Tag: ڈرائیور

  • گھر میں 1 کروڑ روپے، 80 تولہ سونے کی چوری میں سابق ڈرائیور ملوث نکلا

    گھر میں 1 کروڑ روپے، 80 تولہ سونے کی چوری میں سابق ڈرائیور ملوث نکلا

    لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں ایک گھر میں 1 کروڑ روپے، اور 80 تولہ سونے کی چوری کی واردات ہوئی ہے، جس میں گھر کا سابق ڈرائیور ملوث نکلا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بقر عید کے دنوں میں ماڈل ٹاؤن میں ایک گھر میں چوری کی بڑی واردات ہوئی تھی، جس میں چور نے ایک کروڑ روپے اور 80 تولہ سونا چرا لیا تھا، پولیس نے ملزم کو اوکاڑہ سے ٹریس کر کے گرفتار کر لیا ہے۔

    ایس ایچ او فیصل ٹاؤن نے پولیس ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائی کی تھی، جس کے سبب ملزم پکڑ میں آ گیا، ملزم شاہزیب ایک سال قبل واردات والے گھر میں ڈرائیور تھا۔

    ایس ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق عید کے روز متاثرہ فیملی اپنی بہن کے گھر گئی ہوئی تھی، گھر والوں کی غیر موجودگی میں ملزم نے واردات کی اور فرار ہو گیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو گھر کی ریکی کرتے دیکھا گیا۔


    کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک شہری کو قتل کر دیا گیا


    ترجمان پولیس کے مطابق ملزم شاہزیب سے 6 لاکھ 47 ہزار نقدی، سونا، موبائل فون و دیگر سامان برآمد کر لیا گیا تھا، اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش بھی شروع کر دی گئی ہے۔

    ادھر لاہور میں قربانی کا گوشت فریج میں نہ رکھنے پر ایک دکان دار کو شہریوں نے تشدد کا نشانہ بنایا، لوہاری گیٹ پولیس تشدد کرنے والا ملزم گرفتار کر لیا ہے، بتایا گیا ہے کہ ملزم نے دکاندار کے آئس کریم والے فریج میں گوشت رکھنے پر اصرار کیا تھا، لیکن دکاندار کے منع کرنے پر ملزم نے بیٹوں کے ہمراہ تشدد کیا، ایس پی سٹی کے مطابق مرکزی ملزم وحید کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

  • لوٹ مار کر کے فرار ہونے والے ڈاکوؤں پر ڈرائیور نے بس چڑھا دی، ایک ڈاکو ہلاک

    لوٹ مار کر کے فرار ہونے والے ڈاکوؤں پر ڈرائیور نے بس چڑھا دی، ایک ڈاکو ہلاک

    کراچی میں سپر ہائی وے پر لوٹ مار کر کے فرار ہونے والے ڈاکوؤں پر ڈرائیور نے بس چڑھا دی ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سپر ہائی وے احسن آباد گلشن معمار ایم 3 پمپ کے قریب ڈاکو کی ہلاکت کے واقعہ کی تفصیلات سامنے آ گئی ہ یں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دو ڈاکو بس کے ڈرائیور سے لوٹ مار کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ ڈرائیور نے ان پر بس چڑھا دی۔

    واقعے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جب کہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ پولیس نے مرنے والے ڈاکو سے چھینا گیا موبائل اور پستول برآمد کر لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو کی شناخت نہیں کی جا سکی ہے۔ اس کی شناخت کے لیے کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔

  • پشاور کیش وین ڈکیتی کیس 8 گھنٹے میں حل، ماسٹر مائند کون تھا؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    پشاور کیش وین ڈکیتی کیس 8 گھنٹے میں حل، ماسٹر مائند کون تھا؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    پشاور: خیبر پختونخوا کے مرکزی شہر پشاور میں جی ٹی روڈ پر بینک آف پنجاب کی کیش وین ڈکیتی کا کیس پولیس نے 8 گھنٹے میں حل کر لیا ہے اور لوٹی گئی رقم کی ریکوری بھی کر لی گئی ہے۔

    ایس ایس پی آپریشنز مسعود بنگش نے میڈیا کو بریفنگ میں کیش وین ڈکیتی کیس میں ہونے والی کچھ ایس او پیز کی کوتاہی کا بھی ذکر کیا، تاہم انھوں نے انکشاف کیا کہ یہ ڈکیتی دراصل ماسٹر مائنڈ نے اپنے رشتہ داروں کے ساتھ مل کر انجام دی تھی، ماسٹر مائنڈ اندر کا آدمی تھا اس لیے ڈکیتی آسانی سے کی گئی۔

