Tag: ڈرون کیمرہ

  • یو اے ای : اب عام لوگ بھی ڈرون کیمرہ استعمال کرسکتے ہیں

    یو اے ای : اب عام لوگ بھی ڈرون کیمرہ استعمال کرسکتے ہیں

    ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے عام شہریوں کیلیے ڈرونز کے استعمال پر عائد مشروط پابندی ختم کر دی ہے، جو 7 جنوری 2025 سے نافذ العمل ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات نے شہریوں کو ڈرون کیمرہ اڑانے کی اجازت دے دی ہے، تاہم اس کیلئے کچھ شرائط پر عمل درآمد لازمی ہے۔

    متحدہ عرب امارات کی حکومت نے قواعد و ضوابط کے تحت عام لوگوں کو انفرادی طور پر ڈرون کیمرہ کے استعمال کی مشروط اجازت دے دی ہے۔

    گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ عام شہری سول ایوی ایشن اتھارٹی اور نیشنل کرائسز کنٹرول اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی کی اجازت سے متعلقہ ایپ اور ویب سائٹ پر رجسٹریشن کے بعد ڈرون کا استعمال کرسکتے ہیں۔

    ایسے افراد جو ڈرونز، گلائڈنگ اور ونڈ سرفنگ کے شوقین ہیں اور اپنا شوق جاری رکھنا چاہتے ہیں، انہیں اس کے لیے باقاعدہ اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔

    وزارت داخلہ کی ہدایت کے مطابق ڈرون کیمرہ اڑانے کے شوقین افراد متعلقہ ایپ ’یو اے ای ڈرونز‘ یا ڈرونز کی ویب سائیڈ پر اکاؤنٹ بنانے کے بعد اس میں اپنی معلومات شامل کریں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل یو اے ای میں عام شہریوں پر ڈرون اڑانے پر پابندی عائد تھی۔ ڈرون اڑانے کے لیے پرمٹ کا حصول لازمی امر تھا جو عام افراد کو جاری نہیں کیا جاتا تھا۔

    وزارت داخلہ کا مزید کہنا ہے کہ وہ افراد جو ڈرون اڑانے کے شوقین ہیں، وہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے مقررہ قوانین پر سختی سے عمل پیرا ہوں۔

    شہریوں کے لیے قواعد و ضوابط

    ڈرونز کا وزن زیادہ سے زیادہ 5 کلوگرام یا اس سے کم ہونا چاہیے۔ صرف "My Drone Hub” ایپ میں دیے گئے گرین زونز میں ڈرون اڑانے کی اجازت ہوگی۔ ڈرون کو جی سی اے اے کے ساتھ رجسٹر کروانا ضروری ہے، ڈرونز صرف دن کے وقت اور اچھے موسم میں اڑائے جا سکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ ڈرونز کو صرف تفریحی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، تجارتی سرگرمیوں کے لیے نہیں۔

    شہریوں کیلیے لازمی ہے کہ ہر پرواز سے پہلے ڈرون کا مکمل معائنہ کریں۔ عوامی مقامات یا کسی پبلک پراپرٹی کی حدود میں اڑانے سے گریز کریں، 5 کلومیٹر کے دائرے میں رہتے ہوئے ہوائی اڈوں، یا کسی کنٹرولڈ زون کے قریب ڈرون اڑانا ممنوع ہے۔

  • ڈرون کیمرے نے پتنگ بازوں کے لیے آج کا دن درد ناک بنا دیا

    ڈرون کیمرے نے پتنگ بازوں کے لیے آج کا دن درد ناک بنا دیا

    راولپنڈی: ڈرون کیمرے نے پتنگ بازوں کے لیے آج کا دن دردناک بنا دیا، ایک ہی دن ڈیڑھ سو کے قریب پتنگ باز سلاخوں کے پیچھے پہنچا دیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی میں جب ڈرون کیمرہ پتنگ بازوں اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو ڈھونڈھنے نکلا تو ایک دن میں 145 ملزمان کو گرفتار کرا دیا، گزشتہ روز تھانہ ایئر پورٹ کے علاقے رحیم آباد پل کے قریب ایک بد قسمت موٹر سائیکل سوار پتنگ کی ڈور پھرنے سے زخمی ہو گیا تھا، جس پر مقامی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی تھیں۔

    سی پی او عمر سعید ملک کی ہدایات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا، ڈرون کیمرے کی مدد سے پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کی نشان دہی کر کے گرفتار کیا گیا، ملزمان کی نشان دہی کے لیے بلند عمارتوں پر خصوصی اہل کار تعینات کیے گئے، اور گزشتہ رات سے اب تک کریک ڈاؤن کے دوران 145 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

    ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض کی سربراہی میں ڈویژنل ایس پیز اور ڈی ایس پیز کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کر رہے ہیں، مساجد سے اعلانات کے ساتھ سوشل میڈیا کے ذریعے بھی پتنگ بازی اور ہوائ فائرنگ کی روک تھام کے لیے آگاہی دی جا رہی ہے، جب کہ مجموعی طور پر 1600 سے زائد افسران و اہل کار کریک ڈاؤن میں مصروف ہیں۔

