Tag: ڈرون

  • موساد نے ایران کے اندر ڈرون کیسے اسمگل کیے؟ اے آئی سے کیسے مدد لی؟

    موساد نے ایران کے اندر ڈرون کیسے اسمگل کیے؟ اے آئی سے کیسے مدد لی؟

    امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل کی جاسوسی ایجنسی موساد نے ایران میں ڈرون اسمگل کیے تھے، اور حملے کی تیاری کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کا استعمال کیا۔

    ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق موساد نے ایران پر حملے کی تیاری کے لیے مصنوعی ذہانت اور اسمگل شدہ ڈرونز کا استعمال کیا، اے پی نے رپورٹ کیا کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کی تیاری برسوں سے جاری تھی۔

    ایک سابق انٹیلیجنس افسر، جس نے حملے کے بارے میں علم رکھنے کا دعویٰ کیا تھا، نے بتایا کہ موساد اور اسرائیلی فوج نے آپریشنل بنیاد ڈالنے کے لیے کم از کم 3 سال تک مل کر کام کیا۔


    ایران نے اسرائیل پر فتح 1 ہائپر سونک میزائل داغ دیا


    اسرائیل کے دو موجودہ سیکیورٹی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اکتوبر میں اسرائیل نے ایران پر متعدد بار فضائی حملے کیے تھے، اس کے بعد ایرانی فضائی دفاع کو مزید کمزور کرنے کے لیے موساد کے ایجنٹوں نے ایسے ہتھیار ایران اسمگل کیے جو قریب سے حملہ کرنے کے لیے تیار کیے گئے تھے۔

    سابق انٹیلی جنس افسر کے مطابق ان ہتھیاروں میں چھوٹے مسلح ڈرونز شامل تھے، جنھیں ایجنٹوں نے گاڑیوں میں ایران کے اندر اسمگل کیا تھا۔ جب کہ اسرائیل نے AI کا استعمال اپنی جمع کردہ معلومات کا تجزیہ کرنے اور ڈیٹا کے ڈھیروں کو چھاننے کے لیے کیا۔


    ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں یہاں پڑھیں


  • کھیت میں آگ لگنے کے بعد دھاتی ٹکڑے مل گئے، پولیس الرٹ ہو گئی

    کھیت میں آگ لگنے کے بعد دھاتی ٹکڑے مل گئے، پولیس الرٹ ہو گئی

    گجرات: پنجاب کے شہر گجرات میں ایک کھیت میں آگ لگنے کے بعد وہاں سے 2 دھاتی ٹکڑے ملے ہیں، جنھیں متعلقہ حکام نے قبضے میں لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گجرات کے علاقے گلیانہ کے گاؤں پیر جنڈ کے کھیت سے دو دھاتی ٹکڑے ملے ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہے کہ آیا یہ ڈرون کے ٹکڑے تو نہیں ہیں۔

    پولیس کے مطابق ڈی ایس پی کھاریاں نفری کے ساتھ علاقے میں موجود ہیں اور سرچ آپریشن جاری ہے، جس کی تکمیل پر صورت حال واضح ہوگی، پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ گاؤں پیر جنڈ میں پولیس کا سرچ آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے، اور علاقہ مکین بھی سرچ آپریشن میں پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔


    لاہور والٹن روڈ کے علاقے میں یکے بعد دیگرے 3 دھماکے


    پولیس حکام نے بتایا ہے کہ کھیت میں گندم کی باقیات کو آگ لگی تھی جس کے بعد وہاں سے میٹل کے ٹکڑے ملے، علاقے کا ایک نوجوان کھیت سے ملنے والے ٹکڑے اٹھا کر گھر لے گیا تھا، تاہم اب ٹکڑے ڈرون کے ہونے کے شبہ پر متعلقہ حکام نے انھیں تحویل میں لے لیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فی الوقت دھاتی ٹکڑے ڈرون کے ہونے کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

  • ایران حجاب قوانین کے نفاذ کے لیے ڈرونز استعمال کر رہا ہے، اقوامِ متحدہ

    ایران حجاب قوانین کے نفاذ کے لیے ڈرونز استعمال کر رہا ہے، اقوامِ متحدہ

    اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ ایران حجاب قوانین کے نفاذ کے لیے ڈرونز استعمال کر رہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ ایران حجاب قوانین کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہا ہے، جس میں ڈرونز، چہرے کی شناخت اور سٹیزن رپورٹنگ ایپ ’’ناظر‘‘ بھی شامل ہیں۔

    یہ ایپ پولیس اور عوام کو سہولت دیتی ہے کہ وہ ایمبولینسوں، ماس ٹرانزٹ اور ٹیکسیوں سمیت گاڑیوں میں خواتین کی مبینہ خلاف ورزی کے بارے میں رپورٹ کر سکیں۔

