Tag: ڈرٹی بم

  • کرونا بوسٹر ڈوز لینے کے بعد جو بائیڈن کا ڈرٹی بم پر رد عمل

    کرونا بوسٹر ڈوز لینے کے بعد جو بائیڈن کا ڈرٹی بم پر رد عمل

    واشنگٹن: امریکی صدر نے کہا ہے کہ اگر روس نے ٹیکٹیکل جوہری ہتھیار استعمال کیا تو وہ ’سنگین غلطی‘ کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے منگل کو وائٹ ہاؤس میں کرونا وائرس کے خلاف بوسٹر شاٹ لگوایا، انھیں جو ویکسین لگائی گئی اس کے فارمولے کو اومیکرون کے BA.4 اور BA.5 ذیلی اقسام کو نشانہ بنانے کے لیے از سرنو ترتیب دیا گیا تھا۔

    کووِڈ کا بوسٹر شاٹ لگوانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جو بائیڈن نے کہا روس نے اگر یوکرین میں جوہری ہتھیار استعمال کیے تو یہ اس کی سنگین غلطی ہوگی۔

    بائیڈن نے کہا ’میں آپ کو اس بات کی گارنٹی نہیں دے رہا ہوں کہ یہ ابھی تک فلیگ آپریشن ہے، نہیں معلوم، لیکن یہ ایک سنگین، سنگین غلطی ہوگی۔‘

    بائیڈن کا یہ تبصرہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روس نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین اپنی ہی زمین پر ڈرٹی بم استعمال کرنے کی تیاری کر رہا ہے، تاکہ روس پر اس کا الزام لگایا جا سکے۔

    تاہم، امریکا اور اتحادیوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ روس خود ڈرٹی بم استعمال کر کے اسے ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کا جواز قرار دے گا۔ یوکرینی صدر ویلودومیر زیلنسکی نے بھی روسی الزام کو مسترد کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو خطاب میں کہا ’اگر روس فون کرتا ہے اور کہتا ہے کہ یوکرین مبینہ طور پر کچھ تیار کر رہا ہے، تو اس کا مطلب ایک ہی ہے: روس نے یہ سب کچھ پہلے ہی تیار کر لیا ہے۔‘

    دوسری طرف ماسکو نے اقوام متحدہ کو ایک خط بھیج دیا ہے جس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ یوکرین اپنی سرزمین پر ’ڈرٹی بم‘ کا دھماکا کرنے کی تیاری کر رہا ہے، ماسکو نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اپنا معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں لے جائے گا۔

  • یوکرین ڈرٹی بم استعمال کر سکتا ہے: روس کا بڑا دعویٰ

    یوکرین ڈرٹی بم استعمال کر سکتا ہے: روس کا بڑا دعویٰ

    ماسکو: روس نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین ڈرٹی بم استعمال کر سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روس نے یوکرین پر ریڈیو ایکٹیو ڈرٹی بم دھماکے کی منصوبہ بندی کا الزام لگایا ہے، وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے اتوار کو نیٹو ممالک کے ساتھ فون رابطوں میں یوکرین کی جنگ میں ’تیزی سے بگڑتی ہوئی صورت حال‘ پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق شوئیگو نے کوئی شواہد فراہم کیے بغیر کہا کہ یوکرین جنگ کے علاقوں میں ڈرٹی بم استعمال کر کے جنگ کی کشیدگی مزید بڑھا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ڈرٹی بم پھٹنے سے تابکار فضلہ بکھر جاتا ہے، یہ ایٹمی دھماکے جیسا تباہ کن اثر نہیں رکھتا، لیکن یہ وسیع علاقوں کو تابکار آلودگی سے دوچار کر دیتا ہے۔

    روسی میڈیا کے مطابق اس اشتعال انگیزی کا مقصد روس پر یوکرین میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے استعمال کا الزام لگانا، اور دنیا میں ایک طاقت ور روس مخالف مہم شروع کرنا ہے، تاکہ ماسکو پر دنیا کا اعتماد مجروح ہو جائے۔

    تاہم دوسری طرف مغربی طاقتوں نے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے، یوکرین نے بھی روس کے غیر مصدقہ دعووں کی مذمت کی، اور انھیں مضحکہ خیز اور خطرناک قرار دے دیا۔

    یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلینسکی نے اپنے رات کے ویڈیو پیغام میں کہا ’’اگر کوئی یورپ کے اس حصے میں جوہری ہتھیار استعمال کر سکتا ہے تو وہ صرف ایک ہی ہو سکتا ہے اور یہ وہ ہے جس نے کامریڈ شوئیگو کو یہاں وہاں ٹیلی فون کرنے کا حکم دیا ہے۔‘‘

    عرب نیوز کے مطابق امریکا، برطانیہ اور فرانس نے اتوار کو مشترکہ طور پر روس کے اس دعوے کو مسترد کر دیا، کہ یوکرین گندا بم استعمال کرنے کی تیاری کر رہا ہے، اور ماسکو کو خبردار کیا کہ وہ تنازع کو بڑھانے کے لیے بہانے استعمال نہ کرے۔

    صدر ولودیمیر زیلنسکی نے یہ بھی کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ روس خود اس قسم کے حملے کی تیاری کر رہا ہے۔

    واضح رہے کہ روس پر یہ الزام بھی سامنے آیا ہے کہ وہ نووا کاخووکا کے بڑے ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم کو اڑانے کا منصوبہ بنا رہا ہے، جو کہ خیرسن سے اوپر کی طرف ہے، جس میں 18 ملین کیوبک میٹر پانی موجود ہے۔