    مسعود بنگش کے مطابق کیش وین میں پیسوں کی دس گڈیاں یوں ہی کھلی رکھی گئی تھیں، یہ پیسے مختلف اضلاع کے بینکوں میں جانے تھے، ان گڈیوں میں سے 6 ڈاکوؤں نے اٹھائے، ایس او پی کے تحت گارڈ کیش وین میں بیٹھے تھے، تاہم پیسے کیش وین کے لاکر میں رکھے جانے تھے جو نہیں رکھے گئے تھے۔ انھوں نے کہا ’’کچھ ایس او پیز کی کوتاہی تھی جس کی وجہ سے یہ ڈکیتی ہوئی، کہ گاڑی اتنی اندر تک کیوں گئی، ہتھیار استعمال ہو سکتے تھے، اور ڈرائیور کو درازہ نہیں کھولنا چاہیے تھا۔‘‘

    ڈرائیور نے وین کا دروازہ کھولا


    ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ کیش وین گلی میں کھڑی ہوئی تو اس دوران 3 بندے آئے، تینوں کے پاس پستول تھے، ڈکیتوں کے کہنے پر ڈرائیور نے وین کا دروازہ کھولا، ڈاکوؤں نے رقم لوٹی اور فرار ہو گئے، معلوم ہوا کہ ملزمان نے پورے راستے کی ریکی بھی کر رکھی تھی، تاہم پولیس نے مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اور جیوفینسنگ کے ذریعے ملزمان تک رسائی کر لی۔

    انھوں نے بتایا کہ بینک کیش وین لوٹنے میں ملوث 4 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا ہے، اور اس ڈکیتی کا مرکزی ملزم کیش وین کا ڈرائیور فضل وہاب ہے، فضل وہاب اس ڈکیتی کا ماسٹر مائنڈ تھا، جس نے اپنے رشتے داروں کے ساتھ مل کر یہ واردارت کی، پولیس نے ان سے 3 کروڑ 49 لاکھ 34 ہزار روپے برآمد کر لیے ہیں۔


    پشاور میں بینک آف پنجاب کی کیش وین سے ڈاکوؤں نے بڑی رقم لوٹ لی


    ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ تفتیش کے دوران ڈرائیور نے کہا تھا کہ ان پر پستول تانا گیا تھا، تاہم جب گلی کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی گئی تو پتا چلا کہ اس نے خود ہی دروازہ کھول دیا تھا، اس پر جب ڈرائیور سے اہلکاروں نے اپنے انداز میں پوچھ گچھ کی تو اس نے سچ اگل دیا۔ مسعود بنگش نے انکشاف کیا کہ ڈرائیور 6 ماہ سے بینک آف پنجاب میں نوکری کر رہا تھا لیکن اس کی کوئی خاص ویریفکیشن نہیں کی گئی تھی۔

    انھوں نے کہا کہ اس کیس میں ڈاکوؤں کا ریکارڈ چیک کیا گیا اور پھر گرفتاری کے لیے رات گئے تک چھاپے مارے جاتے رہے، یہ بات بھی سامنے آئی کہ ڈرائیور فضل وہاب قابل بھروسہ نہیں تھا، اسے پہلے بھی دوسری جگہ سے نوکری سے نکالا گیا تھا۔

  • چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر ویرات کوہلی نے اپنے ڈرائیور کو 50 لاکھ انعام دیا، حقیقت کیا؟

    چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر ویرات کوہلی نے اپنے ڈرائیور کو 50 لاکھ انعام دیا، حقیقت کیا؟

    سوشل میڈیا پر یہ خبر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے کہ ویرات کوہلی نے چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر اپنے ڈرائیور کو 50 لاکھ روپے انعام دیا ہے۔

    بھارت نے گزشتہ اتوار کو دبئی میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ریکارڈ تیسری بار چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کی ہے۔ اس جیت کے بعد جہاں بھارتی کرکٹ سے جڑی کئی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ وہیں سوشل میڈیا پر یہ خبر بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے کہ ویرات کوہلی نے اس جیت کے بعد اپنے ڈرائیور پر دولت کی برسات کرتے ہوئے اس کو 50 لاکھ انعام دیا ہے۔

    سوشل میڈیا پوسٹس میں بھارتی میڈیا کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے اپنے ڈرائیور انیس سے وعدہ کیا تھا کہ بھارت کے چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر وہ اس کو بڑا انعام دیں گے۔

