Tag: ڈاکٹر یاسمین راشد

  • ڈاکٹرز سے کہتی ہوں ڈرنا نہیں ہے مل کر کرونا کا مقابلہ کرنا ہے،ڈاکٹر یاسمین راشد

    ڈاکٹرز سے کہتی ہوں ڈرنا نہیں ہے مل کر کرونا کا مقابلہ کرنا ہے،ڈاکٹر یاسمین راشد

    لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے خلاف جنگ ڈاکٹرز اور ہم سب نے مل کر ہی لڑنی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں لاک ڈاؤن کو 28 دن ہوچکے ہیں۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا یہی مقصد ہے کیسز کم آئیں تا کہ ہمیں مریضوں کو سنبھال سکیں،جس علاقے میں کرونا کیسز کی تعداد زیادہ ہوتی وہاں سختی کرتے ہیں،پنجاب میں جس علاقے میں کم یا کیسز نہیں ہیں وہاں نرمی کی جاتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا کے خلاف جنگ ڈاکٹرز اور ہم سب نے مل کر ہی لڑنی ہے،ڈاکٹرز سے کہتی ہوں ڈرنا نہیں ہے مل کر مقابلہ کریں گے، حکومت نے اپنی رٹ بہت حد تک قائم کی ہوئی ہے۔

    صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے ٹیسٹنگ بڑھائی ہے کیسز بھی بڑھیں گے،امید ہے پاکستان کے حالات یورپ جیسے نہیں ہوں گے۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد نے مزید کہا کہ بیرون ملک سے پاکستانی بھی پروازوں کے ذریعے آرہے ہیں،بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کوقرنطینہ اور ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

  • ‘لاک ڈاؤن بڑھانے کا فیصلہ  14اپریل کے بعد کیا جائے گا’

    ‘لاک ڈاؤن بڑھانے کا فیصلہ 14اپریل کے بعد کیا جائے گا’

    لاہور : وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن بڑھانے کافیصلہ 14اپریل کے بعدکیاجائے گا، عوام احتیاطی تدابیرپرسختی سے عملدرآمد کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کالاشاہ کاکوجی سی یونیورسٹی کیمپس کےفیلڈاسپتال پہنچ گئیں ، جہاں انھوں نے کوروناوائرس کے کنفرم مریضوں کیلئےطبی سہولیات کاجائزہ لیا۔

    اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کنفرم مریضوں کوعلاج معالجہ کیلئے کالاشاہ کاکوفیلڈہسپتال منتقل کیاجائے گا ، کالاشاہ کاکو فیلڈ اسپتال میں 200مریضوں کو علاج کی سہولت مہیا ہوگی۔

    وزیرصحت پنجاب کا کہناتھا کہ کوروناسےپیدا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتےہیں، لاک ڈاؤن بڑھانے کافیصلہ 14اپریل کے بعدکیاجائے گا، عوام احتیاطی تدابیرپرسختی سے عملدرآمدکریں۔

    انھوں نے کہا کہ شمالی پنجاب سے کوروناوائرس کےکیسززیادہ سامنےآرہےہیں، حکومت موجودہ صورتحال میں بھی فوڈسپلائی جاری رکھےہوئےہے، پنجاب میں 40سے زائد کنفرم مریض صحتیاب ہوکرگھروں کوجاچکےہیں جبکہ میواسپتال میں کوروناوائرس کے زیادہ مریض زیرعلاج ہیں۔

  • ‘ 60سال سے زائد عمر کے لوگوں کیلئے کورونا وائرس جان لیوا ثابت ہوسکتاہے’

    ‘ 60سال سے زائد عمر کے لوگوں کیلئے کورونا وائرس جان لیوا ثابت ہوسکتاہے’

    لاہور : وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہناہے کہ لاک ڈاؤن سے وائرس کا پھیلاؤ کم ہوا، 60 سال سےزائد عمر کے لوگوں کیلئے وائرس جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے‌۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لاک ڈاؤن سے فائدہ ہوا، وائرس کا پھیلاؤ کم ہوا، اب تقریباً ہر بندہ ماسک پہنتا ہے.

