Tag: ڈرائیونگ

  • کیا خواتین واقعی بری ڈرائیونگ کرتی ہیں؟ نئی رپورٹ میں دلچسپ انکشاف

    کیا خواتین واقعی بری ڈرائیونگ کرتی ہیں؟ نئی رپورٹ میں دلچسپ انکشاف

    اب تک سمجھا جاتا رہا ہے کہ خواتین مردوں کے مقابلے میں بری ڈرائیورز ہیں تاہم ایک نئی رپورٹ نے اس کی نفی کردی۔

    حال ہی میں برطانوی جریدے کی جانب سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ خواتین، مردوں کے مقابلے میں اچھی اور کامیاب ڈرائیور ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ خواتین ڈرائیورز کے ساتھ سفر مردوں کے مقابلے میں زیادہ محفوظ رہتا ہے خصوصاً شاہراہوں پر خواتین زیادہ اچھی ڈرائیور ثابت ہوئی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق مردوں کا یہ گمان سراسر غلط ہے کہ وہ خواتین کے مقابلے میں بہتر ڈرائیور ہوتے ہیں، دراصل خواتین اور مردوں کے درمیان زندگی کے مختلف شعبوں میں مسابقت کی کوئی حد نہیں ہے۔ ڈرائیونگ کا شعبہ بھی ان میں سے ایک ہے۔

    مذکورہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگر گاڑی خاتون چلا رہی ہیں اور آپ اس کے ساتھ سفر کر رہے ہیں تو آپ گاڑی میں سکون سے سو سکتے ہیں۔ مسافر ٹریفک حادثات کے خطرات ذہن سے کھرچ کر پھینک سکتا ہے۔

    تجزیاتی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سنہ 2018 کے دوران 79 مرد ڈرائیورز نے ہر قسم کی ٹریفک خلاف ورزیاں بڑی تعداد میں کیں جبکہ اس حوالے سے خواتین کا تناسب 21 فیصد تک محدود رہا۔

    یہ بھی کہا گیا کہ مرد ڈرائیورز نے خواتین کے مقابلے میں مقررہ رفتار سے 3 گنا زیادہ رفتار سے گاڑیاں چلائی ہیں۔

    رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ دراصل خواتین کو ڈرائیونگ کے دوران راستوں کی اونچ نیچ کو جاننے، سمجھنے اور گاڑی کے الیکٹرانک آلات استعمال کرنے میں مردوں کے مقابلے میں دشواری پیش آتی ہے لہٰذا اسی تناظر میں وہ محتاط یا محفوظ ڈرائیونگ کرتی ہیں۔

  • ڈرائیونگ کے دوران کی جانے والی 4 غلطیاں کیا ہیں؟

    ڈرائیونگ کے دوران کی جانے والی 4 غلطیاں کیا ہیں؟

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے دوران ڈرائیونگ عام طور پر سگنل پر کی جانے والی 4 غلطیوں کی نشاندہی کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سودی محکمہ ٹریفک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ڈرائیورز کی جانب سے سگنل پر 4 غلطیاں کی جاتی ہیں۔

    1- ڈرائیورز سگنل پر ہارن غلط طریقے سے استعمال نہ کریں

    2- زیبرا کراسنگ پر گاڑی کھڑی سے گریز کیا جائے

    3-ڈرائیورز گاڑی ٹیڑھی کر کے نہ کھڑی کریں

    4-ٹریک بدلنے کے لیے گاڑیوں سے گزرنے کی کوشش نہ کریں

    محکمہ ٹریفک نے کہا کہ تمام ڈرائیورز سگنل پر ٹریفک نظام کی پابندی کریں، ایسا نہ کرنے سے ٹریفک حادثات ہوتے ہیں۔یہ پابندی راہگیروں کی سلامتی کے لیے بھی ناگزیر ہے۔

    سعودی محکمہ ٹریفک نے بتایا کہ ریڈ سگنل توڑنے پر کم از کم جرمانہ 3 ہزار اور زیادہ سے زیادہ 6 ہزار ریال ہے۔یہ ایسی خلاف ورزی ہے جس سے لوگوں کی جان بھی جا سکتی ہے اسے بھاری ٹریفک خلاف ورزیوں کی فہرست میں‌ شامل کیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: سست رفتار ڈرائیونگ پر جرمانہ ہوگا