    حکام کے مطابق پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران اب تک 746 افراد کو گرفتار کر کے ایک لاکھ سے زائد پتنگیں اور ڈور برآمد کی جا چکی ہیں، ایس ایس پی آپریشنز نے واضح کر دیا ہے کہ شہر میں پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    سی پی او عمر سعید ملک نے پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے جائز ے کے لیے دورہ بھی کیا، انھوں نے خود ڈرون اور دوربین کی مدد سے بلند عمارتوں کی چھتوں سے مانیٹرنگ کی، انھوں نے کہا اب ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے، شہری بھی پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ جیسے خطرناک کاموں سے اجتناب اور حوصلہ شکنی کریں۔

  • پی ڈی ایم لاہور جلسے کا مین آف دی میچ کون؟ بابر اعوان نے بتا دیا

    پی ڈی ایم لاہور جلسے کا مین آف دی میچ کون؟ بابر اعوان نے بتا دیا

    اسلام آباد: مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ صرف پاکستان کا کپتان ’کراؤڈ پُلر ہے‘ 24 گھنٹے میں جنھوں نے اسلام آباد کا پریڈ گراؤنڈ بھر دیا تھا، آج پی ڈی ایم لاہور جلسے کا مین آف دی میچ ’ڈرون کیمرہ‘ ہے۔

    اپنے ایک ٹویٹ میں بابر اعوان نے کہا کہ پاکستان کا کپتان 2 دن کی کال پر گریٹر اقبال پارک میں آزادی مارچ کا سونامی لایا تھا، تحریکیں جنون سے بنتی ہیں، کرپشن کے مال سے نہیں۔

    مشیر پارلیمانی امور کا کہنا تھا 2 بجے سے کاؤنٹ ڈاؤن جاری ہے، لیکن عوام کا سمندر تو کیا، کوئی لہر بھی نظر نہ آئی، دو ماہ تیاری کی گئی اور 2 ہفتے مریم نے لاہوریوں کے ترلے اور منتیں کیں، لیکن لاہور تو کیا کارکن بھی باہر نہ نکلے۔

    ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ مینار پاکستان میں چند ہزار کرسیوں کی کارنر میٹنگ کا پنڈال بھی خالی ہے، پنجاب نے اپنا فیصلہ دے دیا، پی ڈی ایم ریجیکٹ ہے۔

    واضح رہے کہ جلسے کی تعداد کے حوالے سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں، پولیس ذرائع کے مطابق جلسے میں 8 ہزار سے ساڑھے 8 ہزار لوگ موجود ہیں، اسپیشل برانچ کے مطابق ساڑھے 9 ہزار سے 10 ہزار لوگ موجود ہیں، جب کہ آزاد ذرائع کے مطابق جلسے میں 9 ہزار سے 10 ہزار افراد موجود ہیں۔

    پی ڈی ایم کا مینار پاکستان کا جلسہ تمام تر بدنظمیوں کے ساتھ شروع ہو چکا ہے، پنڈال میں اس وقت اندازوں سے بھی کم لوگ جمع ہوئے ہیں، جس کے بارے میں شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم نے اپنی سیاسی قبر خود کھود دی ہے۔

    پی ڈی ایم جلسے میں شدید بدنظمی، متعدد اہم رہنماؤں کو اسٹیج پر جانے سے روک دیا گیا

    شدید بدنظمی کا یہ عالم رہا کہ متعدد اہم رہنماؤں کو بھی اسٹیج پر جانے سے روک دیا گیا، سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ کو اسٹیج پر جانے سے روکا گیا، تو وہ ناراض ہو کر واپس جانے لگے، پھر رضاکاروں نے ان سے معافی مانگی لیکن ڈاکٹرعبد المالک بلوچ نے اسٹیج پر جانے سے ہی انکار کر دیا، ان کا کہنا تھا 3 بار پنڈال میں جانے کی کوشش کی لیکن اندر نہ جا سکا، اب تقاریر پنڈال پر نہیں بلکہ نیچے کھڑے ہو کر سنوں گا۔

    ادھر پی پی سینئر رہنما ثمینہ خالدگھرکی کو بھی اسٹیج پر جانے نہیں دیاگیا، جس پر وہ بھی ناراض ہو کر واپس روانہ ہو گئیں، ان کا کہنا تھا اس قدر بدنظمی اور بد تمیزی ہے کہ اوپر بھی نہیں جا سکی، بلاول اسٹیج پر ہیں اس لیے بدنظمی پر بات نہیں کرنا چاہتی۔