    اس ایپ کے ذریعے صارفین مبینہ خلاف ورزی کرنے پر گاڑی کی لائسنس پلیٹ، مقام اور وقت کو بھی اپ لوڈ کر سکتے ہیں، ایپ پولیس کو الرٹ کرتی ہے اور گاڑی کے رجسٹرڈ مالک کو پیغام بھیجتی ہے کہ وہ حجاب قوانین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، اگر وارننگز کو نظر انداز کیا تو گاڑی ضبط کر لی جائے گی۔


    ایفل ٹاور نے حجاب کیوں کرلیا؟ حقائق سامنے آگئے


    گزشتہ سال چہرے کی شناخت سے متعلق سافٹ ویئر تہران کی امیر کبیر یونیورسٹی کے داخلی راستے پر نصب کیا گیا تھا، اس سلسلے میں رپورٹ منگل کو اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پیش کی جائے گی۔

  • ’’آسمان پتنگوں سے صاف اور پرندوں کی پرواز‘‘، ڈرون نے یہ کمال کیسے کر دکھایا؟

    ’’آسمان پتنگوں سے صاف اور پرندوں کی پرواز‘‘، ڈرون نے یہ کمال کیسے کر دکھایا؟

    دھاتی ڈور کے ساتھ پتنگ اڑانا انسانی زندگیوں کے لیے انتہائی خطرناک ہے پنجاب میں اس کی روک تھام کیلیے اب ڈرون کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

    پتنگ اڑانے میں دھاتی ڈور کے استعمال کا رواج عام ہونے کے باعث ہماری ثقافت کی اہم تفریح اب جان لیوا ہوچکی ہے اور درجنوں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔

    حکومت کی جانب سے پتنگ کی خرید وفروخت پر پابندی اور سزاؤں کے اعلان بھی پتنگ بازوں کو اپنا شوق پورا کرنے سے نہ روک سکے جس کے لیے اب ڈرونز کو پتنگوں کے میدان یعنی آسمان میں لایا گیا ہے۔

    ڈسکہ میں ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے آسمان کو پتنگوں سے پاک کر دیا گیا۔

    انتظامیہ کی جانب سے یہ اقدام کیے جانے کے بعد اب کئی روز سے شہر اور اطراف میں ڈور لگ جانے سے کسی انسان کی موت یا زخمی ہونے کا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا ہے۔

    یہ ڈرون آسمان میں پرواز کر کے پتنگ اڑانے والوں کی نشاندہی کرسکتا ہے۔ اس آلے کی نظر اتنی تیز کہ گرفتاری کے خوف سے پتنگ بازی کا 100 فیصد خاتمہ ہوگیا شہریوں نے سکھ کا سانس لیا

    پتنگ بازوں کے خلاف ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کے بعد اب ڈسکہ کے آسمان پر پتنگ کے بجائے پرندے پرواز کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

    شہری کہتے ہیں ڈرون کیمرے سے پتنگ بازی کا خاتمہ ثابت کرتا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد اور مسلسل کوشش سے جرائم پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرون نے کمال کر دیا۔ اس کے استعمال کے بعد سے ایک ماہ کے دوران شہر میں پتنگ بازی یا گلا کٹنے کا کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا ہے۔

  • اسرائیل: تل ابیب پر ڈرون حملہ، ایک شخص ہلاک، 4 زخمی

    اسرائیل: تل ابیب پر ڈرون حملہ، ایک شخص ہلاک، 4 زخمی

    اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 4شدید زخمی ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی کی امدادی تنظیم ‘ ریڈ داودی اسٹار’ کا کہنا ہے کہ دھماکہ تل ابیب کے مرکز میں امریکی سفارت خانے کے قریب ڈرون حملے کے باعث ہوا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔

    اسرائیل کے فوجی ترجمان کے مطابق دھماکہ ایک فضائی عنصر کے سبب ہوا ہے، دھماکے سے قبل وارننگ سائرن نہیں بجے۔ حملے کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    بیان کے مطابق فوج کی طرف سے عوام کے لئے سکیورٹی وارننگ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، اسرائیل ائیر فورس نے ملکی فضائی حدود کے تحفظ کے لئے پیٹرولنگ سخت کر دی ہے۔

    واضح رہے کہ یمن کے حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سیری نے سوشل میڈیا ایکس سے جاری کردہ بیان میں تل ابیب پر حملے کی تصدیق کی اور کہا ہے کہ حملے کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

