Tag: ڈوبا گاؤں

  • ویڈیو: عراق میں پرانا غرق شدہ گاؤں نمودار ہوتے دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے

    ویڈیو: عراق میں پرانا غرق شدہ گاؤں نمودار ہوتے دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے

    موصل: عراق میں برسوں پرانا غرق شدہ گاؤں زومر پھر سے نمودار ہو گیا ہے، جس نے لوگوں کو حیران کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق عراق میں خشک سالی نے تاریخ کو دوبارہ زندہ کر دیا ہے، موصل ڈیم کی سطح کم ہونے پر دہائیوں پہلے ڈوبا گاؤں سطح پر آ گیا ہے۔

    ڈیم میں پانی نیچے اترنے پر گاؤں کے کھنڈرات اور گلیوں کے آثار نمایاں ہو گئے ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے دریائے دجلہ و فرات آبی بحران سے دوچار ہیں۔

    ایک طرف حکام آبی ذخائر کم ہونے سے پریشان ہیں تو دوسری طرف سیاحت کے شعبے میں جان پڑ گئی ہے، سیاح کھنڈرات کا نظارہ کرنے دور دور سے پہنچ رہے ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ 45 برس پہلے اس ڈیم کی تعمیر کے بعد زومر گاؤں زیر آب چلا گیا تھا۔


    لاس اینجلس میں ڈرائیور نے قطار میں کھڑے لوگوں پر گاڑی چڑھا دی


    سطح پر پھر سے ابھرنے والے کھنڈرات میں سابقہ اسکولوں اور گھروں کے ڈھانچے بھی شامل ہیں جو 1980 کی دہائی میں ڈیم کی تعمیر کے دوران ڈوب گئے تھے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ڈیم کے سکڑتے ہوئے ذخائر کا براہ راست تعلق خطے کو متاثر کرنے والے خشک سالی کے حالات سے ہے، جس سے عراق میں پانی کے بحران کی شدت کا پتا چلتا ہے، زومر واٹر ڈائریکٹوریٹ کا کہنا تھا کہ پانی کی مسلسل گرتی سطح کی وجہ سے پانی کے کئی اہم منصوبے معطل کرنے پڑے۔

    پرانا گاؤں سطح آب پر نمودار ہونے کے بعد مکین ایک طرف اس زیر آب علاقے سے وابستہ اپنے بچپن کی یادیں تازہ کر رہے ہیں، اور دوسری طرف پانی کے غائب ہونے کے خدشات کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