Tag: ڈمپر حادثات

  • کراچی میں ڈمپر حادثات میں  اموات  کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر

    کراچی میں ڈمپر حادثات میں اموات کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر

    کراچی : ڈمپر حادثات میں اموات کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ، جس میں کہا گیا ہے کہ عدالت ڈمپرز کی رجسٹریشن اور فٹنس سے متعلق ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈمپر حادثات کے باعث ہونے والی اموات کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

    درخواست میں چیف سیکرٹری سندھ، ہوم سیکرٹری، آئی جی سندھ اور دیگر حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست تحریک بحالی کراچی کے اشرف جبار قریشی ودیگر کی جانب سے دائر کی گئی ، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ڈمپر چلانے والے ڈرائیوروں کی اکثریت ٹریفک قوانین کی پابندی نہیں کرتی، جس کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔

    مزید پڑھیں :  کراچی میں رواں برس ہیوی ٹریفک 168 افراد کی جانیں نگل چکا

    عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ڈمپرز کی رجسٹریشن اور فٹنس سے متعلق مکمل ریکارڈ طلب کیا جائے اور فریقین کو سپریم کورٹ و ہائیکورٹ کے جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا جائے۔

    خیال رہے کراچی میں ڈمپر، ٹینکر اور ٹریلر پر مشتمل ہیوی ٹریفک شہریوں کا قاتل بن چکا ہے اور ہر روز کوئی نہ کوئی انسانی جان اس کے پہیوں تلے روندی جا رہی ہے۔

    ڈمپر ٹینکر ٹریلر رواں برس میں اب تک 168 افراد کی جانیں لے چکے ہیں لیکن حادثات کا سلسلہ تھم نہیں رہا۔

  • گورنر سندھ نے ڈمپر حادثات کو کراچی میں ’ٹریفک گردی‘ سے تعبیر کیا

    گورنر سندھ نے ڈمپر حادثات کو کراچی میں ’ٹریفک گردی‘ سے تعبیر کیا

    کراچی: گورنر سندھ نے ڈمپر حادثات کو کراچی میں ’ٹریفک گردی‘ سے تعبیر کیا ہے، انھوں نے وزیر بلدیات سعید غنی کے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’انھوں نے میری ڈمپر والی بات پر مضحکہ خیز بیان دیا، سعید غنی بتائیں ان 70 لوگوں کے گھر والوں کو کیا جواب دوں؟‘‘

    آج بدھ کو کراچی میں نجی انرجی کمپنی اور سرسید یونیورسٹی کے درمیان معاہدے کی تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ پچھلے دو مہینوں میں ڈمپر سے لوگ مر رہے ہیں، افغانستان سے لائے گئے ڈمپرز بھی شہر میں چل رہے ہیں، لیکن سعید غنی بجائے ان ڈمپر والوں کو پکڑنے کے میرے بیان کا مذاق اڑا رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی ضرورت نہیں ہے، لیکن جتنی تیزی آفاق احمد کی گرفتاری میں دکھائی گئی ہے اتنی ہی دیگر چیزوں میں بھی دکھائیں۔ کامران ٹیسوری نے کہا سعید غنی کے بیان پر مجھے افسوس ہوا، وہ مجھ پر بعد میں کر لیں تنقید، یہ بتائیں کہ عدالتی احکامات کے باوجود بھی کارروائی کیوں نہیں ہو رہی؟

    سڑکوں کے لیے ملنے والے 15 ارب کے فنڈ کے استعمال سے پہلے کیا کرنا چاہیے؟ فاروق ستار کی تجویز

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ’’پہلے کراچی میں دہشت گردی تھی اب ٹریفک گردی ہے، قاتل ڈمپر قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، دن میں کوئی ڈمپر نہیں چلنا چاہیے، میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں، سعید غنی ڈمپر والوں کی گرفتاری میں بھی تیزی دکھائیں۔