Tag: ڈنمارک

  • اس ہینڈ سینی ٹائزر کی قیمت 22 ہزار روپے کیوں ہے؟

    اس ہینڈ سینی ٹائزر کی قیمت 22 ہزار روپے کیوں ہے؟

    کرونا وائرس کے پیش نظر دنیا بھر میں لوگوں نے اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی شروع کردی ہے اور اس میں ہینڈ سینی ٹائزر سرفہرست ہے، ڈنمارک کی ایک سپر مارکیٹ نے اپنے گاہکوں کو اس سے روکنے کے لیے انوکھی تجویز اپنائی۔

    دنیا بھر میں اس وقت ہینڈ سینی ٹائزر، ماسک، ٹوائلٹ پیپر اور دیگر صفائی کی اشیا کی طلب میں اضافہ ہوگیا ہے اور لوگ دیوانوں کی طرح ان اشیا کی خریداری کر رہے ہیںِ، اور نہ صرف خریداری کر رہے ہیں بلکہ ان اشیا کو زیادہ سے زیادہ خریدنے کے چکر میں ہاتھا پائی کے واقعات بھی رونما ہورہے ہیں۔

    ڈنمارک کی ایک سپر مارکیٹ نے ان ناخوشگوار واقعات سے بچنے کے لیے انوکھی ترکیب اپنائی جسے سوشل میڈیا پر بے حد سراہا جارہا ہے۔

    مذکورہ سپر مارکیٹ میں سینی ٹائزر ریک پر نوٹس لگایا گیا ہے کہ ہینڈ سینی ٹائزر کی ایک بوتل 40 ڈینش کرون (914 پاکستانی روپے) کی ہے لیکن اگر کوئی شخص 2 بوتلیں لینا چاہے گا تو اسے 1 ہزار ڈینش کرون (22 ہزار 854 پاکستانی روپے) ادا کرنے ہوں گے۔

    اس نوٹس نے لوگوں کو لامحدود تعداد میں سینی ٹائزر خریدنے سے باز رکھا ہے اور لوگ صرف ایک ہی بوتل خرید رہے ہیں۔

    ایک گاہک نے جب اس نوٹس کی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تو اسے بے حد سراہا گیا۔

    اس نوٹس کے علاوہ بھی مذکورہ مارکیٹ نے اپنے گاہکوں کو مختلف احتیاطی تدابیر اپنانے پر زور دیا ہے۔

    مثال کے طور پر مارکیٹ میں داخل ہونے کے بعد لوگ فاصلہ رکھیں، اندر داخل ہونے سے قبل سینی ٹائزر استعمال کریں، اگر گھر کے کئی افراد خریداری کرنے کے لیے اٹھ آئے ہیں تو صرف ایک ہی شخص اندر جا کر خریداری کرے۔

    یاد رہے کہ اب تک ڈنمارک میں 15 سو 77 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ جان لیوا وائرس نے اب تک 25 افراد کی جانیں لے لی ہیں۔

  • ڈنمارک کی کمپنیاں متبادل توانائی کے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں،عمر ایوب

    ڈنمارک کی کمپنیاں متبادل توانائی کے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں،عمر ایوب

    اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کا کہنا ہے کہ متبادل توانائی کی مد میں 20 ہزارمیگاواٹ تک بجلی کی پیداوار بڑھائی جائے گی، ڈنمارک کی کمپنیاں متبادل توانائی کے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب سے ڈنمارک کے سفیر رولف ہولمبوئے نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نئی متبادل توانائی پالیسی میں صوبوں کا نمایاں کردار ہے، نئی پالیسی میں فیصلہ سازی، اطلاق میں صوبوں کا کردار نمایاں ہے۔

    عمرایوب نے کہا کہ ڈنمارک کا عالمی سطح پر کلین اور گرین انرجی میں کلیدی کردار ہے، پاکستان دستیاب گرین انرجی کے مواقع سے استفادہ کے لیے کوشاں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت متبادل انرجی کا مجموعی انرجی مکس میں 4 فیصد ہے، 2025 تک مجموعی انرجی مکس میں متبادل توانائی کا حصہ 20 فیصد تک بڑھ جائے گا، 2030 تک مجموعی انرجی مکس میں متبادل توانائی کا حصہ 30 فیصد بڑھایا جائے گا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ متبادل توانائی کی مد میں 20 ہزارمیگاواٹ تک بجلی کی پیداوار بڑھائی جائے گی، ڈنمارک کی کمپنیاں متبادل توانائی کے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

