Tag: ڈرائیونگ لائسنس

  • کویت: ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کا طریقہ کار جاری

    کویت: ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کا طریقہ کار جاری

    کویت سٹی: کویت کی وزارت داخلہ کی جانب سے ٹریفک قوانین کی کچھ شقوں میں ترمیم کی گئی ہے، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کا طریقہ کار بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ شیخ ثامر العلی نے ٹریفک قانون کی کچھ شقوں میں ترمیم کرتے ہوئے ایک فیصلہ جاری کیا ہے۔

    جو ترامیم کی گئی ہیں وہ یہ ہیں۔

    ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کی درخواست ڈرائیونگ لائسنس کی میعاد ختم ہونے سے 30 دنوں کے اندر ایک فارم پر جمع کروائی جائے گی۔

    شناخت کا ثبوت (سول شناختی کارڈ)، رہائش کا پتہ ٹریفک کی خلاف ورزی پر جرمانے کا سرٹیفکیٹ منسلک کیا جائے جبکہ غیر ملکیوں کو رہائش کا ثبوت (سول شناختی کارڈ) فراہم کرنا ضروری ہے۔

    لائسنس کی تجدید مقررہ فیس کی ادائیگی کے بعد کی جائے گی۔

    وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ 4 لاکھ 21 ہزار 131 ڈرائیونگ لائسنسز کی تجدید کی گئی ہے اور 23 ہزار 754 کو ضبط یا تبدیل کیا گیا ہے جبکہ ٹریفک جرمانے کی مد میں 13 لاکھ 20 ہزار 26 دینار وصول کیے گئے ہیں۔

  • کویت میں غیر ملکیوں سے ڈرائیونگ لائسنس واپس لینے کا فیصلہ

    کویت میں غیر ملکیوں سے ڈرائیونگ لائسنس واپس لینے کا فیصلہ

    کویت سٹی: کویت میں مقیم ہزاروں تارکین وطن سے ان کے ڈرائیونگ لائسنس واپس لے لیے جائیں گے، یہ اقدام نئے ڈرائیونگ لائسنس کا مربوط نظام تشکیل دینے کے لیے کیا جارہا ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق ملک میں ٹریفک جام کو حل کرنے کے لیے وزارت داخلہ نے غیر ملکیوں کے ہزاروں ڈرائیونگ لائسنس واپس لینے کا منصوبہ بنایا ہے جن کی معیاد پہلے ہی ختم ہو چکی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ایسے ڈرائیورز لائسنس کی معیاد ختم ہونے کے باوجود ان کا استعمال جاری رکھے ہوئے ہیں جو قانون کی خلاف ورزی ہے۔

    پرانے لائسنس کی معیاد ہونے کے باوجود ڈرائیو کرنے کی ممانعت سے متعلق بہت جلد ایک سرکلر جاری کیا جائے گا، پرانے ڈرائیونگ لائسنس کو محدود کرنے کے لیے پرانے لائسنس رکھنے والوں کو ان کی جگہ نئے ڈرائیونگ لائسنس لینا ہوں گے۔ بلاک شدہ ڈرائیونگ لائسنس کا پتہ لگانے کے لیے ڈیٹا کو ٹریفک ڈپارٹمنٹ، افرادی قوت اور رہائشی امور کے مابین بھی منسلک کیا جائے گا۔

    پرانے غیر قانونی لائسنس کے ساتھ تارکین وطن اپنی رہائش (اقامہ) کی تجدید نہیں کر سکیں گے کیونکہ رہائش کی تجدید کے لیے انہیں لائسنس واپس کرنا پڑے گا۔ بہت سے تارکین وطن پرانے ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ ڈرائیو کرتے ہیں اور پکڑے جانے پر انہیں صرف 5 دینار کی فیس کے طور پر جرمانہ کیا جاتا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے طلبا کو تقریباً 20 ہزار ڈرائیونگ لائسنس دیے گئے ہیں جن میں سے بیشتر اپنی تعلیم مکمل کر چکے ہیں لیکن ابھی تک انہوں نے اپنے ڈرائیونگ لائسنس واپس نہیں کیے۔

    محکمہ ٹریفک ان کے ڈرائیونگ لائسنس کو بلاک کر دے گا تاکہ ان کے لائسنس کی تجدید نہ ہو سکے۔ اسی طرح تقریباً 40 ہزار غیر ملکی ایسے ہیں جن کے پاس ڈرائیونگ لائسنس تو ہیں لیکن جب وہ اپنا پیشہ تبدیل کرتے ہیں تو اپنا ڈرائیونگ لائسنس کھو دیتے ہیں۔

