اسلام آباد : ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو جی ڈی اے کا انتخابی نشان دینے سے معذرت کرلی گئی ، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ محمد حسام مرزا کو جی ڈی اے کا پارٹی ٹکٹ اور نشان اسٹار الاٹ ہوچکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے ڈاکٹر فہمیدہ مرزاکوجی ڈی اے کا انتخابی نشان دینے سے معذرت کرلی۔
آرڈر میں کہا گیا کہ این اے 223 بدین سے محمد حسام مرزاکوجی ڈی اے کا انتخابی نشان اسٹارالاٹ ہوچکاتھا، فارم 33کے مطابق محمد حسام مرزاکو جی ڈی اے کا پارٹی ٹکٹ اور نشان اسٹار الاٹ ہوچکا ہے۔
آرڈر میں کہنا تھا کہ حسام مرزاابھی تک میدان میں ہیں اورانہوں نے کاغذات نامزدگی آج تک واپس نہیں لیے، ایک وقت میں ایک انتخابی نشان ایک سیاسی جماعت کے 2 امیدواروں کوالاٹ نہیں ہوسکتا۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ پارٹی سرٹیفکیٹ دینے اور انتخابی نشان الاٹمنٹ کے مراحل مکمل ہو چکےہیں، جی ڈی اے امیدوار کوانتخابی نشان الاٹ ہو چکا،اس مرحلےپر اس پرنظر ثانی نہیں ہو سکتی، ریٹرننگ افسرفارم 33 کو دوبارہ ریوائزکرے۔
آرڈر کے مطابق آر او فارم 33 میں ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا نام بطور آزادامیدوار شامل کرے، آر او نے پہلے ہی جی ڈی اے کا انتخابی نشان حسام مرزا کو الاٹ کر رکھا ہے اور ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو آزاد امیدواروں کے انتخابی نشان میں سے کوئی نشان الاٹ کیا جائے۔
فہمیدہ مرزا کے این اے 233 پر کاغذات ریٹرننگ افسر اور ٹریبونل نے مسترد کئے، جس کے بعد فہمیدہ مرزاکو جی ڈی اے کاانتخابی نشان الاٹ کرنے کا سندھ ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا تھا۔