    ڈنمارک کے سفیر نے کہا کہ متبادل توانائی کے ذرائع سے 60 فیصد بجلی کی پیداوار کی سوچ قابل تحسین ہے، ڈنمارک اس شعبے میں اپنی مہارتوں اور ماہرین کے تبادلے کے لیے تیار ہے، ڈنمارک انتہائی کم قیمتوں پرمتبادل توانائی کے ذرائع سے بجلی پیدا کر رہا ہے۔

  • 25ونڈ پاورکے پروجیکٹس منظوری کے مراحل میں ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

    25ونڈ پاورکے پروجیکٹس منظوری کے مراحل میں ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اس وقت 14 ونڈ پاورکے پروجیکٹس منظور ہوگئے ہیں، 25 ونڈ پاورکے پروجیکٹس منظوری کے مراحل میں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد اور ڈنمارک کے سفیر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کلین انرجی کے پروجیکٹس پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ گورنمنٹ ڈینش گورنمنٹ براہ راست معاہدہ کریں، سندھ حکومت اور ڈینش حکومت بہتر اندازمیں کام کرسکتے ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس وقت 14 ونڈ پاورکے پروجیکٹس منظور ہوگئے ہیں، 25 ونڈ پاورکے پروجیکٹس منظوری کے مراحل میں ہیں۔ انہوں نے ڈینش کمپنیز کو سندھ میں گرڈ اسٹیشن لگانے کی بھی دعوت دی جسے ڈیشن کمپنیز نے قبول کرلیا۔

    دوسری جانب ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے سندھ سولر انرجی پروجیکٹ شروع کرنے کے معاہدے پر دستخط کر لیے گئے، ایم او یو پر ورلڈبینک اور پرائیویٹ سیکٹرز کی کمپنیوں نے دستخط کیے۔

    ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سندھ سولرانرجی پروجیکٹ 105ملین ڈالرسے شروع کیا جا رہا ہے، پروجیکٹ کے لیے سندھ حکومت 5 ملین ڈالر دے گی۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق پروجیکٹ کے تحت سولر پارکس قائم کیے جائیں گے، پہلا سولر پارک مانجھند ڈسٹرکٹ دادو میں قائم کیا جائے گا، سولرپارک سے 50 میگا واٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔

  • امریکی صدر نے گرین لینڈ کی وجہ سے ڈنمارک کا دورہ منسوخ کر دیا

    امریکی صدر نے گرین لینڈ کی وجہ سے ڈنمارک کا دورہ منسوخ کر دیا

    واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ممکنہ طور پر گرین لینڈ کو خرید لینے سے متعلق تنازعے کی وجہ سے اپنا ڈنمارک کا طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ ڈینش وزیر اعظم میٹے فریڈےرِکسن گرین لینڈ کو بیچنے کے حوالے سے گفتگو پر راضی نہیں اور وہ اس وجہ سے اپنا کوپن ہیگن کا دورہ ملتوی کر رہے ہیں۔

    گرین لینڈ ایک خود مختار علاقہ ہے لیکن یہ ڈنمارک کا حصہ ہے، اتوار کو صدر ٹرمپ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ گرین لینڈ خریدنا چاہتے ہیں لیکن ڈینش حکومت نے کہا تھا کہ گرین لینڈ برائے فروخت نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے دنیا کے سب سے بڑے جزیرے گرین لینڈ کو خریدنے کی خواہش کا اظہار کیاتھا ، گرین لینڈ میں مستقبل میں سونا، یاقوت، پلاٹینیم، المونیم اور پلاٹینم جیسی معدنیات کا بھاری مقدار میں نکلنے کا امکان ہے اور اس وقت ڈنمارک کے ماتحت ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلی بار گرین لینڈ کو خریدنے کی خواہش گزشتہ برس ظاہر کی تھی، گزرتے وقت کے ساتھ اب ڈونلڈ ٹرمپ کی خواہش بھی شدید ہوگئی ہے اور انہوں نے اعلیٰ حکومتی مشیروں اور اداروں کے سربراہوں سے رائے طلب کی ہے کہ گرین لینڈ کو خریدنے کا سودا کیسے رہے گا۔