    چین: دریا پر تعمیر کیا گیا پُل پانی میں گر گیا، درجنوں لاپتہ

    حوثیوں کی جانب سے اس سے قبل بھی، غزّہ پر 7 اکتوبر سے جاری حملوں کی وجہ سے، اسرائیل پر جوابی ڈرون اور میزائل حملوں کا اعلان کیا جاچکا ہے اور کئے گئے حملوں کی ویڈیوز بھی جاری کی گئی ہیں۔

  • اسرائیل نے لبنان میں اپنا ڈرون مار گرائے جانے کی تصدیق کردی

    اسرائیل نے لبنان میں اپنا ڈرون مار گرائے جانے کی تصدیق کردی

    اسرائیل فوج کی جانب سے لبنان میں اپنا ڈرون مار گرائے جانے کی تصدیق کردی گئی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ لبنان میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے اسرائیلی ڈرون کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    اسرائیلی فوج کے مطابق لبنان میں ڈرون کے تباہ ہونے کے بعد اسرائیلی فضائیہ نے میزائل لانچ سائٹ پر حملہ کیا۔

    واضح رہے کہ حزب اللّٰہ نے اس سے کچھ دیر قبل اسرائیلی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔

    اسرائیل کی جانب سے ہفتے کے روز بھی شام کی جنوبی سرحدوں پر بشار الاسد فورسز کے فضائی دفاعی نظاموں والے علاقے کے متعدد مقامات پر راکٹ حملے کئے گئے تھے۔

    شامی خبر رساں ایجنسی SANA کے مطابق رات 2 بج کر 55 منٹ پر ملک کے جنوبی علاقے کے بعض مقامات کو اسرائیلی فورسز نے راکٹوں سے نشانہ بنایا۔

    غزہ پر اسرائیلی ظلم کا سلسلہ جاری، حاملہ خاتون شہید

    رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے فلسطین کے شمال سے شام کے جنوبی علاقے میں نصب فضائی دفاعی نظاموں پر راکٹ حملہ کیا۔ حملے کے باعث مادّی نقصان ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں تھیں۔

  • لاہور : ڈرون سے ہیروئن کی اسمگلنگ کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب

    لاہور : ڈرون سے ہیروئن کی اسمگلنگ کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب

    لاہور : صوبائی دارلحکومت لاہور میں ڈرون سے ہیروئن کی اسمگلنگ کے کیس میں پولیس اہلکار ملوث نکلا، شواہد پرمقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارلحکومت لاہور میں ڈرون سے ہیروئن کی اسمگلنگ کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا،اینٹی نارکوٹکس فورس (اےاین ایف ) نے بتایا کہ پولیس اہلکار بھی منشیات کیس میں ملوث نکلا۔

    اےاین ایف کا کہنا تھا کہ شواہد پرمقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، جس میں ڈی سی آفس کی نظارت برانچ میں تعینات پولیس اہلکارشرافت مقدمہ میں نامزدکیا ہے۔

    ایف آئی آر کے متن میں کہا ہے کہ ملزمان کی شناخت عبدالرزاق ، جیدا ، شرافت ، مصطفی اور اعجاز ڈیال کےنام سےہوئی، منشیات اسمگلرز کے گروہ کو سرحد پار سے سپورٹ حاصل ہے۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ہیروئن بھارت اسمگل کرنے کے لیے ڈرون کا استعمال کیاجاتا۔

    اے این ایف نے بتایا کہ سرحدی علاقے میں چھاپہ مار کر ہیروئن برآمد کرکے ڈرون بھی ضبط کرلیا گیا ہے، کارروائی کےدوران دیگر ملوث ملزمان فرار ہوگئے۔

  • برطانیہ کا یوکرین کو فضائی دفاعی میزائل اور ڈرون دینے کا اعلان

    برطانیہ کا یوکرین کو فضائی دفاعی میزائل اور ڈرون دینے کا اعلان

    برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے یوکرین کو فضائی دفاعی میزائل اور ڈرونز دینے کا اعلان کیا ہے۔

    خبر ایجنسی کے مطابق یوکرینی صدر زیلنسکی دورے پر برطانیہ پہنچیں ہیں, جہاں انہوں نے برطانوی وزیرِ اعظم رشی سونک سے ملاقات کی، ملاقات میں جنگ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس دروان برطانوی وزیرِ اعظم رشی سونک نے یوکرین کو فضائی دفاعی میزائل اور ڈرون دینے کا اعلان کیا۔

    رشی سونک کا کہنا تھاکہ یوکرینی پائلٹوں کے لیے ابتدائی تربیت کا آغا موسمِ سرما میں کیا جائے گا۔

     یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ لڑاکا طیاروں کی فراہمی پر بات کی ہے۔

