کوئٹہ :انسدادِ بدعنوانی کا عالمی دن ملک بھرکی طرح کوئٹہ میں بھی کرپشن کے خاتمے کے عزم کے ساتھ منایا گیا،وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا ہے کہ احتسابی عمل کے بغیر بدعنوانی نہیں روکی جاسکتی۔
انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کی مناسبت سے کوئٹہ میں نیب بلوچستان کی جانب سے تقریب منعقد کی گئی جس میں مہمان خصوصی وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے علاوہ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ ڈی جی نیب بلوچستان سید خالد اقبال سمیت اعلیٰ افسران اور ماہرین نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے نیب کے ساتھ بھر پور تعاون جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں بگاڑ کے باعث بدامنی اور دیگر مسائل جنم لے رہے ہیں ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں سب ایک دوسرے کے ساتھ منافقت کررہے ہیں، اور صرف بدکردار لوگ ہی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی نیب بلوچستان سید خالد اقبال اور دیگر ماہرین نے کہا کہ بدعنوانی کو ختم نہیں کنٹرول کیا جاسکتا ہے جس کے لئے قانون ،تفتیشی اداروں اور عدلیہ کو مل کر کام کرنا ہوگا،جبکہ طلباءنے تقاریر کرکے بدعنوانی سے نفرت کا اظہار کیا۔