    وزیرصحت پنجاب کا کہنا تھا کہ 60 سال سےزائد عمر کے لوگوں کو گھروں میں رکھیں اور باہر جانیوالے خود کو اس عمر کے لوگوں سے دور رکھیں، 60 سال سےزائد عمر کے لوگوں کیلئے وائرس جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے‌۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ہمارے ڈاکٹرز بہت محنت کررہےہیں ، ان کی شکرگزار ہوں ، ڈاکٹرز فرنٹ لائن پر کردار ادا کررہے ہیں ، ڈاکٹرز کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیکریٹری صحت کو ڈاکٹرز کی ضرورتیں پوری کرنےکاکہاہے، چین سےوینٹی لیٹرمنگوائےگئےہیں ، سوشل اسپتالوں کوبھی وینٹی لیٹرز ودیگر سہولتیں دیں گے، کپڑےکاماسک دھونےکےبعددوبارہ پہناجاسکتاہے۔

    وزیرصحت پنجاب نے کہا کہ ہم اپنی تشخیص کاطریقہ کار مزید بہتر بنارہے ہیں، بظاہر یہ لگتا ہے اگلے دو ہفتےمیں مریضوں کی تعداد بڑھے گی، لوگوں سے درخواست کروں گی کہ ماسک ضرور پہنیں۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ہم نےہراسپتال میں سیفٹی کٹس فراہم کی ہیں ، سیفٹ کٹس صرف ان کا پہننا ضروری ہے جو کورونامریضوں کو دیکھ  رہےہیں، اسپتالوں میں دیگر ڈاکٹرزکو این 95ماسک دےرہےہیں۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب سے ڈاکٹر یاسمین راشد کی ملاقات

    وزیراعلیٰ پنجاب سے ڈاکٹر یاسمین راشد کی ملاقات

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت چین کا ماڈل اپنا کر کرونا پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرےگی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی۔ وزیر صحت پنجاب نے کرونا پر قابو پانے کے لیے چینی ماڈل سے متعلق بریفنگ دی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے چین کے کامیاب ماڈل پر عملدرآمد کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت چین کاماڈل اپنا کر کرونا پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرےگی۔

    سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے بھی چینی ماڈل پر عمل کریں گے،وبا کا پھیلاؤ روکنے سے متعلق چینی اقدامات کو اپنے ایس او پیز کا حصہ بنائیں گے۔

    کرونا وائرس کے سدباب کے لیے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے: عثمان بزدار

    اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب سے چینی ڈاکٹروں اور ماہرین کے وفد نے ملاقات کی جس میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے دو طرفہ تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

    سردار عثمان بزدار نے کرونا پر قابو پانے کے لیے چینی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وائرس سے نمٹنے کے لیے چین کا ماڈل دنیا کے لیے ایک بہترین مثال ہے۔

  • لاک ڈاؤن کے باعث وائرس میں کمی آئی،ڈاکٹر یاسمین راشد

    لاک ڈاؤن کے باعث وائرس میں کمی آئی،ڈاکٹر یاسمین راشد

    لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے باعث وائرس میں کمی آئی، کوشش ہے مریضوں کی تعداد میں مزید اضافہ نہ ہو۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں 18 ہزار 269 افراد کے کروناٹیسٹ کیے گئے،ایکسپو سینٹر میں ہر کوئی اپنا کرونا ٹیسٹ کراسکتا ہے۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے باعث وائرس میں کمی آئی، کوشش ہے مریضوں کی تعداد میں مزید اضافہ نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ چینی ڈاکٹرز ہماری بہت مدد کر رہے ہیں،چینی ڈاکٹرز سے پلازما کے ذریعے علاج کےطریقہ کار پر بات ہوئی۔

    وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ 90 فیصد لوگوں کو کرونا نے بہت معمولی متاثر کیا، پنجاب میں کرونا کے صرف 2 مریض کی حالت نازک ہے۔

    کرونا کے وار، پاکستان میں 41 اموات کی تصدیق، 130 صحت یاب

    محکمہ صحت اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 161 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 2708 تک پہنچ گئی۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس سے مرنے والےافراد کی تعداد 41 تک پہنچ گئی۔

