Tag: ڈرون حملہ

  • اسرائیل کے فوجی مرکز پر حزب اللہ کا ڈرون حملہ

    اسرائیل کے فوجی مرکز پر حزب اللہ کا ڈرون حملہ

    لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حیفا میں اسرائیل کے فوجی مرکز کو اپنے ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

    خبر رساں ادارے العربیہ کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ گروپ نے کہا ہے کہ اس نے بدھ کے روز بندرگاہی شہر حیفا میں اسرائیلی فوجی مرکز پر ڈرون حملہ کیا ہے۔

    ایک بیان میں حزب اللہ ترجمان کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کے مزاحمت کاروں نے صبح سات بج کر 45منٹ پر حملہ آور ڈرونز کے اسکواڈرن کے ساتھ "جنوبی حیفا میں ایک مرکز پر” فضائی حملہ کیا۔

    ایسے وقت میں جب لبنان میں جنگ روکنے کے لیے کوششیں جاری ہیں، اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان لڑائی کا سلسلہ بدستورجاری ہے۔

    اسرائیل نے جنوبی لبنان میں درجنوں سرحدی دیہات پر شدید حملے کیے جس کے جواب میں حزب اللہ نے بدھ کے روز اسرائیل کی جانب میزائل داغے۔

    العربیہ کے مطابق لبنان کی جانب سے زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائلوں کے داغے جانے کے بعد اسرائیل کے کئی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے۔

    دوسری جانب اسرائیل نے لبنان کی جانب سے ہونے والے ڈرونز حملوں کو ناکارہ بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے پانچ میں سے دو ڈرون کو مار گرایا ہے۔

    العربیہ کی رپورٹ کے مطابق اس کے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ 5 میں سے تین ڈرون شمالی اسرائیل میں داخل ہوئے اور اہداف کو نشانہ بنایا۔

    یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تل ابیب کے شمال میں واقع خضیرہ میں ایک ڈرون دھماکہ ہوا تھا، دوسرے ڈرون کو فضا میں تباہ کردیا گیا، العربیہ کے مطابق ایک ڈرون نے خلیج حیفا میں ایک فوجی ہدف کو نشانہ بنایا۔

    علاوہ ازیں العربیہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے مشرقی لبنان کے شہر بعلبیک میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا ہے۔ دوسری جانب حزب اللہ نے اسرائیل میں سعسع کے مقام کو نشانہ بنایا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران لبنان اسرائیل سرحد پر محاذ آرائی میں مزید اضافہ ہوا ہے تاہم حزب اللہ نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فورسز نے سرحد پر واقع کسی گاؤں پر بھی مکمل کنٹرول حاصل نہیں کیا ہے۔

  • نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر حزب اللہ نے ڈرون حملہ کر دیا

    نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر حزب اللہ نے ڈرون حملہ کر دیا

    تل ابیب: حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت کے بعد حزب اللہ نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر ڈرون حملہ کر دیا ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو کی رہائش گاہوں میں سے ایک کو حزب اللہ نے ڈرون حملے سے نشانہ بنا دیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت اسرائیلی وزیر اعظم اور ان کا خاندان گھر میں موجود نہیں تھے، اور اس میں کوئی زخمی نہیں ہوا، ڈرون لبنان سے لانچ کیا گیا تھا اور قیصریہ میں وزیر اعظم کے گھر سے ٹکرا گیا تھا۔

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ پولیس حملے کی جگہ کا پتا لگانے کے لیے پہنچ گئی ہے، ڈرون حملے کے عین وقت پر تل ابیب میں سائرن بھی بجنا شروع ہو گئے تھے، اور اسی وقت لانچ کیے گئے دو دیگر ڈرونز کو روکا بھی گیا۔

    حماس نے یحییٰ سنوار کی شہادت کی تصدیق کر دی

    دوسری طرف یحییٰ سنوار کے قتل کے بعد حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی قیدیوں کو اب تب تک رہا نہیں کیا جائے گا، جب تک غزہ پر جارحیت بند نہیں ہوتی، اور اسرائیلی افواج مکمل طور پر غزہ سے واپس نہیں چلی جاتیں، اور اسرائیل میں قید فلسطینی قیدیوں کو رہا نہیں کیا جاتا۔

    واضح رہے کہ شمالی غزہ کے جبالیہ اور مجازی پناہ گزین کیمپوں پر اسرائیلی حملے جاری ہیں، جن میں کم از کم 44 فلسطینی شہید اور 80 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں، اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ میں العودہ اور کمال عدوان اسپتالوں کو بھی نشانہ بنایا۔

  • منی پور میں علیحدگی پسند ڈرون بم حملے کرنے لگے، ایک اور حملے میں خاتون ہلاک، کئی زخمی

