Tag: ڈریپ

  • دوائیں 7 تا 10 فی صد مزید مہنگی

    دوائیں 7 تا 10 فی صد مزید مہنگی

    اسلام آباد: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ادویہ ساز کمپنیوں کو دواؤں کی قیمتوں میں اضافے کی اجازت دے دی، ملک میں ادویہ مزید مہنگی ہو جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرگ پرائسنگ پالیسی 2018 میں ترمیم کے بعد ڈریپ نے فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو قیمتیں بڑھانے کی اجازت دے دی، اس سلسلے میں نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

    نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ دوا ساز کمپنیوں کو 7 تا 10 فی صد قیمتیں بڑھانے کی اجازت دی گئی ہے، یہ اجازت کنزیومر پرائس انڈکس کے تحت دی گئی ہے۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق قیمتوں میں اضافے کی اجازت فارما کمپنیوں اور امپورٹرز کو ہے، بنیادی دواؤں کی قیمت 7 جب کہ دیگر ادویات کی قیمتوں میں 10 فی صد اضافے کی اجازت دی گئی۔

    وفاقی حکومت کو ادویہ کی قیمتوں پر 4ہفتے میں فیصلہ کرنے کا حکم

    گزشتہ برس بنیادی دواؤں کی قیمتوں میں 5.14 فی صد اضافہ کیا گیا تھا، جب کہ دیگر دواؤں کی قیمتوں میں 7.3 فی صد اضافہ کیا گیا تھا، نوٹی فکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزارتِ صحت سی پی آئی کے تحت دواؤں کی قیمتوں میں سالانہ اضافہ کرے گی۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ وفاقی حکومت کو ادویہ کی قیمتوں پر 4 ہفتے میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا، چیف جسٹس نے کہا تھا کہ ڈریپ چاہتا ہے تمام کمپنیاں اس کے دروازے پر آ کر بیٹھی رہیں، ادویہ کی قیمتوں کا تعین ڈریپ کو ایک دن میں کرنا چاہیے۔

    چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دواؤں کی قیمتوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ دنیا میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی بڑی مضبوط ہیں، ہمارا ڈریپ ادارہ ادویہ ساز کمپنیوں کے دباؤ میں ہے، ڈریپ دواؤں کی قیمتوں کو گھماتا رہتا ہے۔

  • کرونا مریضوں کے لیے دواؤں کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے ڈریپ کے اہم اقدامات

    کرونا مریضوں کے لیے دواؤں کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے ڈریپ کے اہم اقدامات

    اسلام آباد: کرونا وائرس انفیکشن میں مبتلا تشویش ناک مریضوں کے لیے دواؤں کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے ڈریپ نے اہم اقدامات کر لیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کو وِڈ 19 کے تشویش ناک مریضوں کے لیے ریمڈیسیور اینٹی وائرل دوا کی دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

    ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ ڈریپ نے ریمڈیسیور کے ایمرجنسی استعمال کے لیے امپورٹ اور رجسٹریشن لیٹرز جاری کر دیے ہیں، ایف ڈی اے نے حال ہی میں ریمڈیسیور کے استعمال کی منظوری دی ہے۔

    انھوں نے کہا ریمڈیسیور کی بڑھتی طلب کے پیش نظر 2 امپوٹرز اور 14 لوکل مینوفیکچررز کو اجازت نامہ جاری کیا گیا ہے، ریمیڈیسیور کا استعمال ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق تشویش ناک مریضوں کے لیے کیا جا سکتا ہے۔

    ظفر مرزا کا کرونا کے علاج کے لیے ڈیکسا میتھاسون سے متعلق اہم بیان

    ادھر ترجمان ڈریپ نے کہا ہے کہ امریکا، جاپان اور برطانیہ کی اجازت کے فوراً بعد ڈریپ نے این او سی کا اجرا شروع کیا، انجکشنز کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے ایمرجنسی رجسٹریشن بورڈ کا اجلاس بلایا گیا، کابینہ اجلاس کو دوا کی قیمت تجویز کرنے کے لیے ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کا بھی اجلاس بلایا گیا۔

    کرونا کا کوئی علاج نہیں، دواؤں پر پیسے خرچ نہ کریں،فواد چوہدری

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں بریفنگ میں بتایا تھا کہ امریکی کمپنی گِلی یَڈ نے پاکستان کو اینٹی وائرل دوا ریمڈیسیور بنانے کی اجازت دے دی ہے، یہ دوا اب پاکستان میں بی ایف بائیو سائنسز تیار کرے گی۔

