Tag: ڈاکٹر فاروق ستار

  • عدالت کا فاروق ستار اور عامر خان کو گرفتار کرنے کا حکم

    عدالت کا فاروق ستار اور عامر خان کو گرفتار کرنے کا حکم

    کراچی : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی عدم گرفتاری پر اظہارِ ناراضی کرتے ہوئے فاروق ستار اور عامر خان کو پیر کے روز عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں 22 اگست کو کی گئی بانی ایم کیو ایم کی متنازع تقریر کیس کی سماعت کے دوران ڈاکٹر فاروق ستار کی عدم گرفتاری پر پولیس کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ریمارکس میں کہا کہ پولیس عوام کو بےوقوف بنانے کا کام کر رہی ہے۔

    اسی سے متعلق : اب بات مائنس ون فارمولے سےآگے جارہی ہے، فاروق ستار

    انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کہا کہ حکومت اور پولیس کو مقدمات کی حساسیت کو سمجھنا ہوگا اس لیے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار رہنما خالف مقبول صدیقی اور رہنما عامر خان کو ہر صورت گرفتار کر کے پیر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔

    یہ پڑھیں : متحدہ رہنما فاروق ستار کی گرفتاری و رہائی

    دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر کی گرفتاری کے لیے ضلعی سطح پر ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور جلد ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کردیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں : فاروق ستار کی گرفتاری کامجھے علم نہیں‘وزیراعلیٰ سندھ

    واضح رہے گزشتہ شب سندھ پولیس نے ڈاکٹر فاروق ستار کو شادی ہال سے باہر آتے ہوئے حراست میں لے کر چاکیواڑہ تھانے منتقل کردیا تھا تاہم ایک گھنٹے بعد ہی انہیں رہا کردیا گیا تھا۔

    دریں اثناء ایم کیو ایم رہنماؤں کے خلاف تین مقدمات تفتیش کے لیے ایس پی ملیر راؤ انوار کے حوالے کردیئے گئے ہیں جن کا کہنا تھا کہ مذکورہ مقدمات میں اگر ضرورت پڑی تو ایم کیو ایم رہنماؤں کو حراست میں لیا جائے گا اور قانون میں کسی کے لیے کوئی نرمی نہیں۔

  • ڈاکٹر فاروق ستار رن لیتے ہوئے پچ پر گر کر زخمی

    ڈاکٹر فاروق ستار رن لیتے ہوئے پچ پر گر کر زخمی

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار ’’کراچی والے کرکٹ ٹورنامنٹ‘‘ کے نمائشی میچ میں رن لیتے ہوئے پچ پر گر کر زخمی ہوگئے ان کے انگوٹھے اور سر پر چوٹیں آئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی اور پارلیمانی گروپ کے درمیان ہونے والے نمائشی میچ کے دوران ڈاکٹر فاروق ستار نے پہلی بال پر شاٹ کھیلتے ہوئے رن لینے کی کوشش میں پچ پر اوندھے منہ گر پڑے جس کے باعث ان کے ہاتھ کے انگوٹھے اور ماتھے پر چوٹیں آئی ہیں جس کے باعث میچ کو کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا۔

    میچ کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں سیاست اور سیاست میں کھیل زیادہ آگیا ہے جب کہ :سیاست میں سیاست اور کھیل میں کھیل ہونا چاہیے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ کو اسکول کی سطح پر پروموٹ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ گراس روٹ لیول سے باصلاحیت کھلاڑی قومی ٹیم کا حصہ بنیں تاکہ کرکٹ ٹیم اپنی کھوئے ہوئے روایتی مقام کو دوبارہ سے حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے اور پاکستانیوں کو اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں۔

  • کراچی میں 25 دسمبر کو جلسہ کریں گے، فاروق ستار

    کراچی میں 25 دسمبر کو جلسہ کریں گے، فاروق ستار

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی کل بھی ایم کیو ایم پاکستان کا تھا اور آج بھی کراچی ایم کیو ایم پاکستان کا ہے۔

    ڈاکٹر فاروق ستار پی آئی بی میں قائم ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے اعلان کیا ہے کہ 25 دسمبر کو شہر قائد میں تاریخی جلسہ کریں گے اور یہ جلسہ ایم کیو ایم کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔

    سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ ہم نے ضروری سمجھا کے عوام کے سامنے سب بتا دیں اس لیے جلسے میں تمام قیاس آرائیوں کا جواب دیں گے جس کے بعد ہمارے متعلق کی جانے والی چہ مہ گوئیاں خود بہ خود دریا برد ہو جائیں گی اسی مقصد کے لیے 25 دسمبر کو جلسہ رکھا گیا ہے۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ اس جلسے کے ذریعے پاکستان بھر کے عوام کو یہ پیغام دیں گے کہ کراچی کل بھی ایم کیو ایم پاکستان کا قلعہ تھا اور آج بھی ایم کیو ایم پاکستان کا قلعہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سپریم کورٹ کی شکر گزار ہے جس نے سات سال بعد مقامی حکومتوں کے انتخابات کراوئے اور سپریم کورٹ کے حکم پر ہی توقع ہے کہ مارچ تک مردم شماری بھی ہوجائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی وجہ سے ملک میں بلدیاتی انتخابات ہوئے ورنہ اس ملک کے جاگیر دار اور وڈیرے علامتی طور پر بھی مقامی حکومتوں کو برداشت نہیں کرتے ہیں۔

  • پیپلزپارٹی کی تحریک کا مقصد اپنی بدترین کرپشن کو بچانا ہے، فاروق ستار

    پیپلزپارٹی کی تحریک کا مقصد اپنی بدترین کرپشن کو بچانا ہے، فاروق ستار

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کرنے والے پہلے سندھ میں کرپشن ختم کریں۔ پیپلز پارٹی صرف ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر باتیں کر رہی ہے۔ تحریک چلانے کا مقصد اپنی بدترین کرپشن کو بچانا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے تحت سانحہ قصبہ علی گڑھ، سانحہ مشرقی پاکستان اور سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے شہدائے اے پی سی، سقوط ڈھاکہ اور سانحہ علی گڑھ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو مشن کے طور پر یاد رکھنا ہے، شہدا ء نے ملک میں امن کے قیام کیلئے قربانیاں دیں۔

    اے پی ایس کے شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے پیپلز پارٹی پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ کرپشن کے خلاف اصل تحریک ایم کیو ایم چلا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کو چاہئیے کہ وہ ایم کیو ایم کا ساتھ دے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو آگے لے کر جائیں گے، ملک کو مضبوط بنانے کیلئے کراچی میں امن قائم کریں گے، عوام کے بنیادی مسائل حل، سڑکوں کی مرمت اور تعمیر کریں گے، بنیادی مسئلہ بیروزگاری ہے، لوگوں کے دلوں کو جیتنے کی ضرورت ہے۔

    ڈاکٹر فاروق ستارنے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ تب ہو گا جب انتہا پسندی کا خاتمہ ہو گا۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ وفاقی اور چاروں صوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد پر ناکام نظر آئی ہیں۔ پلان پر عمل نہ ہونا سب سے بڑی کمزوری ہے۔

  • ایم کیو ایم پاکستان نے آج کی اہم پریس کانفرنس منسوخ کردی

    ایم کیو ایم پاکستان نے آج کی اہم پریس کانفرنس منسوخ کردی

    کراچی : ایم کیوایم پاکستان نے آج کی پریس کانفرنس منسوخ کردی، ایم کیوایم لندن کے منظرعام پرآنے کے بعد یہ پریس کانفرنس اہم قراردی جارہی تھی، تاہم ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے پریس کانفرنس کیلیے نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے پی آئی بی کالونی میں ڈاکٹر فاروق ستار کے گھر پر ہونے والی پریس کانفرنس منسوخ کردی، ہفتے کو ایم کیوایم لندن کے منظرعام پر آنے کے بعد آج پریس کانفرنس کا اعلان کیا گیا تھا۔

    پریس کانفرنس تو منسوخ کردی گئی، لیکن ذرائع کےمطابق پی آئی بی کے۔ کےایم سی گراؤنڈ میں تنظیمی عہدے داروں کاپہلا اجلاس ہوا جس میں ایم کیوایم لندن کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔

    ہفتے کو ایم کیوایم لندن کی ٹیم نے کراچی پریس کلب میں انٹری دیتےہوئے اعلان کیا تھا کہ ایم کیوایم ایک ہی ہے جس کے قائد ایم کیوایم کے بانی ہیں۔

    ایم کیوایم پاکستان کے رہنما نے آج کی پریس کانفرنس منسوخ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سلام شہداء ریلی کے باعث ٹریفک جام اور راستے بند تھے اورلوگوں کا آنا جانا مشکل تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی پریس کلب پر ایم کیو ایم لندن کے رہنماؤں حسن ظفر عارف، ساتھی اسحاق، مومن خان مومن اور امجد اللہ ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار, عامر خان اور دیگر رہنماؤں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ایم کیو ایم قائد کی قیادت میں ایک تھی ایک ہے اور ایک ہی رہے گی۔