    منی پور میں علیحدگی پسند ڈرون بم حملے کرنے لگے، ایک اور حملے میں خاتون ہلاک، کئی زخمی

    منی پور: بھارتی ریاست منی پور میں علیحدگی پسند خوفناک ڈرون بم حملے کرنے لگے ہیں، ایک اور حملے میں خاتون ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست منی پور میں علیحدگی پسندوں کے سیکیورٹی فورسز پر ڈرون حملے میں خاتون ہلاک ہو گئیں، جب ک 2 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔

    ایک دن قبل بھی مشتبہ کوکی باغیوں کی جانب سے امپھال کے مغربی ضلع کے کوتروک گاؤں میں ڈرون کے ذریعے بم حملے کیے گئے تھے۔ پولیس کے مطابق ڈرون عام طور پر جنگ میں استعمال ہوتے ہیں، سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے خلاف ڈرون کے ذریعے دھماکا خیز مواد کا استعمال انتہائی خطرناک ہے۔

    حالیہ حملہ امپھال کے علاقے سنجام چِرنگ میں آج کیا گیا، جس میں ڈرون سے دو بم گرائے گئے، ایک بم گھر پر گرا جس سے گھر کی چھت تباہ ہو گئی، بم کی زد میں آنے والی خاتون ہلاک ہو گئی۔ گزشتہ روز علیحدگی پسندوں کی فائرنگ اور ڈرون حملوں میں 2 افراد ہلاک اور ایک 12 سالہ بچی سمیت 9 افراد زخمی ہوئے تھے۔

    علیحدگی پسندوں نے انڈیا ریزرو بٹالین (IRB) کی ایک پوسٹ پر بھی حملہ کیا، اور فرار ہونے سے پہلے انھوں نے دو اسالٹ رائفلیں اور ایک لائٹ مشین گن چھین لی۔

    واضح رہے کہ ریاست منی پور میں مئی 2023 سے ہندوؤں اور عیسائی کوکی برادری کے درمیان لڑائی جاری ہے، نسلی تنازع میں اب تک 200 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

  • اسرائیلی جارحیت کی حد پار، قبلہ اول پر ڈرونز داغ دئیے

    اسرائیلی جارحیت کی حد پار، قبلہ اول پر ڈرونز داغ دئیے

    اسرائیل نے جارحیت کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے قبلہ اول پرڈرون داغ دئیے، جس سے بھگدڑ مچ گئی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق صیہونی فورسز نے ستائسویں شب کو مسجد اقصیٰ میں نماز کے دوران ڈرونز سے حملہ کیا، ڈرون سے بھگدڑ مچ گئی لیکن فرزند اسلام کے حوصلے بلند رہے اور عبادت میں مصروف رہے۔

    ماہِ رمضان کے آخری جمعہ کی مناسبت سے ہزاروں مسلمانوں نے نمازِ فجر کی ادائیگی کے لئے مقبوضہ مشرقی القدس میں واقع مسجدِ اقصیٰ کا رُخ کیا۔

    قدس اسلامی وقوف کی انتظامیہ کے مطابق اقصیٰ میں 65 ہزار افراد نے نمازِ فجر ادا کی۔

    نماز کے بعد نمازیوں کے ایک گروپ نے مسجد اقصیٰ کے اندر ”اے اقصیٰ ہم اپنی جانوں اور اپنے خون کے ساتھ تمہاری طرف آ رہے ہیں ” کے نعرے بلند کردیئے۔

    اسرائیلی پولیس نے نعروں کے جواب میں ڈرون کے ذریعے مسجد میں آنسو گیس پھینکی جس کے سبب متعدد نمازی شدید زخمی ہوگئے اور بھگدڑ مچ گئی۔

    امریکی انٹیلی جنس نے اسرائیل پر ایران کے بڑے حملے کا خدشہ ظاہر کردیا

    اسرائیلی پولیس کے مطابق حماس کے حق میں نعرے لگانے اور اشتعال انگیزی کی وجہ سے 8 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار کئے گئے فلسطینیوں میں سے 4 مشرقی القدس کے شہری اور مستقل رہائشی حیثیت کے حامل ہیں اور 4 اسرائیلی شہری ہیں۔

  • اسرائیلی ایئر پورٹ پر ڈرون حملہ

    اسرائیلی ایئر پورٹ پر ڈرون حملہ

    اسرائیل کے ساحلی شہر حیفہ کے ایئر پورٹ پرڈرون حملہ کیا گیا ہے، جس کے باعث بجلی فراہمی کے مرکز میں آگ لگ گئی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق عراقی گروپ کی جانب سے اسرائیلی شہر حیفہ کے ایئر پورٹ پر ڈرون حملے کی ذمہ داری کو قبول کرلیا گیا ہے۔

    رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کی غزہ میں فلسطینیوں کے قتلِ عام پر علاقائی عسکریت پسندوں کی جانب سے جوابی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    عرب میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عراقی گروپ اسلامی مزاحمت اور یمن کے انصار اللہ کی جانب سے اسرائیلی مفادات کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کی غزہ میں خونریزی 152 دن سے جاری ہے جس میں شہداء کی تعداد 30 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

    دوسری جانب ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ مسلمانوں کے قبلہ اول میں داخلے پر پابندی کے خوف ناک نتائج نکلیں گے۔

    ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں ترک صدر اردوان کی فلسطینی ہم منصب محمود عباس سے ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ امور اور فلسطین کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ترک صدر نے کہا کہ فلسطین میں یہودیوں کی غیر قانونی آباد کاری خطے میں امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔

    امریکا میں طیارہ کریش ہونے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آ گئی

    رجب طیب اردوان نے کہا مسائل ختم کرنے کے لیے رمضان المبارک میں فلسطینی مسلمانوں کو مسجد اقصیٰ میں عبادت کی اجازت دی جائے، قبلہ اول میں داخلے پر پابندی کے خوف ناک نتائج نکلیں گے۔

  • لبنان: گاڑی پر اسرائیلی ڈرون حملے میں 3 جاں بحق

    لبنان: گاڑی پر اسرائیلی ڈرون حملے میں 3 جاں بحق

    جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل کی جانب سے لبنان میں گاڑی پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے، جس میں حزب اللہ کے 3 ارکان شہید ہوگئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائی فضائیہ کی جانب سے جنوبی لبنان میں گاڑی کو سرحدی علاقے نقورہ میں ٹارگٹ کیا گیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی ڈرون حملے میں شہید ہونے والے افراد کی شناخت کو تاحال ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب غزہ میں اسرائیل نے بمباری کرکے حماس کی قید میں موجود اپنے ہی 7 قیدیوں کو موت کے گھاٹ اُتار دیا۔

    فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے غزہ پر بمباری کرکے اپنے ہی 7 قیدیوں کی جان لے لی ہے۔

    حماس کے جاری بیان کے مطابق اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے ان قیدیوں کی ہلاکت کا اعلان چند ہفتوں سے جاری تحقیقات کے بعد کیا گیا ہے۔

  • امریکی ڈرون حملہ: عراقی ملیشیا کے کمانڈر 4 ساتھیوں سمیت جاں بحق

    امریکی ڈرون حملہ: عراقی ملیشیا کے کمانڈر 4 ساتھیوں سمیت جاں بحق

    عراق میں امریکا کی جانب سے ڈرون حملہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں عراقی ملیشیا کے کمانڈر 4 ساتھیوں سمیت جاں بحق ہوگئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پینٹاگون کا اپنے جاری کردہ بیان میں کہنا ہے کہ بغداد کے شمالی علاقے میں عراقی کمانڈر مشتاق جواد کاظم الجواری کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ مشتاق جواد کاظم الجواری عراقی ملیشیا حرکتہ النجبہ (Nujaba) کے کمانڈر تھے۔

    پنٹاگون کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ مشتاق جواد کاظم الجواری امریکی اہلکاروں پر حالیہ حملوں میں ملوث تھے۔ حملے میں کسی شہری اور انفرااسٹرکچر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جنگ سے غزہ میں تباہی کے بعد سے عراق اور شام میں امریکی اہلکاروں پر ایک سو سے زائد حملے کئے گئے ہیں۔ عراق میں امریکی فوج کے ڈھائی ہزار اور شام میں 9 سو فوجی موجود ہیں۔

    عراقی وزیراعظم کے ترجمان کی جانب سے امریکی حملے کی مذمت کی گئی ہے اور اسے عراقی سیکیورٹی تنظیم پر بلاجواز حملہ قرار دیا ہے۔

    دوسری جانب جنوبی لبنان کے علاقے نقورا میں عمارت پر اسرائیلی جارحیت کے سبب حزب اللہ کے سینئر رکن حسین یزبیک سمیت 8 افراد شہید ہوگئے۔

    عراق میں امریکی فوجی اڈے پر حملہ

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کے رہنماء حسن نصر اللہ کا کہنا تھا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ جنگ سے نہیں ڈرتے لیکن بڑے پیمانے پر کشیدگی سے باز رہیں گے۔

  • فوجی اکیڈمی پر ڈرون حملہ، 100 سے زائد جاں بحق

    فوجی اکیڈمی پر ڈرون حملہ، 100 سے زائد جاں بحق

    بیروت: شام کی ایک فوجی اکیڈمی میں ڈرون حملے کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شام کے وزیر دفاع حملے سے کچھ دیر قبل ہی گریجویشن تقریب میں شرکت کے بعد اکیڈمی سے روانہ ہوئے تھے۔

