Tag: ڈونلد ٹرمپ

  • ٹرمپ کا فلسطین و اسرائیل تنازعہ مذاکرت سے حل کروانے کا عندیہ

    ٹرمپ کا فلسطین و اسرائیل تنازعہ مذاکرت سے حل کروانے کا عندیہ

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینی ہم منصب محمود عباس سے ملاقات کے دوران عندیہ دیا کہ وہ فلسطین اور اسرائیل کا تنازعہ مذاکرت کے ذریعے حل کروائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک امن معاہدے کے لیے تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس نے امریکا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔

    ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ فلسطین اور اسرائیل باہمی امن معاہدے کے لیے تیار ہیں۔

    صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے اسرائیلی رہنماؤں کو وائٹ ہاؤس مدعو کیا ہے۔ بہت جلد فلسطین اور اسرائیل کے درمیان باضابطہ مذاکرات شروع کروا کر اس تنازعہ کو پر امن طریقے سے حل کروائیں گے۔

    امریکی صدر نے کہا کہ وہ نہ صرف مشرق وسطیٰ کا دیرینہ تنازع حل کروائیں گے بلکہ فلسطینیوں کی معاشی اور دیگر مشکلات بھی حل کریں گے۔

    میڈیا سے گفتگو میں فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا کہ فلسطین نے اسرائیل کو تسلیم کیا۔ اب عرب امن معاہدے کے مطابق اسرائیل کو بھی فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنا ہو گا۔

    انہوں نے کہا کہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام سےعرب ممالک صیہونی ریاست سے سفارتی تعلقات بحال کرلیں گے۔

    محمود عباس نے زور دیا کہ عالمی قوانین کے تحت فلسطینی پناہ گزینوں اور قیدیوں کے تنازعہ کو بھی حل کیا جائے۔

    یاد رہے کہ ایک روز قبل اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو نے اسرائیل کے مقبوضہ یروشلم اور غزہ کی پٹی پر اقدامات کے خلاف قرارداد منظور کی تھی۔

    مزید پڑھیں: اسرائیل غاصب ہے، تاریخ مسخ نہ کرے

    یونیسکو کے ترجمان کے مطابق یونیسکو کے اجلاس میں 22 ممالک کی حمایت سے ایک قرارداد پیش کی گئی جس میں یروشلم کو مقبوضہ لکھا گیا اور اسرائیل کے شہر پر دعوے کو لغو قرار دیا گیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • صدر ٹرمپ کے بے تکے مصافحے

    صدر ٹرمپ کے بے تکے مصافحے

    اب جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے 45 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا چکے ہیں تو اپنی مختلف حرکات و سکنات کے باعث مسلسل میڈیا کے طنز و تنقید کا نشانہ بن رہے ہیں۔ حال ہی میں ٹرمپ کے مختلف رہنماؤں سے کیے جانے والے عجیب وغریب مصافحے بھی مذاق کا نشانہ بن گئے۔

    اس تمام سلسلے کا آغاز اس وقت ہوا جب صدارتی انتخاب جیتنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلی تقریر کی۔ تقریر کے بعد انہوں نے نائب صدر مائیک پنس سے مصافحہ کیا۔

    یہ مصافحہ نہایت عجیب و غریب تھا جس میں ٹرمپ نے ہاتھ ملاتے ہوئے پنس کا ہاتھ فرط جذبات اور گرم جوشی سے اپنی طرف کھینچنا شروع کردیا۔

    نائب صدر مائیک پنس اس صورتحال سے خاصے جزبز نظر آئے۔

    اس کے بعد کچھ اسی قسم کا مصافحہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب ٹرمپ نے نیل گورسچ کو امریکی وفاقی ایپلیٹ عدالت کا جج مقرر کیا۔ نامزدگی کی تقریب میں تقریر کے بعد جب نیل نے ٹرمپ سے مصافحہ کیا تو ٹرمپ نے ایک بار پھر ان کے ہاتھ کو کئی دفعہ اپنی طرف کھینچنا شروع کردیا۔

    trump-3

    اس بار تو یوں لگا کہ دھان پان سے نیل گورسچ ٹرمپ کی کھینچا تانی سے گر پڑیں گے۔

    کچھ دن قبل جب جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبے ٹرمپ سے ملنے پہنچے تو ٹرمپ اس بار بھی اپنے نامعقول مصافحے سے باز نہ آئے۔ وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے موقع پر شنزو ایبے بھی ٹرمپ کی اس کھینچا تانی کا نشانہ بن گئے۔

    trump-2

    تاہم ہر وقت ہونٹوں پر مسکراہٹ سجائے رکھنے والے ایبے ایسے وقت میں بھی اپنی مسکراہٹ نہ بھولے، البتہ وہ الجھن کا شکار ضرور نظر آئے۔

    اور ہاں، برطانوی وزیر اعظم تھریسا مئے، جو ٹرمپ سے بطور امریکی صدر ملاقات کرنے والی پہلی عالمی رہنما تھیں، جب ٹرمپ سے ملاقات کے لیے پہنچیں تو ٹرمپ نے مستقل ان کا ہاتھ تھامے رکھا، کہ کہیں وہ اپنی اونچی ہیل کے باعث گر نہ پڑیں۔

    برطانوی میڈیا کو ٹرمپ کی یہ حرکت سخت ناگوار گزری اور اس نے ناک بھوں چڑھاتے ہوئے کہا کہ اس قدر خوش اخلاقی کا مظاہرہ تو ٹرمپ نے کبھی اپنی اہلیہ کے ساتھ بھی نہیں کیا۔

    اب ٹرمپ اپنی عادت سے مجبور ہوں، یا عالمی رہنماؤں سے ملتے ہوئے ٹرمپ خوشی سے بے قابو ہو کر ایسے مصافحے کرتے ہوں، امریکی میڈیا کا تو یہی مشورہ ہے، کہ جس کو اپنی جان اور عزت عزیز ہو، وہ ٹرمپ سے مصافحہ کرنے سے گریز کرے۔