Tag: ڈاکٹر محمد فیصل

  • بھارتی حملوں کا جواب دینے کے لیے کاؤنٹ ڈاؤن شروع، پاکستانی ہائی کمشنر کا اسکائی نیوز کو انٹرویو

    بھارتی حملوں کا جواب دینے کے لیے کاؤنٹ ڈاؤن شروع، پاکستانی ہائی کمشنر کا اسکائی نیوز کو انٹرویو

    اسلام آباد: پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے خبردار کیا ہے کہ بھارتی حملوں کا جواب دینے کے لیے کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے اسکائی نیوز کو انٹرویو میں کہا پاکستان نے بارہا پہلگام واقعے کی عالمی سطح پر تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی، پاکستان کی پہلی ترجیح امن تھی، لیکن اب اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارتی حملوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

    ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا بھارتی حملوں کا جواب دینے کے لیے کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو گیا ہے، سیکیورٹی کونسل اور بہت سے ممالک نے بھارت سے کشیدگی میں کمی لانے کا کہا تھا لیکن بھارت نے سیکیورٹی کونسل سمیت کسی کی بات نہ سنی اور حملے کر دیے۔


    عہد کرتے ہیں شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب ضرور لیا جائیگا، وزیراعظم


    ہائی کمشنر نے کہا ہمارے ملک پر میزائل پھینکے جا رہے ہیں، معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، میزائل حملوں کی صورت میں بھارت سے کیسے تعاون کیا جا سکتا ہے؟ بھارت پہلگام واقعے کی عالمی سطح پر تحقیقات سے کیوں خوف زدہ ہے؟


    لاہور والٹن روڈ کے علاقے میں یکے بعد دیگرے 3 دھماکے


    واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو اپنی غلطی کا خمیازہ ضرور بھگتنا ہوگا، عہد کرتے ہیں شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا، گزشتہ رات بھارت نے فاش غلطی کی، شاہینوں نے ایسی کاری ضرب لگائی کہ دشمن بھول نہیں سکے گا، ایک گھنٹے کی جنگ میں دشمن کے طیاروں کے پرخچے اڑا دیے۔

  • شہریت کے متنازعہ بل سے بھارت کا چہرہ سامنے آگیا ہے: دفتر خارجہ

    شہریت کے متنازعہ بل سے بھارت کا چہرہ سامنے آگیا ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ شہریت کے متنازعہ بل سے بھارت کا چہرہ سامنے آگیا ہے، اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کی مذمت کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 132 دن سے لاک ڈاؤن ہے۔ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

    ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ شہریت کے متنازعہ بل سے بھارت کا چہرہ سامنے آگیا ہے، اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کی مذمت کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کی، افغانستان اور پاکستان کے مسائل پر بھی بات ہوئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک صدر طیب اردوان سے بھی ملاقات کی۔

    ترجمان نے کہا کہ سیکریٹری خارجہ نے ڈپلومیٹک کور سے ملاقات کی، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی گئی۔

    اس سے قبل بریفنگ میں دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مسلسل آواز اٹھا رہا ہے، او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق فیصلہ نہیں ہوگا تو مسئلہ بھی حل نہیں ہوگا۔ پاکستان کی کشمیر پالیسی اسی جگہ ہے جہاں تھی، کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

  • سیاچن متنازعہ علاقہ ہے، بھارت سیاحت کے لیے کیسے کھول سکتا ہے: پاکستان

    سیاچن متنازعہ علاقہ ہے، بھارت سیاحت کے لیے کیسے کھول سکتا ہے: پاکستان

    اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سیاچن متنازعہ علاقہ ہے، بھارت سیاحت کے لیے کیسے کھول سکتا ہے، بھارت نے سیاچن پر قبضے کوشش کی تھی، مسئلہ ابھی تک برقرار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ 80 لاکھ کشمیریوں کا دنیا سے رابطہ منقطع ہے، کشمیر میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بند ہے، عالمی برادری، اقوام متحدہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا نوٹس لیں، بھارتی کرفیو عالمی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

    ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارت کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیرمیں آج بھی کرفیو نافذ ہے، کشمیرکا میڈیا بھی بند ہے جس کے باعث بہت سے مسائل ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سیاچن کا مسئلہ اب تک ہے بھارت نے قبضے کی کوشش کی تھی، سیاچن کے حوالے سے میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں، سیاچن متنازع علاقہ ہے ہندوستان کیسے سیاحت کے لیے کھول سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اطلاعات ہیں کرتار پور آنے والے یاتریوں کے لیے بھارت رکاوٹیں ڈال رہا ہے، پاکستان کی جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں، روزانہ 5000 یاتریوں کی گنجائش ہے۔

    ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ کرنل (ر) حبیب 2 سال سے لاپتہ ہیں، ان کے حوالے سے سامنے آنے والا لیٹر جعلی لگتا ہے، ان کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جعلی ہے۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں عوام کو گھروں میں محصور اور نظام زندگی معطل ہوئے 100 روز سے زائد ہوگئے ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر میں 1989 سے اب تک ایک لاکھ شہادتیں ہوچکی ہیں، ترجمان دفترخارجہ

    مقبوضہ کشمیر میں 1989 سے اب تک ایک لاکھ شہادتیں ہوچکی ہیں، ترجمان دفترخارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں 1989 سےاب تک ایک لاکھ شہادتیں ہوچکی ہیں، مقبوضہ کشمیرمیں 3 دہائیوں میں 11 ہزار خواتین کی عصمت دری کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ کشمیر پربھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف آج دنیا بھرمیں یوم سیاہ منایاجا رہا ہے۔

    ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دنیا بھرمیں پاکستانی سفارتی مشنزکو تقاریب کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں، دنیا بھرمیں تنازع کشمیرکو اجاگرکرنے کے لیے تقاریب اور احتجاج کیا جائے گا۔

    ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ کشمیر یوں کی حق خود ارادیت کی 72سالہ جدوجہد کو اجاگر کیا جائے گا، دنیا کو تنازع کشمیرکی سنگینی سے متعلق ایک بار پھر باورکرایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ لاکھوں کشمیریوں کے انسانی حقوق غصب کرکے محصورکر دیا گیا ہے، کشمیریوں کو خوراک، ادویات، بنیادی ضروریات اورسہولیات میسر نہیں ہیں، لاکھوں کشمیریوں پر جاری ظلم سے بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔

    ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دنیا کے ہر فورم پر پاکستان نے اس غاصبانہ اقدام کے خلاف آواز اٹھائی ، عالمی برادری کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت دینے کا وعدہ پورا کرے، سلامتی کونسل کی قرادادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نکالا جائے۔

    ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں 1989 سے اب تک ایک لاکھ شہادتیں ہوچکی ہیں، مقبوضہ کشمیرمیں 3 دہائیوں میں 11 ہزار خواتین کی عصمت دری کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ 30 سالوں کے دوران 22 ہزار خواتین بیوہ ہوئیں، بھارتی ریاستی دہشت گردی سے لاکھوں بچے یتیم ہوچکے، برہان وانی کی شہادت کے بعد مسئلہ کشمیر کو نئی جہت ملی۔

  • طالبان وفد سے ملاقات میں افغان امن عمل کی بحالی پر اتفاق ہوا: دفتر خارجہ

    طالبان وفد سے ملاقات میں افغان امن عمل کی بحالی پر اتفاق ہوا: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ طالبان وفد کی پاکستانی وفد کے ساتھ ملاقات میں افغان امن کے عمل کی بحالی پر اتفاق ہوا۔ دونوں جانب سے افغانستان میں امن کے لیے مذاکرات بحالی پر زور دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دی، اپنی بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر جاری ہے، درجنوں کشمیری شہید کیے جا چکے ہیں، 60 روز سے جاری کرفیو کے باعث اطلاعات باہر نہیں آتیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دنیا کرفیو اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش کا اظہار کر چکی ہے، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر دفتر خارجہ طلبی ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا دورہ مصروف رہا، وزیر اعظم نے امریکی صدر سمیت عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے بھی متعدد ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں، وزیر خارجہ نے او آئی سی کشمیر گروپ سمیت دیگر فورمز پر مؤقف پیش کیا۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ طالبان وفد کی پاکستانی وفد کے ساتھ ملاقات ہوئی، دونوں جانب سے افغان امن کے عمل کی بحالی پر اتفاق ہوا۔ دونوں جانب سے افغانستان میں امن کے لیے مذاکرات بحالی پر زور دیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ طالبان وفد کی آمد کے بہت حساس پہلو ہیں، پاکستان کی امن کے فروغ کی کوششیں قابل قدر ہیں۔ افغان طالبان سے ملاقات کے دیگر حساس پہلو وقت پر سامنے لائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی مسئلہ کشمیر پر پوزیشن واضح ہے، امت مسلمہ کا بیان او آئی سی کے اجلاس میں سامنے آچکا ہے۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی مدت ملازمت مکمل ہونے پر سبکدوش ہوئیں۔ ملیحہ لودھی کی جگہ سینئر سفارت کار منیر اکرم خدمات انجام دیں گے۔