    ان پوسٹس میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ویرات نے 15 سال سے اپنے پاس بطور ڈرائیور کام کرنے والے انیس احمد کو فائنل میچ دیکھنے کے لیے دبئی بھی بلایا تھا اور فائنل جیتنے پر فوری 50 لاکھ کا چیک دے کر اپنا وعدہ بھی پورا کر دکھایا۔

     

    تاہم دوسری جانب اتنی بڑی خبر بھارت کے کسی بھی مین اسٹریم میڈیا پر موجود نہیں ہے۔ جس کے باعث اب تک اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے

    بھارتی مین اسٹریم میڈیا جو اپنے کرکٹرز کی معمولی بات بھی اچھال کر بیان کرتا ہے۔ اس میڈیا کی نظروں سے یہ خبر چھپی رہنا ظاہر کرتا ہے کہ ویرات کوہلی کی اپنے ڈرائیور کو 50 لاکھ روپے انعام دینے کی خبر سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی اکثر من گھڑت خبروں کی طرح ایک گھڑی گئی خودساختہ خبر ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/viral-video-championos-trophy-2025-virat-kohli-touches-mohammed-shamis-mothers-feet/

  • ڈرائیور کے خلاف لیڈی ڈاکٹر کے ہراسگی کیس میں سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ

    ڈرائیور کے خلاف لیڈی ڈاکٹر کے ہراسگی کیس میں سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ

    اسلام آباد: ڈرائیور کے خلاف لیڈی ڈاکٹر کے ہراسگی کیس میں سپریم کورٹ نے اہم فیصلہ دیتے ہوئے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست خارج کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ نے ہراسگی سے متعلق کیس میں اہم فیصلہ جاری کر دیا، انھوں نے ریمارکس میں کہا لاکھوں لوگ ورک پلیس پر ہراسگی سے متاثر ہوتے ہیں لیکن مردوں کے مقابلے میں خواتین زیادہ ہراسگی کا شکار ہوتی ہیں۔

    جسٹس منصور نے فیصلے میں کہا گلوبل جینڈر گیپ انڈیکس 2024 کے مطابق 146 میں سے پاکستان کا 145 واں نمبر ہے، امریکا کی سپریم کورٹ نے ایک فیصلے میں کہا یرغمالی ماحول بھی ہراسگی کی تعریف میں آتا ہے۔

    فیصلے کے مطابق لیڈی ڈاکٹر سدرہ نے ڈرائیور کے خلاف ہراسگی کے معاملے پر پنجاب محتسب سے رجوع کیا تھا، جس پر محتسب نے ڈرائیور محمد دین کو جبری ریٹائرمنٹ کی سزا دی۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ ججز سینیارٹی معاملے پر قانونی جنگ کا آغاز

    ڈرائیور نے گورنر پنجاب کو ریپریزنٹیشن بھیجی جو مسترد ہوئی، پھر وہ لاہور ہائیکورٹ پہنچ گیا لیکن ہائی کورٹ نے بھی جبری ریٹائرمنٹ کے خلاف ملزم کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

    ڈرائیور کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی، تاہم اب سپریم کورٹ نے بھی درخواست خارج کر دی ہے۔

  • ڈرائیور نے اپنی جان دے کر اسکول کے 28 بچوں کو بچا لیا

    ڈرائیور نے اپنی جان دے کر اسکول کے 28 بچوں کو بچا لیا

    دنیا میں عظیم انسانوں کی کمی نہیں ایسے ہی ایک عظیم انسان نے اپنی جان دے کر اسکول کے 28 بچوں سمیت 29 افراد کی زندگی بچا لی۔

    زندگی سب کو پیاری ہوتی ہے اور جو لوگ دوسروں کے لیے اپنی جان قربان کر دیتے ہیں وہ دنیا کے عظیم لوگوں میں شمار ہوتے ہیں۔ ایسا ہی ایک عظیم ڈرائیور کریم راشد، جس نے اپنی جان دے کر اسکول کے 28 بچوں کو بچا لیا۔

    انسانیت سے محبت کا یہ واقعہ مصر میں پیش آیا جہاں اسکول بس ڈرائیور نے اپنی جان بچانے کے بجائے 28 بچوں کی جانوں کو ترجیح دی اور بس کو پُل سے گرنے سے بچانے کے لیے کنکریٹ سے ٹکرا دیا۔

    سبق نیوز کے مطابق قاہرہ کے جنوبی علاقے کے رنگ روڈ پر اسکول بس حادثے کا شکار ہوئی جس میں ڈرائیور کریم راشد موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