  • ڈریپ نے وینٹی لیٹر کے لیے برطانوی معیار اپنانے کا فیصلہ کیا: فواد چوہدری

    ڈریپ نے وینٹی لیٹر کے لیے برطانوی معیار اپنانے کا فیصلہ کیا: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ڈریپ نے وینٹی لیٹرز کی تیاری کے لیے برطانوی معیار اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر پیغام میں کہا کہ وینٹی لیٹرز کے مزید ڈیزائنز انجینئرنگ کونسل اور ڈریپ کو موصول ہو چکے ہیں، جن کی تفصیلات ڈریپ کی ویب سائٹ پر مہیا کر دی گئی ہیں۔

    فواد چوہدری نے لکھا کہ کوالٹی کلیئرنس مکمل ہوتے ہی وینٹی لیٹر بنانے شروع کر دیں گے۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ تیار شدہ وینٹی لیٹرز کے کلینیکل ٹرائلز 3 اسپتالوں، جناح اسپتال لاہور، انڈس اسپتال کراچی اور سی ایم ایچ راولپنڈی میں ہوں گے۔

    کرونا کا علاج، پلازما تھراپی کے کلینکل ٹرائل کی اجازت مل گئی

    دوسری طرف ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے کرونا علاج کے لیے پلازما تھراپی کے کلینکل ٹرائل اور مقامی طور پر تیار وینٹی لیٹرز کے کلینیکل ٹرائلز کی اجازت بھی دے دی ہے۔ وینٹی لیٹرز پاکستان انجینئرنگ کونسل نے تیار کیے۔ ڈریپ نے کلوروکوئین کے خام مال کی مقامی طور پر تیاری کی بھی اجازت دی ہے۔

    ڈریپ نے 50 سے زائد کمپنیوں کو ہینڈ سینی ٹائزر کی تیاری کی اجازت بھی دے دی ہے، مقامی کمپنیوں کو سینی ٹائزر بنانے کی اجازت 3 ماہ کے لیے دی گئی ہے، لائسنس یافتہ کمپنیوں کو لوکل سینی ٹائزر تیار کرنے کی اجازت ہوگی۔

  • ڈریپ میں بد عنوانیوں کا مکمل خاتمہ ضروری ہے: وزیر اعظم

    ڈریپ میں بد عنوانیوں کا مکمل خاتمہ ضروری ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کے لیے ادویہ کی مناسب قیمت پر فراہمی کے سلسلے میں ڈریپ کا کلیدی کردار ہے، ادارے میں بدعنوانیوں کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں ملک میں ادویات کی مناسب قیمتوں پر دستیابی کے حوالے سے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضروری ادویہ کی دستیابی اور مناسب قیمتوں پر فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔

    وزیر اعظم نے اجلاس میں کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام ہیں، بھرپور کوشش ہے کہ جہاں جان بچانے والی اور تمام دیگر ضروری ادویات ملک میں آسانی سے دستیاب ہوں وہاں یہ ادویات مناسب قیمت پر عوام کو میسر آئیں، اس ضمن میں ڈریپ کی کارکردگی بہتر بنانے اور بد عنوانیوں کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پالیسی سازی اور عمل درآمد کے ضمن میں حکومت کی حکمت عملی واضح ہے، یہ دو مختلف شعبے ہیں، دونوں کو یک جا کرنے سے مسائل جنم لیتے ہیں، ڈریپ کو مکمل فعال بنانے کے لیے کوششوں کو تیز کیا جائے اور انتظامی سطح پر ادارے کی افرادی قوت کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے یہ ہدایت بھی کی کہ پالیسی سازی اور اور پالیسیوں پر عمل درآمد کے شعبوں کو علیحدہ کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

    اجلاس میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے حوالے سے معاملات بھی زیر غور آئے، وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ اس ضمن میں عدالت کے فیصلے کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام ضروری اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کیے جائیں تاکہ ڈاکٹروں اور شعبے سے منسلک افراد کو مزید کسی دقت کا سامنا نہ ہو۔

    اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، اٹارنی جنرل خالد جاوید خان، سیکریٹری برائے نیشنل ہیلتھ سروسز اینڈ ریگولیشنز، سی ای او ڈریپ عاصم رؤف اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

  • ماسک مہنگے داموں فروخت کرنے پر ڈریپ کا میڈیکل اسٹورز، ہول سیلرز کو انتباہ

    ماسک مہنگے داموں فروخت کرنے پر ڈریپ کا میڈیکل اسٹورز، ہول سیلرز کو انتباہ

    کراچی: پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد ماسک کی مہنگے داموں فروخت اور ذخیرہ اندوزی کرنے پر ڈریپ نے انتباہ جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے ماسک، ڈسپوزیبل بیگس، سوٹ اور گوگلز مہنگا فروخت اور ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف ڈنڈا اٹھا لیا۔

    ڈریپ نے کیمسٹ، فارماسسٹ، میڈیکل اسٹور مالکان، ہول سیل ڈیلرز اور امپورٹرز کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایمرجنسی حالات میں ضروری طبی اشیا مہنگی فروخت کرنا خلاف قانون ہے۔

