Tag: ڈاکٹر عارف علوی

  • عوام پاکستانی مصنوعات استعمال کریں، صدرِ مملکت کی قوم سے اپیل

    عوام پاکستانی مصنوعات استعمال کریں، صدرِ مملکت کی قوم سے اپیل

    کراچی: صدر مملکت عارف علوی نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ درآمد شدہ اشیاء کے بجائے پاکستان میں تیار کی جانے والی مصنوعات استعمال کریں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ’ملک کا قیمتی زرمبادلہ بچائیں اور پاکستان میں تیار کی جانے والی اشیاء کو ہی استعمال کریں‘۔

    صدر مملکت نے قوم سے میڈان پاکستان اشیاء خریدنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’چاہتا ہوں عوام درآمد شدہ اشیاء کے بجائے پاکستان میں ہی تیار ہونے والی مصنوعات استعمال کریں‘۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ’موجودہ بحران کی صورت حال میں ہمیں پرتعیش اشیاء اور درآمدی مصنوعات سے گریز کرنا چاہیے، اگر قوم اپنی ضروریات کو دیکھے تو معلوم ہوگا اُن کی روزمرہ زندگی میں‌ استعمال ہونے والی اشیاء درآمد شدہ ہیں، ہمیں‌ ان سے اجتناب کیا جاسکتا ہے‘۔

    مزید پڑھیں: انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 142 روپے کی بلند ترین سطح پر

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں تیار کی جانے والی مصنوعات اور اُن کی خریداری کا کام ہمیں مشترکہ طور پر کرنا ہوگا‘۔

    یاد رہے کہ ڈاکٹر عارف علوی نے قوم سے یہ اپیل اُس وقت کی جب روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی دیکھی جارہی ہے، دو روز قبل ڈالر کی قیمت کو پر لگ گئے تھے اور 8 روپے اضافے کے بعد ڈالر 142 تک پہنچ گیا تھا۔

    یاد رہے 23 نومبر کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 135 روپے پر بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔

    خیال رہے نئی حکومت نے تین ماہ میں صرف 76کروڑچالیس لاکھ ڈالر کا قرض حاصل کیا اس کے علاوہ رواں مالی سال میں 9ا رب 69 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا قرضہ لیا جائے گا۔

  • ڈاکٹر عارف علوی کی 30 گاڑیوں کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری

    ڈاکٹر عارف علوی کی 30 گاڑیوں کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری

    کراچی : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزار قائد پر حاضری کے دوران دو درجن سے زائد گاڑیوں کا پروٹوکول لے کر وزیر اعظم عمران خان کے پروٹوکول نہ لینے کے دعوؤں کی دھجیاں اڑا دیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی کی کراچی آمد کے موقع پر شہریوں کو سڑکوں کی بندش کا سامنا کرنا پڑگیا، ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم عمران خان کے پروٹوکول نہ لینے کے دعوؤں کی دھجیاں اڑا دی۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی حلف برداری کے بعد آج کراچی کا باقاعدہ دورہ کررہے ہیں، انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی ، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی، لیکن مزار قائد پر حاضری کے دوران بھی اطراف کی سڑکیں بن رہی۔

    قائد اعظم کے مزار کے موقع پر ان کے ہمراہ اگورنر سندھ عمران اسمعٰیل اور سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی بھی موجود ہے، ان کے علاوہ بھی شہر کی کئی معزز شخصیات نے صدرِ مملکت کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی۔

    دورہ کراچی کے موقع پر صدر مملکت کے قافلے میں30 کے قریب گاڑیاں پروٹوکول میں شامل تھیں۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو  میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکٹر عارف علوی کراچی کے عالمی ہوائی اڈے سے دو درجن سے زائد گاڑیوں کے پروٹوکول میں اپنے گھر جارہے ہیں جبکہ آج صبح مزار قائد پر حاضری کے موقع پر صدر مملکت کے ہمراہ بھاری پروٹوکول تھا اور اطراف کی سڑکیں بھی بند تھیں۔

    اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 13 ویں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پروٹوکول لیے جانے پر شہریوں کی تنقید کا جواب سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر دیتے ہوئے کہا کہ ’میں نے حکام کو بھاری پروٹوکول دینے سے منع کیا تھا تاہم انہوں نے میری بات نہ مانی‘۔

  • صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

    صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے، وہ  مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے والے ملک کے نویں صدر ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اپنا پہلا خطاب کریں گے، جس کے ساتھ ہی نئے پارلیمانی سال کا آغاز ہو جائے گا، صدر مملکت پارلیمنٹ کو گائیڈ لائن دیں گے۔

    عارف علوی مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے والے نوویں صدر ہوں گے۔

