Tag: ڈبل ڈیکر بس

  • لندن کی ڈبل ڈیکر بس میں ہولناک قتل

    لندن کی ڈبل ڈیکر بس میں ہولناک قتل

    لندن: برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں قتل کا ایک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، ڈبل ڈیکر بس کے اندر ایک 14 سال کے لڑکے کو چاقو کے وار کر کے بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق ساؤتھ ایسٹ لندن کے علاقے وُل وِچ میں ڈبل ڈیکر بس میں مسافروں کے سامنے ایک لڑکے پر چاقو کے وار کیے گئے، طبی عملے کی کوششوں کے باوجود لڑکا جاں بر نہ ہو سکا۔

    ملزم واردات کے بعد فرار ہو گیا، پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے، پولیس نے اسے ’ہولناک جرم‘ قرار دیا، دوسری طرف میئر صادق خان نے علاقوں میں پولیس کا گشت بڑھانے کا وعدہ کیا ہے۔

    میٹروپولیٹن پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ لندن ایمبولینس سروس کے پیرامیڈیکس اور ایئر ایمبولینس کے پہنچنے کے فوراً بعد نوجوان موقع ہی پر دم توڑ گیا۔

    سپرنٹنڈنٹ لوئس سارجنٹ نے بیان میں کہا ’’میں تصور نہیں کر سکتی کہ متاثرہ لڑکے کے اہل خانہ اور دوست اس وقت کس کیفیت سے گزر رہے ہوں گے، ہماری تمام ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔‘‘

    یاد رہے کہ چاقو زنی کا یہ تازہ ترین واقعہ محض تین ماہ بعد پیش آیا ہے، جب ستمبر میں وُل وچ میں ایک اور نوعمر لڑکے 15 سالہ ڈیجون کیمبل کو چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اس کی موت کے بعد اس کی ماں جوڈی ٹیلر نے بے حسی سے ہونے والے قتل کے اس سلسلے کو روکنے کی التجا کی تھی۔ کیوں کہ پچھلے سال لندن میں 11 نوعمر لڑکے اسی طرح قتل ہونے کی وجہ سے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

  • راولپنڈی میں آج سے ڈبل ڈیکر بس کا سفر شروع

    راولپنڈی میں آج سے ڈبل ڈیکر بس کا سفر شروع

    راولپنڈی: جڑواں شہروں میں آج سے ڈبل ڈیکر بس کا سفر شروع ہو گیا، چیئرمین پی ایچ اے (پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی) آصف محمود کا کہنا ہے کہ آج سے ڈبل ڈیکر سیاحتی بس کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈبل ڈیکر بس سفر شروع ہو گیا، پہلی بس مسافروں کو لے کر آج راولپنڈی سے روانہ ہو کر اپنی منزل اسلام آباد پہنچی، پہلی بس عام افراد اور اسپیشل بچوں سمیت صحافیوں کو لے کر اسلام آباد گئی۔

    سفر کرنے والے تمام خواتین و حضرات نے ڈبل ڈیکر بس میں سفر کا خوب لطف لیا، خیال رہے کہ ڈبل ڈیکر بس کا آغاز 6 ستمبر کے موقع پر کیا گیا ہے، بس میں سوار مسافروں نے پاک فوج اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

    6 ستمبر شہدا کی عظیم قربانیوں کے سلسلے میں بس میں ملی نغمے بھی لگائے گئے۔

    چیئرمین پی ایچ اے آصف محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا لاہور کے بعد آج راولپنڈی سے بس کے آپریشن کا باقاعدہ افتتاح ہو گیا ہے، آج خصوصی بچوں کو سفر کروایا گیا، اس سے راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔

    انھوں نے کہا سیاحت کے فروغ کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر اہم اقدامات کیے گئے، ٹکٹ کی قیمت 400 روپے رکھی گئی ہے، یہ بس شہر کے تقریباً تمام سیاحتی مقامات کی سیر کرائے گی، اور دن میں 2 بار سفر کرے گی۔