Tag: ڈاکٹر کی غفلت

  • ڈاکٹر کی غفلت سے ڈی آئی جی کی والدہ کا انتقال، ہیلتھ کیئر کمیشن حرکت میں آ گیا

    ڈاکٹر کی غفلت سے ڈی آئی جی کی والدہ کا انتقال، ہیلتھ کیئر کمیشن حرکت میں آ گیا

    کراچی: شہر قائد میں ڈاکٹر کی غفلت کے باعث ڈی آئی جی ایڈمن سندھ پولیس عاصم قائمخانی کی والدہ کے انتقال پر ہیلتھ کیئر کمیشن نے نجی اسپتال سے تمام ڈیٹا طلب کر لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ ماہ کراچی کے ایک نجی اسپتال میں ڈاکٹر کی غفلت کے باعث ڈی آئی جی عاصم قائمخانی کی والدہ انتقال کر گئی تھیں، جس پر انھوں نے ڈاکٹروں اور اسپتال کے خلاف سندھ ہیلتھ کئیر کمیشن کو خط لکھ دیا تھا۔

    خط پر سندھ ہیلتھ کئیر کمیشن حرکت میں آ گیا، کمیشن نے نجی اسپتال سے ڈی آئی جی کی والدہ کا تمام ڈیٹا طلب کر لیا ہے، اسپتال انتظامیہ سے ڈاکٹر اور عملے کی تمام تفصیلات طلب بھی کرلی گئیں۔

    واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں مختلف اسپتالوں کے ماہر امراض قلب کو شامل کیا جائے گا، امراض قلب کے ماہرین کی ٹیم کی تشکیل کے بعد واقعے کی تفتیش شروع کی جائے گی۔

    اس سلسلے میں این آئی سی وی ڈی اور آغا خان کے ماہرین کے لیے اسپتالوں کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ ڈی آئی جی کی والدہ کو معمولی پیٹ کی تکلیف پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، لیڈی ڈاکٹر نے دل کا دورہ بتا کر انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی کی، دوران علاج غفلت و لاپرواہی سے آنت کو نقصان پہنچا، ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر نے اس واقعے کو چھپایا، آپریشن کے چند روز بعد اچانک والدہ کی طبیعت بگڑی اور ان کا انتقال ہوگیا۔

  • کراچی: بچے کی انگلی کٹنے کا معاملہ والد اور اسپتال کے مابین 4 لاکھ روپے میں طے

    کراچی: بچے کی انگلی کٹنے کا معاملہ والد اور اسپتال کے مابین 4 لاکھ روپے میں طے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سولجر بازار میں واقع نجی اسپتال میں ڈاکٹر کی غفلت سے بچے کی انگلی کٹنے کا معاملہ بچے کے والد اور اسپتال انتظامیہ کے درمیان 4 لاکھ روپے میں طے ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق 6 ماہ کے بچے منہاج کی گزشتہ رات پٹی کاٹنے کے دوران ڈاکٹر نے انگلی ہی کاٹ دی تھی، بچے کے والد نے اسپتال اور تھانے کے باہر سخت احتجاج بھی کیا تھا، آج اسپتال انتظامیہ اور بچے کے والد کے درمیان مبینہ طور پر معاملہ 4 لاکھ روپے میں طے ہو گیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اسپتال اور متاثرہ فیملی میں بھاری رقم کے عوض معاملہ طے پایا ہے، معاوضے کے علاوہ زندگی بھر مفت علاج کی سہولت کا بھی وعدہ کیا گیا۔ دوسری طرف متاثرہ بچے کو علاج کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیل یہاں پڑھیں:  ڈاکٹر کی سنگین غفلت، 6 ماہ کے بچے کو انگلی سے محروم ہونا پڑ گیا

    یاد رہے کہ کراچی کے علاقے سولجر بازار میں نجی اسپتال کی انتظامیہ کی سنگین غفلت کے باعث گزشتہ رات ایک چھ سالہ بچے کو اپنی انگلی سے محروم ہونا پڑا تھا، اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق چھ ماہ کے بچے منہاج کو اس کے والدین بیمار ہونے پر اسپتال لائے تھے، بچے کو کینولہ لگایا گیا تھا، جسے سپورٹ دینے کے لیے ایک اسٹک ہاتھ پر باندھی گئی تھی۔