    حادثے کا شکار بس میں بس ڈرائیور کے علاوہ 28 طلبہ اور ایک خاتون معاون موجود تھیں لیکن باقی تمام محفوظ رہے۔ بس میں سوار خاتون اور بچوں نے بتایا کہ ڈرائیور نے ان کی جانیں بچانے کے لیے اپنی جان قربان کی۔

    عینی شاہدین کے مطابق بس جیسے ہی پُل کی ڈھلوان پر پہنچی تو ڈرائیور یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ ایک گاڑی راستے میں کھڑی تھی جس کی وجہ سے پُل پر آگے جانے کا راستہ بند ہو گیا تھا۔

    اس اچانک صورتحال میں ڈرائیور کے پاس دو ہی راستے تھے کہ یا تو بس کو طلبہ سمیت پل سے نیچے گرا دے یا پل کی سائٹ کنکریٹ سے ٹکرا دے کیونکہ اچانک بریک لگانے سے بس کے الٹنے کا خطرہ تھا۔

    ڈرائیور نے فوری طورپر معاون خاتون کو تمام بچوں کو بس کے پچھلے حصے میں لے جانے اور دروازے کو لاک کرنے کی ہدایت کہ تاکہ کوئی بچہ بس سے باہر نہ گرے۔

    خاتون بچوں کو لے کر جیسے ہی بس کے عقبی حصے میں پہنچیں، اس کے فوری بعد ڈرائیور نے بس کو پل کے کنکریٹ سے ٹکرا دیا تاکہ بس رک جائے اور کوئی بڑا سانحہ نہ ہو۔

    اس واقعہ میں بس کا اگلا حصہ مکمل تباہ اور ڈرائیور کریم راشد موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جب کہ معاون خاتون کا بایاں بازو ٹوٹا اور ایک طالب علم کو معمولی چوٹیں آئیں جبکہ دیگر تمام طلبہ محفوظ رہے۔

    مذکورہ خاتون اور بچوں کا کہنا تھا کہ ڈرائیور کو یقین تھا کہ وہ اس تصادم میں بچ نہیں سکے گا لیکن اس نے 28 نونہالوں کی زندگی بچانے کے لیے اپنی جان کی قربانی دی۔

    مصر میں سوشل میڈیا پر ڈرائیور کی بہادری اور قربانی کو سراہا جا رہا ہے اور حکومت سے اس کی فیملی کی معاونت اور ایوارڈ دینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

  • دبئی میں ڈرائیور کی کمپنی سے چوری کی کوشش

    دبئی میں ڈرائیور کی کمپنی سے چوری کی کوشش

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں زیر تعمیر عمارت سے سریا چوری کرنے کی کوشش ناکام ہونے کے بعد کمپنی ڈرائیور کو سزا سنا دی گئی۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں زیر تعمیرعمارت کے سیکیورٹی گارڈ نے موبائل کیمرے کی مدد سے چوری کی واردات ناکام بنادی، چور میں کمپنی کا ڈرائیور ملوث تھا۔

    کمپنی کے ڈرائیور نے زیر تعمیرعمارت کے احاطے میں موجود سریا، سکریپ کے 3 تاجروں کے ہاتھوں فروخت کرنے کی کوشش کی تھی۔

    سیکیورٹی گارڈ نے اپنے موبائل کیمرے سے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی اور ملزمان کی ویڈیو بنالی تھی، جیسے ہی ملزمان کو خطرہ محسوس ہوا وہ مسروقہ سریا چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

    دبئی پولیس نے کمپنی کے ڈرائیور اور تینوں مفرور ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    دبئی فوجداری عدالت نے ڈرائیور کو قید کی سزا سنائی ہے اور سزا مکمل ہونے پر بے دخلی کا حکم بھی دیا ہے، سریا خریدنے والوں کو بری کردیا گیا۔

  • ویڈیو: ڈرائیور نے کار دیوار کی طرح سیدھے پہاڑ پر چڑھا دی، لوگ حیران

    ویڈیو: ڈرائیور نے کار دیوار کی طرح سیدھے پہاڑ پر چڑھا دی، لوگ حیران

    آپ کو سڑک پر ڈرائیونگ کی کچھ اچھی غیر معمولی مہارتوں یا کاروں کے ریس کے متعدد واقعات دیکھنے کو ضرور ملیں ہوں گے۔