    اُن سے قبل آٹھ سابق صدور ستائیس مرتبہ خطاب کر چکے ہیں، آصف زرداری اب تک واحد صدر ہیں، جنہیں سب سے زیادہ چھ مرتبہ مشترکہ اجلاس سے خطاب کا اعزازحاصل ہے۔

    ضیاء الحق اور غلام اسحاق خان نے پانچ پانچ بار، ممنون حسین اور فاروق لغاری نے تین تین مرتبہ ، رفیق تارڑ نے دو جبکہ پرویز مشرف اوروسیم سجاد نے ایک ایک مرتبہ مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔

    مزید پڑھیں :ڈاکٹرعارف علوی نےصدرپاکستان کےعہدے کا حلف اٹھا لیا

    تئیس مارچ انیس سو پچاسی کو اُس وقت کے صدر ضیاء الحق نے پہلی بار پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا تھا۔

    یاد رہے 9 ستمبر کو صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے ملک کے 13 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔ ایوان صدر میں تقریب حلف برداری میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے صدرڈاکٹرعارف علوی سے حلف لیا تھا۔

    صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی پیشے کے اعتبار سے ڈینٹسٹ ہیں، وہ پہلی بار 2013 کے انتخابات میں کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

  • ڈاکٹرعارف علوی – طلبہ سیاست سے ایوانِ صدرتک

    ڈاکٹرعارف علوی – طلبہ سیاست سے ایوانِ صدرتک

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیراعظم عمران خان کے دیرینہ رفیق ڈاکٹرعارف علوی آئندہ پانچ سال کے لیے پاکستان کے صدر منتخب ہوگئے ہیں، ڈاکٹر عارف علوی پاکستان کے 13 ویں صدر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج ملک کی قومی اسمبلی ، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں ملک کےآئندہ صدر کے لیے انتخابات کا انعقاد ہوا، ڈاکٹر عارف علوی کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے چوہدری اعتزازاحسن اورمتحدہ اپوزیشن کے مولانا فضل الرحمن میدان میں تھے۔

    ڈاکٹرعارف علوی نے قومی اسمبلی اور سینیٹ سے مجموعی طورپر 212 ووٹ حاصل کیے،  پنجاب سے 186، سندھ سے 56، بلوچستان سے 45 اور خیبرپختونخواہ سے 78ووٹ حاصل کیے ، مجموعی طور پر ڈاکٹرعارف علوی نے ووٹ حاصل کیے۔

    ڈاکٹرعارف علوی – تعلیم سے صدارت تک


    ایک عرصے تک پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل رہنے والے عارف علوی کا شمار پاکستان کے ممتاز ڈینٹسٹ میں ہوتا ہے۔انھوں نے ”پاکستان ڈینٹل ایسوسی ایشن“ کے پلیٹ فورم سے فعال کردارادا کیا۔ اِس کے صدر بھی رہے۔ ’ورلڈ ڈینٹل فیڈریشن‘ کے منتخب کونسلر بھی رہے۔ وہ اِس منصب پر فائز ہونے والے پہلے پاکستانی تھے۔

    تعلیم

    وہ اپنے زمانے کے معروف ڈینٹسٹ اور سیاست داں، ڈاکٹر الٰہی علوی کے بیٹے ہیں، جو تقسیم سے قبل یوپی کی سطح پر مسلم لیگ کے صدر تھے۔بٹوارے کے بعدیہ خاندان کراچی آگیا۔ یہیں 29 اگست 1949 کو دو بہنوں، چار بھائیوں میں سب سے چھوٹے عارف علوی کی پیدایش ہوئی۔

    کراچی سے انٹر کرنے کے بعد ڈینٹل کالج لاہور کا رخ کیا۔ سنہ 1970ءمیں بی ڈی ایس کا مرحلہ طے کیا۔ 75ءمیں یونیورسٹی آف مشی گن، امریکا سے Prosthodontics میں ماسٹرز کیا۔ 1982ءمیں سان فرانسسکو سے یونیورسٹی آف پیسفک سے Orthodontics میں ماسٹرز کا مرحلہ طے کیا۔ واپس آنے کے بعد وہ والد کے کلینک میں پریکٹس کرتے رہے۔ بعد ازاں ’علوی ڈینٹل ہاسپٹل‘ کی بنیاد ڈالی۔

