Tag: ڈورے مون

  • ڈورے مون کارٹون نے 6 سالہ بچے کی جان بچالی۔۔۔مگر کیسے؟

    بچوں کا پسندیدہ کارٹون ڈورے مون نے بھارت میں 6 سالہ بچے کی جان بچا لی۔

    معروف جاپانی اینیمیٹڈ کارٹون سیریز ڈورے مون سے سب ہی واقف ہیں جس کے مرکزی کردارڈورے مون اور نوبیتا تھے۔

    اس کارٹون میں ڈورے مون ایک روبوٹ تھا جس کے پاس ہر مشکل کے حل کے لیے مختلف آلات اور آئیڈیاز ہوتے تھے، انہیں کی مدد سے وہ نوبیتا کو ہر مشکل سے بچاتا تھا۔

    گزشتہ دنوں بھارت کے شہر لکھنؤ میں ایک رہائشی عمارت زمین بوس ہوگئی جس میں 3 خواتین ہلاک اور 16 افراد زخمی ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق اس حادثے میں خوش قسمتی سے ایک 6 سالہ بچے  مصطفیٰ کی جان بچ گئی،جسے عمارت کے ملبے سے  صحیح سلامت باہر نکالا گیا، بچے کے زندہ بچ جانے کی وجہ اور کچھ نہیں بلکہ  ڈورے مون کارٹون تھی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق جب بچے کو ریسکیو اہلکاروں نے عمارت کے ملبے سے نکال کر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا تو اس نے بتایا کہ جب عمارت گر رہی تھی تو وہ اچانک سے بیڈ کے نیچے چھپ گیا تھا اور یہ آئیڈیا اس کو ڈورے مون کارٹون سے آیا۔

    بچے کا کہنا تھا کہ میں نے کارٹون میں دیکھا تھا کہ ڈورے مون نے نوبیتا کو سکھایا تھا کہ اگر زلزلہ آجائے تو فوراً ٹیبل یا بیڈ کے نیچے چھپ جانا چاہیے، اس لیے جب ہمارے گھر کی عمارت ہل رہی تھی تو مجھے لگا کہ زلزلہ آگیا ہے اس لیے میں جلدی سے بیڈ کے نیچے جاکر بیٹھ گیا اور جلد ہی عمارت گر گئی اور ہر طرف اندھیرا ہوگیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق عمارت گرنے کے حادثے میں مصطفیٰ کی والدہ اور دادی انتقال کرگئی تھیں۔

    واقعہ کی ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہو اکہ عمارت کا نقشہ صحیح نہیں بنایا گیا تھا جبکہ اس میں ناقص سیمنٹ کا استعمال کیا گیا جو عمات کے زمین بوس ہونے کی وجہ بنا۔

  • مسافر اب ڈورے مون کے ساتھ سفر کریں گے

    مسافر اب ڈورے مون کے ساتھ سفر کریں گے

    آپ کو یاد ہوگا کچھ عرصہ قبل پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف نے مشہور جاپانی کارٹون ڈورے مون پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا؟ پابندی کی وجہ یہ بتائی گئی تھی کہ اس کارٹون سے بچوں کی ذہنی و جسمانی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

    تاہم دنیا بھر میں اس کارٹون کی مقبولیت برقرار ہے اور جاپانی ایئر لائن نے ڈورے مون کی تصاویر والے جہازوں کو انٹرنیشل روٹس پر اڑانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    doremon-2

    ڈورے مون تھیمڈ پلین کی رونمائی جاپان کی سرکاری ایئر لائن جاپان ایئر لائنز نے کی۔ یہ طیارے ٹوکیو سے چینی دارالحکومت شنگھائی تک اڑان بھریں گے۔

    doremon-3

    طیاروں کی تقریب رونمائی میں ڈورے مون کارٹون کریکٹر (ماسک پہنے ہوئے شخص) نے بھی شرکت کی اور وہاں موجود لوگوں اور صحافیوں کو ہنسایا۔

    doremon-4

    یہ طیارے رواں ہفتہ سے اپنی پروازیں شروع کردیں گے۔

    doremon-5

    جاپانی کارٹون سیریز ڈورے مون کی کہانی ایک روبوٹک بلی کی ہے جس کا نام ڈورے مون ہوتا ہے جو ایک بچے نوبیتا کی مدد کرنے کے لیے کچھ بھی کر گزرنے کو تیار رہتا ہے۔ اس کارٹون کو مختلف زبانوں میں دنیا کے کئی ممالک میں دکھایا جاتا ہے جبکہ پاکستان میں یہ ہندی زبان میں ڈب کر کے مختلف چینلز پر پیش کیا جاتا ہے۔ ڈورے مون کارٹون میں دکھائے جانے والے مختلف کردار نوبیتا، جیان، سوزوکا، سنیو وغیرہ بچوں کے پسندیدہ کردار ہیں۔

  • ڈورے مون کارٹون پر پابندی کا مطالبہ

    ڈورے مون کارٹون پر پابندی کا مطالبہ

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں مشہور جاپانی کارٹون ڈورے مون پر پابندی عائد کرنے کے لیے قرارداد جمع کروادی۔

    یہ اپنی نوعیت کی منفرد قرارداد ہے جس میں کسی کارٹون پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے رکن ملک تیمور مسعود نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیمرا ڈورے مون جیسے فضول کارٹون بند کروائے یا ان کا وقت مقرر کرے۔

    qarardad

    قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ اس کارٹون سے بچوں کی ذہنی و جسمانی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ بچے اپنا زیادہ تر وقت تعلیم کے بجائے کارٹون پر ضائع کر رہے ہیں۔ لہٰذا پنجاب حکومت اس طرف فوری توجہ دے۔

    قرارداد پر بحث کے لیے باقاعدہ وقت مانگا گیا ہے اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ وفاق کو ان کارٹونز کی بندش کے لیے سفارشات پیش کرے۔

    اس مطالبہ کے ساتھ ہی ٹوئٹر پر لوگوں نے مختلف تاثرات کا اظہار شروع کردیا۔

    واضح رہے کہ ڈورے مون جاپانی کارٹون سیریز ہے جسے ہندی زبان میں ڈب کر کے مختلف پاکستانی چینلز پر پیش کیا جاتا ہے۔ ڈورے مون کارٹون میں دکھائے جانے والے مختلف کردار نوبیتا، جیان، سوزوکا، سنیو وغیرہ بچوں کے پسندیدہ کردار ہیں۔