Tag: ڈوبی کار

  • ڈوبی ہوئی کار سے برآمد انسانی باقیات 1976 سے لاپتا طالب علم کی نکلی

    ڈوبی ہوئی کار سے برآمد انسانی باقیات 1976 سے لاپتا طالب علم کی نکلی

    جارجیا: امریکا میں تقریباً سوا سال قبل دریافت ہونے والی ایک ڈوبی کار سے برآمد انسانی باقیات 1976 سے لاپتا طالب علم کی نکل آئی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست جارجیا میں تفتیش کاروں نے آخر کار اطمینان کا سانس لے لیا ہے، جو الاباما کریک میں ایک ڈوبی کار سے برآمد ہونے والی انسانی باقیات سے متعلق تحقیق کر رہے تھے۔

    تفتیش کاروں نے معلوم کیا ہے کہ انسانی باقیات کی شناخت 1976 سے لاپتا طالب علم کے طور پر ہوئی ہے، یہ ایک 22 سالہ نوجوان تھا جو 45 سال سے زیادہ عرصے سے لاپتا تھا۔

    ٹروپ کاؤنٹی پولیس کے مطابق بائیس سالہ کائل ویڈ کلنک اسکیلز کو آخری بار 27 جنوری 1976 کو جارجیا کے شہر لاگرینج میں موس کلب پر دیکھا گیا تھا، ٹروپ کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے کہا کہ اس کے بعد طالب علم وہاں سے الاباما کی اوبرن یونیورسٹی جانے کے لیے روانہ ہو گیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق الاباما جاتے ہوئے کائل ویڈ کلنک اسکیلز لا پتا ہو گیا، اور اس کی گم شدگی 8 دسمبر 2021 تک ایک معمہ بنی رہی، کسی کو پتا نہیں چلا کہ وہ کہاں غائب ہوا، آٹھ دسمبر کو اس کی کار ’پنٹو رناباؤٹ‘ الاباما کی چیمبرز کاؤنٹی میں ڈوبی مل گئی۔

    جب کار کو کریک سے نکال کر دیکھا گیا تو گاڑی پر 1976 کا ٹیگ لگا تھا اور ٹروپ کاؤنٹی کا ایک اسٹیکر بھی، جب گاڑی کی شناخت کے نمبر (وی آئی این) کا تعین ہو گیا تو یہ بھی معلوم ہو گیا کہ گاڑی کلنک اسکیلز کی ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ جب گاڑی پانی سے نکالی گئی تو اس میں انسانی ڈھانچے کی باقیات اور دیگر ذاتی سامان موجود تھا، جس پر حکام نے انھیں شناخت اور جانچ کے لیے جارجیا بیورو آف انویسٹی گیشن کرائم لیب کو بھیجا۔

    اور آخر کار 19 فروری کو نتائج نے ثابت کیا کہ ڈھانچے کی باقیات کلنک اسکیلز کی ہیں، تاہم ابھی تک یہ نہیں معلوم ہو سکا ہے کہ اس کی موت کیسے واقع ہوئی تھی۔

  • ناقابل یقین واقعہ، سیلابی پانی میں ڈوبی کار سے جوڑا زندہ برآمد (ویڈیو)

    ناقابل یقین واقعہ، سیلابی پانی میں ڈوبی کار سے جوڑا زندہ برآمد (ویڈیو)

    لندن: برطانیہ کے ایک شہر میں سیلابی پانی میں ڈوبی کار سے ایک معمر جوڑے کو زندہ نکال لیا گیا، اس واقعے کو کرسمس کا معجزہ قرار دیا جا رہا ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق ناروِچ شہر کے قریب ایک علاقے میں سیلابی پانی میں ایک کار دو گھنٹے تک ڈوبی رہی، ریسکیو ٹیم نے دو گھنٹے بعد اس کے اندر سے جوڑے کو زندہ نکال لیا، ریسکیو آپریشن دیکھنے والے مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ ایک ناقابل یقین واقعہ ہے۔

    یہ واقعہ ایک دن قبل پیش آیا تھا، جب ایک کار انتہائی ٹھنڈے سیلابی پانی میں دو گھنٹوں تک ڈوبی رہی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریسکیو عملہ کار کا شیشہ توڑ رہے ہیں جو کہ 6 فٹ پانی میں بہ مشکل ہی نظر آ رہا تھا، بعد ازاں عملے نے کار میں سے ایک خاتون اور ایک مرد کو نکالا جو زندہ تھے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ زندہ نکالے گئے جوڑے میں سے ایک کی عمر 70 کے قریب تھی۔

    برطانیہ کے نارفوک کاؤنٹی میں تقریباً 2 انچ بارش ہوئی تھی، جس سے ملک کے جنوب میں شدید سیلابی کیفیت پیدا ہو گئی تھی، جب کہ گزشتہ رات نارتھمپٹن میں ایک پارک میں پھنسے ہوئے ایک ہزار لوگوں کو نکالا گیا تھا۔

    لوگوں کا خیال تھا کہ کار خالی ہوگی تاہم جب اس میں سے جوڑا برآمد ہوا تو انھیں حیرت ہوئی، جوڑے کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال پہنچایا گیا۔

    لوگوں کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں بارشوں کے بعد ایسی صورت حال معمول کی بات ہے، اور عام طور پر کار پھنسنے کی صورت حال میں لوگ پانی اونچا ہونے سے قبل بہ آسانی باہر نکل آتے ہیں۔