Tag: ڈبل روٹی

  • آن لائن منگوائی گئی ڈبل روٹی سے زندہ چوہا برآمد

    آن لائن منگوائی گئی ڈبل روٹی سے زندہ چوہا برآمد

    بھارت میں ایک خاتون کو آن لائن شاپنگ کمپنی سے ڈبل روٹی منگوانا مہنگا پڑ گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتین اروڑا نامی خاتون نے ٹوئٹر پر کچھ تصاویر شیئر کیں اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے آن لائن شاپنگ کمپنی سے ڈبل روٹی آرڈر کی۔

    ڈبل روٹی یکم فروری کو آرڈر کی جس کے سِیل پیکٹ میں زندہ چوہا تھا، خاتون کی جانب سے جلدی ڈیلیوری کی آڑ میں ناقص معیار پر غصے کا اظہار کیا گیا۔

    خاتون کے اس ناخوشگوار تجربے پر کئی صارفین نے غصے کا اظہار کیا اور کچھ نے اپنے تجربات بھی شیئر کیے۔

    دوسری جانب نیتین اروڑا کی ٹوئٹ پر کمپنی کے نمائندے نے جواب دیا اور معذرت کرتے ہوئے لکھا ‘ہاں، میں دیکھ سکتا ہوں، آپ کی پریشانی جائز ہے، میں اس مسئلے کے لیے آپ سے دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہوں’۔

  • ملکہ کے کتوں نے ڈبل روٹی کہاں چھپائی ہے؟

    ملکہ کے کتوں نے ڈبل روٹی کہاں چھپائی ہے؟

    تصاویر میں چھپی اشیا ڈھونڈنا، جو بہت مہارت سے چھپائی جاتی ہیں، دماغ کے لیے ایک اچھی خاصی مشق ہوتی ہے۔

    یہ ایک طرف تو تصویر بنانے والے کی مہارت کی عکاس ہوتی ہیں، تو دوسری طرف دیکھنے والے کی حاضر دماغی اور مشاہدے کی عادت کا بھی علم دیتی ہیں۔

    آج آپ کے لیے ایسی ہی ایک تصویر پیش کی جارہی ہے جس میں چھپی ہوئی ایک اور تصویر ڈھونڈنا آپ کی ذہانت کی نشاندہی کرے گا۔

    یہ تصویر برطانیہ کی آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کے پسندیدہ کورگی کتوں کی ہے۔ ملکہ کو یہ کتے بہت پسند تھے اور تصویر میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ملکہ نے ایک کتے کو گود میں بھی اٹھایا ہوا ہے۔

    آپ کو ان ڈھیر سارے کتوں کے درمیان ڈبل روٹی کے ٹکڑے ڈھونڈنے ہیں جو تین مختلف مقامات پر موجود ہیں۔

    چونکہ دونوں اشیا کا رنگ ایک جیسا ہی ہے لہٰذا آپ کو تھوڑی مشکل پیش آسکتی ہے۔

    کیا آپ نے ڈھونڈ لیا؟

    صحیح جواب ہے۔

  • آپ کی پسندیدہ غذا جان لیوا تو نہیں؟ نئی تحقیق

    آپ کی پسندیدہ غذا جان لیوا تو نہیں؟ نئی تحقیق

    محققین نے ایک تحقیق کے بعد خبردار کیا ہے کہ آپ کی پسندیدہ غذائیں جان لیوا امراض کا باعث بھی بن سکتی ہیں۔

    یونان میں ہاروکوپیو یونیورسٹی کی ایک نئی طبی تحقیق بتایا گیا کہ غذا میں الٹرا پراسیس (Ultra-processed) غذاؤں کا استعمال امراض قلب کا خطرہ بہت زیادہ بڑھا دیتا ہے۔

    الٹرا پراسیس غذاؤں کی اصطلاح متعدد مصنوعات کے لیے استعمال ہوتی ہے، جیسا کہ ڈبل روٹی، فاسٹ فوڈز، مٹھائیاں، ٹافیاں، کیک، نمکین اشیا اور بریک فاسٹ سیریلز، چکن اور فش نگٹس، انسٹنٹ نوڈلز، میٹھے مشروبات اور سوڈا وغیرہ۔