    سیاست کی ابتدا

    سیاست کی جانب ابتدا ہی سے رجحان تھا، مولانا مودودی اور بھٹو صاحب سے متاثر تھے۔ اسٹوڈنٹ سیاست کرتے رہے۔ ایوب خان کے خلاف چلنے والی طلبا تحریک میں بھی پیش پیش رہے۔ 7 جنوری 1977ءکو جب بھٹو صاحب نے الیکشن کا اعلان کیا، تووہ ایک بار پھر متحرک ہوگئے۔1979ءمیں جماعت اسلامی نے اُنھیں اپنا صوبائی امیدوار نام زد کیا تھا، لیکن الیکشن منعقد نہیں ہوئے۔

    دھیرے دھیرے جماعت سے دور ہوگئے۔1996ءمیں پی ٹی آئی کے قیام کے وقت زیادہ پرامید نہیں تھے، مگر عمران خان سے ملاقاتوں کے بعد اس کا حصہ بنے اور1997ءمیں تحریک انصاف، سندھ کے صدر منتخب ہوگئے۔

    سنہ 1997ءمیں وہ ڈیفنس سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر کھڑے ہوئے، نومولود جماعت کو ناکامی ہوئی۔2001 میں وہ تحریک انصاف کے نائب صدر ہوگئے۔ 2007 میں سیکریٹری جنرل کے عہدے پر فائز ہوئے۔ پارٹی کا آئین تشکیل دینے والی دس رکنی کمیٹی میں بھی شامل رہے۔

    سنہ 2013 کے انتخابات میں این اے 250سے، خاصے تنازعات کے بعد انھوں نے کامیابی حاصل کی، 2018 کے الیکشن میں کراچی کے حلقے این اے 247 سے انہوں نے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کو شکست دی تھی۔

  • پاکستان تحریک انصاف کا سندھ میں وزارت اعلیٰ کیلئے اپنا الگ امیدوار لانے کا فیصلہ

    پاکستان تحریک انصاف کا سندھ میں وزارت اعلیٰ کیلئے اپنا الگ امیدوار لانے کا فیصلہ

    اسلام آباد : پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما عارف علوی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ صوبہ سندھ میں نئے وزیراعلیٰ کے لیے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان تحریک انصاف کے امیداوار ہوں گے۔

    میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے کراچی سے منتخب رکن قومی اسمبلی عارف علوی نے اعلان کیا کہ سندھ میں نئے وزیراعلیٰ کی تقرری کے لیے پیپلز پارٹی کو کھلا میدان نہیں دیں گے،اسٹیٹس کو کے خاتمے اور عوام کی حقیقی خدمت کرنے کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان وزیر اعلیٰ کے امیدوار ہوں گے جن کے لیے دیگر جماعتوں سے بھی رابطے کیے جائیں گے۔

    اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ خرم شیر زمان سندھ میں تبدیلی کی علامت ہوں گے کیوں کہ موروثی سیاست کے بطن سے جنم لینے والی تبدیلی سے سندھی عوام کی مشکلات کا ازالہ کسی صورت ممکن نہیں اور سندھ کی تقدیر بدلنے کے لیے شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر عوام کی خدمت پر یقین رکھنے والے اراکین کو اپنے ضمیر کی روشنی میں فیصلہ کرنا ہو گا۔

    یاد رہے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے قائم علی شاہ سے وزیراعلیٰ کا عہدہ واپس لینے اور سینیئر صوبائی وزیر خزانہ سید مراد ولی شاہ کو وزیر اعلیٰ نامزد کر دیا گیا ہے،جن کو آئینی طور پر سندھ اسمبلی میں دوبارہ ووٹنگ ہو گی جس کے لیے اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت متحدہ قومی موومنٹ بھی اینا علیحدہ امیدوار لانے کے لیے کل ایک اہم اجلاس میں فیصلہ کرے گی۔

  • پرامن رہنے کی یقین دہانی نہیں کراسکتے،عارف علوی

    پرامن رہنے کی یقین دہانی نہیں کراسکتے،عارف علوی

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کل اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ شہر کی تاریخ میں سب سے بڑا ہوگا۔ حکومت کی جانب سے رکاوٹیں نہ ڈالنے کی یقین دہانی پر یقین نہیں ہے۔

    اسلام آباد میں جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر پارٹی کے اہم مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عارف علوی کا کہنا تھا کہ پور ی قوم ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے کل گھر سے نکلے۔

    حکومت نے اگر کہیں بھی رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی تو پرامن رہنے کی یقین دہانی نہیں کراسکتے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کل کے جلسے میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلا ن کریں گے۔

    اگر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تو عمران خان ہر جگہ کارکنوں کو نہیں روک سکیں گے۔ عارف علوی نے کہا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی مارکیٹ کے تناسب کم نہیں کی گئیں ۔

    انہوں نے ڈاکٹر خالد سومرو کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف سیاسی رہنماوٴں کی ٹارگٹ کلنگ کے سخت خلاف ہیں۔