Tag: ڈوب

  • بارش کے کھڑے پانی میں ڈوب کر 4 بچے جاں بحق

    بارش کے کھڑے پانی میں ڈوب کر 4 بچے جاں بحق

    گجرات (30 جولائی 2025): بارش کے پانی کی بروقت نکاسی نہ ہونے کے سبب برساتی کھڑے پانی میں ڈوب کر چار بچے جان سے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب اس وقت مون سون کی شدید بارشوں کی لپیٹ میں ہے اور کئی شہروں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال ہے۔

    بارش کے باعث شہروں کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہے اور بروقت نکاسی نہ ہونےکی وجہ سے لوگوں کے مشکلات کا سبب بھی بنا ہوا ہے تاہم گجرات میں بارش کے کھڑے پانی نے ایک سانحہ کو جنم دے دیا۔

    گجرات کے علاقے موہری روڈ کھاریاں میں بارش کے پانی کی بروقت نکاسی نہ ہونے کے باعث کھڑے برساتی پانی میں نہاتے ہوئے چار کمسن بچے زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 9 سے 13سال کے درمیان ہیں۔ بچوں کی لاشوں کو نکال کر ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے، جب کہ چار بچوں کی موت پر علاقے میں سوگ کی کیفیت طاری ہے۔

    واضح رہے کہ رواں مون سون سیزن میں ملک بھر میں سیلابی ریلوں، طوفانی بارشوں، اربن فلڈنگ اور دیگر حادثات کے نتیجے میں 150 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

  • ترکیہ میں سعودی خاتون سمندر میں ڈوب کر ہلاک

    ترکیہ میں سعودی خاتون سمندر میں ڈوب کر ہلاک

    سعودی عرب سے ترکیہ میں گرمیوں کی چھٹیاں منانے کے لئے پہنچنے والی سعودی خاتون سمندر میں ڈوب کر زندگی کی بازی ہار گئی، شوہر نے اپنی اہلیہ کو بچانے کی کوشش کی مگر وہ کامیاب نہ ہوسکا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی عرب کے شمالی علاقے عرعر کے رہائشی 30 سالہ سعودی شہری عیضہ الصیعری اپنی 25 سالہ اہلیہ رشا الصیعری کے ہمراہ ترکیہ کے شہر گریسون کے ساحل پر تفریح کے لئے پہنچے تھے، جہاں وہ بحیرہ اسود کے ساحل پر پیراکی کے لیے اترے مگر تیز و تند لہروں کا نشانہ بن گئے۔

    افسوسناک حادثے سے متعلق ریسکیو ٹیموں کو مطلع کیا گیا، مگر اس وقت تک خاتون جان کی بازی ہار چکی تھی، جبکہ شوہر کو نیم بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ترکش ایئرلائن کی زبردست ڈسکاؤنٹ آفر

    سعودی خاتون کے والد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بیٹی کی ہلاکت پر دل بہت اداس ہے۔ وہ سب سے بڑی بیٹی تھی۔ شادی کو 5 برس بیت چکے تھے۔

  • سیرو تفریح کیلئے جانے والے 4 نوجوان ندی بہہ گئے

    سیرو تفریح کیلئے جانے والے 4 نوجوان ندی بہہ گئے

    بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں سیر و تفریح کی غرض سے آئے چار نوجوان ندی میں ڈوب کر زندگی کی بازی ہار گئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریسکیو ٹیموں کی جانب سے ندی میں ڈوبنے والے چاروں نوجوانوں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق حیدرآباد کے کوکٹ پلی علاقے سے تعلق رکھنے والے 6 دوستوں کا ایک گروپ آندھراپردیش کے سوریہ لنکا بیچ میں تفریح کے بعد واپسی میں باپٹلہ منڈل کے قریب ناگراجو ندی پر رک گیا۔

    6دوستوں کا گروپ ندی کے ساحل کا نظارہ کرنے میں مصروف تھا کہ اچانک پانی کی تیز موجیں ان میں سے چار کو بہا لے گئیں، لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے جاری امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لاپتہ نوجوانوں کی شناخت سنی، سنیل، کرن اور نندو کے طور پر ہوئی ہے، جو حیدرآباد کے کوکٹ پلی کے رہنے والے تھے، دو نعشیں پولیس نے برآمد کرلی ہیں۔

    اس سے قبل حیدرآباد میں دوستوں کے چیلنج پر ایک نوجوان نے تالاب میں چھلانگ لگادی، جس کے باعث اس کی موت واقع ہوگئی۔

    رپورٹ کے مطابق فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ واقعہ کب کا ہے؟ تاہم واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس کا انکشاف ہوا۔

    ذرائع کے مطابق پرانے شہر کے بنڈلہ گوڑہ علاقہ سے تعلق رکھنے والے چند نوجوان کرناٹک کے کملاپور کی سیر کے لئے گئے تھے۔ بعض لڑکوں نے شراب پی رکھی تھی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نوجوان کو اس کے دوستوں کی جانب سے چیلنج کیاگیا جس پر اس نے تالاب میں چھلانگ لگادی۔ نوجوان کی شناخت ساجد کے نام سے ہوئی ہے۔

