میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا خدشہ ہے، بھارتی پولیس اور نیم فوجی دستے مظاہرین پر بدترین تشدد کر رہے ہیں۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کے خلاف پورا ملک نعروں سے گونج اٹھا ہے، بھارت کے 30 کے قریب شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

  • انجینیئرز کو مارکیٹ کی طلب کے تحت تعلیم دی جانی چاہیئے: صدر مملکت

    انجینیئرز کو مارکیٹ کی طلب کے تحت تعلیم دی جانی چاہیئے: صدر مملکت

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ یونیورسٹیوں میں انجینیئرز کو مارکیٹ کی طلب کے تحت تعلیم دی جانی چاہیئے، انجینئرز اور ڈاکٹرز کی تعلیم پر ملک کا خطیر سرمایہ خرچ ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دوسری بین الاقوامی انجینئرنگ ایجوکیشن کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خطاب کیا۔

    اپنے خطاب میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 100 سے زائد جامعات انجینیئرنگ کی تعلیم دے رہی ہیں، جامعات میں تعلیم مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق دی جانی چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں انجینیئرنگ کو مارکیٹ کی طلب کے تحت تعلیم دی جانی چاہیئے، پاکستان کو توانائی میں خود کفیل بنانے کے لیے انجینیئرز اپنا کردار ادا کریں۔ انجینئرز اور ڈاکٹرز کی تعلیم پر ملک کا خطیر سرمایہ خرچ ہوتا ہے۔

    صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ملک میں پانی کا زیاں روک کر استعمال کے لیے محفوظ کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان میں سیوریج کا ساڑھے 4 سو ملین گیلن پانی سمندر میں پھینکا جاتا ہے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ تحقیق سے سیکھنے کا عمل مکمل ہوتا ہے، فزکس کے علم میں انسان کے لیے سیکھنے کو بہت کچھ ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ توانائی اور صحت کے شعبے میں استعداد کار بڑٖھانے کی ضرورت ہے، توانائی کے حصول کے لیے متبادل ذرائع کا استعمال ضروری ہے۔

    صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ انسانی وسائل کی ترقی پر بھی بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے، مصنوعی ذہانت کا شعبہ روزگار کے مواقع فراہم کرتا ہے۔

  • صدر عارف علوی سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات

    صدر عارف علوی سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات

    لاہور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی جس میں صوبے کے مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق بھی موجود تھے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے صدر مملکت کو سانحہ چونیاں کے ملزم کی گرفتاری اور سانحہ چونیاں جیسے واقعات کے تدارک کی حکومتی کوششوں سے آگاہ کیا۔

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے انسداد ڈینگی اقدامات سے متعلق اقدامات پر بھی بریفنگ دی جبکہ سڑکوں کے پروگرام ’نیا پاکستان منزلیں آسان‘ کے خدوخال سے آگاہ کیا۔

    اس موقع پر صوبائی وزیر برائے صحت یاسمین راشد اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرظفر مرزا بھی موجود تھے۔ وزیر صحت یاسمین راشد نے پنجاب میں صحت کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔

    یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق شعبہ صحت میں آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ڈینگی پر قابو پانے کے لیے حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

  • مسئلہ کشمیر سنگین نوعیت اختیار کرچکا، عالمی برادری نے  ذمہ داری پوری نہیں کی، عارف علوی

    مسئلہ کشمیر سنگین نوعیت اختیار کرچکا، عالمی برادری نے ذمہ داری پوری نہیں کی، عارف علوی

    اسلام ۤباد : صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر سنگین نوعیت اختیار کرچکا ہے، تنازع کے حل کی طرف جانا ہوگا، عالمی برادری نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی، مودی نے بھارت میں نسل پرستی کی آگ خود لگائی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام ۤباد میں قومی پارلیمنٹیرین کانفرنس برائے کشمیر سے خطاب کرتے ہوئے کیا، صدر مملکت نے کہا کہ بھارت نے5اگست کو غیرقانونی، غیراخلاقی اور غیرانسانی اقدام اٹھایا۔

    مودی نے بھارت میں نسل پرستی کی آگ خود لگائی، قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے اسی ہندو تعصب کو بھانپ کرالگ مملکت بنانے کا تہیہ کیا تھا۔

    جواہر لعل نہرو نے اقوام متحدہ میں کشمیر میں استصواب رائے کرانے کا وعدہ کیا تھا، بھارت آج اپنی ہی تاریخ سے جنگ کررہا ہے، بھارت نے آسام میں لاکھوں مسلمانوں کو شہریت سے محروم کردیا۔

    ڈاکٹرعارف علوی نے مزید کہا کہ بھارت میں کوئی کشمیر کی بات کرے تو اس کا جینا حرام کردیا جاتا ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کشمیر کو آزاد کرانے کیلئے کوشاں ہیں،۔

    کشمیریوں کے جذبہ حریت کو طاقت کے زور پرنہیں دبایا جاسکتا، مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کیں، کشمیر کا مسئلہ سنگین نوعیت اختیار کرچکا ہے، تنازع کے حل کی طرف جانا ہوگا۔

    صدر مملکت نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں تحقیقاتی کمیشن بھیجے، اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دی جائے، انہوں نے اپیل کی کہ ہر شخص موبائل فون کے ذریعے بھارتی مظالم دنیا تک پہنچائے۔

  • یوم دفاع پرصدرمملکت اوروزیراعظم پاکستان کا قوم کے نام پیغام

    یوم دفاع پرصدرمملکت اوروزیراعظم پاکستان کا قوم کے نام پیغام

    اسلام آباد: یوم دفاع پاکستان کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام الگ الگ پیغامات دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر قومی ولولوں کی یاد تازہ کرنے کا یوم تجدید عہد ہے، 54 سال پہلے پاک فوج نے قوم کے شانہ بشانہ دشمن کےعزائم کو ناکام بنایا۔

    صدر مملکت نے کہا کہ ہماری مسلح افواج جدت کے ساتھ ساتھ جذبہ حب الوطنی سے لیس ہیں، ہماری مسلح افواج ہرقسم کے چیلننجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاک فوج بیرونی مہم جوئی کو ناکام بنانے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج کے دن عہد کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلا کر رہیں گے۔

    وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم دشمن کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہے، دنیا کو بتا دیا ہے کہ پاکستانی جنگ نہیں چاہتے۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ اپنی سلامتی اورخودمختاری پرسمجھوتا نہیں کریں گے، دشمن کو بھر پورردعمل دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان آج ملی جوش وجذبے اور شہدائے وطن کے ساتھ محبت وعقیدت کے ساتھ منایا جائے گا۔ شہداء کو خراج عیقدت پیش کرنے کے لیے جنرل ہیڈکوارٹرز جی ایچ کیو میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب ہوگی۔

    یوم دفاع پر وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد جائیں گے جہاں وہ کشمیری شہدا کے حوالے سے تقریب سے خطاب کریں گے۔