  • کشمیر پر عالمی برادری پاکستان کے مؤقف سے متفق نظر آرہی ہے: دفتر خارجہ

    کشمیر پر عالمی برادری پاکستان کے مؤقف سے متفق نظر آرہی ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی مظالم سے مقبوضہ کشمیر میں شہدا کی تعداد بڑھ رہی ہے، کشمیر پر عالمی برادری پاکستان کے مؤقف سے متفق نظر آرہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تمام تر مواصلاتی نظام معطل ہے۔ مقبوضہ کشمیر کا دنیا بھر سے رابطہ منقطع ہونے کا آج 39 واں دن ہے، بین الاقوامی میڈیا کو کشمیر میں رسائی دی جائے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے 3 کشمیروں کو شہید کیا، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش ہے۔ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کو حل کرے۔ بھارتی مظالم سے مقبوضہ کشمیر میں شہدا کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں عالمی قوانین کا احترام کرے، ترکی نے بھی اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ہائی کمشنر کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے، ملائیشیا نے بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش کیا۔ چین کا مؤقف واضح ہے وہ کسی یکطرفہ اقدام کی حمایت نہیں کرے گا۔ پاکستان مسلسل عالمی برادری کو صورتحال سے آگاہ کر رہا ہے۔ ہر فورم کو بھارتی غیر قانونی اقدامات سے آگاہ کیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری پاکستان کے مؤقف سے متفق نظر آرہی ہے، کشمیریوں کو ان کے حقوق عالمی قوانین کے تحت ملنے چاہئیں، پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ 7 ستمبر کو بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا، کھوئی رٹہ سیکٹر پر ایل او سی کی خلاف ورزیوں پر احتجاج ریکارڈ کروایا۔ وزیر خارجہ نے جنیوا میں انسانی حقوق کونسل اجلاس میں شرکت کی۔ انسانی حقوق کمیشن کے اجلاس میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا گیا۔

    ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو امریکی صدر ٹرمپ کی ثالثی پر کوئی اعتراض نہیں، اعتراض بھارت کو ہے وہ راضی ہوگا تو ثالثی شروع ہوگی۔ کل وزیر اعظم عمران خان مظفر آباد جارہے ہیں، کل اہم پالیسی بیان دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا اور طالبان میں مذاکرات رکنے کا علم ہے۔ فریقین اس معاملے پر تحمل کا مظاہرہ کریں، فریقین واپس مذاکرات کی میز پر آئیں۔ فوجی طاقت سے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ بہتر ہے مذاکرات سے دیرپا امن کے لیے بات چیت کی جائے۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ایسے اقدام کو مسترد کرتے ہیں جو فلسطین میں تناؤ کا باعث بنے، ہم فلسطین کی 1969 سے پہلے والی سرحد کو ہی تسلیم کرتے ہیں۔ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے کوئی اقدام نہیں لیا جا رہا۔

  • کلبھوشن سے بھارتی ناظم الامور کی ملاقات، تمام امور کی ریکارڈنگ کی گئی، دفتر خارجہ

    کلبھوشن سے بھارتی ناظم الامور کی ملاقات، تمام امور کی ریکارڈنگ کی گئی، دفتر خارجہ

    اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے بھارتی ناظم الامور کی ملاقات ویاناکنونشن اور پاکستانی قانون کے مطابق کرائی گئی، اس موقع پر تمام امور کی ریکارڈنگ بھی کی گئی۔

    یہ بات انہوں نے اپنے جاری بیان میں کہی، ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی اور دیگر جرائم میں ملوث بھارتی جاسوس کلبھوشن کو قونصلر رسائی دے دی ہے، یہ رسائی عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں فراہم کی گئی۔

    بھارت کی جانب سے ان کے ناظم الامور نے کلبھوشن یادیو سے ملاقات کی، ملاقات ویانا کنونشن اور پاکستانی قانون کے مطابق کرائی گئی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ قونصلر رسائی کا عمل دوپہر12بجے سے دو بجے تک جاری رہا، اس موقع پر حکومت پاکستان کے حکام بھی موجود تھے، بھارتی درخواست پر بات چیت کیلئے لینگویج کی پابندی نہیں تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ ملاقات سے متعلق پاکستان نے تمام امور کی ریکارڈنگ بھی کی ہے، اس سلسلے میں شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ریکارڈنگ سے بھارت کو پیشگی آگاہ کردیا گیا تھا۔

    دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی برادری کا ایک ذمہ دار رکن ہے، ہم نے عالمی معاہدوں کے تحت بھارتی جاسوس کو قونصلر رسائی دی۔

    واضح رہے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے گزشتہ روز بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ کلبوشن یادیو پاکستان میں جاسوسی اور دہشتگردی میں ملوث ہونے پر زیر حراست ہے۔

  • پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے سے متعلق بھارتی میڈیا نے غلط خبر چلائی، ترجمان دفتر خارجہ

    پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے سے متعلق بھارتی میڈیا نے غلط خبر چلائی، ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے سے متعلق بھارتی میڈیا نے غلط خبر چلائی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا نے پروپیگنڈا کرکے ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے کی غلط خبر چلائی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی ویب سائٹ پر جاکر دیکھا جاسکتا ہے، ایف اے ٹی ایف سے ہماری ملاقات اکتوبر میں ہونی ہے۔

    ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ وزیر خارجہ ایک دن میں 4، 4 وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کررہے ہیں، کشمیر کی صورت حال پر پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے۔

    مزید پڑھیں: ایشیا پیسیفک گروپ میں پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کی بھارتی کوششیں ناکام

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بھی مختلف ممالک کے وزرائے اعظم سے گفتگو کررہے ہیں، سفارتی محاذ پر پاکستان کشمیر کا مقدمہ لڑ رہا ہے۔

    واضح رہے کہ ایف اے ٹی ایف کے ایشیا پیسیفک گروپ میں بھارت بھرپور کوششوں کے باوجود پاکستان کی درجہ بندی کم کرانے اور بلیک لسٹ کرانے میں ناکام رہا تھا۔

    اعلامیہ میں پاکستان کوبلیک لسٹ کرنے یا انہانسڈایکس پیڈائٹڈ فالو اپ کا ذکرہی نہیں ہے اور کہا گیا پاکستان سمیت پانچ ممالک کی میوچل ایویلیو ایشن رپورٹ اپنائی گئی ہے، ان ممالک میں چین اورفلپائن بھی شامل ہیں۔

    وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ ایشیاپیسیفک گروپ کسی کوبلیک لسٹ کرنےکامینڈیٹ نہیں رکھتا، بھارتی میڈیا کی اس حوالے سے رپورٹس بے بنیاد اور حقائق کے برعکس ہیں۔

  • بھارت مذاکرات  کیلئے جو بھی راستہ اپنائے پاکستان تیار ہے، ترجمان دفتر خارجہ

    بھارت مذاکرات کیلئے جو بھی راستہ اپنائے پاکستان تیار ہے، ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا بھارت مذاکرات کیلئے جو بھی راستہ اپنائے پاکستان تیار ہے، کشمیریوں کی مرضی کے بغیر کشمیر میں کوئی تبدیلی نہیں آسکتی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کاسلسلہ جاری ہے، بھارتی افواج نے رواں ہفتے 14 کشمیریوں کو شہید کیا، پاکستان کو حریت رہنماؤں کو زیرحراست رکھنے پر تشویش ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا بھارت کالے قوانین سے بنیادی انسانی حقوق کوپامال کررہاہے، بھارت عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنابندکرے، بھارت کشمیریوں کوان کاحق خود ارادیت دے، لاپتہ افرادسےمتعلق رپورٹ نے بھارتی مظالم کا چہرہ بےنقاب کیا۔