    اسی طرح کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے، جس میں دیکھ کر آپ ڈرائیور کی مہارت کو کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈرائیور کس طرح مہارت کے ساتھ اپنی گاڑی کو ایک سیدھی پہاڑ  پر روڈ سمجھ کر چلاتا ہے۔ جسے دیکھ کر تقریباً سب ہی حیران رہ گئے۔

    یہ ویڈیو ایک انٹرپرائزز کے چیئرمین کے جانب سے شیئر کی گئی ہے جس میں انہوں نے لکھا کہ آپ کے پاس ایک صحیح ٹائر ہونا اتنا ہی مدد گار ثابت ہوسکتا ہے۔

  • ڈرائیونگ کے دوران سوجانے والے شخص کے ساتھ کیا ہوا؟

    ڈرائیونگ کے دوران سوجانے والے شخص کے ساتھ کیا ہوا؟

    بیلجیئم میں ایک خوش قسمت شخص ڈرائیونگ کے دوران سوگیا اور گاڑی 25 کلو میٹر تک صحیح سلامت چلتی رہی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سوتے ہوئے ڈرائیور کو چند بائیک سواروں نے دیکھا، وہ گاڑی کو نہیں روک سکتے تھے چنانچہ انہوں نے فوری طور پر ایمرجنسی سروس اور پولیس کو مطلع کیا۔

    ایک مقام پر گاڑی کو روکا جاسکا تب بھی 41 سالہ ڈرائیور سو رہا تھا، ڈرائیور کے غشی کی نیند سونے کے دوران گاڑی 25 کلومیٹر تک سفر کرتی رہی۔

    راستے میں ملنے والے ڈرائیورز کا کہنا تھا کہ مذکورہ گاڑی بہت تیز چل رہی تھی اور لین میں دائیں بائیں بھی ہورہی تھی۔

    پولیس کے مطابق ممکنہ طور پر گاڑی کے فیچرز لین اسسٹ اور کروز کنٹرول نے گاڑی کو کسی حادثے سے بچایا، لین اسسٹ گاڑی کو واپس لین کے درمیان میں لاتی رہی جبکہ کروز کنٹرول نے گاڑی کی رفتار یکساں رکھی۔

  • ڈرائیور کی ایمانداری، سعودی خاندان پردیس میں لٹنے سے بچ گیا

    ڈرائیور کی ایمانداری، سعودی خاندان پردیس میں لٹنے سے بچ گیا

    مصر میں مقامی ڈرائیور کی ایمانداری کی بدولت سعودی خاندان کو لاکھوں ڈالر اور قیمتی زیورات واپس مل گئے، مذکورہ خاندان قیمتی سامان سے بھرا بیگ ٹیکسی میں بھول گیا تھا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق مصری شہری نے 20 لاکھ ڈالر سے زیادہ کیش اور 3 لاکھ 50 ہزار ریال مالیت کے زیورات سے بھرا بیگ واپس کر کے سعودی فیملی کا دل جیت لیا۔

    مصر میں بحر احمر صوبے کے گورنر نے بیگ واپس کرنے والے مصری ملازم کو اعزاز سے بھی نوازا۔

    بحر احمر ٹریفک کے عارضی ملازم کو 20 لاکھ ڈالر سے زیادہ کیش اور 3 لاکھ 50 ہزار سعودی ریال مالیت کے زیورات سے بھرا بیگ ملا تھا، وہ الغردقہ شہر کے کیفے ٹیریا میں ڈیوٹی پر تھا جہاں اسے مبینہ بیگ ملا تھا۔

    مصری ملازم نے بتایا کہ جیسے ہی اس نے بیگ کے مالک کا پتہ لگانے کے لیے اسے کھولا وہ یہ دیکھ کر حیرت زدہ رہ گیا کہ اس میں بڑی تعداد میں ڈالرز اور زیورات بھی ہیں۔

    مصری کارکن فوری طور پر مقامی افسر کے پاس پہنچا، تفتیش کے بعد پتہ چلا کہ بیگ ایک سعودی فیملی کا ہے، ان کے ہمراہ ایک مصری بھی تھا۔ یہ تینوں کسٹم کی گاڑی میں سوار ہو چکے تھے۔

    مصری افسر نے گاڑی کو رکوانے کے لیے موبائل کے ذریعے رابطہ کیا اور سعودی فیملی کو خوشخبری سنائی گئی کہ ان کا جو بیگ گم ہوگیا تھا وہ مل گیا ہے۔

    سعودی خاندان راستے سے واپس آیا، اس نے بیگ کھول کر ڈالر اور زیورات چیک کیے۔ سب کچھ ملنے پر انہوں نے مصری کارکن کا شکریہ ادا کیا۔