Tag: ڈرگز

  • قلعہ عبداللہ میں منشیات کے خلاف 2016 کے بعد بڑا آپریشن، ساڑھے 7 کروڑ مالیت کی منشیات برآمد

    قلعہ عبداللہ میں منشیات کے خلاف 2016 کے بعد بڑا آپریشن، ساڑھے 7 کروڑ مالیت کی منشیات برآمد

    اسلام آباد: بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں منشیات کے خلاف ایف سی بلوچستان (نارتھ) و دیگر اداروں نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے 11 افراد کو گرفتار کر لیا ہے جب کہ ساڑھے 7 کروڑ مالیت کے قریب منشیات برآمد کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے تعاون سے ملکی سطح پر اسمگلروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے، بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں بھی منشیات کے خلاف ایف سی بلوچستان (نارتھ)، اینٹی نارکوٹکس فورس، لیویز، قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے کامیاب مشترکہ آپریشن کیا۔

    یہ آپریشن 2016 کے بعد انسداد منشیات کی سب سے بڑی کارروائی ہے، اِس تاریخی آپریشن کو کامیابی سے مکمل کرنے کے لیے پہلے جرگے کا انعقاد کیا گیا اور متعلقہ لوگوں کو وارننگ دی گئی، جرگے کے انعقاد کے بعد مشترکہ طور پر بڑے پیمانے پر اسمگلروں کے خلاف آپریشن کا باقاعدہ آغاز ہوا جو 8 سے 10 ستمبر کے درمیان کیا گیا.

    آپریشن کے دوران منشیات کی پیداوار، منشیات ذخیرہ کرنے والی جگہوں اور قیمتی مشینوں کو تلف کیا گیا, اب تک کل 42 اہداف کے خلاف کارروائی کی جا چکی ہے، آپریشن میں منشیات کے خفیہ گودام اور منشیات افزائش کی کئی ایکڑ فصلیں برآمد کی گئیں، اور 6 ٹن ایفیڈرین تلف کی گئی اور48 منشیات کے کمپاؤنڈز مسمار کر دیے گئے۔

    70 ایکڑ منشیات کی فصلیں تلف کر دی گئی ہیں اور منشیات پروسیسنگ کی 28 مشینیں تباہ کی گئیں، بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن میں ٹوٹل 11 افراد کو زیر حراست لیا گیا، جب کہ منشیات کے اس اڈے کی حفاظت پر 500 سے 600 مسلح غیر قانونی مقیم افغانی بھی مامور تھے۔

    آپریشن میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اور اس کی تیاری میں استعمال ہونے والا ممنوعہ کیمیائی مواد بھی ضبط کیا گیا، آپریشن کے دوران 1100 کلو چرس، 94 کلوگرام ایفیڈرین، 16.2 کلو گرام آئس اور 1090 لیٹر ایچ سی ایل بھی برآمد کیا گیا، برآمدشدہ منشیات کی کُل مالیت 7 کروڑ 21 لاکھ 87 ہزار 950 روپے ہے، کارروائی میں منشیات کے تمام ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا۔

  • منشیات اسمگلروں کے خلاف کارروائی، اے این پی رہنما کے بیٹوں سمیت 6 گرفتار

    منشیات اسمگلروں کے خلاف کارروائی، اے این پی رہنما کے بیٹوں سمیت 6 گرفتار

    اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات کے اسمگلروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اے این پی رہنما کے بیٹوں سمیت 6 ملزمان گرفتار کر لیے۔

    اے این ایف کے ذرایع کے مطابق موٹر وے ٹول پلازہ ایم ون کے قریب منشیات کے اسمگلروں کے خلاف ایک اہم کارروائی کی گئی ہے، جس میں عوامی نیشنل پارٹی کے ایک رہنما کے دو بیٹوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    ملزمان کو 3 گاڑیوں میں منشیا ت کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے، یہ کارروائی موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب خفیہ اطلاع پر کی گئی۔

    ذرایع نے بتایا کہ کارروائی میں ضلع خیبر کے اے این پی رہنما عمران آفریدی کے 2 بیٹے کامران اور عرفان کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ہونے والے دیگر افراد میں اے این پی رہنما کا بھتیجا فیضان اور جوہر آفریدی بھی شامل ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  منشیات برآمدگی کیس، رانا ثنا کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 ستمبر تک توسیع

    اے این ایف کے مطابق جن 3 گاڑیوں کو تحویل میں لیا گیا ہے ان میں 2 بی ایم ڈبلیو اور سرف شامل ہیں، 128 کلو چرس اور افیون پشاور سے اسلام آباد اسمگل کی جا رہی تھی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے پنجاب کے رہنما رانا ثنا اللہ کو بھی منشیات کیس میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔

    چار دن قبل منشیات برآمدگی کیس میں رانا ثنا کو انسداد منشیات عدالت میں پیش کیا گیا لیکن جج کی عدم موجودگی کے باعث ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 ستمبر تک توسیع کی گئی۔