کراچی : کراچی والوں کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کا حصول مزید آسان ہوگیا، لائسنس کے لئے تین نئی برانچز بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے ڈرائیونگ لائسنس برانچوں میں اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے، ملیر سمیت مختلف علاقوں میں 3 نئی برانچیں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ملیر سعود آباد کے مکینوں کے لئے ان کے علاقے میں موجود ڈرائیونگ لائسنس برانچ کو فعال کیا جائے گا اور جلد گلشن اقبال اور سرجانی ٹاون کے علاوہ شہر کے دور دراز علاقوں میں نئی ڈرائیوننگ لائسنس برانچزکھولی جائیں گی۔
لرننگ لائسنس کو پرمننٹ بنوانا ہو یا پرمننٹ لائسنس کو رینیو کروانا ہو، اس کے لئے کلفٹن برانچ میں ہر کیٹگری کے لئے علیحدہ ہال بنایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ کراچی کے لائسنس برانچوں میں آن لائن بکنگ کروانے والے شہریوں کو فاسٹ ٹریک پرلائسنس کا اجراء بھی کیا جاتا ہے۔