Tag: ڈومیسٹک پروازیں

  • باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 59 دن بعد علاقائی پروازوں کا آپریشن شروع

    باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 59 دن بعد علاقائی پروازوں کا آپریشن شروع

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 59 دن بعد علاقائی پروازوں کا آپریشن شروع ہوگیا، کراچی سے 116 مسافر پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے پشاور پہنچ گئے۔

    کرونا وائرس اور اس کے لاک ڈاؤن کے نتیجے میں پروازوں کی بندش کے 59 دن بعد پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر علاقائی پروازوں کا آپریشن بحال ہوگیا۔

    قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 8350 کے ذریعے 116 مسافر کراچی سے پشاور پہنچ گئے، پشاور ایئرپورٹ پر ڈومیسٹک آمد کے لاؤنج میں کراچی سے پشاور پہنچنے والے مسافروں کی مکمل اسکریننگ اور طبی جانچ کی گئی۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے مسافروں کو مکمل سینی ٹائز اور اسپرے کیا اور ان کے سامان کو بھی ڈس انفیکٹ کیا گیا، سی اے اے کی جانب سے باقاعدہ سینی ٹائز کیے جانے کے بعد مسافروں کو عمارت میں داخلے کی اجازت دی گئی۔

    ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کی جانب سے کرونا ایس او پیز کے تحت مسافروں کو ہاتھ لگائے بغیر جدید ترین اسکینرز کے ذریعے سیکیورٹی اسکریننگ کی گئی۔

    بعد ازاں پی آئی اے کی پرواز پی کے 8351، 54 مسافروں کو لے کر پشاور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگئی۔

  • کرونا کے باعث ڈومیسٹک پروازوں پر لگنے والی پابندی ختم

    کرونا کے باعث ڈومیسٹک پروازوں پر لگنے والی پابندی ختم

    کراچی: ملک میں کرونا وبا کے باعث ڈومیسٹک پروازوں پر لگنے والی پابندی ختم کر دی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج سے ملک کے اندر پروازوں پر پابندی ختم ہو گئی ہے، اس سلسلے میں پی آئی اے کی پہلی پرواز آج ایک بجے کراچی سے لاہور کے لیے شام 4 بجے روانہ ہوگی۔

    ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق سی اے اے نے کراچی ایئرپورٹ پر ڈومیسٹک پروازوں کے لیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں، ایئرپورٹ ڈومیسٹک لاؤنج میں ایس او پیز سے متعلق آگاہی بینرز بھی نصب کر دیے گئے۔

    مسافروں کے درمیان 2 میٹر کا فاصلہ رکھنے کے لیے لاؤنج میں نشانات لگائے گئے ہیں، بینچز پر ایک ساتھ بیٹھنے کی ممانعت کے سائن بھی لگائے گئے، لاؤنج میں داخل ہوتے ہی مسافروں کو ماسک لگانا ہوگا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کے لیے ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

    خیال رہے اندرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے حکومت نے علاقائی پروازیں گزشتہ روز کھولنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے مطابق 20 فی صد جزوی فلائٹ آپریشن بحال کیا گیا ہے، جزوی ڈومیسٹک فلائٹ آپریشن کے لیے پی آئی اے اور نجی ایئرلائن نے فلائٹ شیڈول بھی جاری کر دیا تھا، یہ علاقائی آپریشن 5 بڑے ایئرپورٹس سے کیا جا رہا ہے، جن میں اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ ایئرپورٹس شامل ہیں۔

    اس سلسلے میں سول ایوی ایشن نے باضابطہ اجازت نامہ بھی جاری کر دیا تھا، ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری جزوی بحالی کے نوٹم کے مطابق یہ اجازت 30 جون 2020 تک دی گئی ہے۔ کراچی سے ہفتہ وار 68 پروازیں چلائی جائیں گی، اسلام آباد اور لاہور سے 32 پروازیں، پشاور سے 4 اور کوئٹہ سے 6 پروازیں آپریٹ ہوں گی۔

    ایس او پی کے تحت ڈومیسٹک پروازوں پر مسافروں کا لوڈ کم ہوگا، دوران پرواز مسافروں میں سماجی فاصلوں کو یقینی بنایا جائے گا، مسافروں کو ماسک کا استعمال کرنا لازمی ہوگا، اندرون ملک جانے اور آنے والے تمام مسافروں کی مکمل طبی جانچ ہوگی۔