    سعودی عرب: سست رفتار ڈرائیونگ پر جرمانہ ہوگا

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے اہم ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ شاہراہوں پر سست رفتار ڈرائیونگ سے گریز کریں، ایسا کرنا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے اور سست رفتار ڈرائیونگ پر احتساب ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے ڈرائیوروں کو خبردار کیا ہے کہ شاہراہوں پر سست رفتار ڈرائیونگ سے گریز کریں، شاہراہوں پر سست رفتاری سے ٹریفک معطل ہوتی ہے اور حادثات کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ایسا کرنا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے اور سست رفتار ڈرائیونگ پر احتساب ہوگا۔

    محکمے کی جانب سے کہا گیا کہ شاہراہوں اور سڑکوں پر سست رفتار ڈرائیونگ پر 100 سے ڈیڑھ سو ریال تک کا جرمانہ مقرر ہے۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا تھا کہ بعض لوگ شاہراہوں اور سڑکوں سے گزرتے وقت رک کر باتیں کرنے لگتے ہیں، ایک ڈرائیور دوسرے ڈرائیور سے راستہ دریافت کرنے لگتا ہے یا سڑک پر رونما ہونے والے حادثے کو دیکھنے لگتے ہیں، یہ سب کچھ منع ہے۔

    محکمے کے مطابق سڑکوں اور شاہراہوں پر ایسا کرنے کی قطعاً اجازت نہیں ہے۔

  • سعودی عرب میں مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا لیڈیز ڈرائیونگ اسکول

    سعودی عرب میں مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا لیڈیز ڈرائیونگ اسکول

    ریاض: سعودی عرب میں مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا لیڈیز ڈرائیونگ اسکول کھول دیا گیا۔ اکیڈمی میں 100 فیصد عملہ سعودی شہریوں پر مشتمل ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی ریجن کے شہر الاحسا میں مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا لیڈیز ڈرائیونگ اسکول کھولا گیا ہے۔

    اسکول کو ’ایسٹرن پراونس ڈرائیونگ اکیڈمی‘ کا نام دیا گیا ہے، اسکول کی افتتاحی تقریب میں گورنر شہزادہ سعود بن نائف اور الاحسا کے کمشنر شہزادہ بن جلوی موجود تھے۔

    ڈرائیونگ اکیڈمی کی عمارت 3 ہزار 500 مربع میٹر کے رقبے میں تعمیر کی گئی ہے جبکہ ٹریننگ کا میدان 50 ہزار مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے۔ اکیڈمی کو 115 گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں جبکہ 11 انٹرا ایکٹو سمیلیٹر مہیا کیے گئے ہیں۔ ان کی مدد سے مشرقی ریجن کی خواتین حقیقی ڈرائیونگ کا تجربہ کریں گی۔

    اکیڈمی میں پانچ اسمارٹ کلاسیں کھولی گئی ہیں۔ ایک کلینک، انٹرنیٹ کے ذریعے امتحان کا کمرہ، کانفرنس ہال اور رابطہ مرکز بھی قائم کیا گیا ہے۔

    الاحسا میں قائم کی جانے والی اس لیڈیز ڈرائیونگ اکیڈمی کو ایک اعزاز یہ بھی حاصل ہے کہ یہاں 100 فیصد عملہ سعودی شہریوں پر مشتمل ہے۔ اس کی سرپرستی آرامکو کمپنی کر رہی ہے۔

    آرامکو کے چیئرمین انجینیئر امین الناصر کا کہنا ہے کہ خادم حرمین شریفین نے خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت کا تاریخی فرمان جاری کر کے لاکھوں سعودی خواتین اور لڑکیوں کے لیے ترقی کے امکانات روشن کردیے۔

    ان کے مطابق اس کی بدولت یہ خواتین اپنے قدموں پر کھڑی ہو رہی ہیں۔ اس فیصلے کا سعودی معیشت، ترقی اور کاروبار کے ماحول پر بڑا خوشگوار اثر مرتب ہو رہا ہے۔

  • ساحل سمندر پر گاڑی چلانے والی سعودی لڑکی کو کیوں گرفتار کیا گیا؟

    ساحل سمندر پر گاڑی چلانے والی سعودی لڑکی کو کیوں گرفتار کیا گیا؟

    ریاض: سعودی عرب میں پولیس نے ٹائر اسکریچنگ کرنے والی ایک لڑکی کو گرفتار کرلیا، لڑکی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو کے بعد ویڈیو میں دکھائی دینے والی لڑکی کو قطیف کمشنری سے گرفتار کرلیا گیا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑکی اسپورٹس کار سے ساحل سمندر کے قریب ٹائر اسکریچنگ کررہی ہے۔