    گرین لینڈ اگرچہ ڈنمارک کے ماتحت ہے، تاہم اسے دنیا بھر میں خود مختار ریاست کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے، گرین لینڈ دنیا کے کم آبادی والے ممالک میں بھی شمار ہوتا ہے اور اس ملک کے رقبے کا 80 فیصد حصہ برف پر مشتمل ہے۔

    اسے دنیا کا سب سے بڑا جزیرہ بھی مانا جاتا ہے۔گرین لینڈ بحر اوقیانوس اور بحر منجمند شمالی کے درمیان واقع اس ریاست کو دنیا کی خوش ترین ریاستوں میں بھی شمار کیا جاتا ہے، یہاں ماہی گیری کا کاروبار سب سے زیادہ ہے، تاہم گزشتہ کچھ سال سے وہاں تیل و گیس سمیت قیمتی معدنیات کے ذخائر بھی دریافت ہوئے ہیں۔

    گرین لینڈ میں مستقبل میں سونا، یاقوت، پلاٹینیم، المونیم اور پلاٹینم جیسی معدنیات کا بھاری مقدار میں نکلنے کا امکان ہے۔ گرین لینڈ میں اس وقت امریکی اڈہ بھی موجود ہے، جہاں 600 سے زائد فوجی اہلکار موجود ہیں۔

  • وزیر خارجہ کا ڈنمارک اور ناروے کے ہم منصب سے رابطہ

    وزیر خارجہ کا ڈنمارک اور ناروے کے ہم منصب سے رابطہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ڈنمارک اور ناروے کے ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈینش ہم منصب جیب کوفوڈ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی مخدوش صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے ڈینش ہم منصب کو بھارتی یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت نے 5 اگست سے کشمیر کا محاصرہ اور کرفیو لگا رکھا ہے، بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ قراردادوں کے منافی ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سیکیورٹی کونسل نے نوٹس لیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ سے مذاکرات کے لیے تیار تھے اور تیار ہیں، عمران خان نے کہا تھا ایک قدم بڑھائیں تو ہم 2 قدم بڑھائیں گے، دو ایٹمی قوتوں کے مابین کشیدگی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔

    ڈینش وزیر خارجہ نے بھی مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ کشیدگی ختم کرنے کے لیے مذاکرات کا راستہ اپنائیں۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی مشاورت اور روابط کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

    بعد ازاں وزیرخارجہ نے ناروے کی ہم منصب اینہ اریکسون سورائدے سے بھی فون پر رابطہ کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

    وزیر خارجہ نے بتایا کہ بھارت نے 5 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں لاک ڈاؤن کر رکھا ہے، مقبوضہ کشمیر میں خوراک اور دوائیں تک میسر نہیں۔ خواتین کو زچگی کی حالت میں اسپتالوں تک رسائی نہیں۔

    انہوں نے اپیل کی کہ ناروے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں رکوانے میں کردار ادا کرے۔ ناروے کی وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

    انہوں نے کہا کہ خواہش ہے فریقین مل بیٹھ کر پر امن حل کی جانب پیش رفت کریں۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغان امن عمل پر بھی بات چیت ہوئی۔ اینہ اریکسون نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔

  • یورپ میں بسنے والے کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں: فواد چوہدری

    یورپ میں بسنے والے کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں: فواد چوہدری

    ڈنمارک: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ یورپ میں بسنے والے کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری آج کوپن ہیگن پہنچے، جہاں انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پوری دنیا اس وقت بھارت کو حالیہ اقدامات پر ملامت کر رہی ہے، ہم امن چاہتے ہیں اور صرف امن کے لیے کھڑے ہیں۔

    فواد چوہدری کوپن ہیگن میں یوم آزادیٔ پاکستان پر پرچم کشائی کی تقریب میں شریک ہوں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے یورپ میں ریلیاں ہو رہی ہیں، 15 اگست کو لندن، پیرس اور ڈنمارک میں یوم سیاہ کی ریلیاں نکالی جائیں گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  یوم آزادی بطور یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

    انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے اپنے یوم آزادی کو کشمیر کے ساتھ منسلک کیا ہے، ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن امن کے لیے کئی بار جنگ بھی لڑنا پڑتی ہے، معیشت ہو یا کسی اور میدان میں، جنگ لازم ہو تو پھر لشکر نہیں دیکھا کرتے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کو خود پر توجہ رکھ کر اپنی جنگ خود لڑنی ہوگی، جنگ جیتنے کے لیے بہ حثیت قوم ہمیں یک جا ہونا ہوگا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جو آنکھ اٹھا کر دیکھے گا ہم اس کا جبڑا توڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

  • سال 2019 کی خوبصورت ترین عمارات

    سال 2019 کی خوبصورت ترین عمارات

    دنیا بھر میں نہایت خوبصورت، بلند و بالا اور اختراعی عمارات بنائی جارہی ہیں، یہ عمارات ایک طرف تو فن تعمیر کا شاہکار ہیں تو دوسری طرف ان کی تعمیر میں کسی مقصدی تھیم کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔

    عالمی شہرت یافتہ برطانوی تعمیراتی کپمنی ڈیزین نے سال کی بہترین عمارات کے ایوارڈ کے لیے نامزدگیاں طلب کی ہیں۔ ڈیزین کو دنیا کے 87 ممالک سے 4 ہزار 500 نامزدگیاں موصول ہوئیں جن میں سے 267 کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

    ڈیزین اب ان 267 تعمیراتی پروجیکٹس کا جائزہ لے رہی ہے جن میں سے 3 کو فاتح قرار دیا جائے گا۔ ڈیزین کے مطابق ان تعمیرات کو تین لفظی تھیم ’خوبصورت، اختراعی اور فائدہ مند‘ کے مطابق پرکھا جائے گا۔

    ہم آپ کو ڈیزین کی 267 منتخب عمارات میں سے کچھ یہاں پر دکھانے جارہے ہیں جن کی خوبصورتی دیکھ کر آپ ضرور متاثر ہوں گے۔

    دا ویو، ڈنمارک

    ڈن آرٹ میوزیم، چین

    جمیل آرٹس سینٹر، دبئی

    ماسا بیکری اینڈ کیفے، کولمبیا

    دا ٹی ہاؤس، چین

  • آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک کے تحفظ کے برطانوی مشن کے حامی ہیں، ڈنمارک

    آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک کے تحفظ کے برطانوی مشن کے حامی ہیں، ڈنمارک

    کوپن ہیگن : ڈینش وزیر خارجہ جیب کوفوڈ کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت برطانیہ کی طرف سے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے تحفظ کے مجوزہ اقدام کو مثبت نظر سے دیکھتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈینش وزیر خارجہ جیب کوفوڈ نے کہا کہ سمندر کے کنارے واقع ہونے والے ملک کی حیثیت سے ڈنمارک کا آزادانہ آبی ٹریفک کی روانی کو ضروری سمجھتا ہے۔

    ڈینش وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ڈینش پارلیمنٹ آبنائے ہرمز میں کسی بھی سیکیورٹی مشن میں شمولیت پر غور کرے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ڈینش حکومت برطانیہ کی طرف سے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے تحفظ کے مجوزہ اقدام کو مثبت نظر سے دیکھتی ہے۔

    جہاز نہ چھوڑا تو ایران کو خلیج میں بھاری فوج کا سامنا کرنا پڑے گا، برطانوی وزیرخارجہ

    اس سے قبل 23 جولائی کوجیریمی ہنٹ نے ایران سے تحویل میں لیا برطانوی بحری جہاز چھوڑنے اورعملے کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

    جیریمی ہنٹ کا کہنا تھا کہ ہم ایک بار پھر ایران پر زور دیتے ہیں کہ وہ ہمارا تیل بردار بحری جہاز اور اس کا عملہ چھوڑ دے ورنہ اسے خلیج میں برطانیہ کی بھاری فوجی کمک کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    یاد رہے کہ 19 جولائی کو ایرانی پاسداران انقلاب نے برطانوی تیل بردار جہاز کو مبینہ طور پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا تھا۔