    بیوی، بھائی، بھابی سمیت خاندان کے 8 افراد کو قتل کے بعد قاتل پھندے سے جھول گیا

    واقعہ کی ویڈیو بنانے والے نوجوان نے اپنے ساتھیوں سے ساجد کو بچانے کی درخواست کی تاہم وہ اس میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

  • دبئی میں تین سالہ بچی سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئی

    دبئی میں تین سالہ بچی سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئی

    دبئی : رہائشی عمارت کے سوئمنگ پول میں تین سالہ جرمن لڑکی ڈوب کر جاں بحق ہوگئی، متاثرہ بچی سوئمنگ پول کے نزدیک اپنے دو بھائیوں کے ہمراہ کھیل میں مصروف تھی۔

    عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے مال آف ایمریٹس کے عقب میں واقع برہائشی عمارت کے سوئمنگ میں تین سالہ جرمن شہری ڈوب کر جاں بحق ہوگئی، بچی کو فوری طور پر سعودی جرمن اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

    پولیس کے مطابق پیر کی دوپہر کال موصول ہوئی، ایمبولینس اور پولیس ٹیم جائے وقوع پر پہنچی اور بچی کو اسپتال منتقل کیا۔

    اماراتی میڈیا کا کہنا تھا کہ سافٹ ویئر کمپنی کا ملازم بچی کا والد حادثے کے وقت گھر میں موجود تھا لیکن اپنے کام میں مصروف تھا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ بچی کے والد نے سوچا کہ بچی آیا کے ساتھ ہے لیکن تین منٹ بعد احساس ہوا کہ بچی نظر نہیں آرہی، متاثرہ بچی کا والد باہر دیکھنے گیا تو بچی کو سوئمنگ پول میں بے حال پڑا دیکھ کر حیران رہ گیا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق والد نے تین سالہ بچی کو سوئمنگ پول سے باہر نکالا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ریسکیو ٹیم کے ہمراہ سعودی جرمن استپال پہچنایا جہاں ڈاکٹرز نے بچی کو مردہ قرار دیا۔

    پولیس کی جانب سے والدین نے گزارش کی گئی ہے کہ اپنے بچوں پر ہر نظر رکھیں، کیوں کہ اس سے قبل بھی متعدد بچوں کے سوئمنگ پول میں ڈوب کر ہلاک ہونے واقعات رونما ہوچکے ہیں۔

    مزید پڑھیں: اسکول کے سوئمنگ پول میں ڈوب کر 4 سالہ طالب علم جاں بحق

    یاد رہے کہ شارجہ کے نجی اسکول کے سوئمنگ پول میں چار سالہ طالب علم 14 نومبر کو ڈوب گیا تھا، اسکول انتظامیہ کو جب واقعے کی اطلاع ملی تو انہوں نے بچے کو ایمبولینس کے ذریعے القاسمی اسپتال منتقل کیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: دبئی کے سوئمنگ پول میں 2 بچے ڈوب کر جاں بحق

    واضح رہے کہ رواں برس جون میں دو بچے اُس وقت سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے جب والدین افطاری کرنے میں مصروف تھے۔

  • لیبیا: مہاجرین کی کشتی ڈوبنے سے9 افراد ہلاک

    لیبیا: مہاجرین کی کشتی ڈوبنے سے9 افراد ہلاک

    روم: لیبیا کے سمندری علاقے میں مہاجرین کی کشتی ڈوبنے سے9 افراد جاں بحق جبکہ بچوں سمیت 10 لاپتہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بحیرہ روم میں مہاجرین کی کشتی ڈوبنے کے حادثے میں بچنے والے مہاجرین کو کشتی ڈوبنے کے واقعے میں بچنے والوں کو ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز تنظیم کے اہلکاروں نے بچایا۔حادثے میں 10افراد لاپتہ ہوگئے جن میں چار بچے بھی شامل ہیں۔

    ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرزکی ترجمان کا کہنا تھا کہ اہلکاروں نے واقعے میں ڈوبنے والے 120 افراد کو بحفاظت نکال لیاہے لیکن مزید افراد کے لاپتہ ہونے کا خدشہ ہے۔

    دوسری جانب اطالوی کوسٹ گارڈ کا کہنا تھا کہ ہفتہ کے روز مجموعی طور پر 1000 سے زائد مہاجرین کی جانیں بچائی گئیں۔

    مزید پڑھیں:لیبیا: ساحل کےقریب مہاجرین کی کشتی ڈوبنے سے 117 افراد ہلاک

    واضح رہے کہ رواں سال جون میں لیبیا کے ساحل سے غیر قانونی طور پر یورپ جانے والی تارکین وطن کی ایک کشتی ڈوب جانے سے117افراد جان کی بازی ہارگئے تھے۔