  • 100 پونڈ وزن اٹھا کر پرواز کرنے والا ڈرون

    100 پونڈ وزن اٹھا کر پرواز کرنے والا ڈرون

    کیلی فورنیا: امریکی کمپنی فائر فلائی نے ڈرون کا نیا ماڈل پیش کیا ہے جو 100 پونڈ وزن اٹھا کر 2 گھنٹے مسلسل پرواز کر سکتا ہے۔

    یہ ایک طرح کا ملٹی کاپٹر ہے اور ایسے ڈرون بھاری وزن بہت تھوڑے فاصلے تک لے جاسکتے ہیں کیونکہ ان کی قوت اور توانائی والی بیٹریاں اس کی اجازت نہیں دیتیں۔

    اب کیلی فورنیا میں واقع پیرالل فلائٹ ٹیکنالوجیز کی ذیلی کمپنی فائر فلائی نے اس پر کام شروع کیا ہے جس میں ناسا کا تعاون بھی شامل تھا، اس کے علاوہ امریکی محکمہ زراعت اور نیشنل سائنس فاؤنڈیشن نے بھی کام کیا ہے۔

    اس میں ایک پیٹرول انجن اور ایک برقی موٹر نصب ہے اور یہ دونوں مل کر مجموعی طور پر 4 پنکھڑیوں والے بریکٹ کو تیزی سے چلاتے ہیں، یہ سب مل کر فوری لفٹ آف اور پرواز کی قوت فراہم کرتے ہیں۔

    اس کا نظام ایسا بنایا گیا ہے کہ ایک پنکھڑی بند یا فیل ہونے کی صورت میں کوئی فرق نہیں پڑتا، فوری طور پر سارا بوجھ تین پروپیلرز پر تقسیم ہوجاتا ہے اور ڈرون ہموار انداز میں پرواز کرتا رہتا ہے۔

    اس کا موجودہ ماڈل ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد مسلسل ایک گھنٹہ 40 منٹ تک پرواز کرتا رہتا ہے اور 100 پونڈ وزن اٹھا کر 200 کلو میٹر دوری تک لے جا سکتا ہے۔

    اگر وزن کم کر کے 50 پونڈ کردیا جائے تو اس کی رفتار کا دورانیہ 3 گھنٹہ 20 منٹ تک بڑھ جائے گا اور یہ مجموعی طور پر 402 کلو میٹر دور تک جا سکتا ہے۔

    اس کے مقابلے میں بہتر سے بہتر برقی کواڈ کاپٹر ڈرون صرف پانچ کلو وزن کے ساتھ 30 منٹ تک ہی پرواز کر سکتے ہیں۔

    اپنے جی پی ایس نظام کے تحت اسے گوگل میپس سے کسی بھی مقام پر بھیجا جاسکتا ہے، اس کا سب سے زیادہ استعمال آفات اور ہنگامی حالت میں خوراک اور ادویہ کی فراہمی میں کیا جاسکتا ہے۔

  • امارات میں ڈرون اڑانے پر مشروط پابندی

    امارات میں ڈرون اڑانے پر مشروط پابندی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے بغیر لائسنس ڈرون اڑانے پر 22 جنوری سے ایک ماہ تک کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔ پابندی کا مقصد لوگوں کی جان اور املاک کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق اماراتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام اقسام کے ڈرونز اور مختلف انواع کے ہلکے اسپورٹس طیارے اڑانے کے شوقین افراد کے لیے لازمی ہے کہ وہ مقررہ اتھارٹی سے لائسنس حاصل کریں۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن کے قوانین کے تحت امارات میں فضائی اسپورٹس کی سرگرمیوں پر 22 جنوری 2022 سے ایک ماہ تک پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    ایسے افراد جو ڈرونز، گلائڈنگ اور ونڈ سرفنگ کھیل کے شوقین ہیں اور اپنا شوق جاری رکھنا چاہتے ہیں، انہیں اس کے لیے باقاعدہ اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔

    وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ ڈرونز اور ہلکے جہازوں سے متعلق بعض خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں، ڈرونز کو ممنوعہ مقامات پر استعمال نہیں کیا جا سکتا، پابندی عائد کرنے کا مقصد لوگوں کی جان اور املاک کی حفاظت و سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

    ایسے ادارے جو تجارتی اشتہارات یا دیگر مقاصد کے لیے ڈرونز استعمال کرتے ہیں ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ متعلقہ سرکاری ادارے سے رجوع کر کے باقاعدہ لائسنس حاصل کریں۔

    وزارت داخلہ کا مزید کہنا ہے کہ وہ افراد جو ڈرون اڑانے کے شوقین ہیں، وہ مقررہ پابندی پر عمل کریں، لائسنس حاصل کیے بغیر ڈرون اڑانا خلاف قانون عمل شمار کیا جائے گا اور خلاف ورزی پر انہیں قانونی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