    لڑکی کے ٹائر چرچرانے کا انداز دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔

    محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر جنرل محمد البسامی کے مطابق ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ٹائر اسکریچنگ کرنے والی لڑکی کو گرفتار کرکے متعلقہ ادارے کی تحویل میں دے دیا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ زیر حراست سعودی لڑکی کے خلاف ٹریفک قانون کے تحت تادیبی کارروائی کی جا رہی ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی ٹریفک قانون میں خلاف ورزیوں کا ایک چارٹ جاری کیا گیا ہے جس میں ٹائر اسکریچنگ کو ممنوع قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ ایسی خلاف ورزی ہے جس سے عوامی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

    حکام کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ٹریفک خلاف ورزیوں پر جو سزائیں مقرر ہیں ان میں صنفی بنیاد پر کسی کے ساتھ کوئی امتیاز نہیں برتا جائے گا۔

    مذکورہ چارٹ میں سعودی محکمہ ٹریفک نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ ٹریفک کے حوالے سے لاحق خطرات کی خلاف ورزیاں نہ کریں، 9 ایسے کام ہیں جن سے ہر صورت اجتناب کرنا ہے بصورت دیگر قانون کی خلاف ورزی ہوگی۔

    محکمہ ٹریفک کی جانب سے واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ حد سے زیادہ رفتار سے گاڑی ڈرائیو کرنا، نشے کی حالت میں گاڑی چلانا، سگنل توڑنا، اسپیڈ میں اوور ٹیک کرنا اور غلط سمت (رانگ وے) گاڑی چلانا سنگین جرائم ہیں۔

  • عدالتی نمبر پلیٹ لگا کر گاڑی چلانے والا نوجوان پولیس سے نہیں بچ سکا

    عدالتی نمبر پلیٹ لگا کر گاڑی چلانے والا نوجوان پولیس سے نہیں بچ سکا

    کراچی: اہم عدالتی نمبر پلیٹ اور پاکستانی جھنڈا لگا کر کلفٹن میں گاڑی چلانے والا نوجوان دھر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کلفٹن کے علاقے میں پولیس کو بے وقوف بنانا نوجوان کو مہنگا پڑ گیا، پولیس نے اسے گاڑی پر اہم عدالتی نمبر پلیٹ اور پاکستانی جھنڈا لگانے پر پکڑ لیا۔

    معلوم ہوا ہے کہ ایم اے جناح روڈ پر جعلی نیم پلیٹ اور جھنڈے چند روپوں میں بکنے لگے ہیں۔

    پولیس نے عبداللہ شاہ غازی مزار کے قریب کالے شیشوں والی کار کو روکنے کا اشارہ کیا تو کار چلانے والے نوجوان نے شیشہ اتار کر پولیس کو غصہ دکھایا اور گاڑی دوڑا دی۔

    تاہم بن قاسم پارک کے قریب پولیس نے گاڑی کو روک لیا، گاڑی پر اہم عدالتی نمبر پلیٹ اور پاکستانی جھنڈا بھی لگا ہوا تھا۔

    نوجوان نے پکڑے جانے پر کہا کہ نہ میں وکیل ہوں نہ میرا تعلق عدالت سے ہے، جعلی نیم پلیٹ اس لیے لگائی کہ اس نیم پلیٹ کو دیکھ کر پولیس نہیں روکتی۔

    یہ بھی پڑھیں:  فینسی نمبر پلیٹ : رکن اسمبلی اور سابق آئی جی سندھ کی گاڑیاں روک لی گئیں

    نوجوان کا کہنا تھا کہ اس نے پلازہ سے 1200 روپے میں یہ نیم پلیٹ خریدی۔ بعد ازاں پولیس نے نوجوان کی گاڑی کی نیم پلیٹ، کالے شیشے اور جھنڈا اتار لیا۔

    یاد رہے کہ فروری میں کلفٹن کے علاقے سے منسٹر کے نام والی ایک لینڈ کروزر پکڑی گئی تھی، جب کہ ایک رکن سندھ اسمبلی کو بھی گاڑی پر ہاتھ سے لکھی سرکاری نمبر پلیٹ، اور سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کو فینسی نمبر پلیٹ پر روکا گیا تھا۔