     

  • وقت آنے پراسمبلیوں سے مستعفی ہوسکتے ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار

    وقت آنے پراسمبلیوں سے مستعفی ہوسکتے ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستارنے کہا ہے کہ اسٹبلشمنٹ اپنی پالیسی واضح کرے کہ ہمیں سیاست کا حق ہے کہ نہیں۔ وقت آنے پر سینیٹ قومی وصوبائی اسمبلیوں سے ہی نہیں بلدیاتی اداروں سے بھی استعفے دے دینگے، گلفراز خٹک کی گرفتاری قابل مذمت ہے۔ ایک ایک کر کے گرفتار نہ کریں ،جگہ اور وقت بتائیں ہم خود گرفتاری دیتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی بی کالونی میں قائم عارضی آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کہ ہم ملک کے پالیسی ساز اداروں کے لیے کچھ سوالات ہیں ہمارے لوگوں کی گرفتاریاں پریشان کن ہیں، گلفراز خٹک کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ غیرمطلوب رہنما مطلوب کیسے ہوگیا جو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اسے بائیس اگست کے واقعے میں ملوث کیا گیا ہمیں جواب چاہئیے تاکہ آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں۔

    ڈاکٹر فاروق کا کہنا تھا کہ مجھے اور دیگر کو بھی گرفتار کیا جائے جو بھی مہاجر ہے وہ کسی کے ساتھ ہو یا نہ ہو اسے گرفتار کریں ہمیں وقت اور جگہ بتائی جائے ہم ہائی کورٹ میں گرفتاری دینے آجائیں ۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم لندن سے علیحدہ ہونے مگر اسٹبلشمنٹ ہمیں جوڑے رکھنا چاہتی ہیں ہمیں سیاست کرنے سے روکا جارہا ہے، ہمیں بار بار بائیس کی پالیسی میں بار بار نہ لے جایا جائے ہمیں کیا سمجھا جارہا ہے واضح کیا جائے ۔

    ہمیں بتایا جائے کہ کیا کراچی کو ایم کیو ایم سے خالی کروا کر کس کو دینا چاہتے ہیں؟ پی ایس پی کو حقیقی کو یا پھر کسی اور کو؟ ہمیں ایجنڈا بتایا جائے، کیا ہم اسپیشل چلڈرن ہیں یا پھر کچھ اورسمجھا جارہا ہے؟

    22اگست سے جوڑنے کا سلسلہ جاری رہا تو کام نہیں کر سکیں گے ،22اگست کی پالیسی مسترد کرنے پر چوہدری نثار گرم جوشی سے ملے ،چوہدری نثار زبانی جمع خرچ نہیں کچھ عملی بھی کر کے دکھائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ استعفے دینے کا اپشن کھلا ہے ہم ضرورت کے تحت استعفے دینگے، اس کا تعلق مراعات سے نہیں وقت آنے پر پورا سیاسی عمل اللہ کے حوالے کرینگے ۔

    ان کا کہنا تھا کہ جلد سو دن کا عوامی خدمت کا جلد پروگرام شروع کیا جائے گا، پریس کانفرنس میں رابطہ کمیٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی ممبر قومی و صوبائی اسمبلی سیکٹر انچارجز اور دیگر موجود تھے۔

     

  • ڈاکٹر فاروق ستار کی پارلیمنٹ میں ڈرامائی انٹری

    ڈاکٹر فاروق ستار کی پارلیمنٹ میں ڈرامائی انٹری

    اسلام آباد: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈٰیا کو دیکھتے ہی دوڑ لگادی، بھاگے بھی ایسے کہ صحافی بھی ہنسنے پر مجبور ہوگئے۔

    وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کی جانب سے طلب کئے جانے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے لیے سربراہ ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار پہنچے تو میڈیا نے ان سے گفتگو کرنا چاہی لیکن فاروق ستار نے میڈیا کو دیکھ بچوں کی دوڑ لگاتے ہوئے پارلیمنٹ میں داخل ہوگئے۔

    پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کو دیکھتے ہی فاروق ستار ایسے دوڑے جیسے کوئی بچہ شرارت کر کے بھاگتا ہے، مشترکہ اجلاس سے پہلے صحافی فاروق ستار کو روکتے رہ گئے، آوازیں بھی لگائیں لیکن فاروق ستار نے سنی ان سنی کر کے دوڑ لگادی۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کسی صحافی کے قابو میں نہ آئے بس جاتے جاتے اتنا جواب دے گئے کہ ’وزیر اعظم کی تقریر ہے جانے دو یار‘ نہ جانے فاروق ستار میڈیا کے سوالات سے گھبر ائے ہوئے تھے یا انہیں وزیر اعظم کی تقریر چھوٹ جانے کا خدشہ تھا۔

  • ایم کیو ایم پاکستان کا اجلاس، فاروق ستار  کنوینر مقرر

    ایم کیو ایم پاکستان کا اجلاس، فاروق ستار کنوینر مقرر

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز پر اہم اجلاس میں رابطہ کمیٹی اور کارکنان نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کو کنوینر منتخب کیا جبکہ رابطہ کمیٹی میں نئے اراکین کو شامل کیا گیا ہے۔

    اجلاس کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ 23 اگست کے بعد ہم نے لندن قیادت سے مکمل علیحدگی اختیار کرتے ہوئے تمام فیصلے پاکستان میں ہی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے علیحدہ ہونے کے بعد سے اب تک کئی اہم اجلاس منعقد کیے گئے ہیں جن میں بہت اہم فیصلے ہوئے تاہم آج ہونے والے اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے اراکین، شعبہ جات کے ذمہ داران اور کارکنان نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مجھے کنوینر کے منصب پر فائز کردیا ہے۔

    انہوں نے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے متعلق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی میں نئے اراکین فیصل سبزواری اور خوش بخت شجاعت اور عبدالوسیم کو شامل کیا گیا ہے تاہم رابطہ کمیٹی کے دو اراکین اشرف نور اور اکرم راجپوت کو نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر رابطہ کمیٹی کے رکن کی حیثیت اور بنیادی رکنیت سے خارج کردیا گیا ہے۔

    پڑھیں:  لاتعلقی کرنے والے معافی مانگ کر قائد تحریک سے ملیں، ندیم نصرت

     ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کنوینر کا عہدہ خالی ہونے کی وجہ سے مجھے اس کی ذمہ داری دی گئی ہے جبکہ تین اراکین کیف الوریٰ، نسرین جلیل اور خالد مقبول صدیقی کو ڈپٹی کنوینر کے عہدے پر فائض کردیا گیا ہے تاہم عامر خان بدستو سنیئر ڈپٹی کنوینر کی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔

    سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ حیدر عباس رضوی کے پاس پہلے ہی رابطہ کمیٹی کا عہدہ ہے  اس لیے وہ اپنے منصب پر ویسے ہی فرائض انجام دیتے رہیں گے، اُن کا کہنا تھا کہ آج کے اجلاس میں تمام اراکین کی مشترکہ رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

    کراچی آپریشن پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے رینجرز کی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ آپریشن ایم کیو ایم پاکستان کے مطالبہ پر شروع کیا گیا تھا جس کے بعد سے شہر کے حالات اور امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہوئے اور حالات میں واضح تبدیلی نظر آئی‘‘۔

    شہر قائد کے مختلف علاقوں میں چائنا کٹنگ کے آغاز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ ’’کراچی کے مختلف علاقوں سرجانی، بلدیہ، کورنگی، اورنگی، قصبہ کالونی سمیت دیگر علاقوں میں نامعلوم افراد نے چائنا کٹنگ کا کام شروع کردیا ہے جس پر عوام کو شدید تحفظات ہیں۔

    انہوں نے سندھ حکومت، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ پولیس سے چائنا کٹنگ میں ملوث افراد کو بے نقاب کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے حوالے سے سب کو آگاہ کیا جائے اور مختلف علاقوں میں جاری مجرمانہ سرگرمیوں پر کارروائی کرتے ہوئے ملوث افراد کو سزا دی جائے۔

  • بیرون ملک سے آنے والی کسی کال کا جواب نہ دیں، فاروق ستار کی ہدایت

    بیرون ملک سے آنے والی کسی کال کا جواب نہ دیں، فاروق ستار کی ہدایت

    کراچی: ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم پاکستان کے تمام ذمہ داران و کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ وہ بیرون ملک سے آنے والی کسی کال کا جواب نہ دیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار کی زیر صدارت پی آئی بی میں واقع ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز گھانچی ہال پر اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عامر خان سمیت دیگر اہم اراکین رابطہ کمیٹی و اسمبلی ممبران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور مستقبل میں سیاسی جدوجہد کو جاری رکھنے کے حوالے سے اہم امور زیر غور آئے تاہم بانی ایم کیو ایم کے آڈیو پیغام پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر اراکین پارلیمنٹ و رابطہ کمیٹی کے ممبران نے ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اُن کے ساتھ اپنے سفر کو جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