    اگرچہ ان غذائی اشیا کے استعمال اور ہارٹ اٹیک اور فالج کے درمیان تعلق کے حوالے سے اس وقت زیادہ معلومات دستیاب نہیں، تاہم مذکورہ تحقیق میں الٹرا پراسیس غذاؤں اور دل کی شریانوں سے جڑے امراض کے درمیان تعلق کی جانچ پڑتال 10 سال تک کی گئی ہے۔

    تحقیق کے لیے ایک سروے کے ڈیٹا کو استعمال کیا گیا جو 2001 سے 2012 تک ہوا تھا اور اس میں ایسے افراد کو شامل کیا گیا تھا جو امراض قلب سے محفوظ تھے۔ ان افراد سے کھائی جانے والی غذاؤں اور مشروبات کی تفصیلات حاصل کی گئیں، ان افراد کا جائزہ 10 سال تک لیا گیا اور ان میں امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک، انجائنا، فالج، ہارٹ فیلیئر اور دل کی دھڑکن کی بے ترتیبی کے کیسز کو دیکھا گیا۔

    تحقیق میں شامل 2020 افراد اوسطاً ہر ہفتے 15 بار الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال کرتے تھے اور ان میں دل کی شریانوں سے جڑے 317 واقعات رپورٹ ہوئے۔ محققین نے بتایا کہ جتنی زیادہ مقدار میں الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال ہوگا جان لیوا امراض کا خطرہ اتنا زیادہ بڑھ جائے گا۔ محققین کا کہنا تھا کہ شواہد الٹرا پراسیس غذاؤں اور جان لیوا دائمی امراض کے درمیان تعلق کو ثابت کرتے ہیں۔

    اس کے مقابلے میں گریوں، مچھلی، زیتون کے تیل، پھلوں، سبزیوں اور اناج کا زیادہ استعمال جب کہ سرخ گوشت کا کم استعمال اس خطرے کو کم کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تحقیق سے عندیہ ملتا ہے کہ نقصان دہ غذا دل کی شریانوں کی صحت پر بہت زیادہ منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔

    2019 میں ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ جو لوگ بہت زیادہ الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال کرتے ہیں وہ ذیابیطس ٹائپ ٹو کے شکار ہو سکتے ہیں۔

    فرانس کی پیرس یونیورسٹی کی تحقیق میں شامل محققین کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں کو مشورہ دینا چاہتے ہیں کہ وہ ان غذاﺅں کا استعمال محدود کردیں اور گھر میں پکے کھانوں کو ہی ترجیح دیں جن میں نمک، چینی، چربی کا کم استعمال ہوتا ہے جب کہ زیادہ جسمانی توانائی حاصل ہوتی ہے۔

  • ڈبل روٹی اور میکرونی کا امراض قلب سے کیا تعلق ہے؟

    ڈبل روٹی اور میکرونی کا امراض قلب سے کیا تعلق ہے؟

    اوٹاوا: امریکی طبی محققین نے خبردار کیا ہے کہ سفید ڈبل روٹی اور پاستا (میکرونی) کی زیادتی امراض قلب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا میں ہونے والی ایک تحقیق کے نتائج میں بتایا گیا ہے کہ وائٹ بریڈ (سفید ڈبل روٹی)، پاستا (میکرونی) اور دیگر خالص زرعی اجناس کے وافر استعمال سے سنگین خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

    مطالعے کے مطابق ان اشیا کے کھانے میں زیادتی جلد اموات کا سبب بھی بن سکتی ہے۔

    ادھر یو ایس فُل گرین کونسل کا کہنا ہے کہ اناج کی صفائی کے نتیجے میں اناج میں سے ایک چوتھائی پروٹین زائل ہو جاتا ہے، اس کے علاوہ نصف سے لے کر دو تہائی غذائی عناصر برباد ہو جاتے ہیں۔