  • خاتون کو ڈرائیونگ سے روکنے کی ویڈیو وائرل، حکام نے تحقیقات شروع کردیں

    خاتون کو ڈرائیونگ سے روکنے کی ویڈیو وائرل، حکام نے تحقیقات شروع کردیں

    ابوظبی : دبئی میں‌ خاتون ڈرائیور کو گاڑی چلانے سے روکنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، پولیس نے پارکنگ ملازم کو اپنی اور دوسروں کی جان خطرے میں‌ ڈالنے کے جرم میں‌گرفتار کرلیا.

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے سیاحتی اور تجارتی مرکز ریاست دبئی میں ایک کار پارکنگ کے ملازم کی طرف سے ایک خاتون کو گاڑی چلانے سے روکنے کی کوشش کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد حکام نے اس کی تحقیقات شروع کردیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی فوٹیج میں پارکنگ اسٹینڈ سے باہر نکلنے والی ایک کار کے اگلے حصے پر ایک شخص کو بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے جو خاتون ڈرائیور کو گاڑی نہ چلانے کی تاکید کررہا ہے، خاتون گاڑی چلانے کی کوشش کرتی ہے تووہ نیچے گرجاتا ہے اور پھر کار پر چڑھ دوڑتا ہے۔

    اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد حکام نے اس کی تحقیقات شروع کردیں ہیں۔

    دبئی پولیس کے سیکیورٹی اطلاعات کے ترجمان کرنل فیصل القاسم نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی فوٹیج دبئی میں بَر کے مقام پر بنائی گئی جہاں ایک کار پارکنگ ملازم نے خاتون کار ڈرائیور کو کار چلانے سے روکنے کی کوشش کی اور کار کے آگے کھڑا ہوگیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کار روکنے والے شخص نے خود کو اور دوسرے شہریوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے کی کوشش کی۔ اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ کار پارکنگ کے ملازم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ دوسری جانب گرفتار شخص کا موقف بھی سامنے آیا ہے جس میں اس کا کہنا تھا کہ خاتون نے پارکنگ اسٹینڈ سے جو کار باہر نکالی اس کا انٹری ٹکٹ اسے نہیں دیا گیا بلکہ خاتون نے ایک غلط ٹکٹ اسے تھما دیا تھا۔

    اس نے خاتون کو ایک غلط ٹکٹ دینے پر گاڑی پارکنگ سے باہر نکالنے سے روکنے کی کوشش کی تاہم خاتون کار ڈرائیور نے پارکنگ ملازم کا دعویٰ مسترد کردیا اور کہا کہ اس نے اسے اسی گاڑی کا ٹکٹ دیا۔

  • کار ایکسیڈنٹ کے دوران جانی نقصان سے بچنے کی تجاویز

    کار ایکسیڈنٹ کے دوران جانی نقصان سے بچنے کی تجاویز

    گاڑی چلانا ایک ایسا کام ہے جس کے لیے نہایت مشاقی و مہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ ڈرائیونگ کے دوران دماغی طور پر حاضر رہنا بھی نہایت ضروری ہے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں سیکنڈ کے ہزارویں حصہ میں فیصلہ کر کے اپنی اور گاڑی میں بیٹھے دیگر افراد کی جانیں بچائی جائیں۔

    لیکن ہر شخص ان اصولوں کی پاسداری نہیں کرتا۔ ڈرائیونگ کے دوران آپ کا واسطہ بے شمار ایسے افراد سے پڑے گا جو نہایت لاپرواہی سے گاڑی چلا کر اپنی اور دوسروں کی جانوں کو خطرے میں ڈال دیں گے۔

    یہاں ہم آپ کو کچھ ایسی تجاویز بتارہے ہیں جن کو اپنا کر کسی حادثے کی صورت میں آپ اپنا بچاؤ کر سکتے ہیں۔

    یہ تجاویز آپ کو شدید زخمی ہونے سے بچائیں گی جن کے بعد آپ اپنے ہوش و حواس بحال رکھتے ہوئے قریبی اسپتال جا کر ابتدائی طبی امداد حاصل کرسکتے ہیں۔