    ایسے غیر ملکی جو عام طور پر معیاد ختم ہونے والے لائسنس پر ڈرائیونگ کرتے ہوئے پکڑے جاتے ہیں وہ وزارت داخلہ جاتے ہیں اور 5 دینار ٹریفک جرمانہ ادا کرتے ہیں، ساتھ ہی اپنی رہائش کی تجدید بھی کر سکتے ہیں۔

  • صبا قمر کی لائسنس سینٹر آمد، شہری خوشی سے نہال

    صبا قمر کی لائسنس سینٹر آمد، شہری خوشی سے نہال

    لاہور: معروف پاکستانی اداکارہ صبا قمر اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروانے کے لیے لائسنس سینٹر جا پہنچیں جہاں شہری انہیں دیکھ کر خوشی سے نہال ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی ادکارہ صبا قمر ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لیے لاہور کے علاقے اچھرہ کے لائسنس سینٹر پہنچیں جہاں انہوں نے ٹریفک پولیس سروس کی تعریف کی۔

    اداکارہ صبا قمر نے اچھرہ لائسنس سینٹر میں اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کرائی۔

    اس موقع پر انہوں نے سٹی ٹریفک پولیس کے ساتھ اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ لائسنس سینٹر میں کسی سفارش کی ضرورت نہیں، سٹی ٹریفک پولیس شہریوں کو بہترین سروسز فراہم کر رہی ہے۔

    انہوں نے شہریوں سے بھی درخواست کی کہ شہری بغیر لائسنس گاڑی چلانے سے اجتناب کریں۔ اس موقع پر وہاں موجود لوگوں نے صبا کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

  • بغیر میڈیکل ٹیسٹ اور ڈرائیونگ کا امتحان دیے لائسنس کیسے بنے گا؟ رشوت کا بازار گرم

    بغیر میڈیکل ٹیسٹ اور ڈرائیونگ کا امتحان دیے لائسنس کیسے بنے گا؟ رشوت کا بازار گرم

    راچی : شہری نے بغیر میڈیکل ٹیسٹ اور ڈرائیونگ کا امتحان دیے لائسنس بنوانے کا آسان طریقہ بتادیا ، 25 سو سے 3ہزار روپے رشوت دیں اور گھر بیٹھے لائسنس حاصل کریں۔

    تفصیلات کے مطابق بغیرمیڈیکل ٹیسٹ اور ڈرائیونگ کا امتحان دیے لائسنس کیسے بنے گا؟ ڈی ایل کورنگی ایم وی آئی ملازم اسلم میرانی نے مشکل آسان کردی، 25 سو سے 3 ہزار روپے رشوت دیں اور گھر بیٹھے لائسنس حاصل کریں۔

    شہری نے کورنگی ڈی ایل برانچ میں اسلم میرانی کی خفیہ ویڈیو بنالی، جس میں اسلم میرانی موٹروہیکل آفس میں انسپکٹرعلی کےساتھ ڈیوٹی انجام دیتا ہے ، ویڈیومیں مبینہ طورپراسلم میرانی کو رشوت لیتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    اےآروائی نیوز نے ویڈیوبنانےوالےشہری سےفون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے میں نے فیس جمع کرائی تونظر کے ٹیسٹ میں فیل ہوگیا پھرمیرا کسی نے میرانی سے رابطہ کرایا، بغیرٹوکن حاصل کیے میرانی نے مجھے سیدھا اندر بلالیا، فیس کےعلاوہ مجھ سے3 ہزار مانگے گئے تو 25 سو میں طے پایا۔

    شہری کا کہنا تھا کہ اسی وقت ٹوکن نکلوا کر دوبارہ سے پراسس شروع کرا دیا، نہ میڈیکل ٹیسٹ ہوانہ ڈرائیونگ ٹیسٹ، سب کچھ کلیئرکرادیا، ایک روز کے اندر میرے گھر پر کورئیر سے لائسنس آگیا۔

  • سعودی عرب: محکمہ ٹریفک کی اہم ہدایت

    سعودی عرب: محکمہ ٹریفک کی اہم ہدایت

    ریاض: سعودی عرب کے محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کی صورت میں ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید ہوگی اور نہ ہی گاڑی کی ملکیت کی کارروائی کی جاسکے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کی صورت میں ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید ہوگی اور نہ گاڑی کی ملکیت کی کارروائی کی جاسکے گی۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اسی وقت ممکن ہوسکے گی جب ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے ادا کردیے جائیں اور یہ اصول گاڑی کی ملکیت کی تبدیلی کی کارروائی کے لیے بھی ضروری ہے۔