    اطلاعات کے مطابق 12 سالہ خانہ جنگی کے دوران یہ ڈرون حملہ سب سے خطرناک ہے جس میں شامی فوج کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔

    شامی وزارت کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردانہ حملے کیلئے ڈرون کا استعمال کیا گیا اور اس میں فوجی اور سویلین کی بڑی تعداد لقمہ اجل بن گئی۔

    واضح رہے کہ فوجی اکیڈمی پر حملے کی ذمہ داری اب تک کسی بھی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی حکومت کی جانب سے کسی گروپ کا نام لیا گیا ہے۔

  • افغانستان میں امریکا کا ڈرون حملہ، القاعدہ کا لیڈر ایمن الظواہری مارا گیا

    افغانستان میں امریکا کا ڈرون حملہ، القاعدہ کا لیڈر ایمن الظواہری مارا گیا

    واشنگٹن: امریکا نے افغانستان میں ایک ڈرون حملے میں القاعدہ کے لیڈر ایمن الظواہری کو مار دیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق القاعدہ رہنما ایمن الظواہری ایک ڈرون حملے میں افغانستان میں ہلاک ہو گیا، اسامہ بن لادن کے بعد ایمن الظواہری نے القاعدہ کی قیادت سنبھالی تھی۔

    امریکی صدر جو بائیڈن نے کارروائی سے آگاہ کرتے ہوئے ایمن الظواہری کی ہلاکت کی تصدیق کر دی، اور کہا کہ ایمن الظواہری افغانستان میں کامیاب آپریشن کے دوران ڈرون حملے میں مارا گیا۔

    جو بائیڈن نے کہا امریکی ڈرون حملے میں کسی عام شہری کی ہلاکت نہیں ہوئی، ہم نے القاعدہ کو مکمل طور پر ختم کر دیا۔

    انھوں نے بتایا کہ ایمن الظواہری نائن الیون حملے کی منصوبہ بندی میں شامل تھا، رواں سال انٹیلیجنس ایجنسیوں نے ایمن الظواہری کی موجودگی کا پتا چلایا تھا۔

    امریکی صدر نے کہا ایمن الظواہری کی ہلاکت سے امریکی شہریوں کو انصاف مل گیا ہے، ہم ہر قیمت پر امریکا کا دفاع کریں گے، جو لوگ ہمارے لیے خطرہ ہیں ان کا تعاقب کریں گے۔

    ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی ڈرون حملے کی تصدیق کر دی ہے۔

  • ابوظبی پر حوثیوں‌ کا ڈرون حملہ، پاکستانی سمیت 3 افراد جاں بحق

    ابوظبی پر حوثیوں‌ کا ڈرون حملہ، پاکستانی سمیت 3 افراد جاں بحق

    ابوظبی: یمن کے حوثیوں نے ابوظبی میں‌ ڈرون حملہ کیا ہے، متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ اسے شبہ ہے کہ ایندھن کے ٹرکوں کو ڈرون نے نشانہ بنایا۔

    روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق پیر کے روز ابوظبی کے ہوائی اڈے کے قریب ایندھن کے تین ٹرک پھٹ گئے اور آگ لگ گئی، یمنی حوثی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملہ ان کی جانب سے کیا گیا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق ڈورن حملوں میں 3 افراد کی جاں بحق جب کہ 6 زخمی ہو گئے ہیں، مرنے والوں میں ایک پاکستانی اور 2 بھارتی شامل ہیں، یو اے ای حکام نے حملے کی تحقیقات شروع کر دی۔

    ابوظبی پولیس نے بتایا کہ تیل کی فرم ADNOC کی اسٹوریج کی سہولیات کے قریب صنعتی مصفح کے علاقے میں ایندھن کے تین ٹینکر ٹرک پھٹ گئے اور ابوظبی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایک تعمیراتی مقام پر آگ بھڑک اٹھی۔

    پولیس نے سرکاری خبر رساں ایجنسی پر ایک بیان میں کہا ابتدائی تحقیقات میں ایک چھوٹے طیارے کے پرزے ملے ہیں جو ممکنہ طور پر دونوں جگہوں پر ڈرون ہو سکتے ہیں جو دھماکے اور آگ کا سبب بنے۔

    واضح رہے کہ حوثی متحدہ عرب امارات پر مشتمل سعودی زیر قیادت اتحاد سے لڑ رہے ہیں، گروپ نے اکثر سعودی عرب پر سرحد پار سے میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں، تاہم اس نے اب تک متحدہ عرب امارات پر ایسے چند ہی حملوں کا دعویٰ کیا ہے، جن کی زیادہ تر اماراتی حکام نے تردید کی ہے۔