    بھارتی افواج نے رواں ہفتے 14 کشمیریوں کو شہید کیا

    ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کشمیریوں کی مرضی کے بغیر کشمیر میں کوئی تبدیلی نہیں آسکتی، پاکستان بھارت کو ہر جگہ مذاکرات کیلئے کہہ چکا ہے، ہم ہر صورت میں مذاکرات کو ترجیح دیتے ہیں۔

    ،ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا بھارت گفتگو کیلئے جو بھی راستہ اپنائے پاکستان تیار ہے، وزیر خارجہ بھارتی ہم منصب سے ملاقات پر جلد بیان دیں گے۔

    وزیر خارجہ بھارتی ہم منصب سے ملاقات پر جلد بیان دیں گے

    ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف آج شام کو پاکستان آرہے ہیں، ملاقات میں دوطرفہ علاقائی اورعالمی امور تبادلہ خیال ہوگا۔

    ترجمان کا کہنا تھا وزیرخارجہ27 مئی کوسعودی عرب جارہے ہیں، وزیراعظم کے دورے سے متعلق ابھی کچھ نہیں بتا سکتا، پاکستان مسائل بات چیت کے ذریعےحل کرنے کا خواہاں ہے، عالمی معاہدوں پر ہر صورت میں عمل ہونا چاہیے۔

    وزیرخارجہ27مئی کوسعودی عرب جارہےہیں

    بنگلادیش سے ویزا کے اجرا سے متعلق انھوں نے کہا بنگلادیش نےپاکستانیوں کوویزوں کااجرامعطل کرنےکی تردیدکی ، پاکستان بنگلادیشی حکام کیساتھ رابطےمیں ہے، پاکستان تمام ممالک کیساتھ دوستانہ تعلقات چاہتاہے۔

    بنگلادیش نےپاکستانیوں کوویزوں کااجرامعطل کرنےکی تردیدکردی

    بھارتی انتخابات سے متعلق ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا بھارتی انتخابات پرسرکاری نتائج کےبعدبیان جاری کیاجائے گا۔

  • مقبوضہ کشمیر میں تین سالہ بچی سے زیادتی کے واقعے پر ترجمان دفتر خارجہ کا ٹویٹ

    مقبوضہ کشمیر میں تین سالہ بچی سے زیادتی کے واقعے پر ترجمان دفتر خارجہ کا ٹویٹ

    اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر کے علاقے بانڈی پورہ میں 3 سالہ بچی سے زیادتی کے ہول ناک واقعے کو ترجمان دفتر خارجہ نے وادی میں انسانی حقوق کی خوف ناک صورت حال کی یاد دہانی قرار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خوف ناک صورت حال کی یاد دہانی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں مظاہرین پر بھی پیلٹ گن سے فائرنگ کی اطلاعات ہیں۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ مظاہرین پر پیلٹ گنز سے فائرنگ کے تازہ واقعات بھارتی فورسز کے ظلم کا تسلسل ہے۔

    واضح رہے کہ ضلع بانڈی پورہ کے علاقے سمبل میں 3 سال کی بچی سے زیادتی کے خلاف مقبوضہ کشمیر کی وادی سری نگر کے مختلف علاقوں میں شدید احتجاج کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  سری نگر: 3 سال کی بچی سے زیادتی، مختلف علاقوں میں احتجاج، شٹر ڈاؤن

    وادی میں تین سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کے واقعے پر شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے، سری نگر کے مختلف علاقوں میں واقعے کے خلاف سخت احتجاج کیا گیا۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ ملزم پولیس کی حراست میں ہے، لیکن اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی ہے۔ ادھر واقعے کے بعد بھارتی فوج کی بڑی تعداد بھی سری نگر میں داخل ہو گئی ہے۔