    گاڑی خریدنے کا پہلا اصول

    accident-5

    جب بھی آپ گاڑی خریدیں تو اس سے پہلے کچھ ہوم ورک ضرور کریں۔ انٹرنیٹ پر اس گاڑی کے ماڈل کی سیفٹی ریٹنگز سے ضرور آگاہی حاصل کریں۔

    یہ ریٹنگز بتاتی ہیں کہ کسی حادثے کی صورت میں گاڑی میں بیٹھے افراد کو اگلی گاڑی نے زیادہ نقصان پہنچایا یا جس گاڑی میں وہ بیٹھے تھے وہی گاڑی ان کے زخمی ہونے کا سبب بنی۔

    سیٹ بیلٹ کا استعمال

    accident-4

    سفر کے دوران سیٹ بیلٹ کا استعمال ایک ایسی مفید عادت ہے جو آپ کو کسی بھی خطرناک صورتحال سے بچا سکتی ہے۔

    نہ صرف حادثے کی صورت میں، بلکہ سڑک پر اگر ایمرجنسی بریک بھی لگائے جائیں تب بھی آپ کا سر اگلی سیٹ یا شیشے سے ٹکرا سکتا ہے جس سے بچنے کا واحد حل سیٹ بیلٹ پہننا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق سڑک پر پیش آنے والے کار ایکسیڈنٹس میں 98 فیصد اموات سیٹ بیلٹ نہ پہننے کے باعث ہوتی ہیں۔

    یہ عمل اس وقت اور بھی ضروری ہے جب آپ کے ساتھ گاڑی میں بچے بھی موجود ہوں۔ بچوں کو گاڑی میں بٹھا کر سیٹ بیلٹ باندھنے سے قبل کبھی بھی گاڑی نہ چلائیں۔

    گاڑی میں موجود ایئر بیگ

    accident-2

    گاڑی کے اسٹیئرنگ وہیل پر لگا ائیر بیگ کسی حادثے کی صورت میں آپ کے سر اور چہرے کو شدید زخمی ہونے سے بچا سکتا ہے تاہم اس کے لیے بھی کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ضروری ہیں۔

    ڈرائیونگ کے دوران ہاتھوں میں گھڑی یا زیورات پہننے سے گریز کریں۔ اکثر حادثات میں ایئر بیگ اور چہرے کے درمیان ہاتھ آگئے جن میں پہنی گھڑیاں اور زیورات چہرے کو شدید زخمی کرنے کا سبب بنیں۔

    بازؤں کو اسٹیئرنگ وہیل پر ترچھا (کراس) کر کے مت رکھیں۔ دایاں ہاتھ دائیں جانب اور بایاں ہاتھ بائیں جانب رکھ کر گاڑی چلائیں۔

    اسی طرح ڈرائیونگ کے دوران اپنی گود میں کوئی ایسی چیز رکھنے سے گریز کریں جو حادثے کے دوران آپ کا چہرہ ایئر بیگ تک پہنچنے سے روک دے۔

    ایئر بیگ کو کچھ عرصے بعد اچھی طرح چیک کرتے رہیں تاکہ اگر اس میں کوئی خرابی ہے تو اس کا علم ہوسکے اور فوری طور پر اس کو درست کیا جاسکے۔

    گاڑی میں غیر ضروری سامان

    accident-3

    گاڑی میں بغیر کسی سہارے کے رکھا ہوا ہلکا پھلکا سامان جیسے بیگ، موبائل فون، کھانے پینے کی اشیا یا لیپ ٹاپ وغیرہ کسی حادثے کی صورت میں اپنی جگہ سے اچھل کر آپ سے ٹکرا سکتے ہیں جس سے آپ کے زخمی ہونے کے امکانات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

    ایکسیڈنٹ کے بعد

    ایکسیڈنٹ کے فوراً بعد قریبی اسپتال ضرور جائیں۔ ہوسکتا ہے آپ کو کوئی ظاہری چوٹ نہ لگی ہو، لیکن جھٹکے سے آپ کو کوئی اندرونی جسمانی یا دماغی چوٹ لگنے کا امکان ہو سکتا ہے جس کی درست تشخیص کوئی ڈاکٹر ہی کرسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: ٹریفک حادثے کی صورت میں کیا کیا جائے؟

  • لاہور ہائی کورٹ نے کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ پر پابندی لگا دی

    لاہور ہائی کورٹ نے کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ پر پابندی لگا دی