  • فریڈیرکسن ڈنمارک کی کم عمر ترین وزیر اعظم ہوں گی

    فریڈیرکسن ڈنمارک کی کم عمر ترین وزیر اعظم ہوں گی

    کوپن ہیگن : عام انتخابات کے تقریباتین ہفتے بعد مسلسل مذاکرات کے نتیجے میں ملکر حکومت بنانے پر اتفاق رائے ہو گیا، ڈنمارک کی آئندہ وزیر اعظم سوشل ڈیموکریٹ خاتون سیاستدان مَیٹے فریڈیرکسن ہوں گی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ان کی پارٹی اور بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والی دیگر جماعتوں کے مابین ملک میں عام انتخابات کے تقریباتین ہفتے بعد مسلسل مذاکرات کے نتیجے میں یہ اتفاق رائے ہو گیا ہے کہ کوپن ہیگن میں اگلی حکومت یہی جماعتیں مل کر بنائیں گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس بات کا اعلان مَیٹے فریڈیرکسن نے دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ مل کر ایک پریس کانفرنس میں کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ڈینش سوشل ڈیموکریٹس کی قیادت میں بننے والی یہ حکومت تاہم ایک اقلیتی حکومت ہو گی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ سینٹر لیفٹ بلاک کی چند چھوٹی جماعتوں نے بھی نئی مخلوط حکومت کی حمایت کا یقین دلایا ہے، اکتالیس سالہ مَیٹے فریڈیرکسن ڈنمارک کی تاریخ کی سب سے کم عمر سربراہ حکومت بھی ہوں گی۔

  • ڈنمارک انتخابات، سوشل ڈیموکریٹس کو فتح، حکمران جماعت کو شکست

    ڈنمارک انتخابات، سوشل ڈیموکریٹس کو فتح، حکمران جماعت کو شکست

    کوپن ہیگن: ڈنمارک میں ہونے والے حالیہ انتخابات میں حزب اختلاف کے پانچ جماعتی اتحاد نے فیصلہ کن فتح حاصل کرلی، حکمران جماعت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈنمارک میں ہونے والے حالیہ انتخابات میں حزب اختلاف کے پانچ جماعتی اتحاد نے فتح حاصل کرلی جس کی قیادت بائیں بازو کی جماعت سوشل ڈیموکریٹس کررہی ہے جس نے ڈینش پارلیمنٹ کی 179 میں سے 91 نشستیں جیت لی ہیں۔

    جیتنے والے اتحاد سے تعلق رکھنے والی تارکین وطن کی مخالف، بائیں بازو کی جماعت ڈینش ڈیموکریٹک پارٹی نے 21 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کیے جس سے وہ پارلیمان کی دوسری بڑی جماعت بن گئی ہے۔

    سوشل ڈیموکریٹس پارلیمنٹ میٹ فریڈرکسن کے آٗئندہ ڈینش وزیراعظم بننے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں، جو اس وقت 41 سال کی ہیں اگر وہ وزیراعظم بنتی ہیں تو وہ ڈنمارک کی سب سے کم عمر وزیراعظم ہوں گی۔

    حکمران جماعت لبرل پارٹی وینسترے سے تعلق رکھنے والے ڈینش وزیراعظم لارس لوکے راسمیوسن نے شکست کا اعتراف کرتے ہوئے سوشل ڈیموکریٹس کو حکومت بنانے کی دعوت دی ہے۔

    جیتنے والے اتحاد سے تعلق رکھنے والی تارکین وطن کی مخالف، دائیں بازو کی جماعت ڈینش ڈٰیموکریٹک پارٹی نے 21 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کیے جس سے وہ پارلیمان کی دوسری بڑی جماعت بن گئی ہے۔

    واضح رہے کہ 2015 کے ڈنمارک کے الیکشن میں وینسترے پر مشتمل اتحاد نے فتح حاصل کی تھی جبکہ حالیہ انتخابات میں سوشل ڈیموکریٹس نے بھی 5 جماعتی اتحاد بنا کر کامیابی حاصل کی ہے۔