Tag: ڈاکٹر ٹیڈ روس

  • عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈ روس قرنطینہ میں چلے گئے

    عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈ روس قرنطینہ میں چلے گئے

    جنیوا: عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈ روس کے رابطے میں رہنے والا ایک شخص کرونا وائرس کا شکار ہوگیا جس کے بعد ڈاکٹر ٹیڈ روس بھی قرنطینہ میں چلے گئے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈ روس نے بتایا کہ حال ہی میں ان سے رابطے میں رہنے والے ایک شخص میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد انہوں نے احتیاطاً خود کو قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ڈاکٹر ٹیڈ روس کا کہنا تھا کہ وہ خیریت سے ہیں اور ان میں کرونا وائرس کی کوئی علامات نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ عالمی ادارہ صحت کی طے کردہ تمام تر احتیاطی تدابیر اپنا رہے ہیں اور ساتھ ہی گھر سے کام کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں اور میرے ساتھی جانیں بچانے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔

    دوسری جانب دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 کروڑ 68 لاکھ 23 ہزار 515 ہوگئی جبکہ کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 12 لاکھ 5 ہزار 321 ہوگئی۔

    دنیا بھر میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 1 کروڑ 18 لاکھ 61 ہزار 347 ہے، ان میں سے 85 ہزار 362 کیسز تشویشناک ہیں جبکہ دنیا بھر میں اب تک 3 کروڑ 37 لاکھ 56 ہزار 847 کرونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    بین الاقوامی اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کلوزڈ کیسز میں سے 97 فیصد مریض وہ ہیں جو صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں کی شرح 3 فیصد ہے۔

    اسی طرح فعال کیسز میں سے 99 فیصد معمولی بیمار ہیں جبکہ صرف 1 فیصد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

  • عالمی رہنما کرونا وائرس پر سیاست کرنے کے بجائے اس کے خلاف متحد ہو جائیں: عالمی ادارہ صحت

    عالمی رہنما کرونا وائرس پر سیاست کرنے کے بجائے اس کے خلاف متحد ہو جائیں: عالمی ادارہ صحت

    جنیوا: عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈ روس کا کہنا ہے کہ پوری دنیا میں کرونا وائرس کے مریضوں میں ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے، عالمی رہنما کرونا وائرس پر سیاست کرنے کے بجائے اس سے لڑنے کے لیے متحد ہو جائیں۔

    عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈ روس نے ورلڈ گورنمنٹ سمٹ کے موقع پر ویڈیو کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ٹیڈ روس کا کہنا تھا کہ عالمی رہنما کرونا وائرس پر سیاست کرنے کے بجائے اس سے لڑنے کے لیے متحد ہوجائیں۔

    ڈاکٹر ٹیڈ روس کا کہنا تھا کہ کوویڈ 19 مرض پھیل رہا ہے، پوری دنیا میں مریضوں میں ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے، دنیا میں 10 لاکھ کیسز 3 ماہ میں رپورٹ ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ 10 سے 20 لاکھ وائرس کیسز پہنچنے میں صرف 8 دن لگے. بھارت،امریکا اور دیگر ممالک میں کرونا وائرس کے کیسز میں بے انتہا اضافہ ہو چکا ہے۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس کے 95 لاکھ 35 ہزار 219 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 4 لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد اس وائرس کے ہاتھوں موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں۔

    وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 51 لاکھ 80 ہزار 287 ہے۔