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے بچوں کی ڈرائیونگ سے متعلق بڑا فیصلہ سناتے ہوئے کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ پر پابندی لگا دی، اب بچے موٹر سائیکل اور گاڑی نہیں چلا سکتے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے بچوں کی ڈرائیونگ سے متعلق کیس کی سماعت کی، درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ کم عمر بچے شاہراہوں پر گاڑیاں اور موٹر سائکلیں چلا رہے ہیں جو قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    درخواست گزار نے کہا بچوں کو ٹریفک قوانین کے متعلق آگاہی نہیں ہوتی جس کی وجہ سے آئے روز حادثات پیش آتے ہیں، جن میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوتی ہیں، لہذاعدالت بچوں کی ڈرائیونگ پر پابندی عائد کرے ۔

    عدالت نے حکم دیا کہ قانون کے مطابق کم عمر بچے چنگ چی رکشہ،موٹرسائیکل اور گاڑی نہیں چلاسکتے کم عمر ڈرائیونگ کرنے والے بچوں کے والدین کو پہلے مرحلے میں طلب کرکے بیان حلفی لیا جائے کہ آئندہ بچوں کو ڈرائیونگ کرنے نہیں دیا جائے گا۔

    جسٹس علی اکبر قریشی نے کہا اگر بیانی حلفی کی خلاف وزری کی جائے تو خلاف ورزی کرنے والے والدین کو حوالات میں بند کردیا جائے تاہم اب کسی بھی کم عمر بچے کو گاڑی چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

  • ابو ظہبی، ڈرائیونگ کے دوران کچرا پھینکنے والوں کی شامت، پولیس کا بڑا ایکشن

    ابو ظہبی، ڈرائیونگ کے دوران کچرا پھینکنے والوں کی شامت، پولیس کا بڑا ایکشن

    ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے محکمہ ٹریفک پولیس نےرواں برس کی پہلی سہہ ماہی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق گاڑی چلانے کے دوران سڑک پر کچرا پھینکنے کے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر 85 افراد  کا چالان کاٹا گیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق ابوظہبی پولیس کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پرڈرائیورز کے چالان کاٹے جن میں سڑک پر کچرا پھینکنے والوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق دوران ڈرائیونگ سڑک پر کچرا پھینکنے کے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر فی ڈرائیور 1000 درہم کا جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ اُن کے لائسنس پر سیاہ نقطے بھی واضح کیے گئے۔

    مزید پڑھیں: خبردار!! دبئی کی سڑکوں پر سگریٹ پھینکنا مہنگا پڑ سکتا ہے

    عرب میڈیا کے مطابق پولیس کی جانب سے ڈرائیونگ لائسنس یا پروفائل پر سیاہ نقطوں کا مطلب قانون کی سنگین خلاف ورزیوں میں شمار کیا جاتاہے، اگر کسی ڈرائیور کو تین نقطے مل جائیں تو اُس پر ڈرائیونگ کی پابندی عائد کرتے ہوئے لائسنس ضبط کرلیا جاتا ہے۔

    واضح ہے کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے رواں برس شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر صفائی مہم کا آغاز کیا تھا جس کے بعد یہ قانون نافذ کیا گیا تھا کہ آئندہ کوئی بھی شخص سڑک پر کچرا پھینکے گا تو اُس پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ عرب (دبئی) کے محکمہ بلدیات کے شعبے ویسٹ مینجمنٹ ڈائریکٹر عبد المجید سیفی کا کہنا تھا کہ ’صفائی مہم کا آغاز ہونے کے بعد گلیوں ، کوچوں اور سڑکوں پرسگریٹ یا پھر کچرا پھینکنے پر پابندی ہوگی‘۔

    یہ بھی پڑھیں: بچوں کو اگلی نشست پر بیٹھانا جرم

    اُن کا کہنا تھا کہ اگر کسی بھی شخص کو خلاف ورزی کرتے ہوئے دیکھا گیا تو اُس پر 500 درہم (پاکستانی کرنسی کے حساب سے تقریبا 15 ہزار روپے) جرمانہ عائد کیا جائے گا اور اگر بار بار کسی شہری نے حکم کی خلاف ورزی کی تو اُسے سخت سزا بھی دی جائے گی۔ حکومت نے قانون میں یہ بھی شامل کیا کہ سڑک پر تھوکنا یا کسی بھی قسم کی گندگی پھیلانے پر بھی جرمانہ عائد ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