  • مسجد الحرام کی یہ خوبصورت ترین ویڈیو دل تھام کر دیکھیں

    مسجد الحرام کی یہ خوبصورت ترین ویڈیو دل تھام کر دیکھیں

    مسلمانوں کے مقدس ترین مقام مکہ مکرمہ میں واقع مسجد الحرام کو نہ صرف اہم ترین مذہبی مقام کی حیثیت حاصل ہے بلکہ یہ فن تعمیر اور انجینئرنگ کا بھی شاہکار نمونہ ہے۔

    آپ نے اب تک مسجد الحرام کی بے شمار خوبصورت تصاویر دیکھی ہوں گی لیکن آج جو ویڈیو ہم آپ کو دکھانے جارہے ہیں وہ آپ کی سانسیں روک دے گی۔

    ڈرون کیمرے سے ریکارڈ کی گئی یہ ویڈیو بلندی سے مسجد الحرام کو عکس بند کرتی ہے اس کے بعد یہ مزید بلندی سے خانہ کعبہ کا منظر بھی پیش کرتی ہے۔

    تو پھر اپنے دل کو تھام لیجیئے اور یہ حیران کن اور خوبصورت ویڈیو دیکھیں۔

     

    ویڈیو بشکریہ: ٹوئٹر


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایئر سیلفی ہوا میں اڑتی ہوئی آپ کی تصاویر کھینچے گی

    ایئر سیلفی ہوا میں اڑتی ہوئی آپ کی تصاویر کھینچے گی

    آج کل تقریباً ہر شخص سیلفی کے بخار میں مبتلا نظر آتا ہے۔ سیلفی کے لیے درست زاویوں سے کھڑے ہونا، موبائل کو درست زاویے پر رکھنا، اور اچھی سیلفی کھینچنے کے لیے مہارت درکار ہے جو سیلفی کے دیوانوں کو ہی میسر ہے۔

    لیکن اب اس تمام کھکھیڑ سے بچنے کے لیے سائنسدانوں نے ایسا کیمرہ ایجاد کرلیا ہے جو ہوا میں اڑتے ہوئے آپ کی تصاویر کھینچ سکے گا۔ اس تصویر میں صرف آپ کا منہ نہیں آئے گا بلکہ یہ ایک ڈھنگ کی تصویر ہوگی جس میں آپ سیدھے کھڑے نظر آئیں گے۔

    یہ کیمرہ دراصل چھوٹا سا ڈرون کیمرہ ہے جسے ایئر سیلفی کا نام دیا گیا ہے۔ اس کی جسامت آپ کے موبائل فون جتنی ہے۔ اس کو استعمال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ اسے اپنے موبائل میں لگائیں اور اسے اپنے موبائل سے سنک کرلیں۔

    airselfie-2

    :طریقہ استعمال

    سب سے پہلے اپنے اینڈرائڈ یا آئی فون میں ایئر سیلفی ایپ ڈاؤن لاؤڈ کریں۔ اب آپ اس کیمرے کو اپنے موبائل سے کنٹرول کر سکیں گے۔

    کیمرے کو اپنی ہتھیلی پر رکھیں اور موبائل کے ذریعہ اسے اڑنے کی کمانڈ دیں۔

    یہ کمانڈ 3 مختلف صورتوں میں دستیاب ہیں جنہیں آپ تصویر میں دیکھ سکتے ہیں۔

    airselfie-3

    airselfie-4

    تصویر کھینچنے کے بعد اسے واپس فون میں لگائیں جس کے فوراً بعد کیمرے میں موجود تصاویر آپ کے موبائل میں ڈاؤن لوڈ ہوجائیں گی۔

    یہ ڈرون کیمرہ دیگر ڈرونز کی نسبت کم قیمت میں فروخت کیا جائے گا۔

    airselfie-5

    اس کیمرے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ موبائل کیمرے کی سیلفی کی طرح اس میں صرف آپ کا منہ نہیں آئے گا، بلکہ آپ کا پس منظر اور آپ کے ساتھ کھڑے دیگر افراد بھی بآسانی نظر آسکتے ہیں۔

  • لاہورایئرپورٹ کی جاسوسی ناکام بنادی گئی، ڈرون کیمرہ پکڑا گیا

    لاہورایئرپورٹ کی جاسوسی ناکام بنادی گئی، ڈرون کیمرہ پکڑا گیا

    لاہور: حساس اداروں نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جاسوسی کرنے والا ڈرون کیمرہ پکڑ لیا۔ ایئرپورٹ کی حدود سے پکڑے جانے والے ڈرون کی تصویر اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جاسوسی کرنے والا ڈرون پکڑا گیا۔ ڈرون کیمرہ ایئرپورٹ کا فضائی چکر لگا رہا تھا کہ حساس اداروں نے اسے پکڑ لیا۔

    ڈرون کیمرہ قبضے میں لینے کے بعد حساس اداروں نے ایئرپورٹ کے ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا اور ڈرون آپریٹر کی تلاش جاری ہے۔

    ایئرپورٹ کی حدود سے پکڑے جانے والے ڈرون کی تصویر اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے۔