    میک ماسٹر یونی ورسٹی کے تحقیقی مطالعے میں 9 سال کے دوران میں دنیا کے 21 ممالک کے 1.37 لاکھ افراد کو شامل کیا گیا، نتائج میں کہا گیا کہ جو لوگ ’خالص اجناس‘ (یعنی صاف کی ہوئی) کا بہ کثرت استعمال کرتے ہیں ان میں ’پوری اجناس‘ (بغیر صاف کی ہوئی) استعمال کرنے والوں کے مقابلے میں دل کے دورے اور فالج کے حملے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔

    صاف کی ہوئی اجناس کی مصنوعات میں ڈبل روٹی، غلے کی اجناس، میٹھی اشیا اور پیسٹریز اہم ترین ہیں، اناج کو ’مکمل‘ اس وقت شمار کیا جاتا ہے جب وہ تین حقیقی اجزا یعنی بھوسی چھلکا، تخم اور جرثومہ پر مشتمل ہو، اگر ان میں سے کوئی ایک یا زیادہ اجزا نکال دیے جائیں تو یہ ’خالص‘ (یعنی چھنا ہوا) اناج بن جاتا ہے۔

    ریسرچ میں دیکھا گیا کہ جن افراد نے ایک دن میں صاف اور چھنے ہوئے اناج کے 7 سے زیادہ ٹکڑے کھائے ان میں جلد اموات کا تناسب 27 فی صد بڑھ گیا، ان میں امراض قلب کا تناسب 33 فی صد اور فالج کے حملے کا امکان 47 فی صد زیادہ ہوتا ہے۔

    محققین نے ان نتائج کی بنیاد پر ہدایت کی ہے کہ چھنے ہوئے اناج کو دیگر دستیاب متبادل سے تبدیل کیا جائے، جن میں مکمل اناج (بغیر چھنا) مثلاً براؤن رائس اور جو شامل ہیں۔

  • ڈبل روٹی سے لذیذ پیزا بنانے کا طریقہ

    ڈبل روٹی سے لذیذ پیزا بنانے کا طریقہ

    پیزا بنانا ایک محنت اور وقت طلب کام ہوسکتا ہے تاہم حال ہی میں ڈبل روٹی سے پیزا بنانے کی ایک ویڈیو بے حد وائرل ہورہی ہے اور صارفین اس آسان پیزا کو تیار کرنے کے لیے نہایت پرجوش نظر آرہے ہیں۔

    ویڈیو شیئرنگ سائٹ ٹک ٹاک پر پوسٹ کی جانے والی یہ ویڈیو فلپائن سے تعلق رکھنے والی مشیل مالٹو کی ہے جس میں وہ پیزا کے ڈو، ٹماٹر اور موزریلا چیز کے بغیر پیزا بناتی نظر آرہی ہیں۔

    مشیل کہتی ہیں کہ وہ یہ پین پیزا اس وقت بناتی ہیں جب وہ کاہلی محسوس کر رہی ہوں۔

    ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ مشیل سب سے پہلے ڈبل روٹی کے 10 سلائسز ایک ساتھ رکھ کر انہیں ہموار کرلیتی ہیں۔ اس کے بعد وہ اس پر ٹماٹو کیچپ پھیلا لیتی ہیں۔

    اس بیس پر مشیل چیڈر چیز پھیلاتی ہیں تاہم مشیل کے مطابق اس میں کسی بھی قسم کا چیز شامل کیا جاسکتا ہے۔ اس کے بعد وہ اس پیزا پر کینڈ بیف اور پیاز ڈالتی ہیں، صارفین کے لیے ان کا مشورہ ہے کہ وہ اپنی پسند کے اجزا اس میں شامل کرسکتے ہیں۔

    اس کے بعد وہ پین کو اوون میں رکھ دیتی ہیں، مشیل کا کہنا ہے کہ چولہے پر پکانے والے افراد اندازے سے اسے اتنی دیر پکائیں کہ وہ اچھی طرح سے پک جائے۔