    بچے کے والد نے بتایا کہ بچہ ڈسچارج ہونے لگا تو ڈاکٹر اس کے ہاتھ پر بندھی پٹی کاٹ کر ہٹانے لگی، اس دوران ڈاکٹر نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچے کی انگلی ہی کاٹ ڈالی۔ ڈاکٹر نے ہمیں بتایا بھی نہیں، ہمیں بعد میں پتا چلا، انھوں نے کٹی انگلی بھی پھینک دی تھی۔

  • ڈاکٹر کی سنگین غفلت، 6 ماہ کے بچے کو انگلی سے محروم ہونا پڑ گیا

    ڈاکٹر کی سنگین غفلت، 6 ماہ کے بچے کو انگلی سے محروم ہونا پڑ گیا

    کراچی: سولجر بازار میں نجی اسپتال کی انتظامیہ کی سنگین غفلت کے باعث ایک چھ سالہ بچے کو اپنی انگلی سے محروم ہونا پڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار میں ایک نجی اسپتال میں لیڈی ڈاکٹر نے پٹی کاٹ کر ہٹانے کی بجائے 6 ماہ کے بچے کی انگلی کاٹ ڈالی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق چھ ماہ کے بچے منہاج کو اس کے والدین بیمار ہونے پر اسپتال لائے تھے، بچے کو کینولہ لگایا گیا تھا، جسے سپورٹ دینے کے لیے ایک اسٹک ہاتھ پر باندھی گئی تھی۔

    والدین نے بتایا کہ بچہ ڈسچارج ہونے لگا تو ڈاکٹر اس کے ہاتھ پر بندھی پٹی کاٹ کر ہٹانے لگی، اس دوران ڈاکٹر نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچے کی انگلی ہی کاٹ ڈالی۔

    واقعے کے بعد بچے کے اہل خانہ نے اسپتال اور ڈاکٹر کے خلاف شدید احتجاج کیا اور نعرے لگائے، بچے کے والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی ذمہ دار ڈاکٹر کو گرفتار کیا جائے۔ اہل خانہ نے اسپتال کے باہر احتجاج کرتے ہوئے پلے کارڈز بھی اٹھائے، جن پر لکھا ہوا تھا کہ اسپتال قصاب خانے بن چکے ہیں، معصوم بچوں کی صحت سے کھیلنا بند کیا جائے۔

    یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں بھی لانڈھی لیبر اسکوائر کے قریب ایک نجی اسپتال میں غلط انجکشن لگانے کے سبب 13 سالہ حمزہ معذور ہو گیا تھا، لڑکے کو بخار کی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، غلط انجکشن لگنے کے سبب اس کا ہاتھ کالا پڑ گیا، جس کی وجہ سے جسم میں زہر پھیلنے لگا تو اس کا سیدھا ہاتھ کاٹنا پڑ گیا۔

  • منڈی بہاؤالدین: زندہ شخص کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا

    منڈی بہاؤالدین: زندہ شخص کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا

    منڈی بہاؤالدین: وسطی پنجاب کے شہر منڈی بہاؤ الدین میں ایک زندہ شخص کو ڈاکٹر کی غفلت کی وجہ سے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال منڈی بہاؤ الدین میں مردہ شخص زندہ نکلا، چکوال کے علی رضا کو ایمرجنسی میں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم ڈاکٹر نے زندہ مریض کو مردہ قرار دے کر مردہ خانے منتقل کر دیا۔

    تاہم میڈیا کی بروقت نشان دہی پر پولیس نے ایکشن لیا اور اسپتال کے عملے نے مردہ خانے سے مریض کو ایمرجنسی میں شفٹ کر دیا۔

    واقعے کے بعد ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم نے 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی، جو اس بات کی تحقیق کرے گی کہ زندہ شخص کو کیسے مردہ قرار دیا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد، پمز اسپتال میں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سے بچی معذور ہوگئی

    واضح رہے کہ ملک بھر کے مختلف شہروں میں ڈاکٹرز کی غفلت کے باعث مریضوں کے مرنے اور معذور ہونے کی خبریں تواتر کے ساتھ میڈیا کی زینت بن رہی ہیں۔

    اپریل میں کراچی میں ڈاکٹر کی مبینہ غلفت کے باعث غلط انجیکشن لگنے سے ایک اور بچی زندگی کی بازی ہار گئی تھی، جس پر پولیس نے اتائی ڈاکٹر عدنان کو حراست میں لے لیا تھا۔

    ادھر جولائی میں اسلام آباد کے پمز اسپتال میں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سے چھ سال کی بچی معذور ہوگئی تھی، دوران علاج ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سے بچی کا ہاتھ خراب ہوا، بچی کو بازو میں فریکچر پر اسپتال لایا گیا تھا۔