    محکمے کی جانب سے کہا گیا کہ جب تک ٹریفک جرمانے ادا نہیں کیے جائیں گے اس وقت تک گاڑی کسی اور کے نام منتقل نہیں ہوسکے گی۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا تھا کہ ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لیے سب سے پہلے فیس ادا کرنا ہوگی، جرمانے بھرنا ہوں گے اور طبی معائنہ کرانا ہوگا۔ یہ کام ابشر کے ذریعے آن لائن انجام دیے جا سکتے ہیں۔

    محکمہ ٹریفک کا یہ بھی کہنا ہے کہ دفعہ نمبر 71 کے بموجب ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑی کے ملکیت کارڈ میں بروقت توسیع نہ کروانا بھی ٹریفک خلاف ورزی ہے اور اس پر جرمانہ ہے۔

  • سعودی عرب: ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کے حوالے سے اہم وضاحت

    سعودی عرب: ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کے حوالے سے اہم وضاحت

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ فیلڈ اہلکار کی جانب سے ڈرائیونگ لائسنس طلب کیے جانے پر ڈرائیونگ لائسنس کارڈ دکھایا جائے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ اگر فیلڈ اہلکار کسی سعودی یا مقیم غیر ملکی سے ڈرائیونگ لائسنس طلب کریں تو ڈیجیٹل کے بجائے ڈرائیونگ لائسنس کارڈ دکھایا جائے۔

    ایک مقامی شہری کے سوال پر کہ اگر فیلڈ اہلکار ڈرائیونگ لائسنس طلب کریں تو آیا ڈیجیٹل لنک دکھانا کافی ہوگا یا باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس کارڈ پیش کرنا ہوگا، محکمہ ٹریفک کا کہنا تھا کہ اگر فیلڈ اہلکار ڈرائیونگ لائسنس یا رخصۃ السیر (وہیکل رجسٹریشن) طلب کریں تو ایسی صورت میں مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس کارڈ یا وہیکل رجسٹریشن کارڈ پیش کریں۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا تھا کہ فیلڈ الکار کو توکلنا ایپ میں موجود لنک دکھانا کافی نہیں ہوگا۔

    محکمے کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لیے فیس کی ادائیگی، خلاف ورزیوں پر جرمانوں کی ادائیگی اور طبی معائنہ کروانا ہوگا۔ ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید ابشر کے ذریعے کی جاسکتی ہے۔

  • سعودی عرب: ڈرائیونگ پرمٹ کو لائسنس میں تبدیل کرنے کا طریقہ کار

    سعودی عرب: ڈرائیونگ پرمٹ کو لائسنس میں تبدیل کرنے کا طریقہ کار

    ریاض: سعودی ٹریفک اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ پرمٹ کو لائسنس میں بغیر ڈرائیونگ ٹیسٹ کے تبدیل کردیا جائے گا، پرمٹ ہولڈر کی عمر 18 سال ہو۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی ٹریفک اتھارٹی نے ڈرائیونگ پرمٹ کو لائسنس میں تبدیل کرنے کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرائیونگ پرمٹ کو لائسنس میں بغیر ڈرائیونگ ٹیسٹ کے تبدیل کردیا جائے گا۔

    تاہم اس کے لیے شرط یہ ہے کہ پرمٹ کی مدت ختم ہوگئی ہو اور پرمٹ ہولڈر کی عمر 18 سال ہو۔

    ٹریفک اتھارٹی نے ٹویٹر پر ایک شہری کی جانب سے پرمٹ کو لائسنس میں تبدیل کرنے کی شرائط ہوچھنے پر یہ وضاحت دی تھی۔

    اتھارٹی کے مطابق ٹریفک قوانین کے آرٹیکل 39 کے پیراگراف 4 کے مطابق اگر کسی شہری کے ڈرائیونگ پرمٹ کی میعاد ختم ہوجائے اور اس کی عمر 18 سال ہو تو وہ ایک سال کے اندر بغیر ٹیسٹ کے ڈرائیونگ لائسنس لے سکتا ہے۔

    اتھارٹی کے مطابق اس کا سابقہ ڈرائیونگ ٹیسٹ اس لائسنس کے لیے کافی ہوگا۔

  • سعودی عرب: ڈرائیونگ لائسنس کی توسیع کروانے والوں کے لیے خوشخبری

    سعودی عرب: ڈرائیونگ لائسنس کی توسیع کروانے والوں کے لیے خوشخبری

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے اعلان کیا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس میں طبی معائنے کے بغیر آن لائن توسیع بھی کروائی جا سکتی ہے، یہ اقدام کرونا وائرس کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے ڈرائیونگ لائسنس میں توسیع کے حوالے سے ضروری وضاحتیں جاری کی ہیں، محکمہ ٹریفک نے سرکاری ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا ہے کہ ایک سال کے ڈرائیونگ لائسنس فیس 40 ریال ہے۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ طبی معائنے کے بغیر ابشر کے ذریعے آن لائن ڈرائیونگ لائسنس میں توسیع کروائی جاسکتی ہے، یہ سہولت کرونا وائرس کے خطرات کو مد نظر رکھ کر دی گئی ہے۔

    ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لیے ضروری ہے کہ تمام ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے ادا کر دیے گئے ہوں۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ٹریفک جرمانوں پر اعتراض ریکارڈ کروایا جاسکتا ہے، اور یہ کام اسمارٹ موبائل پر ابشر ویب کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔

    محکمہ ٹریفک کا مزید کہنا ہے کہ ٹریفک جرمانوں پر اعتراض جرمانے ادا کرنے سے قبل کیا جا سکتا ہے بعد میں نہیں، اعتراض کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ ٹریفک خلاف ورزی کے اندراج سے 30 روز کے اندر اعتراض ریکارڈ کروا دیا جائے۔

  • سعودی محکمہ ٹریفک کا شہریوں کے لیے سہولت کا اعلان

    سعودی محکمہ ٹریفک کا شہریوں کے لیے سہولت کا اعلان

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس تاخیر سے وصول کرنے پر لگنے والا جرمانہ فی الحال معطل کردیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے اعلان کیا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس میں توسیع کے بعد ایک ہفتے کے اندر کارڈ وصول نہ کرنے پر مقررہ جرمانہ 100 ریال معطل کر دیا گیا ہے۔

    ویب سائٹ کے مطابق سعودی شہری نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر محکمہ ٹریفک سے استفسار کیا تھا کہ میں ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروا چکا ہوں، مجھے ایک ایس ایم ایس موصول ہوا ہے جس میں لکھا ہے کہ اگر ڈرائیونگ لائسنس میں توسیع کی تاریخ سے سات روز کے اندر ڈرائیونگ لائسنس کارڈ وصول نہ کیا تو 100 ریال جرمانہ لگا دیا جائے گا۔

    شہری نے دریافت کیا کہ موجودہ حالات میں کس طرح اس جرمانے سے بچا جاسکتا ہے اور مجھے کیا کرنا ہوگا؟

    سعودی محکمہ ٹریفک نے شہری کے استفسار کا جواب دیتے ہوئے اطمینان دلایا کہ ان دنوں یہ جرمانہ معطل کر دیا گیا ہے، شہری اب ڈرائیونگ لائسنس یا استمارہ ابشر کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں۔

    محکمہ ٹریفک نے کہا کہ اگر ڈرائیور کا قومی پتہ ہو تو (واصل) ڈاک سروس کے ذریعے بھی نیا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا جا سکتا ہے۔

  • سماعت سے محروم افراد کے لیے سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ

    سماعت سے محروم افراد کے لیے سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ

    کراچی: سندھ کابینہ میں سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے سماعت سے محروم افراد کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا، کابینہ نے سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے لیے موٹر رجسٹریشن قوانین میں ترامیم کی جائیں گی۔

    سید قاسم کا کہنا تھا خصوصی افراد کا مسئلہ محکمہ بحالی خصوصی افراد کی کوشش سے حل ہوا، سماعت سے محروم افراد کے لیے یہ ایک تاریخی کام یابی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایئر پورٹس پر بزرگ ، خواتین اور خصوصی افراد کے لیے خصوصی سہولت

    معاون خصوصی نے مزید کہا سماعت سے محروم افراد طویل عرصے سے جدوجہد کر رہے تھے، ان کے دیگر مسائل بھی آہستہ آہستہ حل ہو جائیں گے۔

    یاد رہے گزشتہ ماہ خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کے حوالے سے قاسم نوید نے کہا تھا ہمارے معاشرے میں ان بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ضرورت ہے، خصوصی بچوں کی بحالی کے لیے قائم مراکز بہتر بنائے جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا یہ بات باعث مسرت ہے کہ خصوصی افراد اور بچوں سے متعلق لوگوں کی سوچ میں تبدیلی آ رہی ہے۔

    واضح رہے کہ رواں برس فروری میں سندھ میں خصوصی افراد کے لیے سرٹیفیکیٹ بھی جاری کیے گئے، ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے خصوصی افراد کو ہدایت بھی جاری کی گئی کہ وہ اپنے سرٹیفکیٹ ضرور حاصل کریں۔