    مشیل کے مطابق ان کا بنایا ہوا یہ پیزا نہایت خستہ اور لذیذ ہوتا ہے جو ان کے گھر والوں کو بھی بے حد پسند ہے۔

    مشیل کی اس ویڈیو کو لاکھوں صارفین نے دیکھا اور پسند کیا ہے، لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ اس آسان ترکیب کو اپنے گھر پر ضرور اپنائیں گے۔

  • سندھ فوڈ اتھارٹی نے ڈبل روٹی بنا نے والی فیکٹری کو سیل کر دیا

    سندھ فوڈ اتھارٹی نے ڈبل روٹی بنا نے والی فیکٹری کو سیل کر دیا

    کراچی: سندھ فوڈ اتھارٹی نے ڈسٹرکٹ سینٹرل ایف بی انڈسٹریل ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے ڈبل روٹی بنانے والی ایک فیکٹری کو سیل کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی نے ایف بی ایریا کراچی میں صفائی کی ناقص صورت حال پر ڈبل روٹی بنا نے والی فیکٹری کو سیل کر دیا، دو دیگر فیکٹریوں پر 3 لاکھ روپے جرمانہ کر دیا گیا۔

    سندھ فوڈ اتھارٹی نے ڈبل روٹی بنانے والی فیکٹریوں پر چھاپے مارے، انسپکشن کے دوران فیکٹریوں میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورت حال سامنے آئی، فیکٹریوں میں نکاسیٔ آب کا بھی کوئی انتظام نہیں تھا۔

    ڈبل روٹی کی فیکٹریوں میں کام کرنے والے ملازمین کی حالت بھی خراب نکل آئی، ان کا میڈیکل ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا۔

    ایس ایف اے کے چھاپے کے دوران فیکٹریوں میں ناقص خام مال کے استعمال کا بھی انکشاف ہوا، ہر طرف مکھیوں کی بھرمار تھی، فیکٹری میں بلی بھی آزادی سے گھوم پھر رہی تھی۔

    مشہور بریڈ بنانے والی ایک اور فیکٹری پر چھاپے کے دوران صفائی کی صورت حال تو بہتر نکلی لیکن ریکارڈ کی عدم موجودی اور لائسنس کے لیے درخواست نہ دینے پر سندھ فوڈ اتھارٹی نے 50 ہزار روپے جرمانہ کر دیا۔

    فیکٹری کو ریکوائرمنٹس پوری کرنے کے لیے ایس ایف اے نے ایک ہفتے کی مہلت بھی دی۔

    ڈبل روٹی کی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ فوڈ سمیرا حسین کی سربراہی میں کی گئی۔

  • ڈبل روٹی پر مکھن لگانے والی یہ مشین آپ کی زندگی آسان بنا دے گی

    ڈبل روٹی پر مکھن لگانے والی یہ مشین آپ کی زندگی آسان بنا دے گی

    ڈبل روٹی اور مکھن تقریباً ہر شخص کے ناشتے کا لازمی جز ہے، حال ہی میں ایسی پورٹیبل مشین تیار کرلی گئی ہے جو نہایت کم وقت میں ڈبل روٹی کے بہت سارے سلائسز پر مکھن لگا سکتی ہے۔

    یہ مشین جسے اوفنڈو کا نام دیا گیا ہے چھری سے 5 گنا زیادہ تیزی سے ڈبل روٹی پر مکھن لگا سکتی ہے۔

    یہ مشین اسٹین لیس اسٹیل سے بنائی گئی ہے جب کہ پلاسٹک میں بھی دستیاب ہے۔

    اوفنڈو ایک گھنٹے میں ڈبل روٹی کے 80 سلائس پر مکھن لگا سکتا ہے۔ یہ مشین 11 سینٹی میٹر چوڑی ہے جبکہ وزن میں بھی نہایت ہلکی پھلکی ہے۔

    صبح کی بھاگ دوڑ میں جلدی ناشتہ تیار کرنے کے لیے یہ مشین نہایت معاون ثابت ہوسکتی ہے۔