  • کرونا وائرس: پنجاب میں میڈیکل ایمرجنسی ڈکلیئر

    کرونا وائرس: پنجاب میں میڈیکل ایمرجنسی ڈکلیئر

    لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث پنجاب میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں پنجاب میں زیادہ کیسز آنےکی صورت میں اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے سبب پنجاب میں میڈیکل ایمرجنسی ڈکلیئر کر دی گئی ہے۔

    یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ 5ایئرپورٹس پر ویجی لینس بڑھا دی گئی ہے، ضروری یہ ہے کروناوائرس کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 3 اسپتالوں میں تیاری کرلی گئی ہے، مشکوک مسافر کو فوری قرنطینہ بھیجیں گے۔

    صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پنجاب میں 3700 زائرین کی اسکریننگ کی گئی ہے، جو مشکوک تھے ان کا ٹیسٹ کیا گیا ہے، پنجاب میں جنتے چینی ہیں ان کے بھی ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

    واضح رہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ صوبہ سندھ میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

  • لاہور ہائی کورٹ نے وزیر صحت یاسمین راشد کو طلب کرلیا

    لاہور ہائی کورٹ نے وزیر صحت یاسمین راشد کو طلب کرلیا

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے اسپتالوں کا فضلہ نہ اٹھانے کے خلاف درخواست پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو 29 جنوری کو طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مامون رشید شیخ نے اسپتالوں کا فضلہ نہ اٹھانے کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ محکمہ صحت نے کئی ادارے بنا کر لمبے لمبے نام کیوں رکھے ہیں، اتنے لمبے نام رکھنے کا مقصد کیا ہے، اتنے لمبے نام لکھنے سے سیاہی اور وقت ضائع ہوتا ہے۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اسپتالوں کے فضلےکے معاملے پر محکمہ ماحولیات کیوں سویا پڑا ہے، بتایا جائے اسپتال کے فضلے کو ری سائیکل کر کے سرنجیں پھر مارکیٹ میں کیسے آ رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں کی مشینری کی درآمد پر ٹیکس کیوں ادا کرنا پڑتا ہے، اسپتالوں کی مشینری کام نہیں کرتیں اسے چلانے کے لیے کوئی قانون سازی کیوں نہیں کی۔

    سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ نے کہا کہ ملتان اور ساہیوال کے اسپتالوں میں فضلہ ٹھکانے لگانے کے پلانٹس موجود نہیں، پانچ نئے پلانٹس ایک ماہ تک خرید لیے جائیں گے۔

    عدالت نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کیس کو طلب کرتے کیس کی مزید سماعت 29 جنوری تک ملتوی کر دی۔

  • وزیراعظم کی ڈاکٹر یاسمین راشد کو نوازشریف کی رپورٹس منگوانے کی ہدایت

    وزیراعظم کی ڈاکٹر یاسمین راشد کو نوازشریف کی رپورٹس منگوانے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو نوازشریف کی رپورٹس منگوانے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نوازشریف کی ہوٹل میں کھانا کھانے کی تصویر کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کو نوازشریف کی رپورٹس منگوانے کی ہدایت کر دی۔

    ترجمان محکمہ صحت نے بتایا کہ یاسمین راشد نے نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان سے رابطہ کرلیا۔ یاسمین راشد نےسوشل میڈیا پروائرل تصویر پرمیڈیکل رپورٹس بھجوانے کا کہا۔

    ترجمان محکمہ صحت کے مطابق ہوم ڈیپارٹمنٹ نے نواز شریف کے وکیل کو تازہ رپورٹس بھجوانے کا مراسلہ لکھ دیا ہے۔

    نواز شریف کی لندن کے مہنگے ترین ریستوران میں ناشتے کی تصویر وائرل

    واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی لندن میں ریستوران میں ناشتے کی تصویرسوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، تصویر میں نوازشریف کے صاحبزادوں حسن ،حسین نواز سمیت اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار مہنگے ترین ریستوران میں ناشتہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    فیملی ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز کی ہدایت پر نوازشریف چہل قدمی کے لیے اہل خانہ کے ہمراہ باہر گئے تھے۔