    سرجیکل ماسک مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع

    ڈریپ کی جانب سے منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے لیے تنبیہی پبلک نوٹس بھی جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ ماسکس، ڈسپوزیبل بیگس اور گوگلز دسمبر 2019 کی قیمتوں پر فروخت کیے جائیں، اور عوام مہنگے داموں ماسک کی فروخت پر ڈریپ کو آگاہ کریں۔

    دریں اثنا، ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے آلات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، ڈریپ فیس ماسک وغیرہ بنانے کے لیے فاسٹ ٹریک لائسنس اور رجسٹریشن کا اجرا کرے گی، مینوفیکچررز کو ایمرجنسی بنیاد پر لائسنس دیے جائیں گے۔

    ڈاکٹر ظفر مرزا کی ہدایت پر جاری مراسلے میں ڈریپ نے کہا ہے کہ کمپنیاں ضروری میڈیکل ڈیوائس بنانا چاہیں تو ہنگامی بنیاد پر لائسنس دیے جائیں گے۔ خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد فیس ماسک کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔

  • رواں سال ڈریپ کا نظام مکمل کمپیوٹرائزڈ کر دیں گے، ڈاکٹر ظفر مرزا

    رواں سال ڈریپ کا نظام مکمل کمپیوٹرائزڈ کر دیں گے، ڈاکٹر ظفر مرزا

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ رواں سال ڈریپ کا نظام مکمل کمپیوٹرائزڈ کر دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر ظفر مرزا نے ڈریپ بلڈنگ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈریپ بلڈنگ کے لیے اراضی قومی ادارہ صحت سے حاصل کی گئی، ڈریپ کی عمارت جون 2021 میں مکمل ہوگی۔

    ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ڈریپ جیسا ادارہ آج تک ذاتی عمارت سے محروم تھا، فارمیسی کونسل پاکستان کا دفتر کرائے کی عمارت میں ہے، فارمیسی کونسل پاکستان کو ڈریپ بلڈنگ میں منتقل کریں گے۔

    معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ ڈریپ میں وسیع پیمانے پراصلاحات جاری ہیں، رواں سال ڈریپ کا نظام مکمل کمپیوٹرائز ڈ کر دیں گے، حکومت ڈریپ کو ماڈل ریگولیٹری اتھارٹی بنا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اداروں میں اصلاحات ترقی واستحکام چاہتے ہیں، حکومت اداروں کو مضبوط اور شفاف بنانا چاہتی ہے، اداروں میں کرپشن سے متعلق زیرو ٹالیرنس کی پالیسی ہے۔

    ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ دواساز کمپنیوں کے لیے فعال ریگولیٹری اتھارٹی کی موجودگی ضروری ہے، ڈریپ میں 50ملین دستاویزات کو ڈیجیٹلائز کیا گیا ہے۔

  • اسلام آباد میں ناقص ادویہ بنانے والی کمپنی سیل

    اسلام آباد میں ناقص ادویہ بنانے والی کمپنی سیل

    اسلام آباد: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کی جانب سے غیر قانونی اور جعلی دواؤں کا دھندا کرنے والوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان ڈریپ نے کہا ہے کہ فیڈرل ڈرگ انسپکٹرز اسلام آباد و لاہور کی ٹیم نے دواؤں کی کمپنی پر چھاپا مار کر لاکھوں کی غیر قانونی دوائیں برآمد کر لیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ دواؤں کی تیاری میں صفائی ستھرائی کا ناقص نظام تھا، ڈریپ ایکٹ کے تحت کمپنی کو سیل کر دیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ملک کو غیر قانونی و غیر معیاری دواؤں سے پاک کیا جا رہا ہے، غیر قانونی دواؤں کا دھندا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، حکومت شہریوں کو معیاری دواؤں کی فراہمی کے لیے پُر عزم ہے۔

    مہنگی ادویات کی فروخت کیخلاف ڈریپ کا میڈیسن مارکیٹ میں چھاپہ، دکان سیل

    ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ویلفیئر اسٹیٹ کے حوالے سے کل اہم اعلان کیا ہے، ہم نے پاکستان میں ٹرانسجینڈرز کے لیے ہیلتھ انشورنس کا اعلان کیا، پاکستان میں ٹرانسجینڈرز کے حقوق کے حوالے سے ایکٹ بھی موجود ہے۔

    ڈریپ نے اکتوبر میں دوا ساز کمپنیوں کی جانب سے جان بچانے والی دواؤں کی قیمتوں میں ازخود اضافے کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیا تھا۔

  • ڈریپ میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ڈاکٹر ظفرمرزا

    ڈریپ میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ڈاکٹر ظفرمرزا

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ ڈریپ کو حکومتی و سول انتظامیہ کی بھرپور معاونت حاصل ہوگی، ڈریپ میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیرصدارت ڈریپ کی نیشنل ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں سی ای او ڈریپ، وفاقی و صوبائی ڈرگ انسپکٹرز نے شرکت کی۔

    ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیرصدارت اجلاس میں جعلی، ناقص ومہنگی ادویات بیچنے والوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں صارفین کی رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ صارفین اصل قیمت سے زائد وصولی پر ہیلپ لائن پر شکایت کرسکیں گے، ادویات صارفین 080003727 پرشکایات درج کرا سکتے ہیں۔

    ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کسی کو دوا کی منظور شدہ قیمت سے زائد وصول نہیں کرنے دیں گے انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ کی پہلی نیشنل میڈیسن پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے۔

    معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ ڈریپ کو حکومتی و سول انتظامیہ کی بھرپور معاونت حاصل ہوگی، ڈریپ میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • حکومت کی پالیسی نہیں کہ کسی کوجعلی ڈگری پربھرتی کرے، اعظم سواتی

    حکومت کی پالیسی نہیں کہ کسی کوجعلی ڈگری پربھرتی کرے، اعظم سواتی

    اسلام آباد: وفاقی وزیرپارلیمانی امور اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ ڈریپ سربراہ کی تعیناتی اورقیمتوں پرکمیٹی کو معاملہ جانا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے کہا کہ دوائیوں کی قیمتوں پروزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیا۔

    اعظم سواتی نے کہا کہ ڈریپ سربراہ کی تعیناتی اورقیمتوں پرکمیٹی کومعاملہ جانا چاہیے، کمیٹی اس معاملے کی بہترطریقے سے انکوائری کرسکتی ہے۔

    وفاقی وزیرپارلیمانی امور نے کہا کہ ہمارے پاس کتے کے کاٹنے سے ہونے والے کسی بھی قسم کے انفیکشن کے لیے ویکسین موجود ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک سے ویکسین منگوانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، پڑوسی ممالک کو اگرضرورت ہو توہم سے لے سکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ تین روز قبل وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ ادویات کی قیمتوں کو جلد کم کرنے کے لیے متعلقہ فریقین سے بات ہوگی، ادویات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے لوگوں میں بے چینی تھے۔

    وفاقی کابینہ کو بتایا گیا کہ مشیرصحت ادویات کی قیمتوں کے حوالے سے میڈیا کو اعتماد میں لیں گے، قیمتیں بڑھا کرجن کمپنیوں نے پیسہ کمایا وہ واپس بیت المال میں جمع ہوگا۔

    واضح رہے کہ رواں سال 25 جنوری کو سربراہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی شیخ اختر کی پی ایچ ڈی کی ڈگری جعلی ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

    بعدازاں 8 مارچ کو ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے سربراہ شیخ اخترحسین کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

  • مہنگی ادویات کی فروخت کیخلاف کارروائیاں، ادویات کا بھاری اسٹاک ضبط

    مہنگی ادویات کی فروخت کیخلاف کارروائیاں، ادویات کا بھاری اسٹاک ضبط

    اسلام آباد : مہنگی ادویات کی فروخت کیخلاف ملک کے مختلف شہروں میں ڈریپ کی کارروائیاں جاری ہیں، چھاپہ مار ٹیم نے دواؤں کابھاری اسٹاک ضبط کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی واضح ہدایت کے بعد ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان ( ڈریپ ) کا دوائیں مہنگی کرنے والی کمپنیوں کیخلاف ملک گیر کریک ڈاؤن جاری ہے۔

    اس سلسلے میں ڈریپ کے انسپکٹرز نے کراچی، لاہور اور پشاور میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے، جس کے نتیجے میں قیمت سے زائد پر فروخت کی جانے والی ادویات کا اسٹاک تحویل میں لے لیا گیا۔

    ڈریپ ذرائع کے مطابق ڈریپ نے پشاور میں مدینہ انٹرپرائزپر چھاپہ مار کر پانچ دواؤں کا بھاری اسٹاک ضبط کیا جبکہ گارڈن مارکیٹ کراچی میں چھاپہ کے دوران ازخود مہنگی کی گئی دواؤں کی بھاری کھیپ اور لاہور میں دوا ساز کمپنی کے ڈسٹری بیوٹر پر چھاپہ کے بعد دواؤں کا اسٹاک ضبط کرلیا گیا۔

    اس حوالے سے وفاقی وزیرصحت عامر کیانی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ڈریپ کا ملک گیر کریک ڈاؤن جاری رہے گا، ڈریپ کو کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: وزیر اعظم کا ادویات کی قیمتیں بڑھانے والوں کیخلاف فوری کارروائی کاحکم

    انہوں نے متنبہ کیا کہ دوائیں ازخود مہنگی کرنے والی کمپنیوں کیلئے کوئی معافی نہیں ہے، حکومت عوام سے زیادتی ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