    پڑھیں:  تمام شعبہ جات ہماری بات مانیں گے، فاروق ستار

     ڈاکٹر فاروق ستار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں پاکستان زندہ باد کہنے کا مینڈیٹ دیا گیاہے، 23 اگست کے بعد صورتحال کافی تبدیل ہوگئی ہے اور اب ملک کے خلاف بات کرنے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا‘‘

    انہوں نے تمام ممبران کو ہدایت کی کہ وہ بیرون ملک سے آنے والی کسی کال کا جواب نہ دیں اور اپنی جدوجہد کو اسی طرح جاری رکھیں، ہم وطن کی خدمت کا عزم لے کر ایک بار پھر میدان میں اترے ہیں تاہم کسی کارکن یا ذمہ دار کو بیرون ملک سے آنے والی کالز سے کسی قسم کا خوف نہیں ہونا چاہیے‘‘۔

    مزید پڑھیں: لندن کے بیان سے کوئی تعلق نہیں، ایم کیو ایم پاکستان

    سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے خاص طورپر مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران اور اراکین پارلیمنٹ کو ہدایت کی کہ بیرون ملک سے آنے والی کسی کال کا جواب نہ دیں کیونکہ اس طرح کی تمام کالز میں سیاسی جدوجہد سے علیحدہ ہونے یا اسمبلی سے مستعفیٰ ہونے پر دباؤ ڈالا جاتا ہے‘‘۔

  • نوری آباد پرڈاکٹرفاروق ستار کی گاڑی کو خوفناک حادثہ، شدید چوٹیں آئیں

    نوری آباد پرڈاکٹرفاروق ستار کی گاڑی کو خوفناک حادثہ، شدید چوٹیں آئیں

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی گاڑی کو خوفناک حادثہ پیش آیا ہے حادثے میں فاروق ستار کی کمر اور کندھے میں شدید چوٹیں آئیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اپنے ساتھیوں کے ہمراہ حیدرآباد کے تنظیمی دورے کے بعد سے کراچی واپس آرہے تھے کہ راستے میں نوری آباد کے مقام پر موڑ کاٹتے ہوئے تیز رفتاری کے باعث ان کی گاڑی الٹ گئی۔

    sattar-post

    ڈاکٹرفاروق ستار کی گاڑی نے چار سے پانچ  قلابازیاں کھائیں جس کے نتیجے میں ان کی بلٹ پروف گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، اور ان کے ساتھ موجود چار گارڈ بھی شدید زخمی ہیں۔

    متحدہ رہنماؤں نے تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار کی حالت خطرے سے باہر ہے البتہ ان کے گارڈز اور ان کے پرسنل سیکیریٹری سبطین کو شدید چوٹیں آئیں ہیں۔


    حادثے کے بعد ڈاکٹر فاروق ستار اور ان کے گارڈز کو نوری آباد کے مقامی اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار اور ان کے زخمی گارڈز کو خواجہ اظہار الحسن کی گاڑی میں کراچی کے اسپتال اے او کلینک منتقل کر دیا گیا ہے۔

    متحدہ کے رہنما عامر خان نے بتایا ہے کہ میری گاڑی ڈاکٹر فاروق ستار کی گاڑی کے پیچھے تھی، عامر خان کا کہنا تھا کہ ان کو اندرونی چوٹیں آئی ہیں۔

    حادثے کی خبر سنتے ہی متحدہ کے دیگر رہنما اور کارکنان بڑی تعداد میں اے او کلینک پہنچنا شروع ہوگئے، ڈاکٹر فاروق ستار کی اہلیہ بھی اسپتال پہنچ گئیں ہیں۔

    ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے گارڈز کو عباسی شہید اسپتال کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی کے نمائندے رافع حسین نے بتایا ہے کہ ان کی ڈاکٹر فاروق ستار سے فون پر مختصر بات ہوئی ہے، جس میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے اندرونی چوٹیں آئی ہیں، کندھے میں شدید درد محسوس کر رہا ہوں اور یہ کہ میں مزید بات کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں۔

    بعد ازاں ڈاکٹر فاروق ستار کو اے او کلینک منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ڈاکٹر فاروق ستار کو معمولی چوٹیں آئیں ہیں۔