  • میاں صاحب کی بیماری کا علاج ملک میں موجود ہے: یاسمین راشد

    میاں صاحب کی بیماری کا علاج ملک میں موجود ہے: یاسمین راشد

    لاہور: وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ میاں صاحب سے کل ملاقات ہوئی تھی، نوازشریف ڈاکٹرز کے طریقہ علاج سے مطمئن ہیں، انہیں کوامیونوگلوبلین کے انجکشنز لگائے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو ’باخبرسویرا‘ میں گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی بیماری سے متعلق پلیٹ لیٹس کی کمی کی وجہ تشخیص کرلی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پلیٹ لیٹس بن رہے ہیں مگر جلدی ختم بھی ہورہے ہیں، مسئلےکے حل کیلئے دوا دینا شروع کردی ہے، امید ہے ان کی صحت کی بحالی جلد شروع ہوجائے گی۔

    وزیرصحت پنجاب کا کہنا تھا کہ نوازشریف صاحب نے مجھے کہا علاج سے مطمئن ہیں، ماہر ڈاکٹر طاہرشمسی سے میاں صاحب کی بات ہوئی ہے، میاں صاحب کی بیماری کا علاج ملک میں موجود ہے۔

    نواز شریف ملک میں علاج سے مطمئن ہیں، یاسمین راشد

    یاد رہے کہ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہر شمسی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ 2 سے 3 دن میں نواز شریف کی صحت میں بہتری آنا شروع ہوگی، میاں صاحب کے ٹیسٹ ٹھیک آئے ہیں، صرف پلیٹ لیٹس میں کمی ہورہی تھی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ آج صبح سے نواز شریف کی طبیعت بہتر ہے، صبح سے ان کے پلیٹ لیٹس بہتر ہیں کم نہیں ہوئے، ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ نواز شریف کا بون میرو بالکل ٹھیک کام کررہا ہے۔

  • صحت کے رکے ہوئے منصوبے بحال، پہلے مرحلے میں 72 لاکھ صحت کارڈز کی تقسیم شروع

    صحت کے رکے ہوئے منصوبے بحال، پہلے مرحلے میں 72 لاکھ صحت کارڈز کی تقسیم شروع

    گوجرانولہ: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ہم نے صحت کے رکے ہوئے منصوبوں کو بحال کیا، پہلے مرحلے میں 72 لاکھ صحت کارڈز کی تقسیم شروع کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے گوجرانوالہ میں وزیر آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا، اس موقع پر انھوں نے کہا حکومت صحت کے شعبے میں انقلاب لا رہی ہے۔

    یاسمین راشد کا کہنا تھا رواں سال 30 ہزار نئے ڈاکٹرز و دیگر اسٹاف کو بھرتی کیا گیا ہے، انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو 200 بیڈز پر مکمل فنکشنل کر رہے ہیں۔

    پنجاب میں ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جاری مہم کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ڈینگی کا اسپرے ان علاقوں میں کیا جاتا ہے جہاں لاروا کی نشان دہی ہو، بلا ضرورت ڈینگی اسپرے صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  22 لاکھ صحت کارڈ تقسیم کر دیے، مزید 90 لاکھ تقسیم کریں گے: وفاقی وزیر صحت

    انھوں نے قومی ایشوز پر بھی بات کی، ڈاکٹر یاسمین راشد نے آزادی مارچ کے تناظر میں کہا کہ فضل الرحمان کشمیر کے لیے دھرنا دیں، وہ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔

    وزیر صحت پنجاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ سابق حکومت جان بوجھ کر مصنوعی طور پر مہنگائی کو روکتی رہی، بے روزگاری پر قابو پانے کے لیے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔

    یاد رہے کہ 22 لاکھ صحت کارڈز پہلے ہی تقسیم کیے جا چکے ہیں، جب کہ رواں سال 90 لاکھ صحت کارڈز تقسیم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ صحت کارڈ سے غریب افراد 7 لاکھ 20 ہزار میں اپنا علاج کرا سکیں گے۔